سید معراج جامی، ایک عہد ساز ادبی شخصیت


 سید معراج جامی، ایک عہد ساز ادبی شخصیت


تحریر، محمد اختر شیخ


اردو ادب کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ بعض شخصیات کسی ایک صنف سخن، چند تصانیف یا محدود ادبی حوالوں تک مقید نہیں رہتیں بلکہ اپنے علم، کردار، تخلیقی ریاضت اور تہذیبی شعور کے باعث خود ایک عہد، ایک روایت اور ایک مستقل ادبی دبستان کی صورت اختیار کر لیتی ہیں۔ سید معراج جامی بھی انہی نابغہ روزگار اہل قلم میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے نصف صدی سے زائد عرصے تک خاموش وقار، بے لوث اخلاص، تحقیقی دیانت اور غیر معمولی استقامت کے ساتھ اردو زبان و ادب کی خدمت کو اپنی زندگی کا اولین مقصد بنائے رکھا۔ انہوں نے نہ شہرت کے ہنگاموں کو اپنی منزل بنایا، نہ ستائش و صلہ کی خواہش کو اپنے مزاج پر غالب آنے دیا بلکہ چراغ ادب کو اپنے خون جگر سے روشن رکھا اور علم و آگہی کی اس شمع کی حفاظت کی جس کی روشنی سے آج بھی اہل ذوق فیض یاب ہو رہے ہیں۔


شاعری ہو یا نثر نگاری، تحقیق ہو یا تدوین، تذکرہ نگاری ہو یا ادارت، اشاریہ سازی ہو یا کتاب دوستی، سید معراج جامی نے ہر میدان میں اپنے ذوق سلیم، وسعت مطالعہ اور فکری پختگی کے ایسے نقوش ثبت کیے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ادب کو محض تخلیقی اظہار کا وسیلہ نہیں سمجھا بلکہ اسے تہذیبی ورثے کی حفاظت، علمی امانت کی پاسبانی اور آئندہ نسلوں تک اس سرمایہ علم کی دیانت دارانہ منتقلی کا مقدس فریضہ تصور کیا۔ یہی وصف انہیں اپنے عہد کی ممتاز اور منفرد ادبی شخصیات میں نمایاں مقام عطا کرتا ہے۔


ادبی دنیا جنہیں سید معراج جامی کے نام سے جانتی ہے، ان کا اصل نام سید معراج مصطفی حسین جامی ہے۔ ان کی ولادت 12 مارچ 1955 کو لاہور کی تاریخی اور تہذیبی فضاؤں میں ہوئی۔ اگرچہ بعض مطبوعہ تذکروں اور ثانوی مآخذ میں ان کی جائے پیدائش کے بارے میں مختلف آرا ملتی ہیں، تاہم خود سید معراج جامی نے اپنے قلم سے اس ابہام کی وضاحت کرتے ہوئے لاہور ہی کو اپنی اصل جائے پیدائش قرار دیا ہے۔ تحقیق کا بنیادی اصول بھی یہی ہے کہ جب کسی شخصیت کی اپنی مستند وضاحت موجود ہو تو قیاس آرائیوں کے بجائے اسی کو بنیاد بنایا جائے، اس لیے علمی دیانت کا تقاضا یہی ہے کہ لاہور ہی کو ان کی جائے پیدائش تسلیم کیا جائے۔


ان کے والد سید محمد حسین دلگیر ذوق ادب سے آشنا، علم دوست اور فنون لطیفہ کے شیدائی تھے۔ شعر و سخن سے گہری وابستگی کے ساتھ انہوں نے برصغیر کی ابتدائی خاموش فلموں کے دور میں اداکاری اور ہدایت کاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ یوں سید معراج جامی نے آنکھ ایسی فضا میں کھولی جہاں ادب، فن اور تہذیبی شعور زندگی کا فطری حصہ تھے۔ پھر ان کے برادر بزرگ، برصغیر کے نامور شاعر اور لازوال فلمی نغمہ نگار فیاض ہاشمی کی رفاقت نے اس فطری ذوق کو مزید جلا بخشی۔ ان کی صحبت، رہنمائی اور فنی تربیت نے سید معراج جامی کی تخلیقی استعداد کو سمت عطا کی اور یہی ادبی ماحول آگے چل کر ان کی ہمہ جہت علمی اور ادبی شخصیت کی مضبوط بنیاد ثابت ہوا۔ ابھی عمر کی چند بہاریں ہی گزری تھیں کہ زمانے نے انہیں لاہور سے کراچی منتقل کر دیا، اور کچھ ہی عرصے بعد یہ علمی خانوادہ سندھ کے تاریخی شہر دادو جا بسا۔


چنانچہ سید معراج جامی کی ابتدائی شعوری تربیت، تعلیمی آبیاری اور فکری نشوونما دادو میں ہوئی۔ انہوں نے 1971 میں میٹرک، 1973 میں انٹرمیڈیٹ اور 1975 میں بی اے کے امتحانات امتیازی کامیابی کے ساتھ مکمل کیے۔ مگر ان کی تشنگی علم رسمی اسناد تک محدود نہ رہی۔ اعلی تعلیم کی جستجو انہیں دوبارہ کراچی لے آئی، جہاں انہوں نے جامعہ سندھ سے نجی امیدوار کی حیثیت سے اردو ادب اور مطالعہ اسلامی میں ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہی برسوں میں کتاب ان کی رفیق تنہائی، مطالعہ ان کا محبوب مشغلہ اور علم ان کی سب سے بڑی متاع بن چکا تھا۔ یہی مسلسل مطالعہ، خاموش ریاضت اور علمی انہماک آگے چل کر ان کی تحقیقی بصیرت، تدوینی مہارت اور ادبی وقار کی مضبوط بنیاد ثابت ہوا۔


