آہ … آج عدالت کا یہ فیصلہ


 

آہ … آج عدالت کا یہ فیصلہ ۔۔۔ 


یہ وہ مقام ہے جہاں لفظ “انصاف” اپنی ہی معنویت کے آئینے میں ٹھہر کر خود سے سوال کرنے لگتا ہے۔ اور کبھی کبھی تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ گویا وہ محض اک لفظ بن کر رہ جانے کا اندیشہ جگا رہا ہے۔


آج جو کچھ رقم ہوا، وہ کسی ایک مقدمے کا اختتام نہ تھا۔ بلکہ توقعات کے ایک پورے گلشن کی آزمائش تھی۔ 

ام رباب چانڈیو… یہ محض اک نام نہیں، یہ اک استعارہ ہے۔ اس عزم کا، جو کم سنی کے باوجود صبر و ثبات کی ایسی تصویر بن گیا کہ وقت بھی ٹھہر کر دیکھنے لگا۔


چند برس پہلے، اس بچی کی آواز میں اک ایسی سچائی تھی جس نے سماعتوں کو چونکایا، سوچ کو مہمیز دی، اور احساس کو بیدار کیا۔ آج اسی مقدمے کے فیصلے نے اک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ ایسی بحث، جس میں سوال بھی ہیں، خاموشیاں بھی… اور کچھ بے نام سی کیفیات بھی۔


یہ معاملہ اب محض قانونی نکات کی حد تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس نے اجتماعی احساس میں ایک ہلچل سی پیدا کر دی ہے۔ بلاشبہ عدالتیں اپنے فیصلے قانون اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر صادر کرتی ہیں، مگر بعض فیصلے اپنے اثرات میں قانونی دائرے سے نکل کر سماجی شعور میں دور تک ارتعاش پیدا کر دیتے ہیں۔ اور یہ کوئی نئی بات نہیں، بس ایسے میں دل چاہتا ہے کہ آدمی کچھ دیر خاموش رہ کر سوچے۔


اسی کیفیت کے پس منظر میں ملک زادہ منظور احمد صاحب کا یہ شعر یاد آتا ہے۔


وہی قاتل وہی منصف عدالت اس کی وہ شاہد

بہت سے فیصلوں میں اب طرف داری بھی ہوتی ہے


یہ شعر کسی فیصلے کا حکم نہیں، بلکہ اک عمومی احساس کی بازگشت ہے۔ جو ایسے لمحوں میں دل کے اندر کہیں گونج اٹھتی ہے۔ اور یہ بازگشت جب اٹھتی ہے تو اس کے ساتھ کچھ اور باتیں بھی آ جاتی ہیں۔


سلیم کوثر صاحب کا یہ شعر بھی اک داخلی کرب کی ترجمانی کرتا ہے۔


تم نے سچ بولنے کی جرات کی

یہ بھی توہین ہے عدالت کی


یہ اشعار دراصل اس کیفیت کا بیان ہیں جو لفظوں سے پہلے دل پر اترتی ہے۔ نہ کہ کسی ادارے پر براہ راست حکم۔ اور یہ کیفیت جب ہو تو بندہ خاموش رہے تو بھی بولتا ہے، بولے تو بھی کچھ نہیں کہتا۔ بس یہی ادبی شائستگی ہے کہ بات کو کہہ بھی دیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہہ دیں کہ ہماری نیت کچھ اور ہے۔


ام رباب چانڈیو… ایک چراغ۔ جو ہوا کے رخ کے باوجود جلتا رہا۔ اس کی استقامت، اس کا صبر، اور اس کی مسلسل جستجو۔۔

یہ سب اس معاشرے کے لیے اک یاد دہانی ہے کہ سوال کرنا ابھی باقی ہے، اور سچ کی تلاش ابھی رکی نہیں۔ یہ چراغ جلتا رہے گا، ان شاء اللہ، اور اس کی روشنی میں بہت سے لوگ راہ دیکھتے رہیں گے۔


آج کے فیصلے نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے۔ایسے سوالات، جو شاید فوری جواب نہیں مانگتے، مگر غور و فکر کی دعوت ضرور دیتے ہیں۔ یہی کسی زندہ معاشرے کی علامت بھی ہے۔


"إِنَّا لِلَّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُونَ"

یہ الفاظ آج ہمیں صرف صبر ہی نہیں، بلکہ تدبر کی طرف بھی بلاتے ہیں۔۔ کہ ہر فیصلہ اپنے ساتھ اک وسیع تر تناظر بھی رکھتا ہے۔ اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ معاملات صرف کاغذوں میں طے ہو جاتے ہیں، وہ شاید اس تدبر سے محروم ہیں۔


پروین شاکر صاحبہ کا یہ شعر بھی اسی فضا میں ابھرتا ہے۔۔۔


سچ جہاں پابستہ ملزم کے کٹہرے میں ملے

اس عدالت میں سنے گا عدل کی تفسیر کون


اور اظہر ادیب صاحب کے یہ مصرعے ۔۔ ایک عمومی سماجی تاثر کی صورت میں ۔۔ یوں محسوس ہوتے ہیں۔


ملے تھے پہلے سے لکھے ہوئے عدالت کو

وہ فیصلے جو ہمیں بعد میں سنائے گئے


یہ مصرعے جب ذہن میں آتے ہیں تو انسان سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ بات کہاں سے کہاں پہنچ گئی۔ مگر یہ سب کچھ کہہ کر بھی آدمی کچھ نہیں کہتا۔۔

بس اتنا کہہ لیتا ہے کہ ہماری عدالتیں اپنے آپ میں محترم ہیں، اور ہمارا اعتماد ان پر برقرار ہے۔ لیکن جب کوئی فیصلہ دل پر دستک دیتا ہے تو بندہ چاہے نہ چاہے، کچھ باتیں اس کے قلم سے نکل ہی جاتی ہیں۔


لیکن … کہانی یہاں ٹھہرتی نہیں۔

ام رباب کی ہمت، اس کی جدوجہد، اور اس کی وہ صدا ۔۔ جو کبھی اٹھی تھی ۔۔ یہ سب اجتماعی حافظے میں محفوظ ہیں۔ تاریخ محض فیصلوں سے نہیں بنتی، بلکہ ان سوالوں سے بھی بنتی ہے جو فیصلوں کے بعد زندہ رہتے ہیں۔


ہاں،

آج سوالات زیادہ ہیں۔۔۔۔۔

مگر سچ کی تلاش کی روشنی ابھی باقی ہے۔

اور یہی روشنی… کسی بھی معاشرے کی اصل امید ہوتی ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