شہر کے اندر قحط


 شہر کے اندر قحط


اختر شیخ


جون کی دوپہر شہر پر کسی عذاب کی طرح اتری ہوئی تھی۔


آسمان پر ایک بھی بادل نہ تھا۔ سورج ایسی شدت سے دہک رہا تھا جیسے زمین سے اس کا کوئی پرانا حساب باقی ہو۔ گلیوں میں پڑی دھول تپتے تندور کی راکھ بن چکی تھی اور مکانوں کی دیواریں اندر تک بھاپ اگل رہی تھیں۔ ہوا کا نام و نشان نہ تھا۔


درختوں کے پتے ایسے ساکت تھے گویا پتھر کے ہوں اور پرندے جانے کن سایوں میں پناہ لیے دم سادھے بیٹھے تھے۔


سلیم نے مٹکے کا ڈھکن اٹھایا تو اندر سے خشک مٹی کی تپتی ہوئی بو نتھنوں سے ٹکرائی۔


اس نے ہاتھ ڈال کر دیکھا، شاید تہہ میں کچھ بوندیں باقی ہوں، مگر انگلیاں تہہ میں بچی ہوئی معمولی سی نمی کو چھو کر لوٹ آئیں۔ وہ چند لمحے مٹکے کے خالی پن کو تکتا رہا، پھر ایک سرد آہ بھر کر ڈھکن بند کر دیا۔


گھر کے اندر ایک عجیب سی خاموشی پھیلی ہوئی تھی۔


ایسی خاموشی جو صرف ان گھروں کے آنگن میں اترتی ہے جہاں ضرورتیں خود زبان بن کر آواز دینے لگتی ہیں۔


چارپائی پر اس کی بوڑھی ماں لیٹی ہوئی تھی۔ ہاتھ میں تھامے کھجور کے پنکھے کو جھلنے کی سکت بھی اب اس کی کانپتی انگلیوں میں باقی نہیں رہی تھی۔


"بیٹا... دوا کھانی ہے۔"


ماں کے خشک ہونٹوں سے ایک دھیمی، اکھڑی ہوئی صدا نکلی۔


سلیم نے اثبات میں سر ہلایا، حالانکہ وہ جانتا تھا کہ حلق میں اترنے والی دوا سے پہلے پیاس بجھانے والا پانی چاہیے۔


دوسرے کمرے میں رخسانہ خالی سلنڈر کے پاس گھٹنوں میں سر دیے بیٹھی تھی۔


دو دن سے گیس بند تھی۔ صبح اس نے لکڑیوں کے چند گیلے ٹکڑے سلگا کر روٹی پکانے کی کوشش کی تھی، جس کا نتیجہ باورچی خانے کے کونے میں پڑی اس روٹی کی صورت میں موجود تھا جو آدھی کوئلہ ہو چکی تھی اور آدھی اب بھی کچی تھی۔


"کچھ خبر ملی؟"


اس نے سلیم کے قدموں کی چاپ سنتے ہی سر اٹھایا۔


"کس کی؟"


"گیس کی، بجلی کی یا پانی کی... اب تو یہ تینوں ایک ہی بلا کے تین نام لگتے ہیں۔"


رخسانہ کی آواز میں طنز کا کوئی شائبہ نہ تھا، صرف ایک جان لیوا تھکن تھی۔


سلیم جواب دیے بغیر کونے میں رکھے دو خالی کین اٹھا کر باہر نکل آیا۔


گلی میں قدم رکھتے ہی لو کا ایک تھپیڑا اس کے چہرے سے ٹکرایا۔


سرکاری نل کے گرد پہلے ہی ایک بپھرا ہوا ہجوم تھا۔


عورتیں، بچے، بوڑھے، نوجوان...


ہر شخص اپنے ہاتھ میں تھامے برتن کے ساتھ اس طرح ایستادہ تھا جیسے پانی نہیں، زندگی تقسیم ہونے والی ہو اور سب کا اپنا اپنا ظرف اس کے حصے کا مقدر طے کر رہا ہو۔


قطار بہت لمبی تھی۔


سلیم سب سے آخر میں جا کھڑا ہوا۔


اس کے ٹھیک آگے ایک سفید داڑھی والا بوڑھا تھا جس کے لرزتے ہاتھوں میں پیتل کا ایک پرانا، پچکا ہوا برتن تھا۔


کافی دیر کے صبر آزما انتظار کے بعد اس بوڑھے نے آسمان کی طرف دیکھا اور آہستہ سے بڑبڑایا:


"عجیب زمانہ آ گیا ہے...


