حاجی کیمپ سے بیت اللہ تک


 حاجی کیمپ سے بیت اللہ تک


یہ چند یادیں محض واقعات نہیں بلکہ ایک ایسی تمنا، خدمت اور دعا کی داستان ہیں، جس میں حاجی کیمپ کی مصروف راہداریوں سے اٹھنے والی ایک آرزو بالآخر بیت اللہ کی حاضری میں ڈھل گئی۔


میرے دوست فیض الہادی بھائی، جن سے ہمارا گھریلو تعلق ہے، برادر من پی آئی اے میں ملازم تھے۔ تقریباً آٹھ نو سال پی آئی اے کی جانب سے حاجی کیمپ کراچی میں حجاج کی خدمات کے لیے لگنے والے کیمپ کے مینیجر کی حیثیت سے حجاج کرام کی خدمت انجام دیتے تھے۔ مجھے بھی حج کی بڑی آرزو رہتی تھی، لیکن اسباب کا نہ ہونا مجبوری بن جاتا۔ سو ایک دن میرے ذہن میں یہ بات آئی کہ میاں اگر اسباب نہیں تو کیوں نہ حجاج کی خدمت ہی کی جائے شاید یہی خدمت سبب بن جائے یا اسی طرح کچھ اسباب بن جائیں ۔

میں نے ہادی بھائی سے ان کے حاجی کیمپ کے دفتر آنے کا ذکر کیا تو ہادی بھائی نے فوراً جواب دیا کہ آجائیں، یہ تو بڑی سعادت کی بات ہے۔ بس پھر میں بھی ہر سال جب تک حاجی کیمپ آباد رہتا، ان کی خدمات میں حصہ لیتا رہا۔ ٹیکہ ہو یا کرنسی، یا ٹکٹ پاسپورٹ، الحمداللہ ہادی بھائی کے تعاون سے بس ان کی خدمت کرتا رہا۔ اور جانے والے ہر حاجی سے دعا کی درخواست کرتا کہ وہاں اللہ پاک سے میری حاضری کی بھی التجا کیجیے گا۔


اس دوران ہادی بھائی نے میری وہاں جانے کی تڑپ کا اندازہ کر کے اگلے سال کچھ ایسے احباب سے ملوایا جو وہاں خدام کے لیے کچھ لوگ لے جایا کرتے تھے،لیکن ان کا طریقہ کار مجھے سمجھ نہیں آیا۔ بہرحال حجاج کی خدمت ہر سال ہادی بھائی کے تعاون سے جاری رکھی۔ ہادی بھائی کے عملے میں پی آئی اے کے دیگر ساتھی، برادر نواز بلوچ، شعیب بھائی، عبدالغفور سومرو خاص طور پر، اور  دیگر عملہ بھی بہت خلوص اور محبت سے پیش آتا تھا۔


یہاں ایک دلچسپ واقعہ بیان کرنا ضروری ہے۔ ہوا یوں کہ 1998 کے جون یا جولائی کی شدید گرمی میں ایک ملنگ جو غالباً شاہ دولا کے مزار سے تعلق رکھنے والوں میں سے تھا، میرے کارخانے میں آیا اور اس نے اپنی شعبدہ بازی دکھانی شروع کی۔ ایک کاغذ پھاڑ کر میرے ہاتھ میں دیا، ہاتھ پر کچھ کرشمہ سازی کی، اور کہا ہاتھ کھولو۔ اب ہاتھ کھولا تو وہ کاغذ کے ٹکڑے ثابت کاغذ ہو گیا۔ پھر میرے کاریگر استاد کی طرف متوجہ ہوا، استاد سے دھاگہ مانگا تو انہوں نے کارخانے میں استعمال ہونے والی کون پر لپٹا دھاگہ نکال کر دیا۔ اس نے اس کے بھی ٹکڑے کر کے استاد کے ہاتھ میں رکھ کر ہاتھ کی صافی دکھائی، وہ بھی دھاگے کی شکل میں ثابت ہو گیا۔میرا ماتھا ٹھنکا، میں نے کہا بابا، یہ ڈرامے بازی ختم کرو۔ دھاگہ سفید اور ریشمی دیا تھا، یہ سوتی اور کالا کیسے ہو سکتا ہے؟ اور کاپی کا کاغذ اخباری کاغذ میں کیسے بدل سکتا ہے؟ ہاں، کچھ کھانا پینا ہے تو بتاؤ۔ اس نے کھانے کی فرمائش کی۔ میں نے پوچھا، کیا کھانا ہے؟ بولا کچھ بھی۔ میں نے کہا، جو بابا تجھے پسند ہو وہ بتاؤ، میں وہی منگوا دوں گا۔ اس نے جو کھانے کی فرمائش بتائی، میں نے وہ کھانا اپنے کاریگر بچے سے منگوا کر بابا کو دیا۔بابا کھانا کھا کر دعائیں دینے لگا۔ میرے منہ سے نکل گیا، میری اللہ پاک کے گھر حاضری کی دعا کر بابا۔ نہ جانے اس نے کس موڈ میں مجھ سے کہہ دیا، تو ان شاء اللہ آنے والے حج پر جائے گا۔ اور ایک فرمائش کی کہ جب جائے گا تو مدینہ سے ایک ٹوپی میرے لیے لانا۔ میں نے کہا، ان شاء اللہ، لیکن ٹوپی پہنچانا مشکل ہے۔ لے آیا تو وہ تمہاری امانت میں محفوظ رکھوں گا، جب کبھی زندگی میں ملاقات ہوگی دے دوں گا۔ اس کا بقایا احوال آگے بیان کروں گا۔


