"یک زمانے صحبت با اولیاء ۔۔ حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر رحمتہ اللہ علیہ کا فیض
"یک زمانے صحبت با اولیاء ۔۔ حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر رحمتہ اللہ علیہ کا فیض"
یہ دنیا اپنے اندر بے شمار آوازیں سمیٹے ہوئے ہے، مگر کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو خاموش ہو کر بھی مدتوں سنائی دیتی رہتی ہیں۔ حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر رحمتہ اللہ علیہ کی ذات بھی انہی گنی چنی ہستیوں میں شامل تھی جن کی زندگی محض ایک سوانح نہیں بلکہ ایک مسلسل تاثیر تھی ۔۔ دلوں کو بدلنے والی، روحوں کو جگانے والی۔
2 جون کی وہ شام اہل دل کے لیے کسی معمول کی شام نہ تھی۔ ایک خبر آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے فضا کا رنگ بدل گیا۔ یوں محسوس ہوا جیسے ایک سایہ اٹھ گیا ہو، مگر ساتھ ہی یہ احساس بھی جاگا کہ جن کی زندگی سراپا فیض ہو، ان کا جانا بھی فیضان کو ختم نہیں کرتا بلکہ اسے اور وسیع کر دیتا ہے۔
حضرت کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو ابتدا ہی سے ایک خاص رنگ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ ایک طرف ظاہری تعلیم کا سلسلہ، طب کی تکمیل اور علمی ذوق، اور دوسری طرف دل کے اندر ایک ایسی بے چینی جو کسی اور ہی منزل کی متلاشی تھی۔ یہی بے قراری انہیں اہل دل کی دہلیز تک لے آئی، جہاں صحبت نے ان کی شخصیت کو ایک نیا آہنگ عطا کیا۔
اسی حقیقت کو انہوں نے اپنے اشعار میں جس سادگی اور تاثیر کے ساتھ بیان کیا، وہ خود ان کی پہچان بن گئی۔
یک زمانے صحبت با اولیاء
جس نے پائی ہے وہی کامل ہوئے
یہ صرف ایک شعر نہیں بلکہ ایک پورا تجربہ ہے۔ وہ تجربہ جس میں انسان محض علم سے نہیں بلکہ نسبت سے کامل ہوتا ہے۔
حضرت نے اپنی زندگی میں اسی نسبت کو اصل سرمایہ سمجھا۔ انہوں نے اپنے اکابر کی صحبت میں رہ کر نہ صرف علوم حاصل کیے بلکہ اس درد کو بھی پایا جو دل کو زندہ کر دیتا ہے۔ یہی درد آگے چل کر ان کی مجالس اور تحریروں میں منتقل ہوا۔ ان کے نزدیک اصل کامیابی علم کی کثرت نہیں بلکہ دل کی کیفیت تھی، اسی لیے وہ بار بار اس طرف متوجہ کرتے ہیں۔
درد عشق حق بھی تم حاصل کرو
لاکھ تم عالم ہوئے فاضل ہوئے
یہ پیغام دراصل اس دور کے لیے بھی ہے اور ہر دور کے لیے بھی، جہاں علم تو بڑھتا جا رہا ہے مگر دل کی دنیا خالی ہوتی جا رہی ہے۔
ان کی زندگی کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی تھا کہ انہوں نے دکھ اور آزمائش کو بھی ایک نعمت کے طور پر دیکھا۔ ان کے نزدیک یہی رنج و غم انسان کو اپنے اصل مقام تک پہنچاتے ہیں۔۔
آپ تک لائی جو موج رنج و غم
اس پہ قرباں سینکڑوں ساحل ہوئے
یہ انداز فکر عام نہیں، بلکہ اسی دل کو نصیب ہوتا ہے جو حقیقت کی کسی جھلک سے آشنا ہو چکا ہو۔
حضرت کی مجالس میں بیٹھنے والے لوگ جانتے تھے کہ وہاں محض گفتگو نہیں ہوتی بلکہ دلوں کی دنیا بدلتی ہے۔ ان کی باتوں میں ایک سوز تھا، ایک سادگی تھی اور ایک ایسا اخلاص جو سننے والے کو اپنے اندر جھانکنے پر مجبور کر دیتا تھا۔ وہ خشک وعظ کے قائل نہ تھے بلکہ دل کی زبان میں بات کرتے تھے، اور اسی کیفیت کو انہوں نے یوں بیان کیا۔۔۔۔
دیکھتے ہی دل مرا گھبرا گیا
واعظان خشک جب نازل ہوئے
یہ مصرع ان کے مزاج کی پوری ترجمانی کرتا ہے۔۔وہ دین کو بوجھ نہیں بلکہ محبت بنانا چاہتے تھے۔
ان کی تعلیمات کا مرکز یہی تھا کہ انسان اپنے رب سے جڑ جائے، اور یہ تعلق محض الفاظ سے نہیں بلکہ ایک سچی طلب سے پیدا ہوتا ہے۔ جب یہ طلب پیدا ہو جائے تو زندگی کا رخ بدل جاتا ہے۔۔۔
تم نہیں حاصل تو کچھ حاصل نہیں
تم ہوئے حاصل تو سب حاصل ہوئے
یہاں "تم" دراصل اسی ذات باری تعالیٰ کی طرف اشارہ ہے، جس کے بغیر ہر کامیابی ادھوری ہے۔
حضرت خود بھی ایک صاحب درد شاعر تھے۔ ان کے اشعار میں تصنع نہیں بلکہ ایک جیتی جاگتی کیفیت محسوس ہوتی ہے۔ وہ اپنے آپ کو بھی اسی قافلے کا ایک مسافر سمجھتے تھے ۔۔۔
آشنائے درد جان سوختہ
دیکھ کر رندوں میں ہم شامل ہوئے
یہ عاجزی اور انکسار ان کی پوری زندگی میں جھلکتا تھا۔
کراچی میں ان کا قائم کردہ مرکز ہو یا ان کی تصانیف۔۔ہر جگہ ایک ہی پیغام نمایاں نظر آتا ہے کہ دل کو زندہ کرو، تعلق کو مضبوط کرو اور محبت کو اپنا سرمایہ بنا لو۔ یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو بکھرنے سے بچاتا ہے اور اسے ایک مقصد عطا کرتا ہے۔
آخر میں ان کا اپنا انداز نصیحت بھی کتنا دلنشین ہے، جس میں درد بھی ہے اور دعوت بھی۔۔
اختر بسمل کی تم باتیں سنو
جی اٹھو گے تم اگر بسمل ہوئے
یہ "بسمل ہونا" دراصل اسی سپردگی کا نام ہے جس میں انسان اپنی انا کو قربان کر کے ایک نئی زندگی پاتا ہے۔
حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر رحمتہ اللہ علیہ کی زندگی اسی سپردگی کی ایک روشن مثال تھی۔ وہ چلے گئے، مگر ان کی باتیں، ان کا درد اور ان کی محبت آج بھی زندہ ہے۔ اور شاید اسی کو بقا کہتے ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment