افسانہ ۔۔ ایک گلی کی عید


 

افسانہ ۔۔۔۔

ایک گلی کی عید


اختر شیخ


نماز عید ختم ہوتے ہی مسجد کے صحن میں جیسے رنگ بکھر گئے تھے۔


لوگ ایک دوسرے سے بغل گیر ہو رہے تھے۔ سفید شلوار قمیصوں پر عطر کی خوشبو تیر رہی تھی۔ بچے اپنے والدوں کے ہاتھ کھینچتے ہوئے گھر جانے کی جلدی میں تھے اور بوڑھے لوگ حسب معمول دروازے کے قریب کھڑے احباب سے عید ملنے میں مصروف تھے۔


حاجی شفیق مسجد کے ستون کے ساتھ چند لمحے رکے رہے۔


عمر ستر برس سے اوپر جا چکی تھی۔ سفید داڑھی، دبلا پتلا جسم اور ہاتھ میں پرانی سی لاٹھی۔ وہ ہر سال کی طرح عید کی نماز پڑھنے آئے تھے مگر اب پہلے جیسا دم خم نہیں رہا تھا۔ چند قدم زیادہ چل لیتے تو سانس پھولنے لگتی تھی۔


انہوں نے جیب سے رومال نکال کر ماتھے کا پسینہ صاف کیا۔


حاجی صاحب، عید مبارک!


پیچھے سے آواز آئی۔


مڑ کر دیکھا تو نعیم کھڑا مسکرا رہا تھا۔


'عید مبارک بیٹا'۔


گھر تشریف لائیے گا۔ اس سال دو بکرے ہیں۔


حاجی شفیق ہنس پڑے۔


ماشاء اللہ، اللہ قبول فرمائے۔


'آمین'۔


گلی کے موڑ تک دونوں ساتھ ساتھ آئے۔ پھر راستے الگ ہو گئے۔


محلے میں داخل ہوتے ہی شور بڑھ گیا۔


ہر گھر کے سامنے کوئی نہ کوئی مصروف تھا۔ کہیں بچے جانوروں کے گلے میں پھول ڈال رہے تھے، کہیں عورتیں چھتوں سے جھانک رہی تھیں، کہیں قصابوں کو فون کیے جا رہے تھے۔


نعیم کے گھر کے سامنے بھی خاصی چہل پہل تھی۔


اس کی بیوی سدرہ صحن میں برتن ترتیب دے رہی تھی۔ چھوٹا بھائی عدیل بکرے کی رسی تھامے کھڑا تھا اور بار بار قصاب کو فون کر رہا تھا۔


ابھی پہنچ رہا ہوں۔


قصاب ہر بار یہی جواب دیتا۔


ہر سال یہی ڈراما کرتا ہے۔


عدیل نے جھنجھلا کر فون بند کیا۔


نعیم ہنس پڑا۔


عید کے دن قصاب بادشاہ ہوتا ہے۔


دونوں بھائیوں کی ہنسی گلی میں گونج گئی۔


سورج آہستہ آہستہ اوپر چڑھ رہا تھا۔


ساڑھے سات بجے کے قریب قصاب آ گیا۔


اس کے ساتھ دو کم عمر لڑکے بھی تھے جو اوزار اور رسیاں اٹھائے ہوئے تھے۔


گلی میں اچانک ایک سنجیدگی سی اتر آئی۔


تکبیر کی آواز بلند ہوئی۔


بکرا چند لمحے بے چین ہوا، پھر سب کچھ خاموش ہو گیا۔


قربانی مکمل ہو چکی تھی۔


نعیم نے ایک طویل سانس لی۔


"الحمدللہ۔"


صحن میں کام کا طوفان آ گیا۔


گوشت الگ ہو رہا تھا۔


کھال لپیٹی جا رہی تھی۔


پڑوسی آ جا رہے تھے۔


چائے کے کپ گردش کر رہے تھے۔


اسی ہنگامے میں کسی نے یہ نہیں دیکھا کہ خون کی ایک پتلی سی لکیر دروازے سے نکل کر گلی کی ڈھلوان کی طرف بہہ نکلی ہے۔


کچھ دیر بعد عدیل نے پائپ کھول دیا۔


تیز پانی خون کے ساتھ مل کر نالی کی طرف دوڑ پڑا۔


مگر نالی پہلے ہی کئی گھروں کے فضلے سے بھری ہوئی تھی۔


پانی رکنے لگا۔


پھر جمع ہونے لگا۔


پھر گلی کے بیچوں بیچ ایک سرخ مائل جوہڑ سا بن گیا۔


اور پانی ڈالو!


