چراغوں کے بجھنے کے بعد ۔۔۔ رشتوں میں مہمان


 چراغوں کے بجھنے کے بعد ۔۔۔ رشتوں میں مہمان


از ۔۔۔ اختر شیخ


اختر کے حافظے کے نہاں خانے میں ماضی کی وہ دوپہریں آج بھی کسی نقش کی طرح ثبت ہیں جب تپتی دھوپ میں بھی ننھیال کے صحن کا نیم کا شجر ارم جیسی ٹھنڈک بکھیرتا تھا۔ اس زمانے میں جب اختر نانا کے کچے دالان کی دہلیز پار کرتا تو چڑیوں کی چہچہاہٹ کے ساتھ ہی اندر سے ایک بوڑھی مگر سدا بہار آواز گونجتی کہ میرا اختر آ گیا۔ 

وہ نانی اماں تھیں جو اپنے کانپتے ہاتھوں سے اس کے ماتھے پر پیار کا ایسا لمس چھوڑ جاتیں جو روح تک کو سرشار کر دیتا تھا۔ ماں فخر سے مسکراتی اور ماموں لپک کر اختر کا سفری تھیلا تھام لیتے۔

کچن سے فوراً اختر کے پسندیدہ طعام کی خوشبو اٹھتی اور اگر اختر کو لوٹنے میں ذرا بھی دیر ہو جاتی تو نانا بار بار لاٹھی ٹیکتے ہوئے صدر دروازے تک آتے اور خفگی کے پردے میں چھپی محبت سے کہتے کہ اختر میاں شہر جا کر بزرگوں کے آداب بھول گئے کیا؟ 


یہ وہ عہد تھا جب اختر کے لیے نسبتیں کسی قلعے کی مانند محکم تھیں اور ددھیال کی محفلوں کا احوال بھی کچھ مختلف نہ تھا۔ جب وہ والد بزرگوار کے ہمراہ چچا کے آنگن میں قدم رکھتا تو ہر چہرہ احترام اور عقیدت کا آئینہ بن جاتا تھا۔ والد صاحب کا رعب اور ان کی شرافت پورے خاندان کے لیے ایک سائبان تھی اور اختر اس سائبان کے تلے خود کو زمانے کا سب سے معتبر شخص تصور کرتا تھا۔ تب اسے گماں بھی نہ تھا کہ یہ عزت اور یہ اپنائیت دراصل اس کے وجود کی نہیں بلکہ ان دو ہستیوں کے دم قدم کا طفیل ہے جو اس کے آگے شمع بنے کھڑی ہیں۔ وہ رشتوں کے اس بھرے میلے میں بے فکر تھا کیونکہ چراغ روشن تھے اور ہواؤں کی بساط نہ تھی کہ ان کی لو کو متزلزل کر سکیں۔


پھر یوں ہوا کہ وقت کے بے رحم ہاتھوں نے بساط زیست کو الٹ کر رکھ دیا۔ پہلے مادر مہربان کا سایہ سر سے اٹھا اور اختر کے دل کی بستی یکایک سونی ہو گئی۔ جدائی کے اس پہلے کاری زخم نے اختر کو نڈھال تو کیا مگر وہ اب بھی ناواقف تھا کہ یہ حادثہ محض ایک ہستی کا بچھڑنا نہیں بلکہ مہر و وفا کے ایک پورے دبستان کا خاتمہ تھا۔ 


ماں کے چالیسویں کے بعد جب اختر نے اسی ننھیال کی دہلیز پر قدم رکھا تو دالان پر ایک عجیب سا سکوت طاری تھا۔ صحن کا وہ نیم کا شجر اب بھی وہیں تھا مگر اس کے سائے میں وہ پہلی سی خنکی نہ تھی۔ نانی اماں اب اس دنیا میں نہیں تھیں اور ماموں کے چہرے پر اختر کو دیکھ کر وہ پرانی چمک غائب تھی۔ وہی ماموں جو کبھی لپک کر استقبال کرتے تھے اب رسمی طور پر صوفے سے نیم بیدار ہوئے اور خشک لہجے میں پوچھا کہ کہو اختر مزاج کیسے ہیں؟ کچن سے اب کسی پسندیدہ طعام کی اشتہا انگیز خوشبو نہیں ابھری بلکہ چائے کا ایک بے رنگ سا کپ اختر کے سامنے یوں لا کر رکھ دیا گیا جیسے کسی مسافر کو سرائے میں پانی کا پیالہ دیا جاتا ہے۔ 


اختر نے دل پر جبر کر کے جب رخصت چاہی تو کسی نے اسے رکنے کے لیے اصرار نہیں کیا اور نہ کسی نے راہ دیکھنے کا گلہ کیا۔ تب پہلی بار اختر کی آنکھوں کے گوشے بھیگ گئے اور اس پر یہ عقدہ کھلا کہ ننھیال تو دراصل ماں کے وجود کا ہی دوسرا نام تھا اور ماں پوند خاک کیا ہوئی، وہ دالان ہی اجنبی ہو گیا۔


