ماں جو بوجھ نہ بنی
ماں جو بوجھ نہ بنی
از: اختر شیخ
سردیوں کی ایک دھند آلود صبح تھی۔ سورج ابھی افق کی اوٹ سے پوری طرح برآمد نہیں ہوا تھا۔ روشنی کی مدھم لکیر آسمان کے کنارے پر خاموشی سے پھیل رہی تھی۔
پرانے مکان کی بالکونی میں رکھی لکڑی کی ایک بوسیدہ کرسی پر ایک ضعیف خاتون بیٹھی تھیں۔ ان کی گود میں کپڑے کی ایک پرانی تھیلی رکھی تھی جس کا اصل رنگ وقت کی گرد میں کہیں گم ہو چکا تھا۔ ہر چند روز بعد وہ اسی تھیلی کو نہایت اہتمام سے کھولتیں، زرد پڑ چکے چند لفافے نکالتیں اور دیر تک انہیں یوں دیکھتی رہتیں جیسے وہ کاغذ کے چند ٹکڑے نہیں، اپنی عمر کے بکھرے ہوئے موسم ہوں۔
یہ وہ خطوط تھے جو انہوں نے اپنے بیٹے شایان کے نام لکھے تھے، مگر کبھی ڈاک کے سپرد نہ کر سکیں۔
گلی سے گزرتے بچوں کی شوخ آوازوں نے ان کے خیالوں کا سلسلہ توڑ دیا۔
انہوں نے چونک کر سر اٹھایا۔
ایک دبلا پتلا لڑکا اسکول کا بستہ کندھے سے سنبھالتا بے فکری سے دوڑتا ہوا گزر گیا۔
وہ دیر تک اسے جاتا دیکھتی رہیں
لبوں پر ایک مدھم سی مسکراہٹ ابھری مگر اگلے ہی لمحے پلکوں کی نمی میں تحلیل ہو گئی۔
شایان بھی تو بالکل ایسا ہی تھا...
وہ دھیرے سے خود ہی سے بولیں۔
یادوں کا دریچہ ایک بار پھر کھل گیا۔
یادیں موسموں کی پابند نہیں ہوتیں۔ وہ ایک لمحے میں انسان کو برسوں پیچھے لے جاتی ہیں۔ ان کی نگاہوں کے سامنے پھر وہی دن ابھر آیا جس نے ان کی پوری زندگی کا رخ بدل دیا تھا۔
بارش ابھی تھمی ہی تھی جب ان کے شوہر کا جنازہ گھر سے اٹھا تھا۔ شام ہوتے ہوتے تعزیت کرنے والے بھی رخصت ہو گئے مگر اس دن اس گھر سے صرف ایک آدمی نہیں گیا تھا۔ ایک عورت کی ہنسی، ایک بچے کا بچپن اور ایک گھر کی رونق بھی اسی کے ساتھ دفن ہو گئی تھی۔
اس وقت شایان صرف نو سال کا تھا۔
وہ صحن کے ایک کونے میں خاموش بیٹھا سب لوگوں کو آتے جاتے دیکھ رہا تھا۔ شاید وہ ابھی موت کا مطلب نہیں سمجھتا تھا مگر اتنا ضرور جان گیا تھا کہ اس دن کے بعد اس کی دنیا بدل چکی ہے۔
محلے والوں نے حسب دستور مشوروں کی بارش کر دی۔
بہن، ابھی تمہاری عمر ہی کیا ہے۔ دوسری شادی کر لو۔
لڑکے کو مدرسے میں ڈال دو۔ بوجھ کچھ ہلکا ہو جائے گا۔
اکیلی عورت کب تک زندگی کا یہ بار اٹھائے گی۔
وہ سب کی باتیں خاموشی سے سنتی رہیں مگر ان کی نظریں صرف اپنے بیٹے پر ٹکی رہیں۔
اسی رات انہوں نے اپنے دل میں ایک ایسا عہد کیا جس کا گواہ صرف اللہ تھا۔
آج کے بعد ان کی اپنی کوئی خواہش نہیں ہوگی۔
کوئی خواب، کوئی آرزو، کوئی ضد...