قصاب نے آواز دی۔


عدیل نے پائپ مزید کھول دیا۔


گلی کے دوسرے سروں سے بھی یہی منظر دہرایا جا رہا تھا۔


کسی نے نہیں سوچا کہ یہ پانی کہاں جائے گا۔


کسی نے نہیں سوچا کہ دو گھنٹے بعد اس کا کیا بنے گا۔


کیونکہ اس وقت ہر شخص اپنی قربانی میں مصروف تھا۔


اور انسان جب اپنے کام میں بہت زیادہ مصروف ہو جائے تو اکثر دوسروں کے راستے بھول جاتا ہے۔


دوپہر تک سورج کی تپش بڑھ گئی۔


خون کی نمی خشک ہونے لگی۔


گرم ہوا کے جھونکوں میں ایک عجیب سی بو شامل ہو گئی۔


محلے کے نکڑ پر واقع چائے کے ہوٹل کے سامنے چار پانچ آدمی بیٹھے گپیں لگا رہے تھے۔


بات سیاست سے شروع ہوئی اور مہنگائی تک پہنچ گئی۔


پھر کسی نے قربانیوں کا ذکر چھیڑ دیا۔


اس سال تو ماشاء اللہ پورا محلہ مالدار لگ رہا ہے۔


ایک شخص نے کہا۔


مالداری قربانی سے نہیں پتا چلتی۔


حاجی شفیق نے دھیرے سے جواب دیا۔


پھر کس سے پتا چلتی ہے؟


کسی نے مسکرا کر پوچھا۔


حاجی شفیق نے گلی کی طرف دیکھا۔


جہاں خون آلود پانی آہستہ آہستہ جمع ہو رہا تھا۔


انہوں نے کچھ کہنا چاہا مگر خاموش ہو گئے۔


بعض باتیں کہنے سے زیادہ دیکھنے کی ہوتی ہیں۔


گھر واپس آ کر وہ اپنے کمرے میں لیٹ گئے۔


چھت کا پنکھا گھوم رہا تھا۔


باہر بچوں کی آوازیں آ رہی تھیں۔


عید کی خوشی پورے محلے میں پھیلی ہوئی تھی۔


مگر نہ جانے کیوں ان کے دل پر ایک ہلکا سا بوجھ تھا۔


شاید عمر کے ساتھ آدمی صرف چیزیں نہیں دیکھتا، ان کے نتائج بھی دیکھنے لگتا ہے۔


شام تک گلی کی حالت مزید خراب ہو چکی تھی۔


ایک جگہ اوجھڑیوں سے بھرا تھیلا پھٹ گیا تھا۔


آوارہ کتے اس کے گرد منڈلا رہے تھے۔


نالی مکمل بند ہو چکی تھی۔


خون ملا پانی جگہ جگہ کھڑا تھا۔


مگر عید کی مصروفیت میں کسی کو فرصت نہ تھی۔


نعیم بھی مہمانوں میں گھرا ہوا تھا۔


اس کے دوست آ رہے تھے۔


گوشت کے پیکٹ بن رہے تھے۔


باربی کیو کی منصوبہ بندی ہو رہی تھی۔


زندگی اپنی رفتار سے چل رہی تھی۔


اسی دوران مغرب سے کچھ پہلے ایک موٹر سائیکل گلی میں داخل ہوئی۔


پیچھے ایک نوجوان عورت بیٹھی تھی۔


اس کی گود میں شاید دو تین سال کا بچہ تھا۔


موٹر سائیکل جوہڑ کے قریب پہنچی تو اچانک پچھلا پہیہ پھسلا۔


ڈرائیور نے سنبھالنے کی کوشش کی مگر توازن بگڑ گیا۔


موٹر سائیکل ایک طرف گر گئی۔


بچہ زور زور سے رونے لگا۔


عورت کے کپڑے خون آلود پانی سے خراب ہو گئے۔


چند لوگ دوڑ کر آئے۔


موٹر سائیکل اٹھائی گئی۔


بچے کو چپ کرایا گیا۔


مگر عورت کی آنکھوں میں جو ناگواری تھی، وہ دیر تک فضا میں معلق رہی۔


