تمثیلی افسانچہ۔۔۔ خاموش آئینہ
تمثیلی افسانچہ۔۔۔ خاموش آئینہ
از :- اختر شیخ
شہر کے مضافاتی اور قدیم گوشے میں ایک بزرگ سکونت پذیر تھے، جنہیں اہل محلہ احتراماً حافظ سلیم پکارتے تھے۔ وہ بظاہر مجسم زہد و تقوی، ہمیشہ باوضو اور انتہائی شیریں بیاں تھے۔ مسجد کی پہلی صف گویا ان کے لیے مخصوص تھی، اور ہر محفل میں پند و نصائح کے موتی بکھیرنا وہ اپنا اولین فریضہ سمجھتے تھے۔
مگر وقت کے رواں دھارے کے ساتھ، ان کی عبادت سے زیادہ ان کی خود پسندی کا سحر نمایاں ہونے لگا۔ وہ اکثر و بیشتر فخرایہ انداز میں کہتے، حق تعالی کا مجھ پر خاص کرم ہے۔ اس نے مجھے وہ بصیرت اور فہم عطا کی ہے جو اس پرآشوب دور میں کم ہی کسی کے حصے میں آتی ہے۔
پھر وہ گفتگو کے دوران اپنے تقوی، نیکی اور سچائی کا تذکرہ اس خود اعتمادی سے کرتے گویا وہ عام انسانوں کی صف سے بالاتر کوئی مخلوق ہوں۔ اہل محلہ ابتدا میں تو انھیں دیدہ و دل کے فرش راہ کر کے سنتے رہے، مگر رفتہ رفتہ یہ راز کھلنے لگا کہ حافظ صاحب کو دوسروں کے دامن کے داغ تو فوراً نظر آ جاتے ہیں، لیکن اپنی قبا کا کوئی عیب دکھائی نہیں دیتا۔
ایک شام، عصر کی نماز کے بعد مسجد کا صحن اک دلفریب سکوت میں ڈوبا ہوا تھا، جہاں بابا رحیم، تشریف فرما تھے۔ ان کی نورانی سفید داڑھی، دھیما لہجہ اور آنکھوں کی جھیل میں اترا ہوا سکون دیکھنے والوں کو موہ لیتا تھا۔ حافظ سلیم حسب عادت اپنی ہی پارسائی کے سحر میں گم بولے، بابا، اس دور میں اخلاص نیت تو عنقا ہو چکا ہے۔ اللہ جس پر خصوصی فضل کرے، وہی دین کی حقیقی روح کو پا سکتا ہے۔
بابا رحیم نے کمال ضبط سے ان کا دل شکن جملہ سنا، پھر ان کے لبوں پر ایک گہری مسکراہٹ ابھری اور بولے،
میاں، برخوردار بارگاہ الہی کا فضل جب کسی کے دامن کو چھوتا ہے، تو اس کے لہجے میں عاجزی کی خوشبو مہکنے لگتی ہے، وہ اپنے تقوی کا اشتہار نہیں بنتا۔
حافظ سلیم کے دل پر جیسے اک ضرب لگی، وہ بوکھلا کر بولے، بابا، میں تو محض رب کریم کی نعمتوں کا تحدیث نعمت کے طور پر ذکر کرتا ہوں۔
بابا رحیم نے دھیمے مگر پرسرور لہجے میں دہرایا،
نعمت کا شکر بجا لانا اور خود کو برگزیدہ سمجھنا، دونوں میں بال برابر فرق ہے۔ اس کائنات میں لاکھوں نفوس ایسے ہیں جو رحمت خداوندی کے سائے میں ہیں۔ کسی کو علم کا نور ملا، کسی کو رزق کی فراوانی، کسی کو جاہ و حشمت اور کسی کو صبر کا خزانہ۔
مگر خالق کائنات کے مقرب وہ بندے ہیں جن کی پیشانیاں عاجزی سے خاک آلود رہتی ہیں، نہ کہ وہ جو محفل محفل اپنی پارسائی کا ڈھنڈورا پیٹتے پھریں۔
اسی پل صحن مسجد سے خنک ہوا کا ایک جھونکا گزرا، جیسے بابا کے الفاظ کی تائید کر رہا ہو۔ بابا رحیم نے بات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کہا، دین داری لفظوں کے شور اور بیرونی دکھاوے کی محتاج نہیں ہوتی،
کچھ لوگ ہر گفتگو میں تبرک کے طور پر اللہ اور رسول ﷺ کا نام یوں استعمال کرتے ہیں جیسے دوسروں پر اپنی برتری کی مہر لگانا مقصود ہو، حالانکہ پروردگار جب فہم عطا کرتا ہے، تو موقع محل کی تمیز اور لفظوں کا وقار بھی بخشتا ہے۔ ہر بات کا ایک مقام ہوتا ہے اور ہر لفظ کی اپنی ایک حرمت۔
بابا نے چند لمحوں کے لیے توقف کیا، پھر بولے، حقیقی نیکی وہ خوشبو ہے جو انسان کے کردار سے خود بخود پھوٹتی ہے، اسے زبان سے اپنی گواہی دلوانے کی حاجت نہیں ہوتی۔
حافظ سلیم کی زبان پر جیسے تالے لگ گئے تھے، وہ زندگی میں پہلی بار یوں بے بس ہوئے تھے۔ شاید اس لیے کہ بعض اوقات انسان کو سب سے گہرا اور کارگر زخم وہ سچ دیتا ہے جو اس کے اپنے باطن کے آئینے سے ٹکراتا ہے۔
ان پر یہ حقیقت آشکار ہوئی کہ طویل سجدے انسان کو بڑا نہیں بناتے، بلکہ اپنی کم مائیگی اور خطاؤں کا احساس انسان کو معتبر بناتا ہے۔ معصومیت تو صرف انبیاء علیہم السلام کا خاصہ تھی جن کا رشتہ وحی سے جڑا تھا، باقی ہم سب تو خطاؤں کے صحرا کے مسافر ہیں۔ کوئی دامن بچا کر چل رہا ہے، تو کوئی دھول سے اٹا ہوا ہے۔ اور شاید، اللہ کے نزدیک سب سے خوبصورت انسان وہی ہے جو اپنی نیکی پر شکر گزار رہے، مگر دوسروں پر اپنی پارسائی ثابت کرنے کی لاحاصل سستے پن میں اپنی قیمتی عمر ضائع نہ کرے۔

Comments
Post a Comment