اگر کچھ ہوگا تو صرف شایان کا مستقبل۔
چند ہی روز بعد انہوں نے صندوق کھولا۔
شادی کے زیورات ایک ایک کر کے باہر نکالے۔
ہر زیور کے ساتھ زندگی کی کوئی نہ کوئی خوشگوار یاد وابستہ تھی مگر اس روز انہوں نے یادوں کو بھی خاموشی سے رخصت کر دیا۔
انہی زیورات کی قیمت سے شایان کی فیس ادا ہوئی، اس کی کتابیں خریدی گئیں اور گھر کا چولہا بھی جلتا رہا۔
پھر زندگی ایک مسلسل ریاضت میں ڈھل گئی۔
دن بھر لوگوں کے کپڑے سینا، شام کو کڑھائی کرنا اور رات گئے تک سلائی مشین پر جھکے رہنا ان کا معمول بن گیا۔
بجلی چلی جاتی تو لالٹین کی زرد روشنی ان کی رفیق بن جاتی۔
سوئی بارہا انگلی میں چبھتی، خون رسنے لگتا مگر وہ مسکرا کر کپڑے کی ایک کترن لپیٹ لیتیں اور پھر کام میں جت جاتیں۔
وہ جانتی تھیں اگر ان کے ہاتھ رک گئے تو گھر کا چولہا بھی ٹھنڈا پڑ جائے گا۔
کبھی کبھی رات کے آخری پہر شایان کی آنکھ کھل جاتی۔
وہ نیم خوابیدہ آواز میں کہتا،
امی... اب سو جائیں۔
وہ سلائی مشین سے نظریں اٹھائے بغیر مسکرا دیتیں۔
بس یہ آخری کپڑا رہ گیا ہے بیٹا۔
مگر زندگی میں وہ "آخری کپڑا" کبھی نہیں آیا۔
ضرورتیں ہر صبح ان کے جاگنے سے پہلے بیدار ہو جاتی تھیں۔
یوں ایک ایک دن، ایک ایک مہینہ اور پھر کئی سال بیت گئے۔ مشقت ان کی عادت بن گئی اور امید ان کا سرمایہ۔
انہی کٹھن دنوں میں انہیں ایک عجیب سی عادت پڑ گئی۔
جب کبھی دل اپنی حد سے زیادہ بھر جاتا، وہ ایک سفید کاغذ نکالتیں اور شایان کے نام چند سطریں لکھ دیتیں۔
وہ شکایتیں نہیں ہوتیں تھیں۔
صرف ایک ماں کے دل کی آواز ہوتیں۔
پھر وہ کاغذ تہہ کر کے اسی پرانی تھیلی میں رکھ دیتیں۔
وہ جانتی تھیں بعض باتیں زبان پر آ جائیں تو رشتوں میں دراڑ ڈال دیتی ہیں اور اگر کاغذ کی اوٹ میں چھپ جائیں تو دل کا بوجھ ہلکا کر دیتی ہیں۔
اسی لیے وہ خطوط کبھی اپنے پتے تک نہ پہنچ سکے۔
وقت خاموش دریا کی طرح بہتا رہا۔
شایان غیر معمولی ذہین تھا۔
ہر امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتا تو ماں کی آنکھوں میں ایک نئی روشنی اتر آتی۔
جس دن وہ ضلع بھر میں اول آیا، محلے والوں نے پہلی مرتبہ انہیں ان کے نام سے نہیں بلکہ شایان کی امی کہہ کر پکارا۔
انہیں زندگی میں اس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ملا تھا۔
پھر یونیورسٹی کا زمانہ آیا۔
مقابلے کے امتحانات ہوئے۔
نتیجے کا انتظار ماں کے لیے شاید زندگی کا سب سے طویل انتظار تھا۔ ہر دعا میں شایان کا نام شامل ہوتا اور ہر دستک پر دل دھڑک اٹھتا۔
پھر ایک دن وہ خبر آ گئی جس نے برسوں کی ریاضت کو ثمر بخش دیا۔
شایان ایک اعلی سرکاری افسر منتخب ہو گیا
اس شام وہ ماں کے قدموں میں بیٹھ گیا۔ ان کے ہاتھ اپنے ماتھے سے لگائے اور نم آنکھوں سے بولا،
امی... اب آپ کو کسی کے کپڑے نہیں سینے پڑیں گے۔
اب آرام صرف آپ کا مقدر ہے۔
ماں نے خاموشی سے آسمان کی طرف دیکھا۔
ہونٹ ساکت تھے مگر آنکھیں سجدہ شکر ادا کر رہی تھیں۔
انہیں یوں محسوس ہوا جیسے برسوں کی دعائیں ایک ساتھ قبول ہو گئی ہوں۔
چند ماہ بعد وہ دونوں بڑے شہر منتقل ہو گئے۔
وسیع شاہراہیں، بلند عمارتیں، سرکاری رہائش گاہ، گاڑی، اور ملازم،
یہ سب کچھ ان کے لیے ایک نئی دنیا تھی۔
مگر ان کی خوشی ان آسائشوں میں نہیں تھی۔
وہ تو صرف اس بات پر مطمئن تھیں کہ ان کا بیٹا اب زندگی کی کڑی دھوپ سے نکل آیا ہے۔
انہیں کیا خبر تھی کہ بعض لوگ دھوپ سے نکل کر جب روشنی میں آتے ہیں تو سب سے پہلے اپنے ہی سائے کو پہچاننے سے انکار کر دیتے ہیں۔
بڑے شہر کی زندگی قصبے کی زندگی سے زیادہ وسیع ضرور ہوتی ہے مگر اس میں فرصت کم اور فاصلے زیادہ ہوتے ہیں۔
شروع کے چند ماہ ماں کو یوں محسوس ہوا جیسے قسمت نے برسوں کی محرومیوں کا ایک ساتھ ازالہ کر دیا ہو۔
شایان شام کو دفتر سے لوٹتا تو سیدھا ان کے کمرے کا رخ کرتا۔
