عبدالجبار اثر ۔۔۔ ایک مہذب لہجے کا درویشِ سخن


 

عبدالجبار اثر ۔۔۔ ایک مہذب لہجے کا درویشِ سخن ۔۔۔۔


اردو شاعری کی نرم آغوش میں کچھ ایسے نام بھی روشن رہتے ہیں جو شور و غوغا سے بے نیاز، خاموشی کے قرینے میں اپنے احساسات کی شمع جلاتے رہتے ہیں۔


عبدالجبار شیخ المعروف اثرؔ بھی انہی نفیس الطبع، باوقار اور خوددار اہل قلم میں سے ایک تھے، جن کے ہاں لفظ صرف ادا نہیں ہوتے، بلکہ تہذیب، درد اور داخلیت کے خوشبو دار پیکر بن کر قاری کے دل میں اتر جاتے ہیں۔

15 جولائی 1943ء کو ریاست جھالاوار (راجستھان) کی سرزمین پر آنکھ کھولنے والے اثرؔ کے نصیب میں ہجرت کا دکھ بھی لکھا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد سکھر کو اپنی سکونت بنایا، جہاں ان کی شخصیت نے علمی و ادبی رنگ اختیار کیا۔ یہی شہر ان کے ذوق سخن کی پرورش گاہ ثابت ہوا، اور یہی وہ فضا تھی جہاں ان کے اندر کا شاعر خاموشی سے پروان چڑھتا رہا۔ بعد ازاں 1994ء میں کراچی کی وسعتوں نے انہیں اپنے دامن میں جگہ دی، جہاں ان کے تجربات اور مشاہدات کو ایک نئی جہت ملی۔


تعلیم کے میدان میں انہوں نے سندھ یونیورسٹی، حیدرآباد سے اردو ادب میں ایم اے کیا، جو ان کے فکری اور ادبی وقار کی مضبوط بنیاد بنا۔ 

عملی زندگی میں انہوں نے 1960ء میں مسلم کمرشل بینک سے وابستگی اختیار کی اور سندھ کے مختلف شہروں میں خدمات انجام دیں۔ اپنی محنت، دیانت اور صلاحیت کے بل پر اے وی پی کے منصب تک پہنچے اور 10 اپریل 1991ء کو باوقار انداز میں سبکدوش ہوئے۔ مگر یہ سبکدوشی محض ملازمت سے تھی، زندگی سے نہیں ۔۔ کیونکہ اصل سفر تو ان کا ادب کے میدان میں جاری رہا۔

اثرؔ کی ادبی خدمات میں تنظیمی کردار بھی نمایاں ہے۔ سکھر میں "بزم احباب ذوق ادب" کے بانی و جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے انہوں نے ادبی فضا کو مہمیز دی، اور کراچی میں "شاہ میموریل سوسائٹی" کے جنرل سیکریٹری کے طور پر بھی اپنے ذوق و شوق کا حق ادا کیا۔ اردو سندھی ادبی فاؤنڈیشن سے وابستگی ان کے وسیع المشربی اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کی آئینہ دار ہے۔

ان کی شاعری کا پہلا باقاعدہ نعتیہ مجموعہ "ثنائے آقا" (2000ء) میں منظر عام پر آیا، جس میں عقیدت کی لطافت اور اظہار کی پاکیزگی نمایاں ہے۔ اس کے بعد شعری مجموعہ "سخن دریچے" 

(2006ء) نے ان کی غزل گوئی کو ایک معتبر شناخت عطا کی۔ ان کے کلام میں نہ تو تصنع ہے، نہ لفظی کرتب، بلکہ ایک سادہ، شائستہ اور دل نشیں اسلوب ہے جو قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔

اثرؔ کی شاعری دراصل ایک مہذب دل کی سرگوشی ہے۔ وہ شوریدہ بیانی کے قائل نہیں، بلکہ آہستہ لہجے میں وہ بات کہہ جاتے ہیں جو دیر تک سننے والے کے اندر گونجتی رہتی ہے۔ ان کے اشعار میں محبت کا درد، یاد کی کسک، اور انسانی رویوں کی تلخی سب کچھ موجود ہے، مگر ایک قرینہ اور وقار کے ساتھ۔۔


