"زوال چمن اور آخری خوشبو"


 "زوال چمن اور آخری خوشبو"


از ۔۔ اختر شیخ


نیون لائٹس کے مصنوعی اجالوں میں ڈوبا یہ شہر بظاہر جاگتا تھا، مگر اس کی روح مدت ہوئی سو چکی تھی۔ اسی بے حس شہر کے قلب میں شیشے اور فولاد سے بنی ایک عظیم عمارت ایستادہ تھی، ایسی عمارت جو جدیدیت کا فخر بھی تھی اور روایت کا مزار بھی۔


کہتے ہیں، اس شاپنگ مال کی بنیادیں اٹھانے کے لیے اس تاریخی کوچے کی پرانی مسجد، کشادہ دالان اور خشت پختہ کے وہ مکانات مسمار کر دیے گئے تھے جن کی دیواروں سے کبھی اذانوں کی بازگشت، بزرگوں کے قہقہے اور صوفیانہ کلام کی مہک آیا کرتی تھی۔ اب وہاں چمکتے شیشوں، برقی قمقموں اور دیو قامت اسکرینوں کا ایسا جنگل آباد تھا جہاں رات بھی دن کے بھیس میں پھرتی تھی۔


مال کے مرکزی دروازے پر آفتاب دین نامی ایک ضعیف العمر چوکیدار اپنی مخصوص وردی میں خاموش کھڑا رہتا۔ اس کے ہاتھ میں ایک برقی اسکینر ہوتا، جسے وہ مشینی انداز میں آنے جانے والوں پر پھیرتا رہتا۔ کبھی کبھی اسے یوں محسوس ہوتا جیسے وہ انسانوں کی نہیں، روحوں کی تلاشی لے رہا ہو، اور ہر روح پہلے سے زیادہ خالی، پہلے سے زیادہ سرد نکلتی ہو۔

مال کے اندر نرم مغربی موسیقی، قیمتی عطر اور جگمگاتی دکانوں کا طلسم بچھا رہتا۔ لوگ مسکراتے بھی تھے، گفتگو بھی کرتے تھے، مگر آفتاب دین کو اکثر محسوس ہوتا کہ ان کے چہروں سے احساس کی آخری رمق بھی رخصت ہو چکی ہے۔


جب تھکن اس کی ہڈیوں میں اترتی تو اس کا ذہن ماضی کی گلیوں میں بھٹکنے لگتا۔

اسے وہ شامیں یاد آتیں جب محلے کے لوگ مسجد کے صحن میں دری بچھا کر بیٹھتے، چائے کے دھوئیں میں دکھ سکھ بانٹتے اور بزرگوں کے احترام میں آوازیں خودبخود دھیمی ہو جایا کرتیں۔ 


اس زمانے میں غربت تھی، مگر دل امیر تھے۔ اب دولت بہت تھی، مگر انسان اندر سے مفلس ہو گئے تھے۔

ایک رات شہر پر بارش نے یلغار کر دی۔ سیاہ بادل اس طرح گرج رہے تھے جیسے آسمان کسی پوشیدہ غم پر نوحہ کناں ہو۔ مال کے باہر پانی جمع تھا اور سرد ہوا بدن میں سوئیاں چبھو رہی تھی۔

اسی ہنگامے میں ایک دبلا پتلا بچہ، ننگے پاؤں، بھیگے کپڑوں اور کانپتے وجود کے ساتھ مال کے دروازے تک آ پہنچا۔ اس نے لرزتی نگاہوں سے اندر جھانکا، جہاں روشنی، حرارت اور آسائش اس کے لیے کسی دوسری دنیا کا منظر معلوم ہوتی تھی۔


وہ ابھی دروازے کے قریب ہوا ہی تھا کہ سیکیورٹی انچارج کی کرخت آواز کڑکی۔۔


اوئے!! پیچھے ہٹو۔ شیشے گندے مت کرو ۔۔

بچہ سہم گیا۔ اس کے نیلے پڑتے ہونٹ ہلے ۔۔


بابو جی… باہر بہت ٹھنڈ ہے۔ بس بارش رکنے تک ایک کونے میں کھڑا رہنے دیں…


انچارج نے ناگواری سے منہ پھیر لیا۔

یہ کوئی پناہ گاہ نہیں۔ نکلو یہاں سے!!


لوگ برابر سے گزرتے رہے۔ کسی نے بچے کو دیکھا، کسی نے نظرانداز کیا، مگر کوئی رکا نہیں۔ قیمتی ملبوسات، خوشبودار جسم اور ہاتھوں میں بھرے تھیلے ۔۔ مگر دل سب کے خالی تھے۔


آفتاب دین نہ جانے کب اپنی جگہ سے ہٹ کر اس بچے کے قریب آ گیا۔ اس نے خاموشی سے اپنی اونی شال اتاری اور بچے کے کندھوں پر ڈال دی۔ بچہ حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔

سیکیورٹی انچارج بھڑک اٹھا ۔۔ 


آفتاب دین!! ہوش میں ہو؟ 

نوکری کرنی ہے یا نہیں؟ 

ابھی اس لڑکے کو باہر نکالو!


آفتاب دین نے پہلی بار نگاہ اٹھا کر اس کی طرف دیکھا۔ اس کی بوڑھی آنکھوں میں عجیب سی روشنی تھی، جیسے برسوں سے بجھا ہوا چراغ اچانک روشن ہو گیا ہو۔

اس نے دھیرے سے اسکینر کاؤنٹر پر رکھا، ٹوپی اتاری اور ٹھہرے ہوئے لہجے میں بولا۔۔۔


صاحب… چوکیداری میری مجبوری ہے، مگر بے حسی میرا مقدر نہیں۔ آپ اس عمارت کو بہت بڑا سمجھتے ہیں، مگر وہ جگہ کبھی بڑی نہیں ہو سکتی جہاں ایک کانپتے ہوئے بچے کے لیے پناہ نہ ہو۔


وہ چند لمحے خاموش رہا، پھر آہستہ سے بولا۔۔


اصل تہذیب شیشوں، روشنیوں اور بلند عمارتوں میں نہیں ہوتی… انسان کے دل میں ہوتی ہے۔


اتنا کہہ کر اس نے بچے کا ہاتھ تھام لیا۔

دونوں بارش میں آہستہ آہستہ دور جانے لگے۔ مال کے اندر بدستور روشنی تھی، موسیقی تھی، خرید و فروخت تھی … مگر نہ جانے کیوں اس رات وہ عظیم عمارت پہلے سے زیادہ ویران محسوس ہو رہی تھی۔

اور باہر، بارش میں بھیگتی سڑک پر، ایک بوڑھے انسان کے ساتھ تہذیب کی آخری خوشبو ابھی زندہ چل رہی تھی۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