یہ گلی ہے یا نالی؟


اس نے غصے سے کہا۔


پھر شوہر کے ساتھ چلی گئی۔


لوگ چند لمحے کھڑے رہے۔


پھر اپنے اپنے گھروں میں واپس چلے گئے۔


جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔


رات اتر آئی۔


محلہ آہستہ آہستہ خاموش ہونے لگا۔


دور کہیں تکبیر کی مدھم آوازیں اب بھی سنائی دے رہی تھیں۔


نعیم چھت پر کھڑا تھا۔


گرمی کچھ کم ہو گئی تھی۔


اس نے نیچے گلی میں نظر دوڑائی۔


چاندنی میں پانی چمک رہا تھا۔


پہلے پہل اسے منظر خوبصورت سا لگا۔


پھر اچانک ایک بھبکا سا ہوا کے ساتھ اوپر آیا۔


اس نے ناک سکیڑی۔


نیچے ایک کتا پھٹے ہوئے تھیلے میں منہ ڈالے کچھ تلاش کر رہا تھا۔


دوسرا کتا اس پر غرا رہا تھا۔


نعیم نے نظریں ہٹا لیں۔


کل صفائی ہو جائے گی۔


اس نے خود سے کہا۔


اور نیچے اتر آیا۔


مگر بعض اوقات کل، اتنی جلدی نہیں آتا جتنی جلدی ہم سمجھتے ہیں۔


عید کے دوسرے دن کی صبح نسبتاً خاموش تھی۔


لوگ رات کی تھکن اتار رہے تھے۔


کچھ گھروں میں ابھی قربانی باقی تھی۔


کچھ جگہ گوشت تقسیم ہو رہا تھا۔


حاجی شفیق ناشتے کے بعد حسب معمول دروازے کے باہر کرسی ڈال کر بیٹھ گئے۔


ان کے سامنے پوری گلی پھیلی ہوئی تھی۔


وہ خاموشی سے لوگوں کو آتے جاتے دیکھتے رہے۔


پھر اچانک ان کے سینے میں ایک ہلکی سی چبھن ہوئی۔


انہوں نے لاٹھی مضبوطی سے پکڑ لی۔


یہ درد ان کے لیے نیا نہیں تھا۔


پچھلے چند برسوں سے دل کا مرض ان کے ساتھ رہتا تھا۔


کبھی مہینوں خاموش رہتا اور کبھی اچانک اپنی موجودگی کا احساس دلا دیتا۔


انہوں نے گہری سانس لی۔


پانی پیا۔


اور کرسی سے ٹیک لگا لی۔


درد وقتی طور پر کم ہو گیا۔


مگر کہیں اندر ایک انجانا سا خوف جاگ اٹھا تھا۔


انہیں کیا خبر تھی کہ چند گھنٹے بعد یہی خوف ایک حقیقت کی صورت اختیار کرنے والا ہے۔


دوپہر کا وقت تھا۔


جون کی دھوپ دیواروں پر چڑھ کر چھتوں تک پہنچ چکی تھی۔ ہوا چل بھی رہی تھی تو جیسے بھٹی کے منہ سے نکل رہی ہو۔ گلی سنسان نہیں تھی مگر اس میں وہ چہل پہل بھی باقی نہ رہی تھی جو عید کی صبح تھی۔ دروازے بند تھے، کھڑکیاں آدھی کھلی تھیں اور کہیں کہیں گوشت کاٹنے کی دھیمی دھیمی آوازیں آ رہی تھیں۔


حاجی شفیق نے دوبارہ سینے پر ہاتھ رکھا۔


اس بار درد پہلے سے شدید تھا۔


انہوں نے کرسی کے بازو کو مضبوطی سے پکڑ لیا۔


سانس جیسے اندر ہی کہیں اٹک گئی۔


چند لمحوں تک وہ خاموش بیٹھے رہے۔ پھر آہستہ سے اٹھنے کی کوشش کی مگر قدم لڑکھڑا گئے۔


ان کے پوتے حسان نے اندر سے آواز سنی تو دوڑتا ہوا باہر آیا۔


دادا جان!


