افسانہ۔۔ روشنی کے اندھیرے۔
افسانہ۔۔۔۔
''روشنی کے اندھیرے''
اختر شیخ
شہر کی راتیں بظاہر بڑی سحر انگیز ہوتی ہیں،
مگر یہاں کچھ روشنیاں ایسی بھی ہیں جو اندھیروں کا ازالہ نہیں کرتیں بلکہ محض انہیں خوبصورت بنا دیتی ہیں۔
یہ شہر بھی اب انہی مصنوعی روشنیوں کا عادی ہو چکا تھا۔
کشادہ شاہراہوں، فلک بوس عمارتوں، رنگ برنگے اشتہاروں اور شیشے کی چمکتی دیواروں میں لپٹا ہوا یہ شہر دور سے دیکھنے میں بے حد مہذب اور باوقار معلوم ہوتا تھا۔ یہاں ہر شے چمکتی تھی۔ دکانوں کے شوکیس، چہروں کی آب و تاب، گفتگو کا سحر، اور حیرت کی بات یہ کہ یہاں لوگوں کے دکھ بھی چمکتے تھے۔ اس شہر کے لوگ اپنے زخموں پر مصلحت اور نمائش کا ایسا ملمع چڑھا لیتے تھے کہ ان کی کسک بھی تہذیب کا ایک خوشنما رخ معلوم ہونے لگتی۔
اسی شہر کے عین قلب میں ایک شاندار عمارت ایستادہ تھی۔
سنگ مرمر کی سفید دیواریں، نیلگوں شیشے، بلند ستون، اور صدر دروازے کی پیشانی پر سنہری حروف میں لکھا ہوا ایک نام۔۔۔۔۔۔
'ایوان شعور'
شہر کے لوگ اس نام کو ایک خاص عقیدت کے ساتھ زبان پر لاتے تھے۔ اخبارات کے اداریے اسے شہر کا فکری مرکز قرار دیتے، ٹی وی چینل اس کی نشستوں کو ذوق و شوق سے نشر کرتے، اور شہر کے مایوس نوجوان اسے امید کی آخری پناہ گاہ سمجھتے تھے۔
یہاں ہر شام ایک نئی محفل سجتی اور فکر و دانش کی بساط بچھائی جاتی۔
کبھی موضوع اخلاقیات کی پامالی ہوتا، کبھی سماجی انصاف، کبھی عورت کی آزادی، کبھی نسل نو کا بحران، تو کبھی انسان دوستی۔
اسٹیج پر بیٹھے مقررین بے حد شائستہ معلوم ہوتے۔ ان کے الفاظ تراشیدہ، لہجے دھیمے اور چہروں پر ایسی سنجیدگی طاری ہوتی جیسے دنیا کا سارا دکھ انہی کے سینوں میں اتر آیا ہو۔ ہال میں موجود سامعین دیر تک ان کی گفتگو سنتے، تالیاں بجاتے، تصویریں بنواتے اور واپسی پر یہ خوش گمانی دل میں لیے گھر لوٹتے کہ ابھی انسانی تہذیب پوری طرح مری نہیں۔
حمزہ بھی انہی خوش گمان لوگوں میں شامل تھا۔
وہ ایک معمولی گھرانے کا لڑکا تھا۔ اس کے بوڑھے باپ نے اپنی عمر سرکاری دفتروں کی بوسیدہ فائلوں سے گرد جھاڑتے گزار دی تھی، اور ماں نے سلائی مشین کے سامنے بیٹھے بیٹھے اپنی آنکھوں کی روشنی مدھم کر لی تھی۔ ان کے چھوٹے سے فلیٹ کی اکلوتی کھڑکی سے دور افق پر ایوان شعور کی روشنیاں صاف دکھائی دیتی تھیں۔
بچپن میں حمزہ ان روشنیوں کو کسی انمول خواب کی طرح دیکھا کرتا تھا۔
اسے گمان تھا کہ وہاں یقیناً ایسے لوگ بستے ہوں گے جو عام انسانوں سے مختلف اور بہتر ہیں۔ ایسے لوگ جن کے دلوں میں انسانیت کا حقیقی درد ہوگا۔
جب وہ صحافت کا طالب علم بنا تو اس کا ایوان شعور آنا جانا شروع ہو گیا۔
پہلی بار وہ وہاں ایک مذاکرہ سننے گیا تھا۔ موضوع تھا۔۔۔۔
معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حسی۔۔۔
اس شام اسٹیج پر بیٹھے دانشوروں نے ایسی پرتاثیر گفتگو کی کہ حمزہ دیر تک خاموش بیٹھا رہا۔ اسے یوں محسوس ہوا جیسے کسی نے اس کے اندر برسوں سے سلگتی بے نام بے چینی کو زبان دے دی ہو۔