پہلے لوگ رزق کے لیے قطاروں میں کھڑے ہوتے تھے، اب پانی کے لیے کھڑے ہیں۔"


سلیم خاموش رہا۔


جواب شاید کسی کے پاس نہ تھا۔


وقت رینگتا رہا اور سورج آہستہ آہستہ عین سر پر آ کھڑا ہوا۔


پسینے کی بوندیں ماتھے سے پھسل کر آنکھوں میں اترنے لگیں تو مرچیں سی لگیں۔


لوگ بار بار بے چینی سے اپنے خالی برتنوں کو دیکھتے، پھر نل کے خشک منہ کی طرف نگاہ اٹھاتے۔


اچانک ہجوم میں ایک سنسناہٹ سی پھیلی۔


گلی کے موڑ پر دو چمکتی ہوئی گاڑیاں آ کر رکیں اور ان میں سے چند بااثر لوگ اترے۔ ان کے ہاتھ خالی تھے، مگر ہجوم نے انہیں دیکھتے ہی خود بخود راستہ دے دیا۔


قطار اپنی جگہ ساکت کھڑی رہی اور نل سے نکلنے والا پانی اپنی راہ بدل کر ان کے لائے ہوئے بڑے بڑے ڈرموں میں بہنے لگا۔


کسی کے لبوں سے ایک لفظ بھی نہ نکلا۔


پیاس نے سب کے احتجاج کو حلق میں ہی سکھا دیا تھا۔


دو گھنٹے کی ذلت کے بعد سلیم کی باری آئی۔


اس نے جیسے تیسے دونوں کین بھرے اور گھر کی طرف چل پڑا۔


واپسی کے موڑ پر اسے ایک نجی واٹر ٹینکر کھڑا نظر آیا، جس کے گرد لوگوں کا اژدھام تھا۔


ٹینکر کا مالک ایک ہاتھ سے گاہکوں سے نوٹ گن رہا تھا اور اس کا کارندہ دوسرے ہاتھ سے بالٹیوں میں پانی ناپ رہا تھا۔


نوٹ گنتی انگلیوں اور پانی ناپتے ہاتھوں کو دیکھ کر سلیم کے قدم رک گئے۔


اسے یوں لگا جیسے ٹینکر سے پانی نہیں، غریبوں کی سسکتی ہوئی سانسیں بالٹیوں میں ناپ کر بیچی جا رہی ہوں۔


اس نے ایک گہری سانس لی اور سر جھکا کر آگے بڑھ گیا۔


گھر پہنچا تو ماں کی خشک، اکھڑی ہوئی سانسوں کی آواز اب صاف سنائی دے رہی تھی اور اس کے ہونٹوں پر پپڑیاں جم چکی تھیں۔


اس نے جلدی سے گلاس میں پانی بھر کر ماں کے منہ سے لگایا۔


بوڑھی ماں نے چند گھونٹ پیے اور نڈھال ہو کر دوبارہ آنکھیں بند کر لیں۔


شام ڈھلی تو بجلی کے آنے کی رہی سہی امید بھی دم توڑ گئی اور رات اترتے ہی گرمی کی تپش حبس میں بدل گئی۔


چھت پر جھلساتی ہوئی ہوا کا راج تھا، جہاں سکون کا ایک لمحہ بھی میسر نہ تھا۔


آسمان پر بے شمار ستارے ٹمٹما رہے تھے مگر فضا میں ذرا سی جنبش بھی نہ تھی۔


دور کسی پوش علاقے سے جنریٹر چلنے کی ایک مدہم، یکساں آواز آ رہی تھی جو سلیم کو اندھیری رات میں کسی امیر آدمی کے سفاک قہقہے جیسی محسوس ہوئی۔


اگلا سورج طلوع ہوا تو اپنے ساتھ مزید سختی لایا۔


مٹکے کی تپش بتا رہی تھی کہ قطار کا پانی جواب دے چکا ہے، چولہے کے ٹھنڈے لوہے پر اڑتی دھول گیس کی عدم موجودگی کا ماتم کر رہی تھی اور چھت کا ساکت پنکھا یوں لٹکا تھا جیسے بجلی اس علاقے کا پتہ ہی بھول گئی ہو۔