حاجی شفیق کے چہرے کا رنگ بدل چکا تھا۔


ابو ... ابو جلدی آئیں!


اس کی گھبرائی ہوئی آواز پورے گھر میں گونج گئی۔


چند ہی منٹوں میں گھر میں افراتفری پھیل گئی۔


فون ملایا گیا۔


ایمبولینس طلب کی گئی۔


پانی پلایا گیا۔


دوا دی گئی۔


مگر درد بڑھتا جا رہا تھا۔


حسان کے باپ نے بار بار گھڑی دیکھی۔


ہر گزرتا لمحہ بوجھل ہو رہا تھا۔


پندرہ منٹ بعد ایمبولینس گلی کے باہر پہنچ گئی۔


مگر اندر نہیں آ سکی۔


گلی کا راستہ تنگ تھا۔


ایک طرف کھڑے پانی کے جوہڑ تھے۔


دوسری طرف آلائشوں کے تھیلے۔


درمیان میں پھسلن۔


ڈرائیور نے سر نکال کر دیکھا اور بے بسی سے بولا۔۔


بھائی، گاڑی اندر نہیں جا سکتی۔


چار آدمی اسٹریچر لے کر اندر دوڑے۔


حاجی شفیق کو احتیاط سے اٹھایا گیا۔


وہ نیم بے ہوشی کی حالت میں تھے۔


پسینہ ان کے چہرے سے ٹپک رہا تھا۔


حسان ان کے ساتھ ساتھ چل رہا تھا۔


اس کی آنکھوں میں خوف تیر رہا تھا۔


گلی کے وسط میں پہنچتے ہی ایک نوجوان کا پاؤں پھسلا۔


اس کا توازن بگڑا۔


اسٹریچر ایک طرف جھکا۔


لوگوں کے منہ سے بے اختیار چیخ نکل گئی۔


خوش قسمتی سے ساتھ والوں نے فوراً سنبھال لیا۔


مگر اس لمحے نے سب کو خاموش کر دیا۔


وہ چند سیکنڈ شاید چند برسوں جتنے طویل تھے۔


نعیم بھی مجمع میں موجود تھا۔


اس کی نظر اس جگہ پر جم گئی جہاں نوجوان پھسلا تھا۔


وہی جگہ۔


جہاں گزشتہ روز اس نے پانی بہانے کا حکم دیا تھا۔


وہی جگہ۔


جہاں خون، پانی اور گندگی مل کر ایک چکنی تہہ بن گئے تھے۔


اسے اچانک محسوس ہوا جیسے کسی نے اس کے اندر ایک آئینہ رکھ دیا ہو۔


اور اس آئینے میں وہ خود کو دیکھ رہا ہو۔


پہلی بار۔


بغیر کسی بہانے کے۔


بغیر کسی دلیل کے۔


بغیر کسی خود فریبی کے۔


ایمبولینس چل دی۔


لوگ آہستہ آہستہ منتشر ہونے لگے۔


مگر نعیم وہیں کھڑا رہا۔


اس کے قدم جیسے زمین میں گڑ گئے تھے۔


شام تک پورا محلہ حاجی شفیق کی باتیں کرتا رہا۔


کسی نے کہا دل کا دورہ ہے۔


کسی نے کہا گرمی کی شدت ہے۔


کسی نے کہا عمر بہت ہو گئی ہے۔


ہر شخص کے پاس ایک رائے تھی۔


مگر کسی نے یہ نہیں کہا کہ گلی کی حالت بھی اس حادثے کا ایک کردار تھی۔


اور شاید یہی سب سے بڑی بات تھی۔


انسان اکثر اپنے کیے ہوئے نقصان کو نقصان ماننے پر آمادہ نہیں ہوتا۔


رات گئے نعیم چھت پر جا کھڑا ہوا۔


آسمان صاف تھا۔


چاند پورے جوبن پر تھا۔


مگر اس کے دل میں عجیب سی بے چینی تھی۔


اسے یاد آیا، بچپن میں اس کے والد عید کے بعد محلے کے بچوں کو ساتھ لے کر صفائی کرتے تھے۔