پروگرام کے اختتام پر لوگ مقررین کے گرد جمع تھے۔ کوئی تصویر بنوا رہا تھا، کوئی مصافحہ کر رہا تھا، اور کوئی اپنی عقیدت کا اظہار کر رہا تھا۔
حمزہ کافی دیر تک ہال کے آخری کونے میں خاموش کھڑا یہ منظر دیکھتا رہا۔
پھر نہ جانے کس جذبے کے تحت وہ استقبالیہ کی میز تک جا پہنچا۔
میں یہاں رضاکارانہ طور پر کام کرنا چاہتا ہوں۔
اس نے دھیمی آواز میں کہا۔
استقبالیہ پر بیٹھی لڑکی نے سر اٹھا کر اسے دیکھا، پھر ایک مختصر سی مسکراہٹ کے ساتھ فارم اس کی طرف بڑھا دیا۔
چند دن بعد حمزہ ایوان شعور کا رضاکار بن چکا تھا۔
اب اس کی تمام شامیں اسی عمارت میں گزرتیں۔ کبھی وہ کرسیاں ترتیب دیتا، کبھی فائلیں سنبھالتا، کبھی مہمانوں کو ہال تک لے جاتا۔ اسے خوشی ہوتی کہ وہ ایک ایسے ادارے کا حصہ ہے جہاں لفظ ابھی زندہ ہیں۔
ابتدائی دن واقعی بہت خوبصورت گزرے۔
مگر پھر آہستہ آہستہ اس خوبصورتی کے رنگ اترنے لگے۔
ایک شام غربت کے موضوع پر سیمینار تھا۔
ہال کے اندر ایک نامور دانشور غریب آدمی کی عظمت پر تقریر کر رہا تھا، جبکہ اسی وقت باہر دروازے کے پاس ایک بوڑھا چوکیدار اپنی معمولی تنخواہ بڑھانے کی درخواست پر ذلیل کیا جا رہا تھا۔
حمزہ چند لمحے دونوں منظر دیکھتا رہا۔
اندر تالی بجی۔
باہر بوڑھے نے خاموشی سے سر جھکا لیا۔
اس دن پہلی بار حمزہ کو محسوس ہوا کہ بعض لفظ بہت روشن ہوتے ہیں مگر ان کی حرارت کہیں نہیں پہنچتی۔
پھر ایک روز عورتوں کے حقوق پر ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی۔
اسٹیج پر ایک معروف خاتون مقرر عورت کی عزت اور خودمختاری پر پُرجوش انداز میں گفتگو کر رہی تھیں۔ سامعین متاثر تھے، نوٹس لیے جا رہے تھے، اور واہ واہ کا شور تھا۔
پروگرام ختم ہوا تو وہی خاتون پارکنگ میں اپنی کم سن ملازمہ پر چیخ رہی تھیں کیونکہ اس نے گاڑی کا دروازہ کھولنے میں چند لمحے دیر کر دی تھی۔
حمزہ نے اس ملازمہ کی آنکھوں میں عجیب سی بے حسی دیکھی۔
ایسی بے حسی جو تب پیدا ہوتی ہے جب ذلت روزمرہ کا معمول بن جائے۔
اس رات حمزہ دیر تک سو نہ سکا۔
کھڑکی سے ایوان شعور کی عمارت پہلے کی طرح جگمگا رہی تھی مگر پہلی بار اسے یوں محسوس ہوا جیسے اس روشن عمارت کے اندر کہیں بہت گہرا اندھیرا ہے جسے باہر کی روشنیاں چھپانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
وقت گزرتا گیا۔
ایوان شعور کے پروگرام بڑھتے گئے۔
شہر میں بھوک بھی بڑھتی گئی۔
تقریریں لمبی ہوتی گئیں اور انسان چھوٹا ہوتا گیا۔
پھر ایک دن شہر میں سیلابی بارش ہوئی۔
پانی نشیبی علاقوں میں اتر آیا۔ کچی بستیاں ڈوبنے لگیں۔ بجلی بند ہو گئی۔ سڑکیں تالاب بن گئیں۔ لوگ مدد کے لیے دروازے کھٹکھٹاتے پھر رہے تھے۔
حمزہ بھیگتا ہوا ایوان شعور پہنچا تو وہاں غیر معمولی چہل پہل تھی۔
اس رات ایک خصوصی کانفرنس منعقد ہو رہی تھی۔
موضوع تھا۔۔۔۔
اندھیروں کے خلاف اجتماعی شعور
عمارت جگمگا رہی تھی۔
ہال میں مہنگے عطروں کی خوشبو تیر رہی تھی۔ اسٹیج پر بیٹھے دانشوروں کے چہروں پر حسب روایت سنجیدگی سجی ہوئی تھی۔ کیمرے چل رہے تھے۔ موبائل فون روشن تھے۔
اور باہر بارش میں لوگ کھڑے تھے۔
