"حمد و شکر کی حقیقت، رب کی بے نیازی اور بندے کی نیاز مندی کا عرفان"
حمد و شکر کی حقیقت، رب کی بے نیازی اور بندے کی نیاز مندی کا عرفان"
بسم اللہ الرحمن الرحیم
سب تعریفیں اللہ تعالی ہی کے لیے ہیں، جو تمام جہانوں کے لیے رحمت کا سرچشمہ، رب العالمین، مالک کل کائنات، غنی مطلق، کامل الصفات اور لامحدود کبریائی کا مالک ہے۔
وہ اپنی ذات میں مطلق کامل، ہر نقص و عیب سے پاک اور ہر تعریف و ثنا کے لائق ہے۔
اور درود ہمارے آقا پر، جن کے نور سے تمام جہان منور ہوئے اور جن کی رحمت سے تمام مخلوقات مستفید ہیں۔
اور اس ذات الہی کی محبت اور قرب کا ذریعہ نبی اکرم ﷺ ہی ہیں، جو خاتم النبیین، رسول رحمت، ہادی برحق، شفیع کل مخلوق، نور الہدی اور محبوب مصطفیٰ ﷺ ہیں۔
اللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰی إِبْرَاهِیمَ وَعَلٰی آلِ إِبْرَاهِیمَ، وَبَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلٰی إِبْرَاهِیمَ وَعَلٰی آلِ إِبْرَاهِیمَ، إِنَّکَ حَمِیدٌ مَجِیدٌ۔
اللہ عزوجل اپنی ذات بے مثال و بے نیاز میں مطلق الغنی، سراپا استغنا، کامل الصفات اور لامحدود کبریائی کا مالک ہے۔ نہ اس کی عظمت شایاں اس امر کی ہے کہ ہماری عبادت کی محتاج ہو، اور نہ اس کی شان کے لیے یہ زیبا کہ ہماری تسبیح و تحمید سے اس میں کوئی اضافہ متصور ہو۔ وہ اپنی ذات میں ایسا کامل و بے عیب ہے کہ اگر تمام ابنائے آدم و جن یکجا ہو کر بھی اس کی نافرمانی پر کمر بستہ ہو جائیں، تو اس کی بادشاہت میں بقدر ذرہ بھی کوئی کمی واقع نہیں ہو سکتی، اور اگر سب کے سب سراپا اطاعت و بندگی بن جائیں، تب بھی اس کے جلال و جمال میں کسی نوع کا اضافہ نہیں ہوتا۔
یہی حقیقت قرآن مجید نے نہایت بلیغ و پراثر اسلوب میں کچھ یوں بیان فرمائی ہے ۔۔۔۔
اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے۔
"اِنْ تَكْفُرُوا فَاِنَّ اللّٰهَ غَنِيٌّ عَنْكُمْ وَلَا يَرْضٰى لِعِبَادِهِ الْكُفْرَ وَاِنْ تَشْكُرُوا يَرْضَهُ لَكُمْ"
(سورہ الزمر، آیت 7)
ترجمہ۔۔ اگر تم کفر کرو تو بے شک اللہ تم سے بے نیاز ہے اور وہ اپنے بندوں کے لیے کفر کو پسند نہیں کرتا، اور اگر تم شکر کرو تو وہ اسے تمہارے لیے پسند فرماتا ہے۔
اور دوسری جگہ ارشاد ہے۔۔۔۔
"وَمَنْ شَكَرَ فَاِنَّمَا يَشْكُرُ لِنَفْسِهِ وَمَنْ كَفَرَ فَاِنَّ اللّٰهَ غَنِيٌّ حَمِيدٌ"
(سورہ لقمان، آیت 12)
ترجمہ۔۔ اور جو شکر کرتا ہے تو اپنے ہی فائدے کے لیے شکر کرتا ہے، اور جو ناشکری کرے تو بے شک اللہ بے نیاز، لائق حمد و ثنا ہے۔
ان آیات بینات سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ شکر و حمد کی ساری حاجت بندے ہی کو ہے، رب العالمین کو ہرگز نہیں۔ فی الواقع ذکر الہی، حمد ربانی اور شکر نعمت، بندہ مومن کی روحانی حیات کا سرچشمہ ہیں۔ جب بندہ اپنے خالق حقیقی کا ذکر کرتا ہے، تو اس کا دل جو پریشانی و اضطراب کا مسکن بنا ہوتا ہے، سکون و اطمینان کی دولت سے سرشار ہو جاتا ہے۔ چنانچہ قرآن پاک میں اس کیفیت کو یوں بیان فرمایا گیا ہے۔۔۔۔۔
"اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ"
(سورہ الرعد، آیت 28)
ترجمہ۔۔ سن رکھو اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان نصیب ہوتا ہے۔
اور شکر گزاری کے باب میں رب کریم کا وعدہ کس قدر دل نواز اور حوصلہ افزا ہے۔۔
"لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِيدَنَّكُمْ"
(سورہ ابراہیم، آیت 7)
