پیٹرول کی قیمت اور حکومتی حساب کتاب کا عجیب فلسفہ


 

پیٹرول کی قیمت اور حکومتی حساب کتاب کا عجیب فلسفہ

جب عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت گرتی ہے تو ہمارے حکمرانوں کے کان جیسے بہرے ہو جاتے ہیں۔ یہ خوشخبری کہیں فاصلوں میں کھو جاتی ہے اور عوام تک اس کا کوئی سراغ نہیں پہنچتا۔ لیکن جونہی قیمت میں معمولی اضافہ ہوتا ہے، ان کی سماعت ایسی تیز ہو جاتی ہے کہ دفتروں میں بجلیاں سی دوڑنے لگتی ہیں۔ اعلان ایسے طمطراق سے کیا جاتا ہے جیسے کوئی غیر معمولی کارنامہ سرانجام دے دیا گیا ہو۔

یہ معاشی فلسفہ شاید ہمارے حکمرانوں ہی کو آتا ہے۔ عام آدمی کی سادہ سی عقل تو یہی کہتی ہے کہ بازار میں کوئی چیز سستی ہو تو خریدار کو بھی اس کی رعایت ملنی چاہیے۔ مگر یہاں معاملہ کچھ اور ہے۔ کمی کہیں راستے میں گم ہو جاتی ہے اور اضافہ سیدھا سرکاری اعلامیے کی شکل میں عوام کے دروازے پر دستک دیتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے وہ سوال اٹھا دیا ہے جو ہر پاکستانی کے دل میں مدت سے کروٹیں لے رہا ہے کہ جب عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہوا تو عوام کو اس کا فائدہ کیوں نہ ملا۔ سوال اتنا سیدھا ہے کہ اس کا جواب دینے والوں کے لئے راستہ تنگ پڑ جاتا ہے۔

اصل تماشہ تو یہ ہے کہ جو پیٹرول ابھی بندرگاہ تک نہیں پہنچا، اس کی قیمت بڑھانے کا اعلان پہلے ہی کر دیا گیا۔ اقتصادیات کی کتابوں میں شاید اسے پیشگی مہنگائی کہا جائے، مگر عوام کی زبان میں اس کا مطلب سیدھا سادہ یہ ہے کہ بوجھ پہلے ڈال دو، جواز بعد میں تلاش کر لیا جائے گا۔

پاکستانی عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ آٹا، بجلی، گیس اور روزمرہ کی دوسری ضروریات ان کے صبر کا امتحان لے رہی ہیں۔ ایسے میں پیٹرول کی قیمت میں یہ اضافہ گویا آگ پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے، کیونکہ اس ایک فیصلے کا اثر صرف پمپ تک محدود نہیں رہتا بلکہ بازار کی ہر چیز کی قیمت میں جھلکنے لگتا ہے۔

حکمرانوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ معیشت صرف اعداد و شمار کا کھیل نہیں بلکہ اس میں کروڑوں انسانوں کی سانسیں شامل ہوتی ہیں۔ جب فیصلے انصاف کے بجائے صرف خزانے کی ضرورت کو سامنے رکھ کر کیے جائیں تو عوام کے دلوں میں سوال بھی جنم لیتے ہیں اور بے چینی بھی بڑھتی ہے۔

عوام کو یہ شکوہ بھی بجا طور پر ہے کہ جب خزانے کو سہارا دینے کی بات آتی ہے تو سب سے پہلے ہاتھ عوام کی جیب تک پہنچ جاتا ہے۔ لیکن جب عالمی منڈی میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کا وقت آتا ہے تو سرکاری فائلوں کی رفتار اچانک سست پڑ جاتی ہے۔

اس لیے اب حکمرانوں کو چاہیے کہ عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کو صرف اضافے کے وقت ہی یاد نہ کریں۔ جس طرح اضافہ فوراً عوام تک پہنچ جاتا ہے اسی طرح کمی بھی اسی دیانت داری سے پہنچنی چاہیے۔ ورنہ یہ سوال ہر بار سر اٹھاتا رہے گا کہ آخر مہنگائی کرنے میں اتنی جلدی اور رعایت دینے میں اتنی تاخیر کیوں ہوتی ہے۔

اور اگر یہی طرز حکمرانی جاری رہی تو یہ سوال بار بار اٹھے گا کہ کیا واقعی ہماری معیشت کا پہیہ اب صرف پیٹرول مہنگا کر کے ہی چلایا جائے گا؟


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