شعر و ادب سے ان کی وابستگی بھی نوجوانی ہی میں پوری آب و تاب کے ساتھ نمایاں ہو چکی تھی۔ میٹرک کے بعد جب وہ کچھ عرصہ لاہور میں اپنے برادر بزرگ فیاض ہاشمی کی معیت میں مقیم رہے تو انہیں اس دور کے ممتاز شعرا، ادبا اور فلمی حلقوں کو قریب سے دیکھنے اور ان سے کسب فیض کرنے کا نادر موقع ملا۔ یہی وہ زمانہ تھا جب ان کی فطری شعری صلاحیت نے باقاعدہ اظہار کا راستہ اختیار کیا اور غزل گوئی ان کے ذوق کا مستقل حوالہ بن گئی۔ فیاض ہاشمی نے ان کے ابتدائی کلام میں پوشیدہ جوہر کو پہچانتے ہوئے نہ صرف حوصلہ افزائی کی بلکہ انہیں شعری رموز اور فنی نزاکتوں سے بھی آشنا کیا۔ بعد ازاں نامور شاعر اختر اندوری کی وساطت سے انہیں استاد فن فدا خالدی دہلوی کی شاگردی کا شرف حاصل ہوا۔ اس کلاسیکی تربیت نے ان کے ذوق کو فنی پختگی، زبان کو شائستگی اور فکر کو وسعت عطا کی۔ یہی سبب ہے کہ ان کی ابتدائی شاعری ہی میں سنجیدہ فکر، مہذب اسلوب اور عروضی استواری کی جھلک نمایاں دکھائی دینے لگی۔


1985 سید معراج جامی کی ادبی زندگی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اسی برس پاک امریکن کلچرل سینٹر کراچی کے زیر اہتمام نوجوان شعرا کے درمیان ایک باوقار مقابلہ غزل منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے ابھرتے ہوئے شعرا نے شرکت کی۔ اس ادبی مقابلے میں سید معراج جامی کی غزل نے اپنی فکری تازگی، فنی پختگی اور دل آویز اسلوب کے باعث اول انعام حاصل کیا۔ اس مقابلے کے منصفین میں ڈاکٹر ابوالخیر کشفی اور پروین شاکر جیسی بلند پایہ ادبی شخصیات شامل تھیں، جن کی جانب سے اس کامیابی کا اعتراف درحقیقت سید معراج جامی کی شعری صلاحیتوں پر ایک معتبر مہر تصدیق تھا۔ یہ اعزاز صرف ایک انعام نہیں بلکہ ان کے تخلیقی سفر کا وہ روشن موڑ ثابت ہوا جس نے اہل ادب کو یہ احساس دلایا کہ اردو ادب میں ایک ایسا سنجیدہ، باوقار اور صاحب فکر قلم کار اپنی شناخت مستحکم کر رہا ہے جو آنے والے برسوں میں تحقیق، تدوین، تذکرہ نگاری، ادارت اور کتاب دوستی کے میدانوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے گا۔


اسی مرحلے سے سید معراج جامی کی ہمہ گیر ادبی زندگی کا وہ باب شروع ہوتا ہے جس نے آگے چل کر نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط ایک تابندہ روایت کی صورت اختیار کی۔ اس روایت میں تخلیق، تحقیق، تدوین، تذکرہ نگاری، ادبی صحافت ادارت، اشاریہ سازی اور کتاب دوستی ایک ہی شخصیت کے مختلف مگر باہم مربوط پہلو بن کر سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے کبھی اپنی ادبی شناخت کو کسی ایک صنف یا محدود دائرہ کار تک محدود نہیں رکھا بلکہ جس میدان میں بھی قدم رکھا وہاں خاموش ریاضت، علمی دیانت اور غیر معمولی محنت کو اپنا شعار بنایا۔ ان کی شخصیت کا امتیاز یہ ہے کہ انہوں نے شہرت کی چکاچوند سے ہمیشہ بے نیاز رہتے ہوئے ادب کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا۔ یہی سبب ہے کہ ان کے قلم سے نکلنے والی ہر تحریر، مرتب ہونے والی ہر کتاب اور انجام پانے والا ہر تحقیقی منصوبہ اردو زبان و ادب کے تہذیبی سرمائے میں ایک معتبر اضافہ محسوس ہوتا ہے۔


سید معراج جامی کی شخصیت کا ایک نہایت روشن اور منفرد پہلو ان کی غیر معمولی کتاب دوستی ہے، جو محض ذاتی شوق یا مطالعے تک محدود نہیں بلکہ ایک بھرپور علمی تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کتاب کو صرف معلومات کے حصول کا ذریعہ نہیں سمجھا بلکہ اسے تہذیب کی حافظ، علم کی امین اور اہل قلم کی فکری میراث کا معتبر محافظ جانا۔ نصف صدی سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی مسلسل جستجو، بے مثال ذوق مطالعہ اور انتھک محنت کے نتیجے میں انہوں نے نادر، نایاب اور وثیق    کتب کا ایسا گراں قدر ذخیرہ جمع کیا جو رفتہ رفتہ ایک ذاتی لائبریری کی حدود سے نکل کر اہل علم، محققین، جامعات کے اساتذہ اور سنجیدہ قارئین کے لئے ایک معتبر علمی مرکز کی صورت اختیار کر گیا۔ اس علمی خزانے کی ہر کتاب ان کے ذوق انتخاب، وسعت مطالعہ اور ادب سے بے لوث عشق کی خاموش گواہ ہے، جبکہ اس کی ہر الماری برسوں کی ریاضت، جستجو اور علم دوستی کی ایک دلکش داستان سناتی محسوس ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کتب خانہ جامی محض کتابوں کا ذخیرہ نہیں بلکہ اردو زبان و ادب کے سنجیدہ طالب علموں کے لئے ایک روشن چراغ، ایک معتبر حوالہ اور علم و تحقیق کا ایسا مرکز ہے جہاں سے تشنگان علم مسلسل فیض یاب ہو رہے ہیں۔