یہی بہت ہے کہ اس فنِ سخن سے جی بہلتا ہے

سخن وروں میں اثرؔ کا شمار کیا ہوگا


یہ شعر ان کی انکساری کا مظہر بھی ہے اور فن کے ساتھ ان کے خلوص کا اعلان بھی۔

ان کے ہاں یاد ایک مستقل استعارہ بن کر ابھرتی ہے۔۔۔ 


اس نے نگاہیں پھیر لیں یہ اور بات ہے لیکن

میں اس کی یاد سے غافل نہیں رہا


یہاں محبت کی وہ تہذیبی صورت نظر آتی ہے جس میں شکوہ نہیں، فقط ایک خاموش وفا ہے۔

ان کی غزلوں میں داخلی کرب اور خارجی مشاہدہ ایک دوسرے میں یوں گھل مل جاتے ہیں کہ شعر محض لفظوں کا مجموعہ نہیں رہتا بلکہ ایک تجربہ بن جاتا ہے۔۔۔


عجب عالم اثرؔ ہے شہرِ خوباں کے اجڑنے کا

طبیعت اب حسیں منظر پہ بھی مائل نہیں ہوتی


یہاں حسن کی نفی نہیں، بلکہ دل کے اجڑ جانے کا بیان ہے۔ وہ کیفیت جہاں خوبصورتی بھی اثر کھو بیٹھتی ہے۔

اثرؔ کے کلام میں کائناتی استعارے بھی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں۔۔


کہکشاں دیکھی، دھنک دیکھی، ثریا دیکھی

نقش کیا کیا نہ ملے ہیں تری رعنائی کے


یہ وسعت نظر اور گہرائی احساس کا حسین امتزاج ہے۔

ان کی ایک غزل میں سماجی بگاڑ کا درد بھی جھلکتا ہے ۔۔۔


اے اثرؔ حال کہیں اپنے وطن کا کس سے

بھائی دشمن نظر آتے ہیں یہاں بھائی کے


یہ شعر محض ایک فکری اظہار نہیں، بلکہ ایک حساس دل کی چیخ ہے جو معاشرتی انحطاط پر کڑھتا ہے۔

اثرؔ کی شاعری میں ایک اور نمایاں وصف اعتدال ہے۔ وہ نہ مایوسی میں ڈوبتے ہیں، نہ خوش فہمی میں کھوتے ہیں۔ ان کے ہاں زندگی ایک توازن کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے۔۔۔


شدت اگر ہو غم کی تو انسان کبھی کبھی

ہوتا ہے ہر خوشی سے گریزان کبھی کبھی


یہ فطرت انسانی کا سادہ مگر گہرا ادراک ہے۔


12 دسمبر 2013ء کو کراچی میں ان کا وصال ہوا اور سخی حسن قبرستان نے اس درویش سخن کو اپنی آغوش میں لے لیا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ ایسے لوگ مٹی میں دفن نہیں ہوتے، بلکہ اپنے لفظوں میں زندہ رہتے ہیں۔ اثرؔ بھی اپنی غزلوں، اپنے لہجے، اور اپنی تہذیبی خوشبو کے ساتھ آج بھی اردو ادب کے افق پر ایک مدھم مگر پائیدار روشنی کی طرح موجود ہیں۔

عبدالجبار اثرؔ کی شخصیت اور شاعری اس بات کی گواہ ہے کہ اصل فن وہی ہے جو دل سے نکلے اور دل تک پہنچے۔۔بے آواز، مگر دیرپا۔


نمونۂ کلام ۔۔۔ 


غزل 

اس قدر ظلم سہے ہم نے شناسائی کے

حوصلے چھوٹ گئے قلب کی پنہائی کے


اب تصور میں مرے تو ہے، کوئی اور نہیں

کتنے پر کیف ہیں لمحے مری تنہائی کے


کہکشاں دیکھی، دھنک دیکھی، ثریا دیکھی

نقش کیا کیا نہ ملے ہیں تری رعنائی کے


تیری یادوں نے سجا رکھی ہے محفل اپنی

ہم تو مشتاق نہ تھے انجمن آرائی کے


اپنے ہی سوزِ محبت سے مجھے خطرہ ہے

لو نہ دے اٹھیں کہیں زخم شناسائی کے


عشق نے اپنی بہاروں سے سجا رکھا ہے

کتنے شیدائی ہوئے ہیں ترے شیدائی کے


اے اثرؔ حال کہیں اپنے وطن کا کس سے

بھائی دشمن نظر آتے ہیں یہاں بھائی کے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