خیر صاحب، حج کی درخواستوں کی وصولی شروع ہوئی تو پھر ہمارے ہادی بھائی نے ہمارے لیے خدام کی کوشش کی، لیکن مجھے پھر لے جانے والو کے معاملات سمجھ نہیں آئے اور میں نے پھر منع کر دیا۔ ادھر حج فارم جمع ہونا شروع ہوگئے تھے کہ ہمارے کاروباری بزرگ دوست اعجاز صاحب کا فون آیا، کہ اختر بھائی، اس ماہ آپ کی کمیٹی  کھلی ہے۔ بس پھر کیا تھا، میں نے کہا، اعجاز بھائی، کب رقم لینے آؤں؟ کہنے لگے، رقم جمع ہونے میں دس بارہ دن لگ جائیں گے، اور ادھر حج فارم جمع کرانے میں چار دن باقی تھے۔ میں نے یہ ذکر اعجاز بھائی سے کیا کہ یہ ارادہ تھا۔ اللہ پاک اعجاز بھائی، جو اب حیات نہیں ہیں، ان کے درجات بلند فرمائے، آمین، نے کہا، ایسا ہے تو آپ اتنی رقم کل میرے پاس سے لے جانا، میں جب کمیٹی کی آپ کی رقم جمع ہوگی رکھ لوں گا۔ کہتے ہیں کہ اگر زندگی میں ایک بھی اچھا مخلص دوست مل جائے تو وہ پوری زندگی کے لیے کافی ہے ۔ اعجاز بھائی کا پر خلوص تعاون ہمیشہ یاد رہے گا ۔ نا صرف یہ کہ حج کی سعادت نصیب ہوئی بلکہ ذہنی دباؤ جو رقم کی بر وقت ادائیگی کی وجہ سے تھا اس سے بھی نجات ملی ۔ اعجاز بھائی کو اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔ خیر صاحب، ہم نے اعجاز بھائی کے کرم اور تعاون سے فارم جمع کر دیا، اور اللہ پاک نے ہماری حاضری کی التجا کو قبول فرمایا۔

ہمیں ہادی بھائی نے ختم نبوت کے گروپ سے ملوایا، جس میں جید علمائے کرام، مولانا یوسف لدھیانوی صاحب، مولانا مفتی جمیل صاحب، مولانا سعید احمد جلالپوری صاحب اور دیگر اہل علم حضرات شامل تھے، جن کے ساتھ میں مکہ پہنچ کر شامل ہو گیا۔