کتابوں سے اس والہانہ تعلق کا عالم یہ تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جب اس علمی سرمائے میں مسلسل اضافہ ہونے لگا تو رہائش گاہ بھی اس کے سامنے سمٹتی محسوس ہونے لگی۔ گھر کے کمروں، راہداریوں اور ہر دستیاب گوشے میں کتابیں اس انداز سے پھیل گئیں کہ ان کی حفاظت، ترتیب اور مناسب نگہداشت ایک مستقل مسئلہ بن گئی۔ ایسے میں سید معراج جامی کے صاحبزادوں اور بہوؤں نے اپنے بزرگ کے عمر بھر کے علمی اثاثے کی قدر کرتے ہوئے ایک ایسا فیصلہ کیا جو ہمارے معاشرے میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے اس عظیم ذخیرہ کتب کے لئے ایک الگ فلیٹ کرائے پر حاصل کیا اور نہایت محبت، خلوص اور سلیقے کے ساتھ برسوں کی تپسیا سے جمع ہونے والی ہر کتاب، ہر الماری اور ہر علمی یادگار کو وہاں منتقل کر کے ایک باقاعدہ اور منظم کتب خانے کی بنیاد رکھ دی۔ یہ محض کتابوں کی منتقلی نہ تھی بلکہ ایک صاحب علم کی عمر بھر کی کمائی، اس کی فکری میراث اور تہذیبی امانت کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ کرنے کا ایک خوبصورت اور قابل تقلید عمل تھا۔

جب اس علمی آستانے کی آرائش اور ترتیب مکمل ہوئی تو ایک روز سید معراج جامی کو اس نئے کتب خانے میں اس طرح لایا گیا کہ انہیں اس انتظام کی پیشگی اطلاع نہ تھی۔ جیسے ہی دروازہ کھلا، سامنے برسوں کی محبت، ریاضت اور جستجو سے جمع کیا گیا ان کا علمی سرمایہ نہایت قرینے سے آراستہ الماریوں میں ایک مکمل کتب خانے کی صورت جلوہ گر تھا۔ یہ منظر دیکھ کر ان کی آنکھوں میں تشکر کی نمی اور دل میں مسرت کی ایسی کیفیت موجزن ہوئی جسے الفاظ میں پوری طرح بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ایک صاحب علم کے لئے اس سے بڑھ کر شاید کوئی تحفہ نہیں ہو سکتا کہ اس کی عمر بھر کی فکری متاع کو اس کی اپنی اولاد محبت، احترام اور اہتمام کے ساتھ محفوظ کر دے۔ یہ صرف ایک فلیٹ یا چند الماریوں کی ترتیب نہ تھی بلکہ علم سے محبت، والد کے فکری ورثے سے وفاداری اور تہذیبی شعور کا ایسا خاموش اظہار تھا جو اپنی مثال آپ ہے۔


بعد ازاں اس علمی ذخیرے کو مزید منظم، سہل الاستفادہ اور تحقیقی ضرورتوں کے مطابق مرتب کرنے کا مرحلہ شروع ہوا۔ ہزاروں کتابوں کی موضوعاتی درجہ بندی، اندراج، ترتیب اور ہر کتاب کو اس کے مناسب مقام تک پہنچانا ایک نہایت صبر آزما اور محنت طلب کام تھا۔ اس مرحلے میں سید معراج جامی کے تمام صاحبزادوں اور بہوؤں نے خاندانی روایت، علمی شعور اور خدمت کے جذبے کے ساتھ بھرپور حصہ لیا۔ پھر جب اس کار خیر کی خوشبو اہل علم تک پہنچی تو متعدد احباب بھی اس علمی سفر کے شریک کار بن گئے۔ راقم الحروف، قیصر کریم، خورشید عالم (مرحوم) ، خواجہ فاروق احمد ذاکر،  پروفیسر اعجاز بابو خان، پروفیسر محمد انس اور محمد سجاد نے اپنی استطاعت کے مطابق عملی تعاون کیا، جبکہ پروفیسر اعجاز بابو خان کی دو طالبات، ثمر جہاں اور مہوش اختر نے بھی کتابوں کی صفائی، ترتیب اور اندراج میں نہایت ذوق و انہماک سے حصہ لیا۔ یوں محبت، اخلاص اور اجتماعی تعاون کی یہ خوبصورت داستان بالآخر ایک ایسے منظم علمی مرکز کی صورت میں سامنے آئی جو آج اہل علم کے لئے باعث افتخار ہے۔


