شکاگو کی ادبی فضا میں اردو ادب کی ایک روشن شام ساجدہ کاظمی کے شعری مجموعے زنجیر شناسائی کی یادگار تقریب رونمائی"
"شکاگو کی ادبی فضا میں اردو ادب کی ایک روشن شام
ساجدہ کاظمی کے شعری مجموعے زنجیر شناسائی کی یادگار تقریب رونمائی"
تحریر ۔۔ اختر شیخ
شکاگو کی علمی و ادبی فضا ایک بار پھر اس وقت مشک و عنبر سے معطر ہو اٹھی، جب ممتاز صاحب طرز شاعرہ ساجدہ کاظمی کے دوسرے شعری مجموعے زنجیر شناسائی کی پروقار اور یادگار تقریب رونمائی کا اہتمام کیا گیا۔ یہ دلکش اور سحر انگیز ادبی محفل برج میڈیا یو ایس اے کے زیر اہتمام لمبارڈ سٹی کی پبلک لائبریری میں سجائی گئی، جہاں تشنگان علم و ادب اور سخن فہم و سخن شناس شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت فرما کر محفل کے وقار اور رونق کو دوبالا کیا۔
تقریب سے بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے کونسل جنرل، جناب زمان مہدی نے ساجدہ کاظمی کو دیار غیر میں اردو ادب کا ایک قیمتی اور درخشاں اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ ادبی سفر نہ صرف لائق صد تحسین ہے بلکہ گلشن اردو کے لیے باعث افتخار بھی ہے۔ انہوں نے صاحب کتاب کو زنجیر شناسائی کی خوبصورت اشاعت پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دعا اور امید کا اظہار کیا کہ ان کا اگلا شعری گلدستہ بھی جلد ہی قارئین کے ذوق سخن کی تسکین کا سامان بنے گا۔
اس بزم علم و دانش کی صدارت کے فرائض معروف سینئر شاعر و ادیب، جناب ڈاکٹر توفیق انصاری احمد نے انجام دیے۔ انہوں نے ساجدہ کاظمی کے شعری محاسن کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ شکاگو کی ادبی زمین ہمیشہ سے زرخیز اور تخلیقی اعتبار سے نہال رہی ہے۔ یہاں ایسے معیاری شعری مجموعوں کی اشاعت دراصل اردو ادب کی اسی روشن اور معتبر روایت کا ایک خوبصورت تسلسل ہے۔ انہوں نے ساجدہ کاظمی کی گراں قدر ادبی خدمات کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض برج میڈیا کے روح رواں، پروفیسر مسرور قریشی صاحب نے اپنے مخصوص شگفتہ، مدبرانہ اور باوقار انداز میں انجام دیے۔ انہوں نے دیار غیر، بالخصوص شکاگو میں خواتین شعرا کی درخشاں ادبی روایت کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے ساجدہ کاظمی کو اس کاروان سخن کی ایک معتبر، توانا اور قابل قدر آواز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ساجدہ کاظمی کا کلام گہرے احساس، سچے تجربے اور فکری پختگی کا ایک دلکش اور حسین امتزاج ہے۔
اس بابرکت محفل کا آغاز مظہر عالم نے کلام الہی کی سحر انگیز تلاوت سے کیا، جبکہ طاہرہ ردا نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت بحضور سرور کائنات پیش کر کے پوری فضا کو نور و عقیدت کی خوشبو سے مہکا دیا۔ اس خوبصورت شام میں ریاض نیازی، ابن حیدر، آرکیٹیکٹ سلیم عبد الرحمن، ڈاکٹر لطیف سیف، ڈاکٹر افضال الرحمن افسر، ڈاکٹر احمد اللہ صدیقی، محمد مجید عبداللہ خان، راجہ محمد یعقوب اور دیگر ممتاز علمی، ادبی و سماجی شخصیات نے صاحب کتاب کی ادبی خدمات اور ان کی شاعری کے متنوع فکری پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی اور انہیں والہانہ خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے تاثراتی خطاب میں ساجدہ کاظمی نے اپنے شعری سفر، فکری روایت اور ادبی جدوجہد کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ، شریک حیات، بچوں اور مخلص دوستوں کے والہانہ تعاون کو انتہائی محبت اور تشکر کے ساتھ یاد کیا۔ انہوں نے ملازمت کی گوناگوں مصروفیات اور حالات کی سنگینی کا تذکرہ کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ادب سے سچی وابستگی نے زندگی کے ہر کٹھن مرحلے میں نہ صرف ان کا حوصلہ بلند رکھا بلکہ انہیں جینے کا قرینہ بھی سکھایا۔