وہ کہا کرتے تھے۔


قربانی کا خون اگر زمین پر گرے تو مٹی پی لیتی ہے، مگر اگر غفلت دل پر گرے تو سالوں نہیں اترتی۔


اس وقت وہ ان باتوں پر ہنسا کرتا تھا۔


آج پہلی بار وہ جملہ سمجھ میں آیا تھا۔


رات گزر گئی۔


مگر نیند نہ آئی۔


فجر کی اذان ہوئی تو وہ اٹھ بیٹھا۔


وضو کیا۔


نماز پڑھی۔


اور خاموشی سے باہر نکل آیا۔


گلی تقریباً خالی تھی۔


رات کی نمی ابھی باقی تھی۔


چند تھیلے اب بھی ایک کونے میں پڑے تھے۔


نالی اب بھی بند تھی۔


پانی اب بھی جمع تھا۔


وہ دیر تک خاموش کھڑا رہا۔


پھر واپس گھر گیا۔


جھاڑو اٹھائی۔


اور دوبارہ باہر آ گیا۔


پہلا وار اس نے اپنے دروازے کے سامنے کیا۔


دوسرا نالی کے کنارے۔


تیسرا اس جگہ جہاں پانی جمع تھا۔


جھاڑو کی آواز سن کر سامنے والے گھر کا عمران باہر نکلا۔


چند لمحے وہ حیرت سے دیکھتا رہا۔


خیر تو ہے؟


نعیم نے سر اٹھایا۔


اس کی آنکھوں میں رات بھر کی جاگ نمایاں تھی۔


اپنا حصہ صاف کر رہا ہوں۔


عمران نے بات پوری طرح نہیں سمجھی۔


مگر لہجہ ایسا تھا کہ مزید سوال نہ کر سکا۔


وہ واپس اندر گیا اور ایک بیلچہ لے آیا۔


دونوں خاموشی سے کام کرتے رہے۔


کچھ دیر بعد ایک اور نوجوان آ گیا۔


پھر دوسرا۔


پھر تیسرا۔


کسی نے کسی کو بلایا نہیں تھا۔


شاید بعض کام دعوت سے نہیں، مثال سے شروع ہوتے ہیں۔


سورج نکلنے تک گلی میں کئی لوگ جمع ہو چکے تھے۔


کوئی نالی کھول رہا تھا۔


کوئی تھیلے اٹھا رہا تھا۔


کوئی چونا چھڑک رہا تھا۔


کوئی پانی کی نکاسی کا راستہ بنا رہا تھا۔


پسینہ بہہ رہا تھا۔


بو اب بھی موجود تھی۔


مگر اب اس کے خلاف مزاحمت بھی موجود تھی۔


تقریباً دو گھنٹے بعد بند نالی نے اچانک سانس لی۔


ایک زور دار آواز کے ساتھ پانی بہنا شروع ہو گیا۔


جمع شدہ جوہڑ آہستہ آہستہ غائب ہونے لگا۔


لوگوں کے چہروں پر ایک عجیب سی طمانیت ابھر آئی۔


جیسے وہ صرف گلی نہیں، اپنے اندر کا کچھ بوجھ بھی صاف کر رہے ہوں۔


دوپہر تک منظر بدل چکا تھا۔


جہاں کل تعفن تھا وہاں اب چونے کی سفیدی تھی۔


جہاں گندا پانی تھا وہاں خشک زمین تھی۔


جہاں کتے منڈلاتے تھے وہاں بچے چل پھر رہے تھے۔


نعیم دروازے کے پاس کھڑا یہ سب دیکھ رہا تھا۔


اسی وقت ایک موٹر سائیکل گلی میں داخل ہوئی۔


اس پر حاجی شفیق کا بیٹا تھا۔


سب لوگ فوراً اس کی طرف بڑھے۔


کیسے ہیں حاجی صاحب؟


اب طبیعت کیسی ہے؟


