بیٹیاں ۔۔ اللہ کی رحمت


 

"یادوں کے جگنو"


بیٹیاں ۔۔ اللہ کی رحمت


کبھی کبھی یوں لگتا ہے جیسے زندگی کے ہنگاموں میں کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو وقت کے شور میں بھی مدھم نہیں پڑتیں۔ ان ہی آوازوں میں ایک آواز بیٹی کی ہنسی کی بھی ہوتی ہے ۔۔ نرم، دلآویز اور دعا جیسی۔۔۔۔


بیٹیاں واقعی اللہ کی وہ نرم پھوار، وہ دلآویز کرن، وہ سراپا رحمت ہوتی ہیں جو جب گھر کے آنگن میں اترتی ہیں تو فضا پر ایک خاموش سی بہار چھا جاتی ہے ۔۔۔ جیسے کسی سوئے ہوئے گلشن نے آنکھ کھولی ہو اور پہلی نسیم نے آ کر اس کے دامن کو چھو لیا ہو۔ ان کی ہنسی میں کچھ ایسی تاثیر ہوتی ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے دعائیں لفظوں سے نکل کر پھول بن گئی ہوں، اور ان کے قدموں کی آہٹ سے گھر کے در و دیوار پر رحمت و برکت کے پھول یوں برستے ہیں کہ ہر گوشہ مہک اٹھتا ہے۔


جب یہ ننھی پریاں گھر میں ہوتی تھیں، تو دروازے کی ہلکی سی چاپ پر یوں چونک اٹھتی تھیں جیسے دل نے کسی آشنا قدم کی چاپ پہچان لی ہو۔ پھر لپک کر در تک آتی تھیں اور اپنی معصوم نگاہوں میں ایک ہی سوال سجا لیتی تھیں۔۔۔ بابا آ گئے؟؟

اور جب وہ ساعت مہربان ہوتی تو ان کی خوشی دیدنی ہوتی۔ اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشات، ادھوری کہانیاں، بے ساختہ شکایتیں سب کچھ اس سادگی سے سنا جاتی تھیں کہ گویا ایک ننھا سا دل اپنی ساری کائنات کسی کے دامن میں رکھ رہا ہو۔ باپ کی انگلی تھام کر وہ یوں مسکراتی تھیں جیسے دنیا ان کے قدموں میں سمٹ آئی ہو۔


پھر وقت بھی کیا خوب اپنا رنگ بدلتا ہے۔ وہی ننھی سی گڑیا آہستہ آہستہ عہد طفولیت سے نوخیزی کی دہلیز تک قدم رکھتی ہے، اور ایک دن ایسا آتا ہے کہ دل کو تھام کر، آنکھیں پرنم کر کے اسے رخصت کرنا پڑتا ہے۔ اس لمحے کی نمی میں ایک ایسی خاموش چیخ پوشیدہ ہوتی ہے جسے صرف دل ہی سن سکتا ہے۔


اس کے بعد منظر بدل جاتا ہے۔ اب دروازے پر چونکنے والی وہ معصوم چاپ نہیں ہوتی، بلکہ نگاہیں کسی اور کی راہ تکتی ہیں۔ اب انتظار کا انداز بدل جاتا ہے۔۔ ہر آہٹ پر دل یوں دھڑک اٹھتا ہے جیسے کسی نے تار چھیڑ دیا ہو، ہر صدا میں ایک مانوس سی خوشبو تلاش کی جاتی ہے۔ کوئی در پر آئے تو بے اختیار دل یہی گواہی دیتا ہے کہ شاید میری نور نظر آ گئی۔

صاحب دل شاعر محمود ہاشمی نے کیا خوب کہا ہے۔۔۔


بیٹیاں سب کے مقدر میں کہاں ہوتی ہیں

گھر خدا کو جو پسند آئے وہاں ہوتی ہیں


بیٹیاں تو گلشن پدری کے وہ جگنو ہیں، جن کی تابانی سے یہ چمن ہمیشہ جگمگاتا رہتا ہے۔

بیٹیاں دل کا وہ چراغ ہیں جو بجھ کر بھی اجالا چھوڑ جاتی ہیں۔ وہ رخصت ہو کر بھی یوں محسوس ہوتی ہیں جیسے ان کی ہنسی ابھی دیواروں سے لپٹ کر گونج رہی ہو، جیسے ان کی باتیں ابھی فضا میں تحلیل ہو کر ٹھہری ہوئی ہوں۔ ان کی یاد ایک نرم سی چادر کی طرح گھر کو اپنی آغوش میں لئے رکھتی ہے۔

جب وہ پاس ہوں تو صبحیں ان کی کلکاریوں سے نکھر اٹھتی ہیں، اور جب دور ہوں تو شامیں ان کی یاد کے رنگ میں ڈھل جاتی ہیں۔ باپ کی دعائیں ان کے ساتھ سایہ بن کر چلتی ہیں، اور بیٹی کی ایک سادہ سی دعا باپ کے دل کو ایسی تسکین دیتی ہے کہ گویا ساری دنیا کی دولت بھی اس کے سامنے ہیچ ہو۔


بیٹی کبھی بوجھ نہیں ہوتی۔۔۔ وہ تو سراپا رحمت ہے۔ ایسی رحمت جو گھر میں ہو تو سکون کی چادر بچھا دے، اور دور ہو تو یاد بن کر بھی دل کے آنگن کو آباد رکھے۔

کیونکہ بیٹی صرف بیٹی نہیں ہوتی، وہ باپ کے دل کا سب سے نرم گوشہ ہوتی ہے، آنکھوں کی ٹھنڈک، اور زندگی کی وہ بے ساختہ مٹھاس جس کے بغیر ہر خوشی کچھ ادھوری سی لگتی ہے۔


اپنا گلشن آباد ہونے کے بعد بھی بیٹی کہیں نہیں جاتی، وہ باپ کے دل کے کسی نرم گوشے میں یوں بس جاتی ہے جیسے دعا ہونٹوں سے اتر کر روح میں ٹھہر گئی ہو۔ اور سچ تو یہ ہے کہ جب بیٹی ایک ہی ہو، تو وہ محض بیٹی نہیں رہتی، باپ کی کل کائنات بن جاتی ہے۔ اس کی ایک آہ بھی دل کو یوں بے قرار کر دیتی ہے کہ جیسے کسی نے سانسوں کا رشتہ ہی ہلا دیا ہو، اور اس کی ہر مسکراہٹ یوں لگتی ہے جیسے زندگی نے پھر سے ہاتھ تھام لیا ہو۔

کبھی کسی شام کی خاموشی میں، کبھی کسی آہٹ کے فریب میں، دل بے اختیار اسی دہلیز، اسی چوکھٹ کی جانب اٹھ جاتا ہے جہاں سے وہ ہنستی ہوئی گھر میں داخل ہوتی تھی۔ 


رب کریم ہر باپ کی اس نور نظر کو اپنی امان میں رکھے، اس کے نصیب کو خوشیوں سے روشن کرے، اس کے قدم جہاں بھی پڑیں وہاں سکون اور برکت اترے اور اسے ہمیشہ اپنی رحمت کے سائے میں رکھے۔

آمین ثمہ آمین 

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