نامکمل خط۔۔۔۔
افسانہ۔۔۔۔
نامکمل خط
از: اختر شیخ
بلڈوزر ابھی گلی کے نکڑ پر کھڑا تھا۔
اس کے زرد بازو صبح کی دھوپ میں کسی دیوقامت پرندے کے پروں کی طرح چمک رہے تھے۔ ناظم آباد نمبر دو کی اس گلی میں غیر معمولی خاموشی تھی۔ چند پڑوسی اپنے اپنے دروازوں پر کھڑے تھے اور کچھ کھڑکیوں کے پردے سرک رہے تھے۔ سب جانتے تھے کہ آج اس گلی کے پرانے ترین مکانات میں سے ایک گھر اپنی آخری صبح دیکھ رہا ہے۔
سلیم صاحب صحن کے بیچوں بیچ رکھی لکڑی کی کرسی پر بیٹھے تھے۔ یہ وہی صحن تھا جہاں کبھی آم کے اچار دھوپ میں رکھے جاتے تھے، جہاں عید کی صبح بچوں کی قطاریں لگتی تھیں، جہاں محرم الحرام میں نیاز تقسیم ہوتی تھی اور ربیع الاول میں چراغاں کیا جاتا تھا۔ مگر آج وہ صحن بالکل خالی تھا۔ دیواروں پر صرف کیلیں باقی تھیں،
تصویریں اتاری جا چکی تھیں۔ کمرے ویران تھے مگر سلیم صاحب کو لگ رہا تھا کہ گھر پہلے سے زیادہ آباد ہے۔ انہیں ہر کمرے سے کوئی نہ کوئی آواز آتی محسوس ہو رہی تھی؛ کہیں مرحومہ بیگم کی ہنسی تھی، کہیں بچوں کی شرارتیں، کہیں والد کی کھانسی اور کہیں والدہ کی دعائیں۔
ابا، گاڑی آ گئی ہے۔
کامران کی آواز نے ان کی سوچوں کا سلسلہ توڑ دیا۔
انہوں نے سر اٹھا کر اپنے بیٹے کو دیکھا۔ پچپن سالہ کامران پسینے میں شرابور مزدوروں کو ہدایات دے رہا تھا۔
اس کے لیے یہ محض ایک مکان تھا جس کی اچھی قیمت مل گئی تھی۔ گلشن معمار میں اس کا نیا گھر تیار تھا جہاں لفٹ، پارکنگ، جنریٹر اور سکیورٹی سمیت تمام جدید سہولیات موجود تھیں۔
سلیم صاحب اسے غلط بھی نہیں سمجھتے تھے کیونکہ زمانہ بدل چکا تھا مگر دل تھا کہ اس حقیقت کو ماننے پر تیار نہ تھا۔
کامران نے کہا ابا آپ اندر آ جائیں باہر دھول بہت اڑے گی۔
سلیم صاحب نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ان کی نظریں سامنے والے مکان پر جا ٹہریں۔ یہی وہ گھر تھا جہاں شوکت رہتا تھا۔ وہ شوکت جو ہر شام بغیر کسی اطلاع کے آ دھمکتا تھا اور چائے کے پیالے پر دو گھنٹے کی گپ شپ لازم تھی۔ شوکت کو گزرے پندرہ برس ہو چکے تھے اور اس کے بعد ایک ایک کر کے سب رخصت ہو گئے۔
کچھ قبرستان جا سوئے، کچھ دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے اور کچھ بیرون ملک جا بسے۔
گلی وہی رہی مگر لوگ بدل گئے۔
دادا جان، پوتا احسن دوڑتا ہوا آیا۔
کیا یہ پرانی الماری بھی لے جانی ہے؟
سلیم صاحب نے پوچھا کون سی
وہ اسٹور روم والی احسن نے جواب دیا۔
سلیم صاحب آہستہ آہستہ اٹھے اور احسن کے ساتھ اسٹور روم کی طرف چل دیے۔
اسٹور روم اس گھر کا سب سے پرانا کمرہ تھا جس کی دیواروں پر نمی کے دھبے تھے اور چھت کے کونوں میں مکڑیوں کے جالے جھول رہے تھے۔ مزدور جب الماری کو اپنی جگہ سے کھسکا رہے تھے تو اچانک ایک دھیمی سی آواز آئی ٹھک۔
صاحب پیچھے کچھ رکھا ہوا ہے،
ایک مزدور نے جھک کر کہا،
الماری پوری طرح ہٹی تو دیوار کے ساتھ ایک چھوٹا سا زنگ آلود صندوق نظر آیا جس پر گرد کی موٹی تہہ جمی ہوئی تھی۔
سلیم صاحب کے قدم وہیں رک گئے اور ان کے چہرے پر حیرت کی ایک لہر دوڑ گئی۔
وہ بڑبڑائے یہ تو
احسن نے اشتیاق سے پوچھا آپ جانتے ہیں اسے،
سلیم صاحب نے کوئی جواب نہ دیا اور جھک کر صندوق پر ہاتھ پھیرنے لگے۔ گویا پچھتر برس کی گرد ان کی انگلیوں سے اتر رہی ہو۔ جب صندوق کھولا گیا تو اندر کپڑے میں لپٹی ہوئی چند چیزیں تھیں۔
ایک سیاہ و سفید تصویر،
ایک پرانا ریلوے ٹکٹ،
چند زرد پڑ چکے کاغذات اور ایک تہہ کیا ہوا خط۔
سلیم صاحب کے ہاتھ کانپنے لگے۔
