مختصر افسانہ۔ "منزل مراد"


 "منزل مراد"


مختصر افسانہ


اختر شیخ


حویلی کے صحن میں نیم کے بوڑھے پیڑ تلے شام کی سرمئی رنگت آہستہ آہستہ گہری ہو رہی تھی۔ فضا میں صندل کی دھونی اور بھیگی مٹی کی سوندھی خوشبو کا ایک خاموش طلسم بکھرا ہوا تھا۔ زویا نے بڑی خاموشی سے آبنوس کی کرسی پر پڑے ریشمی غلاف کی شکنیں درست کیں، جیسے وہ کسی زندہ احساس کی تھکن سمیٹ رہی ہو۔

برآمدے میں قدموں کی دھیمی چاپ ابھری۔ ایک ایسا شخص سامنے کھڑا تھا جسے وقت کی تند ہواؤں نے تھکایا تو بہت تھا، مگر شکست نہ دے سکی تھیں۔


"تمہارے اس سکوت میں اب بھی وہی گہرائی ہے، زویا۔"


اس نے کرب آمیز لہجے میں خاموشی کو توڑا۔


"میں تو ڈر رہا تھا کہ شاید واپسی کے سب نشان مٹ چکے ہوں گے۔"


زویا نے نظر اٹھائے بغیر کہا،


"نشان مٹی پر ہوں تو مٹ بھی جاتے ہیں، مگر جو روح پر ثبت ہو جائیں، انہیں وقت بھی نہیں مٹا سکتا۔"


وہ چند قدم اور قریب آیا۔ اس کی آواز میں برسوں کی تھکن گھلی ہوئی تھی۔


"سنا ہے انتظار انسان کو تلخ کر دیتا ہے، مگر تم تو پہلے سے بھی زیادہ معتبر محسوس ہوتی ہو۔ لوگ صرف منتظر رہتے ہیں، تم نے تو خود کو انتظار میں ڈھال لیا ہے۔"


زویا نے ایک گہرا سانس لیا اور پہلی بار اس کی آنکھوں میں دیکھا۔

لبوں پر دھیمی سی مسکراہٹ ابھری۔


"صاحب، لوگ مصلحتوں کے تحت پلکیں بچھاتے ہیں تاکہ وقت آنے پر احسان جتا سکیں۔ مگر محبت میں احسان کیسا؟ ہم نے تو اپنی انا، اپنی ہستی اور اپنی کائنات کے سب رنگ سمیٹ کر آپ کی راہوں میں فرش دل و جاں بچھائے رکھا ہے۔"


وہ کچھ دیر خاموش کھڑا رہا، جیسے کسی ان کہی حقیقت کا بوجھ دل پر اتر آیا ہو۔ پھر دھیرے سے بولا،


"کاش میں جان پاتا کہ اس فرش کی قیمت کیا ہے۔"


زویا کی آواز میں عجب ملائمت تھی۔


"اس کی قیمت صرف قدر ہے۔ جہاں فرش دل بچھا ہو، وہاں قدم نہیں رکھے جاتے، وہاں دل اتارے جاتے ہیں۔"


اس شام حویلی کے در و دیوار نے دیکھا کہ برسوں کی مسافت ایک لمحہ اعتراف میں سمٹ آئی تھی۔ فضا میں ایک ایسی مٹھاس گھل گئی تھی جو صرف سچی محبت اور صبر کامل سے جنم لیتی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