ابھی اختر اس صدمے سے سنبھل بھی نہ پایا تھا کہ ایک رات پدر بزرگوار کا سایہ عاطفت بھی رخصت ہو گیا۔ اس دن اختر کو معلوم ہوا کہ باپ محض نان و نفقہ کا ضامن نہیں تھا بلکہ وہ تو اس کی عزت، شناخت اور خاندانی وقار کی فصیل تھا۔ والد کی تدفین کے کچھ ہی عرصے بعد جب اختر ددھیال کے آنگن میں بیٹھا تو اسے ماحول بدلا بدلا سا لگا۔ چچا اور تایا کی آنکھوں میں وہ پرانا احترام مفقود تھا اور کزنوں کے قہقہوں میں اب اختر کے لیے کوئی جگہ نہ تھی۔ جو لوگ کل تک اسے اس کے والد کی نسبت سے عزت دیتے تھے اب اسے محض ایک رسمی شناسا کی نظر سے دیکھ رہے تھے۔ اختر نے محسوس کیا کہ محفل تو وہی ہے مگر اپنائیت کا وہ فروزاں چراغ مدھم پڑ چکا ہے۔ وہ رشتے جنہیں وہ اپنا خون سمجھتا تھا اب محض بے جان نسبتوں کے محتاج نظر آنے لگے۔ باپ کیا گیا ددھیال کا وہ بھرا پرا میلہ بھی سونا ہو گیا اور ایام کی گردش نے اختر کو ایک ایسے مقام پر لا کھڑا کیا جہاں وہ اپنے ہی لوگوں کے درمیان بیٹھا ہوا بھی ایک انجانی سی تنہائی کا اسیر تھا۔ اب عید ہو یا کوئی خاندانی تقریب اختر وہاں جاتا ضرور مگر ایک مہمان کی طرح۔ 


وہ محبتیں جو کبھی بن مانگے نچھاور ہوتی تھیں اب تکلف اور مصلحت کے لبادوں میں لپٹ کر رسمی جملوں کی شکل اختیار کر چکی تھیں۔ ایک شام ددھیال کی ایک ایسی ہی سرد محفل سے لوٹتے ہوئے جب اختر نے اپنے گھر کا تالا کھولا تو دل کے کسی ویران گوشے سے یہ نوحہ ابھرا کہ ماں گئی تو ننھیال رخصت ہوا اور باپ گیا تو ددھیال سونا ہو گیا۔


مقررہ وقت گزرنے کے ساتھ اختر پر یہ گراں مایہ سچائی منکشف ہوئی کہ حیات انسانی کا سب سے بڑا المیہ رشتوں کا کھو جانا نہیں بلکہ ان گم گشتہ رشتوں کی یادوں کے سہارے جینے کا قرینہ سیکھ لینا ہے۔ وقت نے اسے باور کرایا کہ بزم دہر میں کوئی سایہ دائمی نہیں اور کوئی شجر سدا بہار نہیں۔ 


انسان آخرکار دنیا کے جھوٹے سہاروں سے مایوس ہو کر اپنے باطن میں ایک نیا آشیاں تعمیر کرتا ہے جو یادوں کی پختہ اینٹوں، مخلص محبتوں کی مٹی اور صبر و شکر کے روشن چراغوں سے بنتا ہے۔ اختر نے محسوس کیا کہ یتیمی محض والدین کے جسمانی وجود کے اٹھ جانے کا نام نہیں بلکہ ان بے لوث جذبوں کے بچھڑ جانے کا نام ہے جو ان کے دم قدم سے قائم تھے۔ یہی وہ مقام ضبط تھا جہاں اختر اپنے ہی رشتوں میں مہمان بن جانے کے باوجود شکوہ سنج زمانہ نہ ہوا بلکہ اس نے اپنے مصلے پر بیٹھ کر خاموشی سے ان ہستیوں کے لیے دست دعا بلند کیا جنہوں نے اسے محبت کا سلیقہ سکھایا تھا۔ انسان رشتوں سے نہیں رشتوں کی ابدی یاد سے زندہ رہتا ہے اور یہی یادیں عمر بھر دل کے نہاں خانے میں جلتے ہوئے چراغ کی طرح روشنی دیتی رہتی ہیں۔ 


اختر نے کمرے کی کھڑکی سے باہر پھیلی تاریکی کو دیکھا جہاں دور ایک تنہا ستارہ چمک رہا تھا اور اس کے لبوں پر بے اختیار نزہت عباسی کے یہ اشعار مچل گئے۔۔


رویے مار دیتے ہیں یہ لہجے مار دیتے ہیں

وہی جو جان سے پیارے ہیں رشتے مار دیتے ہیں


کہانی ختم ہوتی ہے کبھی انجام سے پہلے

ادھورے نا مکمل سے یہ قصے مار دیتے

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