اج کتب خانہ جامی میں تقریبا بیس ہزار کتابوں کا ایسا دقیق ذخیرہ ہے، جس میں نادر و نایاب اور گراں قدر کتابیں بھی ہیں، پاکستان اور بھارت کے ماضی کے کئی معارف رسائل و جرائد کا بھی خاصا ذخیرہ ہے۔ جو اپنے تنوع، ندرت اور علمی اہمیت کے اعتبار سے نجی کتب خانوں میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔ اردو زبان و ادب کے کلاسیکی اور جدید شاہکاروں کے ساتھ ساتھ تاریخ، فلسفہ، تنقید، تحقیق، سوانح، مذہب، لسانیات اور دیگر علوم و فنون سے متعلق بے شمار نادر مراجع اس علمی خزانے کی زینت ہیں۔ وقت کے ساتھ یہ کتب خانہ محض ایک ذاتی لائبریری نہیں رہا بلکہ اہل علم، جامعات کے اساتذہ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے محققین، ادیبوں، شاعروں اور سنجیدہ قارئین کے لئے ایک معتبر علمی مرجع کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ متعدد تحقیقی مقالات، کتابیں اور علمی منصوبے اسی ذخیرہ کتب سے استفادہ کرتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچے ہیں، جبکہ آج بھی تحقیق کی راہ پر گامزن بے شمار طلبہ و طالبات اس بقعہ نور سے اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ کتب خانہ جامی سید معراج جامی کی نصف صدی سے زائد علمی ریاضت، وسعت مطالعہ، ذوق تحقیق اور اردو ادب سے والہانہ عشق کا ایک زندہ استعارہ ہے، جس کی ہر الماری اور ہر کتاب آنے والی نسلوں کو علم، تحقیق اور کتاب دوستی کی طرف دعوت دیتی محسوس ہوتی ہے۔


تخلیق کے شانہ بشانہ سید معراج جامی نے تدوین، ترتیب اور اشاریہ نگاری جیسے صبر آزما اور کم توجہ پانے والے میدانوں میں بھی ایسی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جو اردو تحقیق کی تاریخ میں ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھی جائیں گی۔ انہوں نے بکھرے ہوئے علمی سرمائے کو محض یکجا ہی نہیں کیا بلکہ اسے تحقیق کے تقاضوں کے مطابق مرتب، مدون اور محفوظ کر کے آنے والی نسلوں کے لئے قابل استفادہ بنا دیا۔ ان کی مرتبہ کتب پر نظر ڈالی جائے تو ان کی علمی بصیرت، نکتہ رسی اور تحقیقی دیانت ہر عنوان سے نمایاں ہوتی ہے۔ کہتے ہیں تجھے دانشمنداں، متعلقات مشفق خواجہ، ساون میں "دھوپ کا خالق"، "ترجمان اردو"، "خواجہ طارق محمود، ڈاکٹر جمیل جالبی، عصری آگہی کا ایک تناظر، اردو کے مشہور اشعار، رئیس فاطمہ، احوال و آثار اور کلیات صابر جیسی وقیع کتابیں اس حقیقت کی روشن شہادت ہیں کہ سید معراج جامی نے تدوین کو محض مواد جمع کرنے کا عمل نہیں سمجھا بلکہ اسے علمی امانت کی حفاظت، متن کی صحت اور ادبی ورثے کے تحفظ کا مقدس فریضہ جان کر نبھایا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی ہر مرتبہ کتاب اپنے اندر محنت، تحقیق، دیانت اور ادبی وقار کی ایک مکمل داستان سمیٹے ہوئے ہے۔


تدوین کے اس درخشاں سفر کے ساتھ ساتھ تالیف اور اشاریہ نگاری کے میدان میں بھی سید معراج جامی نے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ یہ وہ شعبہ ہے جس میں خاموش محنت زیادہ اور داد تحسین کم ملتی ہے، مگر انہوں نے ہمیشہ اسی راہ کو اختیار کیا جہاں خدمت نمایاں ہو اور شخصیت پس منظر میں رہے۔ ڈاکٹر حمید اللہ کے خطوط اور ڈاکٹر محمد صابر علی کے نام مکتوبات کی ترتیب و تدوین ہو، یا برطانیہ سے شائع ہونے والے "سہ ماہی اردو لندن" کے اڑتالیس شماروں کے اداریوں کا مجموعہ اور ان کا اشاریہ مرتب کرنا، نیز ماہنامہ پرواز لندن کے تقریباً ساڑھے بیس برس پر محیط دو سو چھیالیس شماروں کا دو ضخیم جلدوں میں اشاریہ مرتب کرنا، یہ سب ایسے علمی کارنامے ہیں جو غیر معمولی صبر، باریک بینی، تحقیقی انہماک اور مسلسل ریاضت کے متقاضی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اشاریہ نگاری محض فہرست سازی کا نام نہیں بلکہ علم کے منتشر خزانوں تک رسائی کا معتبر راستہ فراہم کرنے کا عمل ہے، اور سید معراج جامی نے اس فن کو اپنی علمی بصیرت سے نئی وقعت عطا کی ہے۔ ان کی یہ خدمات آنے والے محققین کے لئے محض مراجع نہیں بلکہ تحقیق کی راہوں کو آسان بنانے والا ایسا قیمتی سرمایہ ہیں جس کی اہمیت وقت گزرنے کے ساتھ مزید نمایاں ہوتی جائے گی۔


