شخصیت نہیں، ایک عہد ۔۔۔علامہ شاہ احمد نورانی رحمۃ اللہ علیہ کا ہمہ جہت کردار

۔۔۔۔۔

شخصیت نہیں، ایک عہد ۔۔۔ علامہ شاہ احمد نورانی رحمۃ اللہ علیہ کا ہمہ جہت کردار


یہ محض ایک فرد کی داستان نہیں بلکہ علم، روحانیت، سیاست اور جرات اظہار کا وہ سنگم ہے جس نے ایک پورے عہد کو اپنی تاثیر سے منور کیا۔ ایسی جامع اور ہمہ جہت ہستی کو دنیا شاہ احمد نورانی صدیقی رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے جانتی ہے۔


وہ 1926ء میں میرٹھ میں مولانا عبدالعلیم صدیقی کے گھر پیدا ہوئے۔ نسب کے اعتبار سے ان کا شجرہ حضرت ابو بکر صدیق سے جا ملتا ہے اور روحانی سلسلہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے وابستہ تھا۔ گویا ابتدا ہی سے علم و روحانیت کی وہ روشنی انہیں میسر آئی جس نے آگے چل کر ان کی پوری زندگی کو ایک مقصد عطا کیا۔


بچپن ہی سے غیر معمولی ذہانت اور ذوق عبادت ان کی پہچان بن گئے۔ محض آٹھ برس کی عمر میں قرآن مجید حفظ کر لینا اس بات کا بین ثبوت تھا کہ یہ بچہ آگے چل کر غیر معمولی خدمات انجام دے گا۔ انہوں نے نیشنل عربک کالج سے گریجویشن، جامعہ الہ آباد سے فاضل عربی اور دار العلوم عربیہ سے درس نظامی کی تکمیل کی، یوں دینی و عصری علوم کا حسین امتزاج ان کی شخصیت میں نمایاں ہو گیا۔

علامہ اقبال کہتے ہیں


ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا


قیام پاکستان کے وقت وہ متحدہ برطانوی ہند میں ایک متحرک طالب علم اور تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن تھے۔ پاکستان بننے کے بعد وہ اس سرزمین پر آئے اور اسے اپنی عملی جدوجہد کا مرکز بنایا۔ 1948ء میں علامہ احمد سعید کاظمی نے جمعیت علمائے پاکستان کی بنیاد رکھی، اور مولانا نورانی 1970ء میں اس جماعت میں شامل ہوئے جب اس کے سربراہ خواجہ قمر الدین سیالوی تھے۔ اسی سال وہ کراچی سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پارلیمانی سیاست میں ایک توانا اور باوقار آواز کے طور پر ابھرے۔


انہوں نے وزیر اعظم کے انتخاب میں ذوالفقار علی بھٹو کے مدمقابل حصہ لیا۔ وہ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور دو مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے۔ 1972ء میں وہ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ بنے اور اپنی وفات تک اس منصب پر فائز رہے۔ 1977ء میں تحریک نظام مصطفیٰ کے دوران انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر اپنے موقف سے ایک قدم پیچھے نہ ہٹے۔

محمود رامپوری نے کیا خوب کہا ہے


موت اس کی ہے کرے جس کا زمانہ افسوس

یوں تو دنیا میں سبھی آئے ہیں مرنے کے لیے


دعوت و تبلیغ کے میدان میں انہوں نے 1972ء میں ورلڈ اسلامک مشن کی بنیاد رکھی اور اسے عالمی سطح پر فعال کیا۔ ان کی نرم مزاجی، حلم اور بردباری نے انہیں دوستوں اور مخالفین دونوں میں یکساں مقبول بنا دیا۔


تحریک ختم نبوت کے باب میں ان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ 30 جون 1974ء کو انہوں نے قومی اسمبلی میں ایک تاریخی قرارداد پیش کی جو بالآخر 7 ستمبر 1974ء کی آئینی ترمیم کی صورت میں منظور ہوئی، جس کے تحت قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا۔ اس پورے عمل میں انہوں نے نہ صرف پارلیمانی بصیرت کا مظاہرہ کیا بلکہ مناظرانہ میدان میں بھی اپنی علمی برتری ثابت کی۔ وہ خود فرمایا کرتے تھے کہ

مجھے یقین کامل ہے کہ بارگاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں میرا یہ عمل سب سے بڑا وسیلہ شفاعت و نجات ہوگا۔


اتحاد بین المسلمین کے لیے انہوں نے 1995ء میں ملی یکجہتی کونسل قائم کی، جس نے مختلف مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں پرویز مشرف کے دور میں 2002ء میں متحدہ مجلس عمل کے قیام میں بھی ان کا کردار مرکزی رہا اور وہ اس کے متفقہ سربراہ منتخب ہوئے۔ جمہوریت کے استحکام کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔


16 شوال 1424ھ بمطابق 11 دسمبر 2003ء کو اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوا۔ ان کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے انس نورانی نے پڑھائی، اور انہیں کراچی میں مزار حضرت عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔

رئیس فروغ کے یہ اشعار جیسے انہی کے لیے کہے گئے ہوں۔۔۔


لوگ اچھے ہیں بہت دل میں اتر جاتے ہیں

اک برائی ہے تو بس یہ ہے کہ مر جاتے ہیں


وہ بیک وقت ایک عالم، مفتی، حافظ قرآن، پیر طریقت، عالمی مبلغ اور مدبر سیاست دان تھے۔ ان کی شخصیت میں تضاد نہیں بلکہ ایک حسین توازن تھا۔ وہ منبر کے خطیب بھی تھے اور پارلیمان کے مدبر بھی، خانقاہ کے سجادہ نشین بھی اور میدان سیاست کے بے باک رہنما بھی۔

ایسی شخصیات وقت کے دھارے میں گم نہیں ہوتیں بلکہ خود وقت کا رخ متعین کرتی ہیں۔ شاہ احمد نورانی ایک نام نہیں، ایک مکمل عہد ہیں ۔۔۔ ایسا عہد جس میں علم، عمل، جرات اور اخلاص ایک نقطے پر جمع ہو جاتے ہیں۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