امی، آج تو تھکن نے برا حال کر دیا۔ ذرا اپنے ہاتھ کی چائے پلا دیجیے۔
ماں مسکرا کر اٹھ کھڑی ہوتیں۔
تھکن تو ماں کے ہاتھ کی چائے ہی اتارتی ہے بیٹا۔
چائے کے دو پیالوں کے ساتھ گھنٹوں باتیں ہوتیں۔ کبھی قصبے کے لوگوں کا ذکر چھڑ جاتا، کبھی شایان اپنے بچپن کی کوئی شرارت یاد کر کے خود ہی ہنسنے لگتا۔ ماں اسے دیکھتی رہتیں اور دل ہی دل میں شکر ادا کرتیں کہ شہر نے ان کے بیٹے کا گھر تو بدل دیا ہے، دل نہیں۔
پھر ایک دن شایان کی شادی ہو گئی۔
سارہ ایک تعلیم یافتہ، خوش گفتار اور نفیس مزاج لڑکی تھی۔ بڑے گھرانے میں پلی بڑھی تھی، اس لیے اس کے رہن سہن، نشست و برخاست اور میل جول میں ایک خاص رکھ رکھاؤ تھا۔
ابتدا کے چند ماہ خوش گوار گزرے۔ گھر میں ہنسی بھی تھی اور اپنائیت بھی۔ ماں کو محسوس ہوتا تھا کہ اللہ نے ان کے بیٹے کے نصیب میں ایک اچھی شریک حیات لکھی ہے۔
سارہ گھر کی ہر ذمہ داری نہایت سلیقے سے نبھاتی۔ ماں کا احترام بھی کرتی، ان کی خیریت بھی پوچھتی اور ہر آنے والے کے سامنے انہیں امی جان کہہ کر مخاطب کرتی۔
ماں مطمئن تھیں۔
مگر بعض تبدیلیاں شور سے نہیں، خاموشی سے جنم لیتی ہیں۔
وقت کے ساتھ سارہ کے لہجے کی مٹھاس میں ایک ایسی باریک سی تلخی گھلنے لگی جسے محسوس تو کیا جا سکتا تھا مگر ثابت نہیں کیا جا سکتا تھا۔
امی جان، یہ پرانی شال اب بدل لیجیے نا۔
چند دن بعد اس نے کہا،
امی جان، جب مہمان آئیں تو آپ زیادہ دیر نہ بیٹھا کریں۔ آپ تھک جاتی ہیں۔
پھر کچھ عرصے بعد یہی جملہ ایک نئے انداز میں لوٹا۔
امی جان، میں آپ کا کھانا کمرے میں بھجوا دیتی ہوں۔ آپ کو بار بار آنے جانے کی زحمت بھی نہیں ہوگی۔
ہر جملہ ادب کے غلاف میں لپٹا ہوتا مگر اس کے اندر ایک ان دیکھا فاصلہ آہستہ آہستہ اپنی جگہ بنا رہا تھا۔
ماں خاموش رہیں۔
وہ عمر بھر لفظ نہیں، لہجے پڑھتی آئی تھیں۔
ایک شام شایان نے اپنے چند اعلی افسر دوستوں کو کھانے پر مدعو کیا۔
پورا گھر روشنیوں سے جگمگا رہا تھا۔
ملازم تیزی سے ادھر ادھر مصروف تھے اور سارہ ہر چیز کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی تھی۔
اسی دوران ماں اپنی سفید چادر اوڑھے آہستہ آہستہ برآمدے کی طرف بڑھیں۔
سارہ نے انہیں دیکھا تو فوراً ان کے قریب آ گئی۔
چہرے پر حسب معمول مسکراہٹ تھی۔
امی جان... اگر آپ برا نہ مانیں تو ایک بات عرض کروں؟
ہاں بیٹی، کہو۔
آج کچھ بہت اہم لوگ آ رہے ہیں۔ آپ اگر اپنے کمرے میں آرام فرما لیں تو بہتر ہوگا۔ آپ کی طبیعت پر بھی بوجھ نہیں پڑے گا۔
جملہ نہایت نرم تھا مگر اس کی نرمی میں ایک ایسا فیصلہ چھپا تھا جس کے خلاف کوئی دلیل پیش نہیں کی جا سکتی تھی۔
ماں چند لمحے سارہ کے چہرے کو دیکھتی رہیں۔
پھر خاموشی سے پلٹ گئیں۔
زندگی میں پہلی بار انہیں اپنے ہی گھر کی راہداری اجنبی محسوس ہوئی۔
رات گئے جب مہمان رخصت ہو گئے تو شایان حسب معمول ان کے کمرے میں آیا۔
امی... آپ نے کھانا کھا لیا تھا؟
ماں نے مسکرا کر اثبات میں سر ہلا دیا۔
کمرے میں چند لمحے خاموشی رہی۔
پھر شایان نظریں چرا کر بولا،
اصل میں... کچھ پروٹوکول بھی ہوتا ہے امی۔ ہر محفل کا اپنا ایک ماحول ہوتا ہے۔
ماں نے غور سے اس کے چہرے کی طرف دیکھا۔
یہ وہی چہرہ تھا جسے کبھی وہ اپنے آنچل سے پونچھ کر اسکول بھیجا کرتی تھیں۔
آنکھیں بھی وہی تھیں۔
مگر ان پر اب منصب، مرتبے اور معاشرتی رکھ رکھاؤ کی ایک دبیز تہہ چڑھ چکی تھی۔
ماں نے آہستہ سے کہا،
بیٹا، انسان جب بہت اونچا ہو جاتا ہے تو نیچے کھڑے لوگ چھوٹے دکھائی دینے لگتے ہیں۔ بس اتنا خیال رکھنا کہ ان چھوٹے لوگوں میں کبھی تمہاری ماں بھی شامل نہ ہو جائے۔
شایان ہنس دیا۔
امی... آپ بھی نا۔
بات وہیں ختم ہو گئی۔
مگر بعض باتیں ختم نہیں ہوتیں۔
وہ خاموشی سے دل کے کسی گوشے میں اتر جاتی ہیں۔