سید معراج جامی کی ہمہ جہت شخصیت کا جس زاویے سے بھی مطالعہ کیا جائے، ہر راستہ بالآخر اردو زبان و ادب ہی کی خدمت پر آ کر منتج ہوتا ہے۔ انہوں نے قلم کو نہ کبھی شہرت کا زینہ بنایا، نہ معاش کا وسیلہ بلکہ اسے علم کی امانت اور تہذیب کی پاسبانی کا فریضہ سمجھ کر عمر بھر نبھایا۔ ان کی تحریروں میں لفظوں کی آرائش سے زیادہ فکر کی پختگی، مطالعے کی گہرائی اور احساس کی صداقت جلوہ گر دکھائی دیتی ہے۔ وہ پیچیدہ علمی مسائل کو بھی ایسی شائستگی، سلاست اور دل نشینی کے ساتھ بیان کرتے ہیں کہ قاری بے اختیار ان کے اسلوب کا اسیر ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی غزل ہو یا نثر، تحقیق ہو یا تدوین، ادارت ہو یا تذکرہ نگاری، ہر جگہ سنجیدہ مزاج، تہذیبی وقار اور علمی دیانت نمایاں دکھائی دیتی ہے۔ ان کے نزدیک ادب صرف نئی تخلیقات پیش کرنے کا نام نہیں بلکہ اسلاف اور معاصرین کے علمی و ادبی سرمائے کی حفاظت، گمنام اہل قلم کی خدمات کو تاریخ کے صفحات میں محفوظ کرنا اور علم کی شمع کو آنے والی نسلوں تک پوری آب و تاب کے ساتھ منتقل کرنا بھی اتنا ہی عظیم فریضہ ہے۔


ان کی اسی خاموش مگر مسلسل علمی ریاضت اور ہمہ گیر ادبی خدمات کا اعتراف صرف ادبی حلقوں تک محدود نہیں رہا بلکہ ملک کی متعدد جامعات نے بھی ان کی شخصیت اور فن کو اپنے تحقیقی مطالعات کا موضوع بنایا۔ ان کی شاعری، نثر، تدوینی خدمات، ادارت اور مجموعی ادبی کردار پر ایم فل سطح کے متعدد تحقیقی مقالات پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں۔ 

جامعہ بلوچستان، کوئٹہ سے بینظیر جعفر نے ۲۰۱۶-۲۰۱۷، سیشن میں اور محمد فیاض اشرف نے ۲۰۱۹-۲۰۲۱، سیشن میں، منہاج یونیورسٹی، لاہور، اکبر علی نے ۲۰۲۰-۲۰۲۲، سیشن میں، الحمد اسلامک یونیورسٹی، اسلام آباد، ہزارہ یونیورسٹی، مانسہرہ سے رخشندہ معظم نے ۲۰۲۲، سیشن، میں اور افشاں بی بی نے ۲۰۲۳، سیشن میں چترال یونیورسٹی، چترال جیسے معتبر اداروں میں ان کے فن اور خدمات پر ہونے والی یہ تحقیقی کاوشیں اس حقیقت کی واضح دلیل ہیں۔ کہ سید معراج جامی کا نام اب صرف ادبی دنیا ہی میں نہیں بلکہ جامعاتی تحقیق کے افق پر بھی ایک معتبر اور مستقل حوالہ بن چکا ہے۔




اہل قلم اور ارباب نقد و نظر نے بھی سید معراج جامی کی ان بے لوث علمی و ادبی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ مختلف ادوار میں ان کی شخصیت اور کارناموں پر خصوصی اشاعتیں منظر عام پر آئیں جو ان کے علمی مقام کا معتبر اعتراف ہیں۔ ۲۰۱۴ میں کراچی سے شائع ہونے والے سہ ماہی بیلاگ نے ان کی شخصیت اور خدمات پر ایک وقیع خصوصی گوشہ شائع کیا۔ اسی برس ہندوستان کے شہر امراوتی سے جاری ہونے والے سہ ماہی اردو نے فنکار شناسی سید معراج جامی کے عنوان سے خصوصی شمارہ شائع کر کے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں ۲۰۲۳ میں کراچی کے سالانہ مجلے ادب و کتب خانہ نے گوشہ سید معراج جامی شائع کر کے ان کی علمی و ادبی خدمات کا جامع اعتراف کیا۔ یہ خصوصی اشاعتیں اس حقیقت کی روشن شہادت ہیں کہ سید معراج جامی کی خدمات کو ملک کے اندر ہی نہیں بلکہ سرحدوں کے اس پار بھی یکساں احترام، اعتماد اور علمی وقعت کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔


سید معراج جامی کی متحرک ادبی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ان کا دائرہ عمل صرف پاکستان تک محدود نہیں رہا بلکہ مختلف ادوار میں انہیں بین الاقوامی علمی و ادبی اجتماعات میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ ۱۹۹۲ میں دہلی میں منعقد ہونے والے عالمی مشاعرے میں شرکت، اسی سال نیروبی میں ان کے پہلے شعری مجموعے روزن خیال کی تقریب رونمائی، ۱۹۹۶ میں لندن میں منعقدہ عالمی جوش سیمینار میں شرکت، ۱۹۸۸ کی عالمی اردو کانفرنس لندن میں بطور مندوب موجودگی اور ۲۰۰۱ میں ممبئی میں منعقد ہونے والی عالمی اردو کانفرنس اور جشن ساحر لدھیانوی میں شرکت ان کے بین الاقوامی ادبی روابط کی نمایاں مثالیں ہیں۔ ان علمی اسفار نے نہ صرف ان کے مشاہدات کو وسعت بخشی بلکہ انہیں مختلف تہذیبوں، ادبی روایتوں اور علمی رجحانات سے براہ راست آگاہ ہونے کا موقع بھی فراہم کیا۔ یوں انہوں نے بیرون ملک اردو زبان و ادب کی نمائندگی کے ساتھ پاکستان کے علمی اور تہذیبی تشخص کو بھی وقار کے ساتھ پیش کیا۔


