افسانہ ۔۔ مفت کی مفتی گری اور صحرا کا قانون


 

افسانہ۔۔۔۔۔

مفت کی مفتی گری اور صحرا کا قانون۔


اختر شیخ۔


ریاض کے صنعتی علاقے میں قائم تارکین وطن کی وہ بستی دور سے ٹین کے ڈبوں کا ایک بے ترتیب، تپتا ہوا جنگل محسوس ہوتی تھی۔ دن کے وقت بپھرا ہوا سورج ان چھتوں پر اس شدت سے آگ برساتا کہ یوں لگتا جیسے آسمان سے پگھلا ہوا لوہا ٹپک رہا ہو۔ شام ڈھلے جب مزدور اپنی اپنی بارہ گھنٹے کی جان لیوا شفٹوں سے لوٹتے تو پورا علاقہ پسینے کی بو، اڑتی ہوئی دھول، مشینوں کے کان پھاڑتے شور اور تھکن کے ایک ملغوبے میں تبدیل ہو جاتا۔


انہی بیرک نما، حبس زدہ کمروں میں ایک کمرہ صابر اور شاکر کا بھی تھا۔ دونوں پاکستان کے ایک ہی محلے سے ہجرت کر کے دیار غیر پہنچے تھے۔ 


کراچی کی وہ پرانی، گنجان آبادی، جہاں مسجدوں سے زیادہ مسلکی سرحدیں اور دکانوں سے زیادہ لایعنی بحثیں آباد تھیں۔


اپنے آبائی محلے میں ان دونوں بھائیوں کی ایک منفرد علمی و فتوائی پہچان تھی۔ شاکر کی دوربین نگاہیں چیل کی طرح لوگوں کے ٹخنوں پر ٹکی رہتیں۔ کسی کی شلوار یا پتلون ٹخنے سے ذرا سی بھی نیچے دکھ جاتی تو وہ فوراً عذاب الہی کا کوڑا لہرانے لگتا۔


دوسری طرف صابر کا منصب ذرا اونچا تھا۔ اگر مسجد میں کوئی نماز کے بعد اجتماعی دعا میں ہاتھ اٹھائے بغیر اٹھنے کی جرات کرتا تو صابر اس پر وہیں کھڑے کھڑے پورا درس ہدایت نازل فرما دیتا۔ 

گویا نجات کا پروانہ انہی کی تصدیق کے بغیر جاری ہونا ممکن نہ تھا۔


محلے کے چائے کے ہوٹل سے لے کر جنازوں تک، جہاں چار بندے جمع ہوتے، وہاں اصلاح امت کا کوئی نہ کوئی سنہری موقع ان کے ہاتھ لگ ہی جاتا تھا۔

عجیب بات یہ تھی کہ دونوں دل کے برے آدمی نہیں تھے۔ نہ چور تھے، نہ دھوکے باز، نہ شرابی، نہ بدکردار۔ 


مسئلہ شاید یہ تھا کہ وہ خود کو حد سے زیادہ نیک اور دوسروں سے بہتر سمجھنے لگے تھے۔ ان کے اندر ایک ایسا خاموش اور زہریلا غرور پلنے لگا تھا جو عموماً تقوی اور عبادت کے لباس میں چھپ جاتا ہے۔

محلے والے سامنے ہاں میں ہاں ملا دیتے، مگر پیٹھ پیچھے مسکرا کر کہتے۔۔ 


لو جی، مفتی صاحبان کا دارالافتاء پھر کھل گیا۔۔


صابر اور شاکر ان باتوں کو مذاق نہیں سمجھتے تھے۔ انہیں یقین تھا کہ وہ اس بگڑے ہوئے معاشرے کے آخری مصلح ہیں۔


پھر وقت بدلا، روزگار کے حالات بدلے، اور قسمت انہیں سعودی عرب کھینچ لائی۔ وہاں آ کر پہلی بار انہیں احساس ہوا کہ دنیا ان کے گلی محلے سے کہیں وسیع ہے، اور ہدایت کسی ایک گروہ کی اجارہ داری نہیں۔

سب سے زیادہ حیرت انہیں وہاں کے لوگوں کی خاموشی پر ہوئی۔ نہ غیر ضروری بحثیں، نہ ہر وقت کی مذہبی تکرار۔ 

ہر شخص اپنے کام میں مصروف تھا۔

شاکر اکثر حیرت سے کہتا۔۔ 


یار صابر، یہاں لوگ دین کی بات ہی نہیں کرتے۔۔


صابر دانائی سے جواب دیتا۔۔


دلوں میں دنیا بہت آ گئی ہے۔۔۔


حالاں کہ حقیقت اس کے برعکس تھی۔ وہاں ہر شخص اپنے عمل اور اپنی زندگی میں مگن تھا۔

اس دن گرمی اپنے عروج پر تھی۔ فیکٹری میں بارہ گھنٹے کی کمر توڑ ڈیوٹی کے بعد دونوں تھکے ہارے سیدھے مسجد پہنچے۔ یہ مغرب اور عشاء کے درمیان کا وقت تھا۔ مسجد کے باہر کھجور کے چند درخت تپتی ہوا میں ساکت کھڑے تھے، اور اندر ائیرکنڈیشنر کی ٹھنڈی ہوا میں عود کی دھیمی خوشبو تیر رہی تھی۔


امام کی آواز میں عجیب سوز تھا۔ نماز شروع ہوئی تو صابر کو یوں لگا جیسے دن بھر کی تھکن جسم سے اتر رہی ہو۔ مگر یہ کیفیت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔

سامنے والی صف میں ایک مقامی عرب نمازی کھڑا تھا۔ سفید چمکتا ہوا جبہ، سر پر سرخ و سفید رومال، اور بانس جیسا لمبا قد۔ 

وہ جیسے ہی رکوع سے اٹھا، شاکر کی نگاہ اس پر جم گئی۔


اس نے فوراً صابر کو کہنی ماری۔


دیکھا؟


صابر چونکا۔


کیا ہوا؟


وہی تکنیکی غلطی۔۔ 

ہاتھ دیکھے اس کے؟


اب دونوں کی توجہ عبادت سے ہٹ چکی تھی۔ عرب پوری یکسوئی سے نماز میں مشغول تھا، اور یہ دونوں اس کے ہر عمل کا باریک بینی سے جائزہ لینے لگے۔

نماز ختم ہوئی تو شاکر کے چہرے پر وہی مانوس جوش ابھر آیا۔


ہمیں اسے سمجھانا چاہیے۔


صابر نے تسبیح جیب میں ڈالی۔


ہاں، دین کا معاملہ ہے۔ خاموش رہنا ٹھیک نہیں۔


دونوں اٹھے اور عرب کے قریب جا پہنچے۔ صابر نے ٹوٹی پھوٹی عربی میں بات شروع کی۔ درمیان میں اردو اور اشارے شامل ہوتے گئے۔ شاکر برابر میں سر ہلا کر تائید کرتا رہا، جیسے وہ کسی مقدمے کی سماعت میں گواہ ہو۔


عرب خاموشی سے سنتا رہا۔ اس کی آنکھوں میں نہ غصہ تھا، نہ حیرت، صرف ایک گہری خاموشی۔

جب بات مکمل ہوئی تو اس نے دھیرے سے کہا۔۔


شکراً…


اور پھر وہ مسجد سے باہر نکل گیا۔

شاکر نے اطمینان سے سانس لی۔


دیکھا؟ مان گیا نا۔۔


صابر مسکرایا۔


حق بات میں اثر ہوتا ہے۔


دونوں مطمئن ہو کر مسجد سے باہر نکلے، مگر جیسے ہی دہلیز پار کی، قدم رک گئے۔

وہی عرب باہر کھڑا تھا، اور اس کے ساتھ پولیس کی گاڑی موجود تھی۔

اس نے نہایت شائستگی سے انہیں بلایا۔


تفضل…


پولیس اسٹیشن چھوٹا مگر حد درجہ منظم تھا۔ دیوار پر شاہی فرمان آویزاں تھا۔ ٹھنڈک میں ایک عجیب سا رعب تھا۔

افسر نے پورا واقعہ سنا اور پھر ان دونوں کی طرف دیکھا۔


تو آپ دونوں نے انہیں نماز سکھائی تھی؟


صابر نے ہچکچاتے ہوئے کہا۔۔


جی… ہم نے صرف نشاندہی کی تھی۔


آپ عالمِ دین ہیں؟


خاموشی۔


کسی تسلیم شدہ ادارے کی سند؟


شاکر نے نظریں جھکا لیں۔


نہیں…


افسر نے سخت لہجے میں کہا۔ 


یہاں ہر شخص کو دوسروں کی عبادت کی نگرانی کا اختیار نہیں۔


شاکر نے کمزور سی آواز میں کہا۔ 


لیکن ہم تو نیکی…


افسر نے بات کاٹ دی۔


قانون اپنی نیکی خود طے کرتا ہے۔


اور پھر حکم ہوا۔۔ 


ایک ہفتہ۔۔


جیل کی کوٹھڑی میں پہلی رات دونوں دیر تک جاگتے رہے۔ شاکر غصے میں تھا۔ صابر خاموش۔

دوسرے دن بحث ہوئی، تیسرے دن خاموشی بڑھی، چوتھے دن احساس نے جگہ لینا شروع کی۔

پانچویں دن صابر نے دھیرے سے کہا۔


کیا ہمیں واقعی حق تھا کسی کی عبادت پر حکم لگانے کا؟


شاکر خاموش رہا۔

چھٹے دن دونوں بالکل خاموش ہو گئے۔

یہ وہ خاموشی تھی جو انسان کو خود سے ملاتی ہے۔

جب وہ جیل سے نکلے تو دنیا بدل نہیں گئی تھی، مگر ان کی نظر بدل چکی تھی۔

کچھ عرصے بعد وہی مسجد تھی۔ وہی ٹھنڈی ہوا، وہی عود کی خوشبو۔

نماز شروع ہوئی۔ صابر نے تکبیر کہی تو سامنے وہی عرب کھڑا تھا۔

اس بار دونوں نے فوراً نظریں جھکا لیں۔


نماز کے بعد شاکر نے بغیر کچھ کہے تسبیح نکالی۔


صابر کی انگلیاں بھی دانوں پر چلنے لگیں۔


اب انہیں دوسروں کے رکوع و سجود سے زیادہ اپنی نماز یاد رہنے لگی تھی۔


مسجد کے باہر صحرا کی ہوا آج بھی گرم تھی، مگر ان دونوں کے اندر برسوں سے جلتی ہوئی۔۔۔ 


مفت کی مفتی گری کی آگ بجھ چکی تھی۔


اس کی جگہ ایک دھیمی، باوقار خاموشی نے لے لی تھی۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