حضور کعبہ حاضر ہیں حرم کی خاک پر سر ہے

بڑی سرکار میں پہنچے مقدر یاوری پر ہے


نہ ہم آنے کے لائق تھے نہ منہ قابل دکھانے کے

مگر ان کا کرم ذرہ نواز و بندہ پرور ہے


خبر کیا ہے بھکاری کیسی کیسی نعمتیں پائیں

یہ اونچا گھر ہے اس کی بھیک اَندازہ سے باہر ہے


تصدق ہو رہے ہیں لاکھوں بندے گرد پھر پھر کر

طوافِ خانۂ کعبہ عجب دلچسپ منظر ہے


خدا کی شان یہ لب اور بوسہ سنگ اسود کا

ہمارا منہ اور اس قابل عطائے رب اکبر ہے


جو ہیبت سے رکے مجرم تو رحمت نے کہا بڑھ کر

چلےآؤ چلے آؤ یہ گھر رحمن کا گھر ہے


وہاں بھی میرا عبادت کے ساتھ ساتھ حجاج کی خدمت کا سلسلہ بغیر رنگ و نسل و مسلک جاری رہا، اور جس کسی بھی حاجی کو مسئلہ پیش آتا، میں فوراً مولانا جلالپوری صاحب کے پاس لے جاتا۔ حضرت مجھ سے شفقت فرماتے۔ اللہ پاک نے اس کی برکت سے وہاں ہر مقام پر اہل علم کا ساتھ اور مسائل میں مدد رکھی۔


واپسی پر ہادی بھائی حجاج کی آمد پر بھی جدہ ایئرپورٹ پر اپنی کراچی والی ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔ پی آئی اے کی فلائٹ سے پرندے کے ٹکرانے کی وجہ سے فلائٹ لیٹ ہو گئی، اور ہم سے پہلے والی فلائٹ کے مسافروں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا کہ ہمارے لوگ ہمیں لینے ہمارے گاؤں اور شہروں سے آئے ہوئے ہوں گے۔ بہرحال ہمارے انہی اکابرین کی وجہ اور دعا سے اللہ پاک نے ہادی کو وہاں سربلندی عطا فرمائی اور معاملہ احسن طریقے سے حل ہو گیا۔


ایئرپورٹ پر بھی برادران شعیب، نواز بلوچ، سومرو اور دیگر احباب کا تعاون شامل رہا۔ خیر، رات دو بجے ہماری بھی فلائٹ کا نمبر آیا تو ہادی بھائی کی نائٹ ڈیوٹی کے اراکین نے ہمیں بڑے سکون سے فلائٹ میں بیٹھا دیا تھا۔ کچھ ہی لمحے بعد میری نظر نواز بلوچ پر پڑی، میں نے کہا، بھائی خیریت؟ کہنے لگے، میں بھی کسی مجبوری کی وجہ سے کراچی واپس چل رہا ہوں۔ ان کے ساتھ دارالعلوم کراچی کے ایک قاری صاحب، جن کا نام اس وقت ذہن میں نہیں آ رہا، لیکن مشہور شخصیت تھے اور نابینا تھے، وہ بھی تھے۔


لیکن وائے قسمت، جہاز کی اڑان سے چند منٹ قبل اعلان ہوا کہ نواز بلوچ صاحب اتر جائیں اور اپنے دفتر سے رابطہ کریں۔ سو نواز بھائی نے قاری صاحب کو میرے حوالے کیا اور کہا کہ آپ ان کو دارالعلوم چھوڑ کر گھر جانا۔


ہم کراچی پہنچے تو ہادی بھائی کی ٹیم، جس پر جدہ میں شدید غصہ آ رہا تھا کہ ہمارا سامان جہاز میں جانے کے لیے بیلٹ پر رکھنے ہی نہیں دے رہے تھے، سب سے آخر میں رکھا۔ اب کراچی میں اسی ٹیم پر پیار آنے لگا اور خوب دعائیں نکلیں ان کے لیے، کیونکہ اب سب سے پہلے میرا سامان باہر آیا اور سب سامان پر انہوں نے بڑے بڑے مخصوص نشانات لگا دیے تھے، جو میں نے یہاں فوراً پہچان کر ٹرالی میں رکھ لیے۔ اور ہم قاری صاحب کی برکت سے پہلے مسافر تھے جو ایئرپورٹ سے باہر آئے۔


باہر اللہ کے کرم سے قاری صاحب کو لینے دارالعلوم سے چند شاگرد آئے ہوئے تھے۔ قاری صاحب کی تصدیق کے ساتھ ہی ہم نے قاری صاحب کو ان کے حوالے کیا اور اپنے گھر کی راہ لی۔


حج آپریشن مکمل ہونے کے بعد جب ہادی بھائی واپس آئے تو ہم نے دعوتوں کی نشستیں رکھیں، جن میں کچھ نشستیں ان اہل علم کے ساتھ بھی رکھیں۔ اور یہ سلسلہ مولانا جلالپوری صاحب کی شہادت کے بعد رک گیا، کیونکہ مولانا یوسف لدھیانوی صاحب، مفتی جمیل صاحب اور جلالپوری صاحب، تینوں ہی شہید کر دیے گئے۔