سید معراج جامی کی تحقیقی زندگی کا ایک نہایت وقیع، منفرد اور تاریخ ساز پہلو وہ عظیم منصوبہ ہے جس پر وہ ۱۹۸۸ سے مسلسل مصروف عمل ہیں۔ یہ منصوبہ قیام پاکستان کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کرنے والے یا یہیں آسودہ خاک ہونے والے شعرا و شاعرات کا ایک جامع، مستند اور مبسوط تذکرہ مرتب کرنے سے متعلق ہے۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ڈھائی ہزار سے زائد شعرا و شاعرات کے حالات زندگی، ادبی کوائف، تصاویر، منتخب کلام اور دیگر ضروری معلومات نہایت محنت، تحقیق اور احتیاط کے ساتھ جمع کی ہیں، جن میں سے ایک ہزار سے زائد شخصیات کا مواد مکمل طور پر مرتب ہو چکا ہے۔ اپنی نوعیت کا یہ عظیم منصوبہ نہ صرف کراچی کی ادبی اور تہذیبی تاریخ کا ایک بنیادی ماخذ ثابت ہوگا بلکہ اردو تحقیق کے میدان میں بھی ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرے گا۔ اگرچہ مالی وسائل کی محدودیت اور اشاعتی مشکلات کے باعث یہ علمی شاہکار تاحال زیور طبع سے آراستہ نہیں ہو سکا، تاہم اس کی تحقیقی اہمیت، تاریخی افادیت اور علمی وقعت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ یہ منصوبہ سید معراج جامی کے غیر معمولی صبر، تحقیقی دیانت، وسعت مطالعہ اور اردو ادب سے بے مثال وفاداری کا روشن استعارہ ہے، جو ان کی علمی زندگی کے نمایاں ترین کارناموں میں ہمیشہ شمار کیا جائے گا۔


عمر عزیز کے اس مرحلے پر بھی سید معراج جامی کی علمی اور ادبی سرگرمیوں میں کوئی توقف نہیں آیا۔ ان کا قلم آج بھی اسی تازگی، انہماک اور فکری توانائی کے ساتھ متحرک ہے جس نے نصف صدی قبل ان کے تخلیقی سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ ایک طرف اپنے دیرینہ تحقیقی منصوبوں کی تکمیل میں مصروف ہیں تو دوسری جانب متعدد نئی تصانیف بھی مراحل ترتیب اور اشاعت سے گزر رہی ہیں۔ 'بنام من' جلد اول، جلد دوم اور جلد سوم، "معراج افکار" مقالات جامی، زمین غالب پر سخن مافیا کا قبضہ، مرزا غالب مزاح گویاں کے نرغے میں اور کلام شعر پر مزاح گویاں کی چڑھائی جیسی زیر ترتیب کتب اس امر کی روشن دلیل ہیں کہ ان کے فکر و قلم کی روانی آج بھی ماند نہیں پڑی۔ ان کے نزدیک علم و ادب کا سفر کسی منزل پر آ کر رکتا نہیں بلکہ ہر نئی کتاب ایک نئے سفر کا آغاز اور ہر تحقیقی منصوبہ آئندہ نسلوں کے لئے ایک نئی راہ ہموار کرتا ہے۔ یہی مسلسل جستجو، خاموش استقامت اور فکری تازگی سید معراج جامی کی شخصیت کو معاصر اردو ادب میں ایک زندہ، فعال اور ہمہ وقت متحرک علمی وجود کی حیثیت عطا کرتی ہے۔


اگرچہ سید معراج جامی کی ادبی شناخت تحقیق، تدوین، تذکرہ نگاری، اشاریہ سازی، ادارت اور نثر نگاری سمیت ادب کی متعدد جہات پر محیط ہے، تاہم ان کی بنیادی اور فطری پہچان ایک صاحب طرز اور صاحب فکر شاعر کی ہے۔ ان کی غزل میں فکر کی سنجیدگی، جذبے کی صداقت، زبان کی شائستگی اور بیان کی لطافت اس انداز سے یکجا ہو جاتی ہے کہ شعر محض لفظوں کی آرائش نہیں رہتا بلکہ احساس، تجربے اور آگہی کی زندہ ترجمانی بن جاتا ہے۔ "معراج عقیدت" میں نعتیہ شاعری میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا والہانہ، باوقار اور پرخلوص اظہار ملتا ہے، جبکہ جاپانی صنف سخن سین ریوز میں انہوں نے اختصار، معنویت اور فکری ندرت کو بڑی ہنر مندی سے برتا ہے۔ پاکستان میں جاپانی مزاحیہ صنف سخن "سین ریوز" کا اب تک پہلا مجموعہ "بیوی سے چھپ کر" ہے، جو ۲۰۱۳ میں منظرِ عام پر آیا تھا، اور اب ۲۰۲۶ میں سین ریوز کا دوسرا مجموعہ "بیٹے کا روبوٹ" آیا ہے۔ یہ دونوں کتابیں ایک ہی جلد میں شامل ہیں۔ ان کے کلام میں کہیں زندگی کے نشیب و فراز کی بازگشت سنائی دیتی ہے، کہیں انسانی رشتوں کی لطافت جلوہ گر ہوتی ہے اور کہیں عصر حاضر کے فکری اور سماجی مسائل نہایت مہذب اور موثر پیرائے میں سامنے آتے ہیں۔ ان کا شعری سرمایہ اس حقیقت کا گواہ ہے کہ انہوں نے روایت کی پاسداری کے ساتھ عصری شعور کو بھی ہمیشہ پیش نظر رکھا اور زبان و بیان کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے احساسات کو ایسی تہذیبی شائستگی عطا کی جو معاصر اردو شاعری میں ان کا منفرد امتیاز بن چکی ہے۔


