افسانچہ "حصار جاں"
افسانچہ ۔۔۔۔
از ۔۔۔ اختر شیخ
"حصار جاں"
آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر جب میں نے خود کو دیکھا، تو یوں محسوس ہوا جیسے کسی اجنبی سے ملاقات ہو گئی ہو۔ ایک ایسا اجنبی، جو برسوں سے میرے ہی وجود میں مقیم تھا مگر میری نگاہ اس تک کبھی نہ پہنچ سکی۔ زندگی کی طویل شاہراہ پر میں کبھی لوگوں کی خواہشوں، کبھی زمانے کے تقاضوں اور کبھی تعلقات کے شور میں اس قدر الجھا رہا کہ اپنی ہی ذات کی چاپ سننا بھول گیا۔
مگر آج…
جب تنہائی خاموشی سے میرے کمرے میں اُتری اور شام کی مدھم روشنی دیواروں پر ٹھہرنے لگی، تو میرے اندر کہیں بہت گہرائی میں ایک خوشبو نے دستک دی۔ ایسی خوشبو، جو کسی یاد کی مانند آہستہ آہستہ روح میں پھیلتی چلی جائے۔
میں نے بے اختیار کاغذ اٹھایا اور لکھنا شروع کر دیا۔
"حصار جاں میں جب کبھی تمہاری یادوں کی خوشبو دستک دیتی ہے، تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے بنجر دل میں کسی نے الفت کے گلاب کھلا دیے ہوں…"
لفظ اترتے گئے اور میں حیرت سے انہیں دیکھتا رہا۔ آج یہاں “تم” کوئی دوسرا نہیں تھا… بلکہ میں خود تھا۔ وہ “میں” جو کہیں بچپن کی معصوم دعاؤں میں کھو گیا تھا، کہیں جوانی کی بے نام حسرتوں میں بکھر گیا تھا، اور کہیں زندگی کی اندھی دوڑ میں خود سے بہت دور نکل آیا تھا۔
عجیب انکشاف تھا!!!
جوں جوں میں اپنی ذات کے قریب ہوتا گیا، دنیا کے تمام ہنگامے اپنی معنویت کھوتے چلے گئے۔ مجھے یوں محسوس ہونے لگا جیسے میں نے مدتوں سے اپنے ہی دل کے آنگن کو کسی لاحاصل انتظار کے نام کر رکھا تھا، حالانکہ اصل بہار تو میرے اپنے وجود کے اندر خاموش بیٹھی میرا انتظار کر رہی تھی۔
اب میری خاموشی دعا میں ڈھل چکی تھی، اور صبر ایک عجیب سا سکون بن کر دل میں اُتر آیا تھا۔ مجھے پہلی بار احساس ہوا کہ سچی چاہت کا تعلق کسی دوسرے وجود سے کم، اور انسان کے اپنے باطن سے زیادہ ہوتا ہے۔ انسان جب خود کو پا لیتا ہے تو گویا پوری کائنات اس کے اندر اُتر آتی ہے۔
اب میرا وجود ہی میرا موسم تھا، میرا تصور ہی میری دنیا، اور اپنے آپ کو پالینے کی آرزو ہی میری زندگی۔
میں نے دوبارہ آئینے میں دیکھا۔
اس بار مجھے اپنا عکس اجنبی نہیں لگا۔
یوں محسوس ہوا جیسے برسوں بعد میری ملاقات مجھ ہی سے ہوئی ہو … اور آج پہلی مرتبہ میں نے خود کو اپنے ہی "حصار جاں" میں معتبر پایا۔
اب مجھے کسی اور کی قربت کی تمنا نہ رہی، کیونکہ میں نے اپنے اندر اُس گلاب کو تلاش کر لیا تھا جس کی مہک کبھی ماند نہیں پڑتی۔

Comments
Post a Comment