اب تحریر کا رخ ان اکابرین کی طرف کرتے ہیں۔ ہم اور ہادی بھائی اکثر ان کی طرف جایا کرتے، اور کبھی انہیں کھانے پر بلا لیتے تھے۔ یہ سلسلہ بھی جب تک ہادی بھائی کی کراچی میں تعیناتی رہی جاری رہا، پھر پی آئی اے کی جانب سے ان کی سعودی عرب میں تعیناتی ہو گئی۔ تو حضرت سے ملاقات پھر صرف رمضان المبارک کی طاق راتوں میں شادمان مسجد میں، جہاں حضرت امامت بھی فرماتے تھے، بیان کے بعد ملنا رہا۔


اور پھر ایک رمضان کی طاق رات میں حضرت کا بیان اور دعا، شہادت کی آرزو کے بعد میں نے ہادی بھائی سے کہا، جو چھٹی پر کراچی آئے ہوئے تھے، کہ بھائی، حضرت نے جس انداز سے شہید علماء کا ذکر کیا ہے، مجھے نہ جانے کیوں دل میں ڈر اور خیال آنے لگا کہ شاید یہ حضرت کا آخری رمضان ہے۔ بہرحال حضرت کی صحبت چند ماہ حاصل رہی اور پھر حضرت شہید کر دیے گئے۔


ان دنوں بھی ہادی بھائی کراچی میں تھے۔ ہم حضرت کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے بنوری ٹاؤن مسجد گئے۔ وہاں مجھے مفتی سعید صاحب، جو ہماری مسجد بطحاء نارتھ ناظم آباد کے قریب ہی رہتے ہیں، مل گئے۔ وہ عین اس وقت ہمیں وہاں لے گئے جہاں ان شہداء کے جسد خاکی رکھے تھے۔ بس ہم پہنچے تو جسد خاکی کو اس کمرے سے مسجد سے باہر کی طرف جنازہ گاہ تک لانے کے لیے چار افراد میں مفتی صاحب کے ساتھ میں بھی شامل تھا۔ یہ رتبہ اللہ پاک نے مفتی سعید صاحب کی برکت سے عطا کیا کہ ہم نے اپنے کندھے پر جنازہ، جنازہ گاہ تک پہنچایا۔


یہاں میں ہادی بھائی سے جنازے کے عوامی ہجوم کی وجہ سے بچھڑ گیا۔ بعد از تدفین ہادی بھائی سے ملاقات ہوئی۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ رب کریم، تو روز محشر بھی ہمیں ان اللہ والوں کے سائے میں رکھنا، آمین۔


ہاں، وہ ملنگ کا قصہ تو باقی رہ گیا تھا۔ مدینہ میں مجھے وہ ملنگ یاد آیا اور اس سے کیا وعدہ کیا تھا۔ ہم نے اس کے لیے جس طرح کی ٹوپی اس نے بتائی تھی، وہ خریدی جناب، جو اب تک ہمارے پاس امانت رکھی ہے۔ جب تک حیات ہیں، امانت ہی رہے گی۔اور آج بھی جب وہ سب لمحے یادوں میں لوٹتے ہیں تو دل یہی کہتا ہے کہ یہ سب کچھ صرف ایک سفر نہیں تھا بلکہ دعا کی وہ قبولیت تھی جس نے خدمت کو حاضری میں بدل دیا


آخر میں دل بے اختیار اپنے محسن، اپنے مخلص دوست فیض الہادی بھائی کے لیے دعاگو ہو جاتا ہے، جن کی محبت، خلوص اور بے لوث تعاون اس پوری داستان میں ایک روشن چراغ کی طرح ساتھ رہا۔ اگر ان کا سہارا، رہنمائی اور حوصلہ نہ ہوتا تو شاید یہ آرزو، آرزو ہی رہتی۔ انہوں نے نہ صرف حجاج کی خدمت کے دروازے کھولے بلکہ میرے لیے حاضریٔ بیت اللہ کے اسباب بھی پیدا کیے۔

اللہ تعالی ہادی بھائی کی اس خدمت، اخلاص اور محبت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان پر اپنے کرم کا سایہ قائم رکھے، انہیں دنیا و آخرت کی کامیابیوں سے نوازے، اور ہمیں ہمیشہ ایسے مخلص اور سچے رفقاء کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔۔۔۔۔  

آمین۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