ذیل میں ان کے کلام سے چند منتخب نمونے پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ قاری خود ان کے فکر و فن، زبان و بیان اور شعری آہنگ کا براہ راست لطف اٹھا سکے۔


(نمونہ کلام غزلیات)


زندگی کیا ہر قدم پر اک نئی دیوار ہے

تیرگی دیوار تھی اب روشنی دیوار ہے


کیوں بھٹکتے پھر رہے ہیں آج ارباب خرد

کیا جنوں کے راستے میں آگہی دیوار ہے


بچ نہیں سکتی تغیر کے اثر سے کوئی شے

پہلے سنتی تھی مگر اب دیکھتی دیوار ہے


ہم تو وابستہ ہیں ایسے دور سے جس دور میں

آدمی کے راستے میں آدمی دیوار ہے


جذبۂ جہد و عمل سے زندگی کوہ گراں

بے عمل ہو زندگی تو ریت کی دیوار ہے


آج اپنے دشمنوں سے کھل کے لڑ سکتا نہیں

دشمنی کے راستے میں دوستی دیوار ہے


روح کیوں مضطر نہ ہو جامی حریم جسم میں

جس طرف بھی دیکھتی ہے آہنی دیوار ہے


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


قمقمے سے جلتے ہیں زندگی کے آنگن میں

جب کبھی میں جاتا ہوں کمسنی کے آنگن میں


میرے بچپنے کی یاد آج بھی ستاتی ہے

جا کے بیٹھ جاتا ہوں جب کسی کے آنگن میں


تیرگی نے رکھا تھا اپنی کوکھ میں جن کو

ان کے عیب روشن ہیں روشنی کے آنگن میں


رنج ساتھ چلتے ہیں غم قدم ملاتے ہیں

رقص کرنے لگتا ہوں جب خوشی کے آنگن میں


بھوک اور عریانی اب ہیں مونس و غم خوار

ان کے دم سے رونق ہے مفلسی کے آنگن میں


زندگی کے کمروں کو دیکھنے کی حسرت تھی

عمر کٹ گئی لیکن زندگی کے آنگن میں


ہے نصیب میں جن کے زینت لحد ہونا

ایسے پھول بھی دیکھے شاعری کے آنگن میں


کوئی حل نہ کر پایا عقدہ زندگانی کا

کتنے نکتہ رس دیکھے آگہی کے آنگن میں


میں نے خود لگایا ہے اک گلاب کا پودا

دوستی کے آنگن سے دشمنی کے آنگن میں


دھوپ کی تمازت سے سب جھلس گئے جامی

چاندنی اُتر آئے ہر کسی کے آنگن میں


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مدحت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم



میری جانب بھی ہو اک نگاہ کرم اے شفیع الوریٰ خاتم الانبیا

آپ نور ازل آپ شمع حرم، آپ شمس الضحٰی خاتم الانبیا


آپ ہیں حق نگر آپ ہیں حق رساں سدرۃ المنتہٰی آپ کے زیر پا

آپ ہیں مظہر ذات رب العلیٰ رہبر حق نما خاتم الانبیا


اے فصیح البیاں اے بلیغ اللساں اے وحیدالزماں ماورائے گماں

آپ کا نور ہے از کراں تا کراں شاہد کبریا خاتم الانبیا


مرسل مرسلاں سرور عرشیاں هادی انس و جاں مقبل مقبلاں

آپ کی ذات ہے باعث کن فکاں راز ارض و سما خاتم الانبیا


آپ فخر عجم آپ شان عرب آپ فضل اتم آپ رحمت لقب

سرور ذی حشم شاہ والا نسب مرتضٰی مجتبٰی خاتم الانبیا


آپ ہیں وجہ تخلیق کون و مکاں آپ کے دم سے ہیں یہ زمیں آسماں

آپ ہیں بے نشانی کا بین نشاں اے شہ دوسرا خاتم الانبیا


آپ کے سر پہ لولاک کا تاج ہے آپ ہی کو فقط فخر معراج ہے

آپ کے ہاتھ اسلام کی لاج ہے یا نبی مصطفیٰ خاتم الانبیا



۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


جاپانی صنف سخن سین ریوز



کتنی شتابی سے

عقل کا تالا کھلتا ہے

دل کی چابی سے


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔    


دونوں تھے تصور

آنکھوں نے پڑھ لی جامی

آنکھوں کی تحریر


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 


زندہ مار گئی

اک مونس تنہائی تھی

وہ بھی ہار گئی


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


سید معراج جامی کی نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط علمی اور ادبی زندگی کا غیر جانب دارانہ مطالعہ اس حقیقت کو پوری وضاحت کے ساتھ آشکار کرتا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ کمیت پر کیفیت، شہرت پر وقار اور نمود و نمائش پر خاموش خدمت کو ترجیح دی۔ ان کی تصانیف، تدوینی کارنامے، اشاریہ نگاری، تحقیقی منصوبے، کتب خانہ جامی، بین الاقوامی ادبی روابط اور مسلسل علمی ریاضت اس امر کے روشن گواہ ہیں کہ ان کے نزدیک ادب محض تخلیقی اظہار کا نام نہیں بلکہ تہذیبی ورثے کی حفاظت، علمی امانت کی نگہبانی اور آنے والی نسلوں تک اس سرمایہ علم کو پوری دیانت کے ساتھ منتقل کرنے کا مقدس فریضہ بھی ہے۔ یہی سبب ہے کہ ان کی شخصیت محض ایک شاعر، محقق یا مدیر کے تعارف تک محدود نہیں رہتی بلکہ وہ عہد حاضر میں اردو زبان و ادب کی ان معتبر اور باوقار شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جن کی خدمات اپنی وسعت، گہرائی اور اثر پذیری کے اعتبار سے مستقل تحقیقی توجہ کی مستحق ہیں۔