دروازے کے قریب ایک عورت اپنے بیمار بچے کو سینے سے لگائے مدد مانگ رہی تھی۔ بچہ بخار سے جل رہا تھا مگر سیکیورٹی گارڈ اسے اندر آنے سے روک رہے تھے تاکہ پروگرام کے وقار میں کوئی خلل نہ آئے۔
حمزہ کی نظریں اس بچے کے چہرے پر جم گئیں۔
عورت کے بھیگے ہوئے لباس سے پانی قطرہ قطرہ ٹپک رہا تھا
بچے کی سانس تیز چل رہی تھی۔
اور اندر اسٹیج پر ایک مقرر کی آواز گونجی۔۔۔۔۔
اگر ہمیں اس معاشرے کو بچانا ہے تو ہمیں انسانیت کے چراغ روشن کرنا ہوں گے۔
نجانے کیوں اسی لمحے حمزہ کے اندر برسوں سے جمع خاموشی ٹوٹ گئی۔
وہ تیزی سے ہال کے اندر داخل ہوا۔
لوگ حیرت سے اسے دیکھنے لگے۔
اس نے آگے بڑھ کر مائیک پکڑ لیا۔
اس کے ہاتھ کانپ رہے تھے مگر آواز عجیب حد تک صاف تھی۔
چراغ وہ نہیں ہوتا جو صرف اپنی دیوار روشن کرے۔
ہال پر یکایک خاموشی چھا گئی۔
حمزہ کی آنکھیں اسٹیج پر بیٹھے لوگوں کے چہروں پر پھرنے لگیں۔
آپ لوگ یہاں بیٹھ کر شعور کی خیرات بانٹتے ہیں مگر انسانوں سے نظریں چرا لیتے ہیں۔ آپ کے لفظ روشن ہیں مگر دل اندھے ہو چکے ہیں۔ باہر ایک بچہ بخار میں جل رہا ہے اور آپ یہاں انسانیت پر تقریریں کر رہے ہیں۔ یہ شہر اندھیروں سے نہیں، اندھے چراغوں سے تباہ ہو رہا ہے۔
چند لمحوں تک پورا ہال ساکت رہا۔
پھر شور اٹھا۔
کسی نے غصے سے کہا۔۔
اسے باہر نکالو۔
کسی نے سرگوشی کی:
کوئی جذباتی لڑکا ہے۔
ایک آواز ابھری۔
یہ ادارے کی توہین ہے۔
سیکیورٹی والے آگے بڑھے۔ انہوں نے حمزہ کو بازوؤں سے پکڑ لیا۔ مائیک اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر فرش پر گرا اور اس کی آواز پورے ہال میں گونج گئی۔
لوگ موبائل فون اٹھا کر ویڈیوز بنانے لگے۔
حمزہ کو دھکے دیتے ہوئے عمارت سے باہر نکال دیا گیا۔
بارش اب بھی برس رہی تھی۔
ایوان شعور کی روشنیاں سڑک پر جمع پانی میں لرز رہی تھیں۔
وہ عورت اب بھی سیڑھیوں کے پاس بیٹھی تھی۔ اس کا بچہ نیم بے ہوشی میں اس کے سینے سے لگا ہوا تھا۔
حمزہ خاموشی سے اس کے قریب بیٹھ گیا۔
پھر اس نے بچے کو اپنی بانہوں میں اٹھایا اور پانی سے بھری سڑک پر چل پڑا۔
اگلی صبح سوشل میڈیا پر صرف ایک خبر تھی۔
ایوان شعور میں ہنگامہ
کسی نے حمزہ کو پاگل کہا، کسی نے ناکام نوجوان، کسی نے بدتمیز، اور کسی نے شدت پسند۔
ایوان شعور کی انتظامیہ نے ایک مختصر سا بیان جاری کیا۔
ہم تہذیب اور مکالمے پر یقین رکھتے ہیں۔
شہر نے حسب معمول وہ بیان بھی مان لیا۔
چند دن بعد زندگی دوبارہ اپنی پرانی رفتار پر چلنے لگی۔
نئے سیمینار ہونے لگے۔ نئی تصویریں شائع ہونے لگیں۔ نئی تقریریں گونجنے لگیں۔
ایوان شعور پہلے کی طرح روشن تھا۔
مگر ایک رات جب پورے شہر کی بجلی بند ہو گئی اور سڑکیں اندھیرے میں ڈوب گئیں تو ایک تنگ گلی میں چند بچے پانی نکال رہے تھے۔
ان کے ساتھ ایک دبلا پتلا نوجوان بھی تھا۔
اس کے کپڑے بھیگے ہوئے تھے۔
ہاتھ میں ایک ٹوٹی ہوئی بالٹی تھی۔
وہ خاموشی سے پانی اچھال رہا تھا۔
وہاں کوئی کیمرا نہیں تھا۔
کوئی تقریر نہیں تھی۔
کوئی تالی نہیں تھی۔
صرف اندھیرا تھا۔
مگر شاید حقیقی روشنی پہلی بار اسی اندھیرے کے بیچ کھڑی تھی۔

Comments
Post a Comment