اس رات پہلی بار ماں کو محسوس ہوا کہ فاصلے صرف کمروں کے نہیں ہوتے، دلوں کے بھی ہو جاتے ہیں۔
اسی رات انہوں نے الماری کے نچلے خانے سے اپنی پرانی کپڑے کی تھیلی نکالی۔
سفید کاغذ سامنے رکھا، قلم اٹھایا اور لکھنے لگیں
انہوں نے لکھا۔۔
میرے شایان،
مجھے تم سے کوئی شکایت نہیں۔ میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ جب کبھی آئینے میں اپنے آج کو دیکھو تو ایک نظر اپنے کل پر بھی ڈال لیا کرو۔
درخت اپنی شاخوں کی بلندی سے نہیں، اپنی جڑوں کی مضبوطی سے قائم رہتے ہیں۔
انہوں نے خط تہہ کیا، لفافے میں رکھا اور حسب معمول تھیلی میں رکھ دیا۔
ایک اور خط...
جو اپنے مخاطب تک پہنچنے کے لیے شاید ابھی وقت کا منتظر تھا۔
وقت خاموشی سے گزرتا رہا، مگر خاموشیاں اب پہلے جیسی نہ تھیں۔
وہ خاموشیاں، جو کبھی سکون دیتی تھیں، اب دل پر بوجھ بن کر اترنے لگی تھیں۔
شایان کی گفتگو میں بھی رفتہ رفتہ ایک انجانی سی رسمیت آ گئی تھی۔
امی، دوا وقت پر لے لیجیے گا۔
کسی چیز کی ضرورت ہو تو ملازم سے کہہ دیجیے گا۔
میں دو دن کے لیے اسلام آباد جا رہا ہوں۔
ہر جملے میں خیال تھا، مگر وہ اپنائیت نہیں تھی جس میں بیٹا بے تکلف ماں کے کمرے میں آ کر چارپائی پر لیٹ جاتا اور گھنٹوں دنیا جہان کی باتیں کرتا رہتا۔
ماں اکثر سوچتیں، انسان بدلتا کب ہے؟
جب اس کی حیثیت بدلتی ہے...
یا جب اس کی ترجیحات؟
ایک دوپہر وہ بالکونی میں بیٹھی اون کا سویٹر بُن رہی تھیں کہ ڈرائنگ روم سے مدھم آوازیں ان کے کانوں میں پڑیں۔
سارہ اپنی ایک سہیلی کے ساتھ بیٹھی تھی۔
جانتی ہو، آج کل سب سے مشکل کام کیا ہے؟
کیا؟
بوڑھوں کو سنبھالنا۔
دونوں ہنس پڑیں۔
سہیلی نے کہا،
تمہاری ساس تو بہت خاموش طبیعت کی ہیں۔
سارہ نے بے نیازی سے شانے اچکائے۔
خاموش ضرور ہیں، مگر آخر پرانے زمانے کی ہیں نا۔ ہر جگہ ان کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ کبھی کبھی یوں لگتا ہے جیسے پوری زندگی ان کے گرد گھوم رہی ہو۔
یہ جملہ شاید سارہ نے بے دھیانی میں کہا تھا، مگر سننے والی ماں کے لیے یہ محض ایک جملہ نہیں تھا۔
ان کے ہاتھ رک گئے۔
اون کا گولہ آہستہ آہستہ فرش پر لڑھکتا ہوا دور نکل گیا، مگر انہوں نے اسے اٹھانے کی کوشش بھی نہ کی۔
کچھ دیر بعد وہ جھکیں، اون سمیٹی اور خاموشی سے اپنے کمرے میں لوٹ آئیں۔
بعض زخم آواز نہیں کرتے۔
وہ انسان کے اندر بہت گہرائی میں اتر جاتے ہیں۔
چند ہفتوں بعد شایان کے تبادلے کا حکم آ گیا۔
اسے ایک دوسرے شہر میں نہایت اہم ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
گھر میں پھر سے ہلچل مچ گئی۔
سامان کی فہرستیں بننے لگیں۔
الماریاں خالی ہونے لگیں۔
ڈبے بند ہونے لگے۔
ہر طرف روانگی کی تیاری تھی۔
صرف ایک سوال ایسا تھا جس کا جواب کسی کے پاس نہیں تھا۔
ماں کا کیا ہوگا؟
یہ سوال کسی نے زبان پر تو نہ لایا مگر سب کے دل میں موجود تھا۔
ایک رات ماں پانی پینے کے لیے اپنے کمرے سے نکلیں تو شایان اور سارہ کے کمرے کا دروازہ پوری طرح بند نہ تھا۔
وہ واپس مڑنے ہی والی تھیں کہ اندر سے سارہ کی آواز سنائی دی۔
انہیں ساتھ لے جانا آسان نہیں ہوگا۔
کچھ دیر خاموشی رہی۔
پھر شایان کی مدھم آواز سنائی دی۔
میں جانتا ہوں۔
وہاں ہر دوسرے دن سرکاری تقریبات ہوں گی۔ غیر ملکی وفود آئیں گے۔
رہائش بھی اتنی کشادہ نہیں۔ پھر امی کی طبیعت پر بھی بوجھ پڑتا ہے۔
شایان پھر خاموش ہو گیا۔
یہ وہ خاموشی تھی جس میں کبھی کبھی انسان اپنی رضامندی چھپا دیتا ہے۔
چند لمحوں بعد سارہ نے نہایت سادہ لہجے میں کہا،
میں نے سنا ہے وہاں ایک بہت اچھا بزرگوں کا مرکز ہے۔ ڈاکٹر بھی ہیں، نرسیں بھی، دیکھ بھال بھی اچھی ہوتی ہے۔ ان کی عمر کے لوگ بھی ہوں گے، دل لگا رہے گا۔
ماں نے محسوس کیا جیسے کسی نے ان کے سینے پر آہستہ سے ہاتھ رکھا ہو...