غزل 


شدت اگر ہو غم کی تو انسان کبھی کبھی

ہوتا ہے ہر خوشی سے گریزان کبھی کبھی


کھلتے ہیں تازہ پھول نہ کلیاں چٹکتی ہیں

آتی ہے یوں بھی فصلِ بہاراں کبھی کبھی


جن کو زباں پہ قابو نہ ہو ایسے بدکلام

کرتے ہیں خود ہی موت کا ساماں کبھی کبھی


اک بار کاش اپنا وہ کہہ کر پکار لیں

آتا ہے میرے دل میں یہ ارمان کبھی کبھی


یہ فطرتِ بشر ہے کہ اپنے کیے پہ بھی

ہوتے ہیں اہلِ ظرف پشیماں کبھی کبھی


جو درد میری روح کی گہرائیوں میں ہے

بنتا ہے اپنا آپ ہی درماں کبھی کبھی


دیکھا ہے یہ بھی بحرِ مکافات میں اثرؔ

ہوتے ہیں ایک ساحل و طوفان کبھی کبھی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

غزل 


پل بھر میں اپنے پیار کا جادو جگا گیا

کیا شخص تھا جو میرے خیالوں پہ چھا گیا


اس حسنِ بے مثال کی میں کیا مثال دوں

دیوانہ اک نظر میں جو مجھ کو بنا گیا


یہ اور بات مل نہ سکی منزلِ مراد

میں گردِ کارواں کی حدوں تک تو آ گیا


اے سوزِ عشق تو نے یہ کیسا کرم کیا

سر تا پا مجھ کو شمعِ شبستاں بنا گیا


میں تو ہمیشہ اس کے لیے گلفشاں رہا

لیکن وہ میری راہ میں کانٹے بچھا گیا


مجھ کو تو اس کی ہمسفری پر گھمنڈ تھا

یہ کیا ہوا کہ چھوڑ کے تنہا چلا گیا


آیا وہ اس ادا سے اثرؔ آج سامنے

ہر نقش ما سوا مرے دل سے مٹا گیا


یہ نمونۂ کلام اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اثرؔ کی شاعری محض لفظوں کی ترتیب نہیں، بلکہ ایک جیتی جاگتی کیفیت ہے۔ ایک ایسا نرم، مہذب اور دیرپا احساس جو قاری کے دل میں دیر تک مہکتا رہتا ہے۔


میرے لیے عبدالجبار اثرؔ صرف ایک معتبر شاعر کا نام نہیں، بلکہ میرے بڑے بھائی جان (تایا زاد بھائی) ایک شفیق بزرگ اور ایک نہایت مہذب انسان کی حیثیت رکھتے ہیں۔ میں ان کی گود میں کھیل کر بڑا ہوا ہوں، اس لیے ان سے میرا تعلق محض ادب کا نہیں بلکہ محبت، قربت اور تربیت کا بھی ہے۔ ان کی شفقت، وضع داری اور خاموش محبت نے ہمیشہ میرے دل کو سہارا دیا۔ ان کی گفتگو میں بھی وہی شائستگی تھی جو ان کے اشعار میں جھلکتی ہے۔ میں نے انہیں قریب سے دیکھا ہے۔ ایک ایسے انسان کے طور پر جو کم گو مگر گہرے تھے، اور جن کی ذات میں خلوص کی ایک مدھم مگر مستقل روشنی جلتی رہتی تھی۔ اسی نسبت سے یہ ان کا حق بنتا ہے کہ اگر آج میں کسی قابل ہوں تو میں ان کی یاد میں چند سطور عقیدت پیش کروں۔ آج جب ان کے اشعار پڑھتا ہوں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہی مانوس آواز اب بھی دل کے کسی گوشے میں آہستہ سے بول رہی ہو۔ 


اختر شیخ


14، اپریل 2026

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