ترجمہ۔۔۔ اگر تم شکر کرو گے تو میں تمہیں یقیناً اور زیادہ دوں گا۔
یہ وعدہ محض چند الفاظ نہیں، بلکہ ایک ازلی و ابدی قانون ہے کہ جو بندہ نعمتوں پر شکر بجا لاتا ہے، اس کے لیے مزید نعمتوں کے دروازے وا کر دیے جاتے ہیں۔ خواہ وہ نعمتیں ظاہری ہوں یا باطنی، مادی ہوں یا روحانی۔
احادیث نبویہ میں بھی اس مضمون کو نہایت جامع و مانع انداز میں بیان فرمایا گیا ہے۔ چنانچہ حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالی فرماتا ہے۔۔۔۔۔
"يَا عِبَادِي لَوْ أَنَّ أَوَّلَكُمْ وَآخِرَكُمْ وَاِنْسَكُمْ وَجِنَّكُمْ كَانُوا عَلَىٰ أَتْقَىٰ قَلْبِ رَجُلٍ وَاحِدٍ مِنْكُمْ مَا زَادَ ذٰلِكَ فِي مُلْكِي شَيْئًا وَلَوْ أَنَّ أَوَّلَكُمْ وَآخِرَكُمْ وَاِنْسَكُمْ وَجِنَّكُمْ كَانُوا عَلَىٰ أَفْجَرِ قَلْبِ رَجُلٍ وَاحِدٍ مَا نَقَصَ ذٰلِكَ مِنْ مُلْكِي شَيْئًا"
(صحیح مسلم، کتاب البر والصلة، حدیث نمبر 2577)
ترجمہ۔۔ اے میرے بندو، اگر تمہارے پہلے اور پچھلے، انسان اور جن سب کے سب تم میں سے کسی ایک سب سے زیادہ پرہیزگار شخص کے دل جیسے ہو جائیں، تو اس سے میری بادشاہی میں ذرہ بھر بھی اضافہ نہیں ہوگا، اور اگر سب کے سب کسی ایک بدترین شخص کے دل جیسے ہو جاؤ، تو اس سے میری بادشاہی میں ذرہ بھر بھی کمی نہیں ہوگی۔
اور شکر گزاری کی حقیقت بیان فرماتے ہوئے سرور عالم نے ارشاد فرمایا۔۔۔۔
"مَنْ لَا يَشْكُرِ النَّاسَ لَا يَشْكُرِ اللّٰهَ"
(سنن ابی داود، کتاب الادب، حدیث نمبر 4811)
ترجمہ۔۔ جو لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا، وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔
یہ آیات و احادیث اس حقیقت پر شاہد عدل ہیں کہ بندگی اور شکر گزاری دراصل بندے ہی کی اصلاح، تطہیر نفس اور رفعت روح کا ذریعہ ہیں۔ اور بندگی کا تقاضا بھی یہی ہے کہ بندہ اپنے محسن حقیقی کے حضور سراپا عجز و نیاز بن کر جھک جائے۔ انسان کی فطرت میں یہ وصف ودیعت کر دیا گیا ہے کہ وہ اپنے محسن کا شکر گزار ہو، اور جب محسن حقیقی وہ ذات ہے جس نے عدم سے وجود بخشا، رزق عطا فرمایا، عقل و شعور سے نوازا اور بے شمار ظاہری و باطنی نعمتوں سے سرفراز فرمایا، تو پھر اس کے حضور سر بسجود ہونا، اس کی حمد بیان کرنا اور اس کا شکر ادا کرنا، عین تقاضائے فطرت ہے۔
جب بندہ اپنی زبان کو حمد ربانی سے معطر و معنون کرتا ہے، تو درحقیقت وہ اپنے ہی وجود کو نورانیت سے مملو کر رہا ہوتا ہے۔ اس کا ظاہر سنور جاتا ہے اور باطن نکھر اٹھتا ہے، اس کی دنیا میں برکتیں نازل ہوتی ہیں اور آخرت میں کامیابی کے در کھلتے ہیں۔ حمد و ثنا گویا وہ زینہ ہے جس پر قدم رکھ کر بندہ قرب الہی کی منازل طے کرتا ہے۔
پس حقیقت عیاں ہے کہ اللہ تعالی کی حمد و ثنا اور شکر گزاری اس کی ذات کے لیے نہیں، بلکہ بندے کی اپنی فلاح، نجات اور رفعت درجات کے لیے ہے۔ بندہ جتنا اپنے رب کی کبریائی و بے نیازی کا معترف ہوتا ہے، اتنا ہی اپنی عاجزی و عبودیت کے مقام کو پہچانتا ہے، اور یہی شعور اسے راہ فلاح پر گامزن کر دیتا ہے۔
اللہ تعالی ہمیں اپنی حقیقی معرفت، سچی بندگی، کامل شکر گزاری اور دوام ذکر کی توفیق عطا فرمائے، تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اس کی حمد سے منور کر کے دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی حاصل کر سکیں۔
آمین یا رب العالمین۔
بعجز و انکسار، احقیر و فقیر، بندہ کمترین۔
اختر شیخ
اپریل ۵ ۔۔ ۲۰۲۶

Comments
Post a Comment