فاصلے اپنی جگہ، اپنائیت اپنی جگہ


 

فاصلے اپنی جگہ، اپنائیت اپنی جگہ


ہر معاشرے میں کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں کہ بغیر کسی شور و غوغا کے، اپنے کردار اور تجربے سے ایسی پہچان بنا لیتی ہیں کہ وقت گزرتے گزرتے خود ایک چلتی پھرتی کتاب بن جاتی ہیں۔ ان کی گفتگو میں ٹھہراؤ، فکر میں گہرائی، اور لہجے میں وہ سچائی ہوتی ہے جو صرف پڑھنے سے نہیں، بلکہ عمر بھر کے تجربے سے کشید ہوتی ہے۔ یہی وہ خاموش رہبر ہیں جو بولے بغیر بھی بہت کچھ سکھا جاتے ہیں۔

ہماری خوش نصیبی کہ فیس بک کے ابتدائی ایام ہی سے برادر عزیز حنیف سمانا صاحب کی رفاقت نصیب ہوئی۔ یہ تعلق اگرچہ بیشتر تحریروں اور کبھی کبھار فون کی گفتگو تک محدود رہا، مگر اس میں خلوص اور اپنائیت کی وہ حرارت موجود رہی جو برسوں کی شناسائی کا نعم البدل بن جاتی ہے۔ البتہ یہ بھی ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ کراچی میں موجود فیس بک احباب میں شاید یہ واحد دوست ہیں جن سے آج تک بلمشافہ ملاقات نہ ہو سکی۔ اور اسے ہم اپنی ہی بدنصیبی پر محمول کرتے ہیں، ورنہ مواقع کی کیا کمی تھی۔ چند روز پیشتر دل میں ایک معصوم سی خواہش نے سر اٹھایا کہ جب ملاقات ممکن نہیں تو کیوں نہ زمانہ جدید کی کسی ترکیب سے اس کمی کو پورا کیا جائے۔ چنانچہ ایک دوست جو اے آئی کے زور سے تصویریں بنانے میں مہارت رکھتے ہیں، ان سے عرض کیا کہ سمانا بھائی سے ملوا ہی دیں، خواہ یہ ملاقات مصنوعی ہی کیوں نہ ہو۔ سو انہوں نے ہماری ایک تصویر لی اور آج ہمیں وہ شاہکار عنایت کیا جس میں ہم اور سمانا بھائی گویا روبرو موجود ہیں۔ اب بلمشافہ نہ سہی، اے آئی کا بلمشافہ ہی سہی، 

یوں سمجھیے کہ ملاقات بھی ہو گئی اور مہمان نوازی کے تقاضے بھی ادا نہ کرنے پڑے، نہ چائے کا خرچ آیا، نہ وقت کی تنگی کا عذر کرنا پڑا، اور نہ یہ سوچنا پڑا کہ اب اٹھنے کا موقع کب مناسب ہوگا۔

سمانا صاحب کی شخصیت اس لحاظ سے بھی قابل غور ہے کہ پیشہ ورانہ زندگی میں ایک کامیاب جیولر ہونے کے باوجود فکر و قلم کے میدان میں جو مقام انہوں نے پایا، وہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ علم اور شعور کسی ایک شعبے کے پابند نہیں ہوتے۔ ان کی تحریروں میں زندگی کے نشیب و فراز، معاشرتی رویوں کی باریکیاں، اور انسانی نفسیات کی جھلک اس انداز سے ملتی ہے کہ قاری خود کو ان سطور میں کہیں نہ کہیں ضرور تلاش کر لیتا ہے۔ زبان کی سادگی اور بیان کی اثر آفرینی مل کر ایک ایسا اسلوب تشکیل دیتی ہیں جسے بجا طور پر سہل ممتنع کہا جا سکتا ہے۔

ایک زمانہ وہ بھی تھا جب فیس بک پر سمانا صاحب، خاکسار اور لاہور کے رفیق اسرار کاظمی مرحوم کے درمیان گفتگو کی ایک دلنشین محفل جمی رہتی تھی۔ وہ نشستیں محض تبادلہ خیال نہیں بلکہ فکری تربیت کا ذریعہ ہوا کرتی تھیں۔ اللہ تعالی اسرار بھائی کے درجات بلند فرمائے کہ ان کی کمی آج بھی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔

اب ایک اور دلچسپ بات بھی عرض ہے کہ ابتدائی ایام میں سمانا صاحب نے فیس بک کے پہلے پہل کے دوستوں کے نام ایک نظم لکھی تھی، اور اس نظم میں خاکسار کا ذکر بھی شامل تھا۔ یہ نظم ہم نے خود دیکھی بھی تھی اور پڑھی بھی، مگر اب اتنا زمانہ گزر گیا کہ یادداشت نے بھی ذرا شوخی دکھانا شروع کر دی ہے۔ البتہ اتنا ضرور یاد ہے کہ اس میں ہمارا نام بھی شامل تھا، اور یہی نسبت ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ اگر کبھی وہ نظم دوبارہ دسترس میں آ گئی تو اسے محفوظ کرنے میں ہرگز تامل نہ ہوگا۔

کہ بعض یادیں صرف یاد رہنے کے لیے نہیں ہوتیں، سنبھال کر رکھنے کے لیے بھی ہوتی ہیں۔

سمانا صاحب کی کتاب "کتاب چہرہ" جو 2014ء میں شائع ہوئی، دراصل اسی فکری سفر کا نچوڑ ہے۔ یہ ان تحریروں کا مجموعہ ہے جو سوشل میڈیا پر لکھی گئیں اور جنہوں نے ایک وسیع حلقہ قارئین کو متاثر کیا۔ اس موقع پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرنا تو بجا ہے، مگر ساتھ ہی ایک ہلکا سا شکوہ بھی عرض ہے، اور یہ شکوہ سراسر محبت میں ڈوبا ہوا ہے، 


گلا بھی تجھ سے بہت ہے مگر محبت بھی

وہ بات اپنی جگہ ہے یہ بات اپنی جگہ


ورنہ میرے احباب میں بہت سے ایسے بھی ہیں جو صاحب کتاب ہیں اور صاحب قسمت بھی، مگر شکوہ وہیں کیا جاتا ہے جہاں اپنائیت کا حق کچھ زیادہ ہو۔ سو یہ گزارش بھی اسی اپنائیت کے کھاتے میں درج سمجھی جائے، 

کہ اگر کبھی فرصت، کرم اور ڈاک کا نظام تینوں ایک وقت میں موافق ہو جائیں تو شاید یہ محرومی بھی دور ہو جائے۔ ورنہ یہ بھی کوئی مشکل کام نہیں کہ قاصد دوڑا دیا جائے، مگر قاصد کو بھی راستے میں چائے پلانی پڑے گی، اور وہ خرچ بھی کسی نہ کسی کے کھاتے میں درج ہونا ہے۔

یہ شکوہ اپنی جگہ، مگر حقیقت یہی ہے کہ سمانا صاحب کی تحریریں خود ایک ایسی کتاب ہیں جو قاری کے دل میں اتر کر دیر تک اثر قائم رکھتی ہیں۔ ایسے لوگ کم ہوتے ہیں، اور جو ہوتے ہیں وہ واقعی معاشرے کا سرمایہ ہوتے ہیں۔


اختر شیخ



Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