ادب رسول ﷺ کے آئینہ میں نعت کے آداب و حرمت


 

ادب رسول ﷺ کے آئینہ میں نعت کے آداب و حرمت


تحریر ۔۔۔ اختر شیخ


نعت گوئی محض ایک صنف یا فن سخن نہیں، بلکہ سرتاپا آداب و نیاز کا دوسرا نام ہے، بلکہ یوں سمجھئے کہ یہ وہ بارگاہ والا ہے جہاں حرف و معنی کو بھی وضو کر کے حاضری دینی پڑتی ہے اور خیالات کو بھی سر بسجود ہو کر گزرنا ہوتا ہے۔ اس نسبت سے نعت کے آداب عام سخن سے کہیں زیادہ دقیق، نازک اور رفعت پیمائے ہیں۔

چنانچہ ایک عارف نے کیا خوب کہا ہے۔


ہزار بار بشویم دہن ز مشک و گلاب  

ہنوز نام تو گفتن کمال بے ادبیست


ترجمہ۔ ہزار بار اپنا منہ مشک اور گلاب سے دھو لیں، پھر بھی تیرا نام لینا سراسر بے ادبی ہے۔


اس کا مطلب یہ کہ بارگاہ رسالت میں نسبت کا تقاضا ہے کہ ظاہری تطہیر کے بعد بھی زبان کا ہر لفظ ادب کے احاطے میں آتا ہے۔


اول شرط یہ ہے کہ نیت درست ہو، دل ہر قسم کی خود نمائی اور ریا کے میل کچیل سے پاک کر لیا جائے۔ داد و تحسین کی پروا نہ ہو، شہرت کا خیال تک نہ آئے، بلکہ مقصود صرف حضور والا مآب ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کا نذرانہ پیش کرنا ہو۔ لفظوں کے چناؤ میں خاص احتیاط درکار ہے کہ کہیں مبالغہ حد ادب سے متجاوز نہ ہو جائے، اور کوئی ایسی تشبیہ یا استعارہ زبان پر نہ آئے جس سے شان رسالت کے خلاف کوئی پہلو نکلتا ہو۔

قلم اٹھانے سے پہلے درود و سلام کا اہتمام مناسب ہے، دل کو یکسو کر لینا چاہئے، اور اس کے بعد تحریر کی طرف متوجہ ہونا چاہئے۔ ہر مصرع گویا ایک نذر ہے، لہذا اسے بے دھیانی یا سہل انگاری سے لکھنا خلاف تہذیب ہے۔ زبان میں شستگی ہو، بیان میں وقار ہو، اور خیال میں وہ طہارت کہ دل گواہی دے کہ یہ کلمات ادب کے دائرے میں ہیں۔

ادب کی اسہی نزاکت کو ایک اور بزرگ نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے۔


ادب گاہیست زیرِ آسمان از عرش نازک تر  

نفس گم کردہ می آید جنید و بایزید این جا


ترجمہ۔ یہ ادب کی جگہ آسمان کے نیچے ہے جو عرشِ الہی سے بھی زیادہ نازک ہے، یہاں جنید اور بایزید جیسے عظیم صوفی بھی اپنا نفس کھوئے ہوئے آتے ہیں۔


جب محفل نعت کی بات آتی ہے تو اسے عام مجلس نہیں سمجھنا چاہئے بلکہ وہ ایک روحانی انجمن ہے، جہاں ہر سانس درود کی کیفیت سے معطر ہو جاتی ہے۔ ایسی محفل میں قدم رکھتے ہی سنجیدگی اور انکساری اختیار کرنا چاہئے۔ نشست کا انداز مہذب ہو، گفتگو کم سے کم اور ذکر زیادہ ہو۔ قہقہے، بے ہنگم شور یا غیر ضروری گفتگو اس لطیف فضا کو متاثر کر دیتی ہے۔


نعت خواں کو چاہئے کہ اپنی آواز کو خوش الحانی کے ساتھ وقار بھی عطا کرے تاکہ ہر لفظ ادب کا آئینہ دار بن جائے۔ ادائیگی میں ٹھہراؤ ہو، الفاظ کی حرمت قائم رہے، اور مفہوم پر پوری توجہ دی جائے۔ نعت کو محض آواز کا مظاہرہ نہ بنایا جائے بلکہ اسے دل کی کیفیت کا اظہار رکھا جائے۔ آواز میں عاجزی ہو، انداز میں انکسار ہو، اور دل میں محبت رسول ﷺ کی وہ کیفیت کہ زبان بے اختیار درود و سلام سے تر رہے۔


سننے والوں کے آداب بھی کم اہم نہیں۔ جب نعت پڑھی جا رہی ہو تو ہمہ تن گوش رہنا چاہئے۔ بے توجہی، ادھر ادھر التفات یا موبائل کی طرف مشغول ہونا مناسب نہیں۔ اگر کوئی شعر دل کو چھو لے تو واہ کہنا بجا ہے، مگر وہ واہ بھی شائستگی کے ساتھ ہو، شور و غوغا کی صورت اختیار نہ کرے۔ دل میں درود کی کیفیت برقرار رہے اور آنکھوں میں ادب و نیاز کی جھلک ہو۔


آخر میں درود و سلام کا اہتمام کیا جائے، اور دعا کی جائے کہ اے رب العالمین، اس عاجز کی عقیدت کو قبول فرما، اور ہمیں ادب رسول ﷺ کی حقیقت سے اس درجہ آشنا کر دے کہ ہر لفظ، ہر سانس اور ہر خیال حضور کی بارگاہ میں نذر ہو جائے۔

یہ سارے آداب دراصل اسی توازن کی طرف لے جاتے ہیں جو ایک اور مصرعے میں اس طرح بیان ہوا ہے:


با خدا دیوانہ باش و با محمد ہوشیار


ترجمہ۔ خدا کے ساتھ دیوانہ ہو، اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کے ساتھ ہوشیار۔


یہ تمام آداب دراصل اسی ایک حقیقت کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ نعت کا تعلق زبان سے زیادہ دل سے ہے، اور دل جب تک ادب و محبت کے خمیر سے نہ گوندھا جائے، نعت کی تاثیر مکمل نہیں ہوتی۔

اللہ پاک، ہمیں نعت کا ادب سکھا، جذبہ دے اور زبان سے پہلے دل کو مداح رسول بنا۔

آمین ثمہ آمین

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