تقریب کے یادگار لمحوں میں ساجدہ کاظمی اور کونسل جنرل پاکستان، جناب زمان مہدی کی خدمت میں پھولوں کے دیدہ زیب گلدستے پیش کیے گئے اور اس شعری پیش رفت کی خوشی میں ایک خوبصورت کیک بھی کاٹا گیا۔ محمد حسین اور شگفتہ حسین نے کونسل جنرل کو روایتی ٹوپی کا نفیس تحفہ پیش کیا۔ اسی اثنا میں برج میڈیا اور عالمی دبستان ادب شکاگو کے اشتراک سے محمد مجید عبداللہ خان نے ساجدہ کاظمی کی تصویر اور کتاب کے سرورق سے سجا ہوا ایک خوبصورت فریم اور نشان سپاس تیار کیا، جو کونسل جنرل پاکستان کے دست مبارک سے صاحب تصنیف کو پیش کیا گیا۔
اس شاندار محفل کے اختتام پر شرکا کی تواضع محبوب علی خان کی جانب سے تیار کردہ انتہائی لذیذ اور خوشبودار بریانی سے کی گئی۔ اشرف خان، منظر عالم، مظہر عالم، محمد مجید عبداللہ خان اور طاہرہ ردا نے تمام انتظامات کو انتہائی خوش اسلوبی اور سلیقے سے سنبھالا۔ تقریب کی ایک اور خوبصورتی منظر عالم کی وہ پریزنٹیشن تھی، جو انہوں نے ساجدہ کاظمی کے شعری سفر پر مرتب کی تھی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور داد تحسین سے نوازا۔
آج جب ساجدہ کاظمی آپی کی جانب سے واٹس ایپ پر اس یادگار محفل کی تصاویر موصول ہوئیں، تو دل بے اختیار مسرت اور فخر کے جذبات سے لبریز ہو گیا۔ پاکستان اور امریکہ کے وقت کے فرق کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں نے فوراً واٹس ایپ پر ساجدہ بہن کو کال ملائی اور انہیں اس یادگار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ دیر تک دونوں بھائی بہن کے درمیان محبتوں اور دعاؤں سے مہکتی گفتگو جاری رہی۔ انہوں نے نوید سنائی کہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے کے دوران کتاب کا یہ خوبصورت تحفہ ہمیں بھی موصول ہو جائے گا۔
ان شاء اللہ، کتاب کے عمیق مطالعے کے بعد میں اپنے تفصیلی تاثرات اور فکری رائے ضرور قلمبند کروں گا۔ فی الوقت، میں اس باوقار اور تاریخی تقریب کے شاندار انعقاد پر ساجدہ بہن کے ساتھ ساتھ ان تمام معزز اور محترم شخصیات کا تہہ دل سے مشکور اور انہیں مبارکباد کا مستحق سمجھتا ہوں، جنہوں نے دیار مغرب میں ادب کی یہ بزم سجا کر اردو زبان و ادب سے اپنی بے پناہ محبت کا ثبوت دیا۔
بارگاہ ایزدی میں دست دعا بلند ہے کہ اللہ رب العزت ساجدہ کاظمی بہن کو کاملہ، عاجلہ اور دائمی صحت و تندرستی عطا فرمائے۔ ان کی آنکھوں کا آپریشن کامیاب ہوا ہے، بینائی کو مکمل اور دائمی شفا نصیب ہو، اور وہ ہمیشہ رب کریم کی رحمت و عافیت کے سائے میں رہیں۔ دعا ہے کہ ان کا مشق سخن کا یہ سلسلہ قائم رہے اور ان کا قلم اسی طرح علم و ادب کی دنیا کو اپنے فکر و شعور کی روشنی سے منور کرتا رہے۔
آمین بجاہ النبی الامین۔
نوٹ۔۔۔ تحریر کے ساتھ شامل دو تصاویر ساجدہ کاظمی آپی نے شکاگو امریکہ سے آج ارسال کی ہیں، جو ان کے دوسرے شعری مجموعے زنجیر شناسائی کی یادگار تقریب رونمائی کے خوبصورت اور تاریخی لمحات کی عکاسی کرتی ہیں۔ جبکہ ایک تصویر راقم کی ساجدہ کاظمی آپی کے ساتھ ہے، جو ان کے پہلے شعری مجموعے زخم ابھی بھرے نہیں کی کراچی پریس کلب میں منعقدہ تقریب رونمائی کے موقع پر لی گئی تھی۔ یہ تصویر آج بھی ادب، محبت اور خلوص بھرے تعلق کی ایک خوبصورت یاد کے طور پر دل کے نہاں خانوں میں محفوظ ہے۔

Comments
Post a Comment