قوم کی بے سمتی اور حکمرانی کا زہر


قوم کی بے سمتی اور حکمرانی کا زہر


کیسا عجیب دور آ گیا ہے کہ فضا میں پھیلی یہ گھٹن نہ صرف سانس روکتی ہے بلکہ سوچ کے زاویے تک بھاری کر دیتی ہے۔ انسان اب صرف جسمانی کرب میں ہی نہیں بلکہ ذہنی اذیت کے اندھیروں میں بھی ڈوبتا دکھائی دیتا ہے۔ حکمرانی کا ڈھنگ اتنا بے ڈھب، بے حس اور بے ربط ہو چکا ہے کہ جیسے کوئی خاموش زہر رگ جاں میں اترتا ہوا پورے معاشرے میں سرایت کر رہا ہو۔ باتوں میں مٹھاس کا بھرم ہے، وعدوں میں چمک کا دھوکہ ۔۔ مگر حقیقت میں نہ خلوص کی خوشبو، نہ دیانت کی آنچ، اور نہ عوامی خدمت کا کوئی جذبہ۔ بس اقتدار کی ہوس کا ایک ایسا کھیل، جو ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔

اور اس سے بھی زیادہ دل آزاری کی بات یہ ہے کہ جسے ہم “قوم” کہہ کر پکارتے ہیں، وہ حقیقت میں کہاں ہے؟ یہ تو ایک ہجوم ہے، ایک بے سمت بھیڑ۔۔۔۔۔۔جیسا کہ ایک سابق وزیراعظم نے بڑی بے باکی سے کہا تھا کہ ۔۔۔ (یہ قوم نہیں، ایک ہجوم ہے۔). قومیں وہ ہوتی ہیں جو اپنے وقار پر اپنی جان نچھاور کر دیں، جو ذاتی مفاد سے بلند ہو کر اجتماعی بھلائی کے لیے ڈٹ جائیں۔ مگر یہاں حال یہ ہے کہ مفاد کے آگے رشتوں کی حرمت تک قربان کر دی جاتی ہے، اور دنیا ہمیں دیکھ کر محض افسوس ہی نہیں، تمسخر بھی کرتی ہے۔


ابھی رات تاریخ نہیں بدلتی کہ پٹرول پمپوں پر گاڑیوں اور بائیکوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ ہر شخص اس خوف میں مبتلا کہ چند گھنٹوں بعد ایندھن نئے اور آسمان سے باتیں کرتے نرخوں پر ملے گا، لہذا جلدی جلدی ٹینکیاں بھروائی جا رہی ہیں تاکہ پرانی قیمت ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ یہ منظر کسی باشعور قوم کا نہیں، بلکہ ایک بے بس ہجوم کا آئینہ دار ہے، جو وقتی سہولت کے لیے اپنے بنیادی حقوق تک بھول چکا ہے۔ حکومت کی بےحسی اور ناقص حکمرانی نے عوام کو اس نہج پر لا کھڑا کیا ہے کہ خاموشی خود جرم بن چکی ہے۔ اور یہی خاموشی حکمرانوں کو مزید بے لگام کر دیتی ہے۔


سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ دعوے ترقی کے ہیں، نعرے خوشحالی کے ہیں، مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس۔ جھوٹ اس قدر عام ہو چکا ہے کہ سچ پہچاننا مشکل ہو گیا ہے۔ گویا جھوٹ ایک منظم صنعت بن چکا ہو۔

مگر سوال یہ ہے کہ کیا دنیا میں سب کچھ ایسا ہی ہے؟ کیا ہر قوم اسی طرح بے سمتی کا شکار ہے؟

نہیں!!!!!

دنیا میں ایسی مثالیں بھی موجود ہیں جہاں مسلسل پابندیوں، جنگوں اور عالمی دباؤ کے باوجود قومیں نہ صرف کھڑی رہیں بلکہ مزید مضبوط ہوئیں۔ ایسے حالات میں بھی وہاں عوام نے نہ بیرونی امداد کی بھیک مانگی، نہ خوراک اور ادویات کے لیے فریاد کی۔ بلکہ جنگ کے دنوں میں بنیادی اشیاء عوام کے لیے آسان کر دی گئیں۔ لوگ ملک چھوڑ کر بھاگنے کے بجائے واپس لوٹے، اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے۔

وہاں تاجر اپنا مال اس یقین کے ساتھ دے دیتے ہیں کہ “جنگ کے بعد حساب ہو جائے گا”۔ وزراء سڑکوں پر عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اور سربراہ مملکت خود بازاروں میں جا کر قیمتوں اور سہولیات کا جائزہ لیتا ہے۔


یہ سب کسی جادو کا نتیجہ نہیں۔۔۔

بلکہ ایک منظم فکر، دیانت دار قیادت اور اجتماعی شعور کا ثمر ہے۔

وہاں حکمران اپنے لیے محلات نہیں بناتے، ان کے اثاثے بیرون ملک نہیں ہوتے، اور ان کے اہل خانہ کو بھی وہی زندگی گزارنی پڑتی ہے جو عام شہری کی ہے۔ اقتدار خدمت بن جاتا ہے، اور احتساب ایک حقیقت۔

وہاں تعلیم عام ہے، علاج میں ریاست شریک ہے، اور قانون صرف کتابوں میں نہیں بلکہ زندگی میں نظر آتا ہے۔ وہاں قیمتیں رات کی تاریکی میں نہیں بڑھتیں بلکہ ایک باقاعدہ نظام کے تحت فیصلے ہوتے ہیں۔ اور اس کے ساتھ عوام کو ریلیف بھی دیا جاتا ہے۔

وہاں معاشرے میں استاد کا مقام بلند ہے، محنت کو عزت حاصل ہے، اور عدل ایسا ہے کہ جرم کی روک تھام خود بخود ہو جاتی ہے۔ وہاں جیلیں بھرنے کے بجائے معاشرہ سنورنے پر توجہ دی جاتی ہے۔

اور سب سے بڑھ کر ۔۔ وہاں قوم، واقعی قوم ہوتی ہے۔

یہی وہ فرق ہے جو ایک ہجوم اور ایک قوم کے درمیان حد فاصل کھینچتا ہے۔

ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ مسئلہ صرف حکمرانوں کا ہی نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی غفلت کا نتیجہ بھی ہے۔ جب قوم اپنے حقوق سے غافل ہو جائے، جب سچ سننے، کہنے کا حوصلہ کھو دے، جب وقتی فائدہ اصولوں پر غالب آ جائے، تو پھر حکمرانی زہر بن جاتی ہے۔

آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود سے یہ سوال کریں کہ کیا ہم ہجوم رہنا چاہتے ہیں یا قوم بننا چاہتے ہیں؟

کیونکہ قومیں نعروں سے نہیں بنتیں بلکہ کردار، قربانی، شعور اور دیانت سے بنتی ہیں۔

اور جب تک یہ عناصر ہمارے اندر بیدار نہیں ہوتے،

حکمرانی کا یہ زہر یونہی ہماری رگوں میں گردش کرتا رہے گا۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