ماں کی دوا کی شیشی بالکل خالی ہو چکی تھی۔


رخسانہ بار بار نیم وا آنکھوں سے سوکھے ہوئے مٹکے اور پھر سوئی ہوئی ساس کو دیکھتی، اور اس کے ماتھے پر ابھرتی ہوئی لکیریں گہری ہوتی جاتیں۔


دوپہر کو اس نے چند لمحے کچھ سوچا، پھر اپنے ہاتھ سے شادی کی چاندی کی ایک پرانی پازیب اتاری اور سلیم کی ہتھیلی پر رکھ دی۔


"یہ لے جاؤ..."


رخسانہ نے نظریں جھکا لیں۔


"اس کی کیا ضرورت ہے؟"


سلیم چونک اٹھا۔


"ضرورت ہی تو ہے... پانی خرید لاؤ۔"


سلیم نے پازیب ہاتھ میں لی تو اسے لگا جیسے دھات کا کوئی سرد ٹکڑا نہیں، بلکہ برسوں کی رفاقت، مان اور محرومی ایک ساتھ اس کی ہتھیلی پر آ گری ہو۔


شام ڈھلے جب وہ لوٹا تو اس کے ساتھ پانی کا کین بھی تھا، دواؤں کا پیکٹ بھی اور چاندی کے بدلے ملے چند سو روپے بھی...


مگر اس کے چہرے پر فتح کا کوئی اطمینان نہ تھا۔


اسی رات بجلی اچانک آ گئی۔


پورا محلہ ایک دم خوشی کے شور سے گونج اٹھا۔


بچے تالیاں بجاتے ہوئے گلیوں میں دوڑ پڑے، اندھی کھڑکیاں روشن ہو گئیں اور پنکھے زنّاٹے سے گھومنے لگے۔


لوگ گھروں سے نکل نکل کر ایک دوسرے کو اس طرح مبارک باد دینے لگے جیسے بستی میں عید اتر آئی ہو۔


سلیم بھی بوجھل قدموں سے دروازے تک آیا۔


سامنے بجلی کے کھمبے پر ایک نیا، چمکدار سیاسی بینر آویزاں تھا جو شاید چند روز پہلے ہی لگایا گیا تھا۔


اس پر جلی حروف میں لکھا تھا:


"شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔"


سلیم دیر تک ساکت کھڑا اس جملے کو تکتا رہا۔


پھر اس کی نگاہ نیچے گئی۔


بینر کے عین نیچے وہی واٹر ٹینکر کھڑا تھا اور لوگ اب بھی رات کے اندھیرے میں پانی خریدنے کے لیے قطار بنائے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔


کچھ ہی فاصلے پر ایک عورت لوہے کا خالی سلنڈر سڑک پر گھسیٹتی ہوئی جا رہی تھی۔


سلنڈر کی رگڑ سے اٹھنے والی کرخت آواز رات کے سکوت کو چیرتی ہوئی دور تک پھیل رہی تھی۔


اور ٹھیک اسی لمحے محلے کی تمام روشنیاں ایک زوردار جھپک کے ساتھ دوبارہ بجھ گئیں۔


ایک ہلکی سی ہاہاکار اٹھی۔


اندھیرے میں کسی نے گالی دی، کسی نے بے بسی سے آسمان کی طرف دیکھا اور کسی نے خاموشی سے اپنے گھر کا دروازہ بند کر لیا۔


اندھیرا دوبارہ گلی میں سمندر کی طرح اتر آیا۔


سلیم نے آہستہ سے سر اٹھا کر دیکھا۔


سامنے وہ بینر اب بھی موجود تھا، مگر گھپ اندھیرے میں اس کے الفاظ ایسے دھندلے پڑ گئے تھے جیسے وہ الفاظ کبھی روشن تھے ہی نہیں۔


وہ واپس کمرے کے اندر آ گیا۔


کونے میں خالی مٹکا رکھا تھا۔


اس کے برابر سلنڈر پڑا تھا۔


ماں چارپائی پر خاموش لیٹی تھی اور رخسانہ اندھیرے میں ہاتھ کا پنکھا جھل رہی تھی۔


سلیم کچھ دیر انہیں دیکھتا رہا۔


پھر اس نے آہستہ سے مٹکے پر ڈھکن رکھ دیا۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