اس نے مسکرا کر جواب دیا۔


الحمدللہ، خطرہ ٹل گیا ہے۔ ڈاکٹر کہہ رہے ہیں چند دن آرام کی ضرورت ہے۔


ایک اجتماعی سکون سب کے چہروں پر پھیل گیا۔


نعیم نے پہلی بار گہری سانس لی۔


ایسی سانس جو کئی گھنٹوں سے اس کے سینے میں قید تھی۔


شام کو وہ اکیلا گلی کے نکڑ تک گیا۔


وہی راستہ۔


وہی مکان۔


وہی دروازے۔


مگر سب کچھ بدلا ہوا لگ رہا تھا۔


اصل میں راستہ نہیں بدلا تھا۔


اس کی نگاہ بدل گئی تھی۔


چند دن بعد حاجی شفیق گھر واپس آ گئے۔


محلے کے لوگ عیادت کے لیے آنے لگے۔


نعیم بھی ایک شام ان کے پاس پہنچا۔


کمرے میں ہلکی سی روشنی تھی۔


حاجی شفیق تکیے سے ٹیک لگائے بیٹھے تھے۔


چہرہ کمزور تھا مگر آنکھوں کی چمک برقرار تھی۔


نعیم کچھ دیر خاموش بیٹھا رہا۔


پھر بولا۔ 


حاجی صاحب، ایک بات پوچھوں؟


پوچھو بیٹا۔


آپ اُس دن چائے والے ہوٹل پر کچھ کہنا چاہتے تھے... پھر خاموش ہو گئے تھے۔


حاجی شفیق نے مسکرا کر اسے دیکھا۔


مجھے یاد ہے۔


کیا کہنا چاہتے تھے؟


بوڑھے نے چند لمحے سوچا۔


پھر آہستہ سے بولا:


یہی کہ آدمی کی دینداری صرف اس کے دروازے تک نہیں ہونی چاہیے۔


کمرے میں خاموشی پھیل گئی۔


حاجی شفیق نے کھڑکی سے باہر دیکھا۔


گلی صاف تھی۔


بچے کھیل رہے تھے۔


ایک عورت بے فکری سے گزر رہی تھی۔


ایک بوڑھا شخص لاٹھی کے سہارے چل رہا تھا۔


پھر انہوں نے دھیرے سے کہا۔


ہم سب اپنی اپنی عبادتوں میں مصروف رہتے ہیں، مگر اصل امتحان وہ راستہ ہوتا ہے جو ہمارے دروازے سے گزر کر دوسروں تک جاتا ہے۔


نعیم نے سر جھکا لیا۔


اس کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔


شاید بعض باتوں کا جواب الفاظ نہیں ہوتے۔


صرف عمل ہوتا ہے۔


عید کو گزرے کئی ہفتے بیت گئے۔


بارشوں کا موسم آ گیا۔


ایک شام موسلا دھار بارش ہوئی۔


پانی پوری آبادی میں بھر گیا۔


مگر اس گلی میں نہیں۔


کیونکہ نالی صاف تھی۔


راستہ کھلا تھا۔


پانی بہتا رہا۔


لوگ اپنے گھروں میں محفوظ بیٹھے رہے۔


کھڑکی کے پاس کھڑے نعیم نے بارش کو دیکھا۔


اسے بے اختیار مسکراہٹ آ گئی۔


نیچے گلی میں پانی رواں تھا۔


اور راستہ کھلا ہوا تھا۔


بالکل ویسا ہی، جیسا ہونا چاہیے تھا۔


اس نے کھڑکی بند کی، پیچھے مڑا اور اندر چلا گیا۔


باہر بارش برس رہی تھی۔


اور اندر کہیں ایک پرانا بوجھ دھل چکا تھا۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