"عرض بہ ارباب قلم و نصاب"
"عرض بہ ارباب قلم و نصاب"
چونکہ حال ہی میں قبلہ بلاول زرداری اور جناب مراد علی شاہ سمیت دیگر صاحبان اسرار کے نکتہ رساں ارشادات سے یہ حقیقت آفتاب نیم روز کی طرح روشن ہو چکی ہے کہ کراچی اب وہ کراچی نہیں رہا بلکہ حسن و جمال کی اس معراج پر فائز ہو چکا ہے کہ پیرس کو بھی اس کے حضور سر تسلیم خم کرنا پڑے، بلکہ یوں عرض کیجیے کہ پیرس اب کراچی کا ایک مختصر سا محلہ معلوم ہوتا ہے۔ تو پھر یہ کیونکر ممکن ہے کہ ہمارے تعلیمی سانچے بدستور اسی فرسودہ خاکے پر قائم رہیں۔
عرض یہ ہے کہ جب شہر کا رنگ و آہنگ، اس کی رونق و وقار اور اس کے معیارات یکسر بدل چکے تو نصاب کی کہنہ کتابیں کیوں اپنی قدیم روش پر اصرار کریں۔ ارباب نصاب سے مودبانہ گزارش ہے کہ تعلیمی نصاب میں بھی اس نو دریافت حقیقت کو جگہ دی جائے تاکہ نونہالان وطن کسی ذہنی الجھن کا شکار نہ ہوں بلکہ سرکاری بیانیے سے اس درجہ ہم آہنگ ہو جائیں جیسے شیر و شکر، یا مٹھاس اور ذائقہ
پس مناسب یہی ٹھہرا کہ جب طفلان مکتب سے دریافت کیا جائے کہ بانی پاکستان کا مزار کہاں واقع ہے تو وہ بلا تامل اپنی معصوم سنجیدگی کے ساتھ عرض کریں کہ پیرس میں ۔۔۔
اور جب استفسار ہو کہ بانی پیرس کا مزار کہاں ہے تو وہ اسی وثوق سے جواب دیں کہ لاڑکانہ میں
یوں نصاب میں ایک دلکش نغمگی پیدا ہوگی، تاریخ اور جغرافیہ کے مابین جو دیرینہ کشاکش تھی وہ رفع ہو جائے گی، اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ایسا جلا ملے گا کہ وہ ازخود جان لیں گے کہ جغرافیہ فقط نقشوں کا کھیل نہیں بلکہ تعبیر کا ہنر بھی ہے، اور تاریخ محض واقعات کا بیان نہیں بلکہ بیانیوں کی ایک دلآویز سیر ہے۔
البتہ نہایت ادب سے ایک ہلکی سی گزارش اور بھی ہے کہ اگر کبھی فرصت میسر آئے تو ان حسین تعبیرات کے ساتھ ساتھ اس شہر کی گلیوں، اس کی بھیگی سڑکوں اور اس کے تھکے ہوئے باسیوں پر بھی ایک سرسری نگاہ ڈال لی جائے، تاکہ وہ پیرس جس کا ذکر ہے کسی روز اپنے بنیادی مسائل سے بھی کچھ سبکدوش ہو سکے
اس سے نہ بیان کی دلکشی میں کوئی فرق آئے گا اور نہ حقیقت کو زیادہ دیر پردہ نشین رہنا پڑے گا۔ باقی سب اہل اختیار کی بصیرت اور ارباب انشا کی نزاکت طبع پر موقوف۔۔
چلیے، اب اس شہر کی اصل حکایت بھی سنیں، جو سرکار کی روداد سے کچھ اور ہی مزاج رکھتی ہے
ادھر آؤ بچو ادھر آؤ جانی
کراچی کی تم کو سنائیں کہانی
یہی شہر تھا وہ جو سوتا نہیں تھا
اندھیرا محلوں میں ہوتا نہیں تھا
وہ تھیلے پہ بکتی ہوئی مونگ پھلیاں
بڑی دیر تک جاگتی تھی یہ گلیاں
بسوں کی صدا سونے دیتی نہیں تھی
یہ سمجھو یہاں رات ہوتی نہیں تھی
یہاں رہنے والوں میں تھا بھائی چارہ
جو دشمن کو ہرگز نہیں تھا گوارہ
ہوئی پھر ہمارے خلاف ایک سازش
تھمی ہی نہیں تب سے لاشوں کی بارش
اجڑتا رہا پھر ہمارا کراچی
گھروں میں یہاں موت جا جا کے ناچی
گلی میں سنو شور ہے گولیوں کا
یہ شیون بھی ماتم ہے ہمجولیوں کا
مری جان سوجا کہ ہے گھپ اندھیرا
بچیں گے تو دیکھیں گے کل پھر سویرا
قضا کیوں نہ آئی کہ مرجاتی نانی
سنانے سے پہلے ہی ایسی کہانی
(ناظر فاروقی)
اختر شیخ
عرض گزار لاابالی

Comments
Post a Comment