ملک کی مختلف جامعات میں ان کی شخصیت اور فن پر ہونے والے تحقیقی مقالات، ممتاز ادبی جرائد کے خصوصی گوشے، اہل علم و قلم کی تحسین اور سنجیدہ قارئین کی والہانہ پذیرائی اس حقیقت کی توثیق کرتی ہے کہ سید معراج جامی نے اپنی خاموش مگر مسلسل ریاضت سے ادب میں وہ مقام حاصل کیا ہے جو محض شہرت سے نہیں بلکہ عمر بھر کی علمی دیانت، وسیع مطالعے، فکری پختگی اور بے لوث خدمت سے نصیب ہوتا ہے۔ ان کی پوری زندگی اس سچے یقین کی روشن دلیل ہے کہ قلم کی اصل عظمت اس کے شور میں نہیں بلکہ اس کے اثر میں ہوتی ہے، اور یہی اثر انہیں اپنے معاصرین میں ممتاز اور آنے والے زمانوں کے لئے ایک روشن حوالہ بنا دیتا ہے۔

سید معراج جامی کی زندگی کا سب سے بڑا حاصل صرف ان کی شائع شدہ کتابیں، تحقیقی مقالات یا ادبی اعزازات نہیں بلکہ وہ زندہ علمی روایت ہے جسے انہوں نے نصف صدی سے زائد عرصے تک نہایت خاموشی، استقامت اور دیانت کے ساتھ پروان چڑھایا۔ ان کا قائم کردہ کتب خانہ جامی، اسلاف اور معاصرین کے علمی سرمائے کو محفوظ رکھنے کی مسلسل جدوجہد، گوشہ نشین اہل قلم کی خدمات کو تاریخ کے صفحات میں محفوظ کرنے کا جذبہ اور کراچی کے شعرا پر محیط ان کا عظیم تحقیقی منصوبہ اس حقیقت کا روشن ثبوت ہے کہ وہ ادب کو محض تخلیق کا عمل نہیں بلکہ ایک تہذیبی امانت سمجھتے ہیں، جس کی حفاظت اور بقا ہر صاحب قلم کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ یہی احساس ذمہ داری ان کے پورے ادبی سفر کو ایک ایسی معنویت عطا کرتا ہے جو وقتی شہرت کے شور سے کہیں بلند اور دیرپا ہے۔


آج کے اس پر آشوب عہد میں، جب ادب بھی بسا اوقات تشہیر، گروہ بندی اور وقتی مقبولیت کی نذر ہوتا دکھائی دیتا ہے، سید معراج جامی کی خاموش، باوقار اور بے غرض ادبی زندگی ایک روشن مثال کی حیثیت اختیار کر جاتی ہے۔ انہوں نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا کہ علم و ادب کی دنیا میں پائیدار عزت اور حقیقی اعتبار بلند دعووں، خود نمائی یا اشتہار بازی سے نہیں بلکہ مسلسل مطالعے، تحقیقی دیانت، خلوص نیت، اخلاقی وقار اور عمر بھر کی خاموش خدمت سے حاصل ہوتا ہے۔ یہی اوصاف انہیں اپنے عہد کے ان معدودے چند اہل قلم میں شامل کرتے ہیں جن کی شخصیت بھی قابل احترام ہے اور خدمات بھی لائق تحسین۔


سید معراج جامی کی ہمہ جہت علمی و ادبی خدمات بلاشبہ اردو زبان و ادب کا ایک گراں قدر، زندہ اور قابل فخر سرمایہ ہیں۔ ان کی شخصیت اس حقیقت کا روشن استعارہ ہے کہ علم کی اصل عظمت شہرت کی چکاچوند میں نہیں بلکہ خاموش ریاضت، فکری دیانت، تہذیبی شعور اور خدمت ادب کے بے لوث جذبے میں مضمر ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے قلم سے صرف کتابیں نہیں لکھیں بلکہ ایک ایسی علمی روایت کی آبیاری کی ہے جس کی شاخیں آنے والے زمانوں تک اہل علم کو سایہ فراہم کرتی رہیں گی۔ یقین ہے کہ مستقبل کے محققین ان کے علمی اور ادبی کارناموں کے نئے گوشے مزید تحقیق کے ذریعے سامنے لائیں گے اور ان کے افکار و خدمات کو اردو ادب کی تاریخ میں وہ مقام عطا کریں گے جس کے وہ بجا طور پر مستحق ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی سید معراج جامی کو صحت، عافیت اور عمر دراز عطا فرمائے تاکہ ان کا فیضان علم، ان کی روشنی فکر اور ان کی خدمت ادب کا یہ روشن چراغ مدتوں اہل ذوق کی رہنمائی کرتا رہے اور اردو زبان و ادب کا افق ان کے علم و قلم کی ضیا سے اسی طرح منور رہے۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