انہوں نے خط کھولا تو کاغذ کے کنارے ٹوٹ رہے تھے اور تحریر مدھم پڑ چکی تھی۔
سب سے اوپر لکھا تھا۔
میرے عزیز رام ناتھ کے نام۔۔
سلیم صاحب کے ہونٹ لرز گئے۔ یہ وہ نام تھا جو انہوں نے برسوں پہلے اپنے والد کی زبان سے سنا تھا۔ رام ناتھ، دہلی کا دوست، بچپن کا ساتھی، وہ شخص جو تقسیم کے بعد سرحد کے دوسری طرف رہ گیا تھا۔
احسن خاموشی سے اپنے دادا کے پاس بیٹھ گیا اور سلیم صاحب خط۔ پڑھنے لگے
میرے عزیز رام ناتھ
جب تم یہ خط پڑھو گے تو شاید میں کراچی میں اپنے نئے گھر کے صحن میں بیٹھا ہوں گا۔ یہ لکھتے ہوئے مجھے خود یقین نہیں آ رہا کہ میں واقعی دہلی چھوڑ آیا ہوں۔ ریل گاڑی چل تو پڑی تھی مگر میرا دل شاید ابھی تک پلیٹ فارم پر ہی کھڑا ہے۔
گلی کے نکڑ والا پیپل، تمہارا آنگن، ہماری شامیں سب کچھ آنکھوں کے سامنے گھوم رہا ہے۔ یہاں لوگ بہت اچھے ہیں، سمندر بہت بڑا ہے اور شہر بھی نیا ہے مگر دوست کہیں نہیں ملتے۔
رام ناتھ میں تمہیں یہ بتانے کے لیے خط نہیں لکھ رہا کہ میں خیریت سے ہوں۔ میں تو صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کچھ رشتے سرحدوں سے بڑے ہوتے ہیں۔ اگر کبھی حالات بدل جائیں تو۔۔
بس اتنا ہی لکھا تھا۔ اس کے بعد پورا صفحہ خالی تھا۔ نہ دستخط تھے، نہ اختتام اور نہ ہی کوئی دوسرا صفحہ۔
احسن نے حیرت سے پوچھا دادا جان آگے کیا ہوا تھا،
سلیم صاحب نے اس ضعیف کاغذ کو دیر تک دیکھا پھر آہستہ سے بولے پتہ نہیں بیٹا شاید ابا نے یہ خط مکمل ہی نہیں کیا۔
کیوں احسن نے سوال کیا۔
شاید انہیں وقت نہیں ملا یا شاید الفاظ ختم ہو گئے تھے۔
سلیم صاحب نے ٹھنڈی آہ بھری
کمرے میں گہری خاموشی پھیل گئی۔ اسی لمحے باہر بلڈوزر کا انجن اسٹارٹ ہوا اور ایک بھاری سی آواز گونجی۔
سلیم صاحب نے خط کو اپنے سینے سے لگا لیا۔ اچانک انہیں شدت سے محسوس ہوا کہ یہ خط صرف رام ناتھ کے لیے نہیں بلکہ ان کے لیے تھا، ان کے بیٹے کامران کے لیے تھا، احسن کے لیے تھا اور ان سب کے لیے تھا جو ایک ہجرت کے بعد پیدا ہوئے اور پھر زندگی بھر ہجرت در ہجرت کے کرب میں جیتے رہے۔
باہر مزدور آخری سامان گاڑی میں رکھ رہے تھے کہ کامران اندر آیا۔
ابا وقت ہو گیا ہے چلیں
سلیم صاحب نے اثبات میں سر ہلایا۔ وہ آہستہ آہستہ چلتے ہوئے صحن میں آئے، چاروں طرف نظر دوڑائی، ہر دیوار، ہر دروازے اور ہر کونے کو دیکھا۔ پھر وہ دہلیز کے قریب رک گئے۔
یہی وہ دہلیز تھی جسے پار کر کے ان کی دلہن پہلی بار اس گھر میں آئی تھی،
یہی وہ دہلیز تھی جہاں سے ان کے والد کا جنازہ رخصت ہوا تھا،
یہی وہ دہلیز تھی جہاں ان کے بچے کھیلتے تھے اور یہی وہ دہلیز تھی جہاں سے اب وہ خود آخری بار جا رہے تھے۔
کامران نے ان کا ہاتھ پکڑا ابا
سلیم صاحب مسکرائے ایک بہت دھیمی اور تھکی ہوئی مسکراہٹ۔
پھر بولے مکان بک گیا ہے بیٹا وہ لمحے بھر کو رکے نگاہیں ایک بار پھر اپنے گھر پر ڈالیں اور کہا مگر گھر ابھی باقی ہے
احسن نے خاموشی سے وہ نامکمل خط اپنی جیب میں رکھ لیا۔ شاید زندگی میں پہلی بار اسے یہ احساس ہوا تھا کہ کچھ ورثے زمینوں کے کاغذات میں نہیں ملا کرتے۔
بلڈوزر آگے بڑھا۔
لوہے کا بھاری پنجہ دیوار کی طرف اٹھا تو سلیم صاحب نے اپنی نظریں جھکا لیں۔
دیوار گرنے کی ایک زوردار آواز آئی مگر سلیم صاحب کے کانوں میں کسی اور ہی آواز کی گونج تھی جیسے کوئی بہت دور سے پکار رہا ہو۔
میرے عزیز رام ناتھ۔۔
اور یوں ایک مکان تو ختم ہو گیا مگر ایک نامکمل خط اپنی منزل تک پہنچ گیا۔۔۔۔۔

Comments
Post a Comment