اور پھر پوری طاقت سے دبا دیا ہو۔
عجیب بات تھی۔
یہ وہی سینہ تھا،
جس پر سر رکھ کر شایان بچپن میں سویا کرتا تھا۔
آج وہی سینہ اپنے ہی بیٹے کے فیصلے کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہو رہا تھا۔
وہ دروازے کے باہر چند لمحے ساکت کھڑی رہیں۔
اندر گفتگو جاری رہی۔
باہر ایک ماں کی دنیا خاموشی سے بکھر رہی تھی۔
انہوں نے نہ دروازہ کھٹکھٹایا، نہ اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
پلٹیں اور آہستہ آہستہ اپنے کمرے میں آ گئیں۔
اس رات ان کی آنکھوں میں نیند نہیں اتری۔
فجر کی اذان ہوئی تو وہ اٹھیں، وضو کیا، نماز ادا کی اور پھر الماری کا نچلا خانہ کھول دیا۔
برسوں سے سنبھال کر رکھے گئے خطوط ایک ایک کر کے ان کے سامنے بکھر گئے۔
ہر خط زندگی کے کسی موسم کی یاد تھا۔
کسی میں شایان کے پہلے اسکول بیگ کا ذکر تھا۔
کسی میں اس کی بیماری کی وہ طویل رات محفوظ تھی جس میں انہوں نے ایک لمحہ بھی آنکھ نہ جھپکی تھی۔
کسی میں اس کی پہلی تنخواہ کی خوشی درج تھی۔
وہ ایک ایک خط پڑھتی رہیں۔
ہر لفظ انہیں ماضی کی کسی گلی میں لے جاتا رہا۔
سب سے آخر میں ایک خالی لفافہ رکھا تھا۔
وہ دیر تک اسے دیکھتی رہیں۔
پھر سفید کاغذ نکالا۔
قلم ہاتھ میں لیا...
مگر قلم چل نہ سکا۔
کافی دیر بعد ایک آنسو کاغذ پر ٹپک پڑا۔
انہوں نے آستین سے آنکھیں پونچھیں اور پہلا جملہ لکھا۔
میرے پیارے شایان...
شاید یہ پہلا خط ہے جو تمہیں ضرور ملے گا۔
اس کے بعد قلم رکا نہیں۔
ایک ماں اپنی عمر بھر کی خاموشی لفظوں کے سپرد کرتی چلی گئی۔
اور کھڑکی سے طلوع ہوتا سورج اس خاموش منظر کا گواہ بنا رہا۔
وہ صبح غیر معمولی طور پر خاموش تھی۔
گھر میں ہر طرف روانگی کی تیاریاں اپنے آخری مرحلے میں تھیں۔
کہیں ڈبے بند ہو رہے تھے،
کہیں پردے اتارے جا رہے تھے،
کہیں فرنیچر گاڑی میں رکھا جا رہا تھا۔
ملازم تیزی سے ایک کمرے سے دوسرے کمرے تک آ جا رہے تھے۔
اس تمام ہنگامے کے بیچ ایک کمرہ ایسا بھی تھا جہاں وقت جیسے ٹھہر گیا تھا۔
ماں اپنی چارپائی کے کنارے بیٹھی آخری خط مکمل کر رہی تھیں۔
قلم ان کے ہاتھ میں تھا مگر محسوس یوں ہوتا تھا جیسے لفظ روشنائی سے نہیں، عمر بھر کے صبر سے لکھے جا رہے ہوں۔
انہوں نے لکھا۔
میرے پیارے شایان،
جب تم یہ خط پڑھو گے تو شاید پہلی بار یہ جان سکو گے کہ ماں بولتی کم ہے،
محسوس زیادہ کرتی ہے۔
مجھے کبھی اس بات کا دکھ نہیں ہوا کہ تم بڑے آدمی بن گئے۔
میں تو ہمیشہ یہی دعا کرتی رہی کہ اللہ تمہیں عزت، صحت اور کامیابی عطا کرے۔
لیکن بیٹا، عزت وہ نہیں ہوتی جو عہدہ انسان کو دے، عزت وہ ہوتی ہے جو انسان اپنے رویے سے کمائے۔
یاد ہے، ایک دن کھیلتے کھیلتے تم گر گئے تھے۔ گھٹنے سے خون بہہ رہا تھا اور تم بار بار میرے گلے سے لپٹ کر کہہ رہے تھے۔
امی، مجھے چھوڑ کر مت جانا۔
آج منظر بدل گیا ہے۔
اس دن تمہیں گرنے کا ڈر تھا، آج مجھے بھلا دیے جانے کا۔
لیکن میں تمہیں قصوروار نہیں ٹھہراتی۔ زندگی کبھی کبھی انسان کو اتنا مصروف کر دیتی ہے کہ وہ اپنے ہی محسنوں کو وقت دینا بھی بھول جاتا ہے۔
بس ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا۔
جس ماں نے اپنے حصے کی دھوپ اپنے بچے کے نام کر دی ہو، بڑھاپے میں اسے صرف ایک ٹکڑا سایہ چاہیے ہوتا ہے، احسان نہیں۔
انہوں نے قلم رکھ دیا۔
لفظ ختم ہو گئے تھے مگر دل ابھی بھی بھرا ہوا تھا۔
انہوں نے خط تہہ کیا، لفافے میں رکھا اور اس پر صرف ایک لفظ لکھا۔
شایان۔۔
نہ کوئی پتہ۔
نہ کوئی تاریخ۔
کیونکہ بعض خطوط کا پتہ ڈاک خانے میں نہیں، انسان کے ضمیر میں ہوتا ہے۔
اسی لمحے دروازے پر دستک ہوئی۔
امی...
شایان کی آواز تھی۔
تیار ہو جائیں، چلنا ہے۔
انہوں نے آہستہ سے دروازہ کھولا۔
شایان سامنے کھڑا تھا۔
اس کے چہرے پر ہمیشہ کی سی سنجیدگی تھی۔
مگر آج اس سنجیدگی میں ایک انجانا سا اضطراب بھی شامل تھا۔
ماں نے چند لمحے اسے دیکھا۔
انہیں یوں محسوس ہوا جیسے وقت نے ایک ہی چہرے پر دو تصویریں رکھ دی ہوں۔
ایک وہ بچہ جو ان کے آنچل میں چھپ کر دنیا سے بے خوف ہو جاتا تھا۔
اور دوسرا یہ شخص، جو پوری دنیا کا سامنا کر سکتا تھا مگر اپنی ماں کی آنکھوں میں دیکھنے سے ہچکچا رہا تھا۔
چلیں امی؟
ہاں بیٹا، چلتے ہیں۔
وہ آہستہ آہستہ چلتی ہوئی گاڑی تک آئیں اور پچھلی نشست پر بیٹھ گئیں۔
گاڑی چل پڑی۔
راستے بھر دونوں خاموش رہے۔
کبھی کبھی خاموشی وہ سب کچھ کہہ دیتی ہے جو الفاظ عمر بھر نہیں کہہ پاتے۔
شہر کی سڑکیں پیچھے رہتی جا رہی تھیں۔
شایان کئی بار کچھ کہنا چاہتا مگر ہر بار الفاظ اس کے لبوں تک آ کر لوٹ جاتے۔
آخر اس نے ہمت کی۔
امی... وہاں آپ کا بہت خیال رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر بھی ہیں، نرسیں بھی۔ آپ کو کسی چیز کی تکلیف نہیں
ہوگی۔
ماں نے کھڑکی سے باہر نظریں جمائے
رکھیں۔
پھر نہایت سکون سے پوچھا۔
اور تم؟
صرف دو لفظ۔
مگر ان دو لفظوں نے شایان کے پاس موجود ہر دلیل کو
خاموش کر دیا۔
وہ جواب نہ دے سکا۔
گاڑی ایک اشارے پر رکی۔
ماں نے اپنا پرس کھولا، لفافہ نکالا اور اس کی طرف بڑھا دیا۔
یہ... فرصت سے پڑھ لینا۔
شایان نے حیرانی سے لفافہ لیا۔
یہ کیا ہے امی؟
انہوں نے پہلی بار اس کی طرف دیکھ کر مسکرانے کی کوشش کی۔
ایک ماں کی وہ باتیں...
جو وہ برسوں اپنے بیٹے سے کہنا چاہتی رہی، مگر کہہ نہ سکی۔
اشارہ سبز ہوا۔
گاڑی پھر چل پڑی۔
شایان نے بے اختیار لفافہ کھول لیا۔
پہلی ہی سطر پڑھتے ہی اس کے ہاتھ لرز گئے۔
اس نے ایک گہرا سانس لیا...
اور پڑھتا چلا گیا۔
شایان کی نظریں خط پر جمی تھیں مگر ہر لفظ اس کی آنکھوں سے گزر کر سیدھا دل میں اتر رہا تھا۔
میں نے تمہارے لیے اپنی ہر خوشی خاموشی سے قربان کر دی مگر کبھی اس کا حساب نہیں رکھا، کیونکہ مائیں محبت کرتی ہیں،
سودا نہیں۔
آج بھی مجھے تم سے کوئی گلہ نہیں۔ بس ایک ڈر ہے...
کہیں کل تمہارا اپنا بیٹا بھی تمہیں اسی دلیل کے ساتھ اپنے گھر سے دور نہ کر دے جس دلیل کے ساتھ آج تم مجھے اپنے سے دور لے جا رہے ہو۔
یاد رکھنا، اولاد کے لیے سب سے قیمتی وراثت جائیداد نہیں ہوتی، بلکہ اپنے والدین کے ساتھ کیا گیا سلوک ہوتا ہے۔ بچے نصیحتیں کم سنتے ہیں، منظر زیادہ یاد رکھتے ہیں۔
الفاظ دھندلانے لگے۔
آنکھوں میں تیرتے آنسوؤں نے سطروں کو ایک دوسرے میں گھول دیا۔
شایان نے بے اختیار گاڑی سڑک کے کنارے روک دی۔
دونوں ہاتھ اسٹیئرنگ پر تھے
مگر ضبط کی گرفت ڈھیلی پڑ
چکی تھی۔
یکایک اسے برسوں پرانی ایک رات یاد آ گئی۔
شدید بخار میں تپتا ہوا وہ ماں کے سینے سے لپٹا بار بار کہہ رہا تھا۔
امی... میرے پاس ہی رہنا۔
اور ماں...
انہوں نے پوری رات اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیے رکھا تھا، جیسے وہ ہاتھ چھوٹ گیا تو زندگی بھی چھوٹ جائے گی۔
آج منظر بدل گیا تھا۔
ہاتھ اب بھی وہی تھے۔
صرف چھوڑنے والا بدل گیا تھا۔
اس نے لرزتے ہوئے پچھلی نشست کی طرف دیکھا۔
ماں خاموش بیٹھی تھیں۔
ان کے چہرے پر نہ شکوہ تھا، نہ ملامت، نہ آنسو۔
صرف ایک عجیب سا سکون تھا۔
وہ سکون جو شاید انسان کو سب کچھ کھو دینے کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
شایان گاڑی سے اترا اور دوسری طرف آ کر ماں کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ گیا۔
امی...
لفظ لبوں سے نکلے مگر آواز نہ بن سکے۔
چند لمحوں بعد اس نے بمشکل کہا۔
مجھے معاف کر دیجیے۔
ماں نے بے اختیار اپنا ہاتھ اس کے سر پر رکھ دیا۔
وہی ہاتھ...
جن کی انگلیوں پر کبھی سلائی کی سوئیاں چبھی تھیں تاکہ اس کے بیٹے کے ہاتھ خالی نہ رہیں۔
بیٹا..
ان کی آواز میں وہی پرانی شفقت تھی۔
مائیں اپنے بچوں سے ناراض ہو سکتی ہیں مگر ان سے بے زار نہیں ہوتیں۔
میں نے تمہیں اسی دن معاف کر دیا تھا جس دن تم نے مجھے سمجھنا چھوڑ دیا۔
شایان بچوں کی طرح پھوٹ پھوٹ کر رو پڑا۔
امی... میرے ساتھ واپس چلیں۔ میں سب کچھ بدل دوں گا۔
ماں نے آہستہ سے سر ہلایا۔
واپس... کہاں؟
شایان خاموش رہا۔
انہوں نے دھیرے سے کہا۔
گھر صرف اینٹ، پتھر اور چھت کا نام نہیں ہوتا بیٹا۔
گھر وہ جگہ ہے جہاں انسان کو اپنے ہونے کا جواز پیش نہ کرنا پڑے۔
فضا پر چند لمحوں کے لیے خاموشی چھا گئی۔
دور کسی مسجد سے اذان کی آواز
بلند ہوئی۔
ماں نے آسمان کی طرف دیکھا، پھر نہایت سکون سے بولیں۔
میں اس بزرگوں کے مرکز نہیں جاؤں گی شایان...
مگر اس کوٹھی میں بھی واپس نہیں لوٹ سکتی جہاں مجھے ہر روز اپنے وجود کی وضاحت دینی پڑے۔
پھر کہاں جائیں گی امی؟
وہیں...
انہوں نے دور افق کی طرف دیکھا۔
جہاں تمہارے ابا سو رہے ہیں۔
جہاں صحن کے نیم کے نیچے تم نے پہلی بار میرے ہاتھ چھوڑ کر چلنا سیکھا تھا۔
اس پرانے گھر میں شاید آسائشیں نہ ہوں، مگر وہاں میری شناخت ابھی زندہ ہے۔
شایان نے کوئی دلیل نہ دی۔
اس کے پاس اب دلیل باقی بھی کیا رہ گئی تھی۔
اس نے خاموشی سے گاڑی موڑی۔
شہر پیچھے رہ گیا۔
سڑک انہیں آہستہ آہستہ اس قصبے کی طرف لے جا رہی تھی جہاں سے ان دونوں کی زندگی نے سفر شروع کیا تھا۔
شام اتر رہی تھی جب گاڑی پرانے مکان کے سامنے آ کر رکی۔
دروازے پر لٹکا زنگ آلود تالا،
برسوں کی تنہائی کی گواہی دے رہا تھا۔
شایان نے آگے بڑھ کر تالا کھولا۔
دروازہ چرچراتا ہوا کھلا تو صحن میں بکھری خاموشی نے جیسے ان کا استقبال کیا۔
ماں آہستہ آہستہ اندر داخل ہوئیں۔
جھک کر مٹی کی ایک مٹھی اٹھائی،
اسے اپنی پیشانی سے لگایا اور دیر تک بند آنکھوں کے ساتھ کھڑی رہیں۔
پھر مدھم آواز میں بولیں۔
آخر انسان کو لوٹنا اپنی مٹی ہی میں ہوتا ہے۔
شایان انہیں دیکھتا رہا۔
اسے پہلی بار احساس ہوا کہ آسائشیں انسان کو آرام تو دے سکتی ہیں، اپنائیت نہیں۔
عہدہ اختیار دے سکتا ہے، احترام نہیں۔
اور ماں...
ماں کبھی بوجھ نہیں بنتی۔
بوجھ تو وہ احساس ہوتا ہے،
جسے انسان اپنی ناشکری سے خود اپنے کندھوں پر اٹھا لیتا ہے۔
اسی شام شایان شہر واپس لوٹ گیا۔
مگر اس بار واپس جانے والا شخص وہ نہیں تھا جو صبح اس گھر سے نکلا تھا۔
اس کے ہاتھ میں صرف ایک خط تھا..
اور دل میں ایک ایسا قرض، جسے شاید پوری زندگی بھی ادا نہ کیا جا سکتا تھا۔
قصبے کی زندگی نے انہیں ایک بار پھر اپنی خاموش آغوش میں لے لیا۔
اب نہ سرکاری گاڑیوں کی آمدورفت تھی،
نہ مہمانوں کی چہل پہل،
نہ پروٹوکول،
نہ تکلفات۔
بس ایک چھوٹا سا گھر تھا،
صحن میں کھڑا وہی بوڑھا نیم، دیواروں پر وقت کے نشانات اور یادوں کی وہ خوشبو جو برسوں بعد بھی ماند نہیں پڑی تھی۔
ان کی صبح فجر کی اذان سے پہلے جاگتی۔
نماز کے بعد وہ صحن میں جھاڑو دیتیں، نیم کے درخت کے نیچے رکھی پرانی چارپائی پر چند لمحے بیٹھ کر تسبیح پڑھتیں، پھر اپنے مرحوم شوہر کی قبر پر فاتحہ پڑھنے چلی جاتیں۔
واپسی پر محلے کے بچے انہیں گھیر لیتے۔
کوئی قرآن کا سبق سناتا، کوئی اسکول کا کام دکھاتا،
کوئی اپنی معمولی سی شکایت لے کر آ جاتا۔
وہ سب کی باتیں سنتیں، سب کو دعائیں دیتیں۔
جس کے کپڑے پھٹے ہوتے،
خاموشی سے سی دیتیں۔
جس کے گھر میں فاقہ ہوتا،
اپنے حصے کا آٹا بانٹ دیتیں۔
محلے والوں کے لیے وہ ایک تنہا بوڑھی عورت نہیں تھیں۔
وہ سب کی ماں تھیں۔
کبھی کوئی پوچھ بیٹھتا۔
خالہ، آپ یہاں اکیلی نہیں گھبراتیں؟
وہ مسکرا کر آسمان کی طرف دیکھتیں اور کہتیں۔
جو اپنے رب کے ساتھ رہنا سیکھ لے، وہ کبھی اکیلا نہیں رہتا۔
ادھر شہر میں شایان کی زندگی بظاہر پہلے جیسی ہی تھی۔
دفتر وہی تھا۔
کرسی وہی۔
اختیار بھی پہلے سے زیادہ تھا۔
بدلا تھا تو صرف اس کا باطن۔
اب کسی تقریب میں لوگ اس کی تعریف کرتے تو اسے بے اختیار اپنی ماں یاد آ جاتیں۔
کوئی بزرگ خاتون سڑک پار کرتی دکھائی دیتیں
تو اس کی نگاہیں جھک جاتیں۔
کسی تقریب میں جب اسے کامیاب انسان کہا جاتا تو اس کے دل میں ایک خاموش سوال ابھرتا۔
جو اپنی ماں کی آنکھوں کا سکون نہ بچا سکا، کیا وہ واقعی کامیاب ہے؟
یہ سوال اب اس کا تعاقب کرتا تھا۔
اس نے قصبے جانا شروع کر دیا۔
پہلے مہینے میں ایک بار۔
پھر ہر پندرہ دن بعد۔
اور پھر جب بھی فرصت ملتی، وہ گاڑی کا رخ اسی پرانے گھر کی طرف موڑ دیتا۔
ہر بار دروازے پر دستک دیتا تو اندر سے وہی مانوس
آواز آتی۔
آ گیا میرا، شایان؟
جیسے وہ اس کے آنے کا پہلے ہی سے انتظار کر رہی ہوں۔
دروازہ کھلتا۔
ماں کے چہرے پر ہمیشہ کی سی شفقت ہوتی۔
نہ کوئی شکایت۔
نہ کوئی سوال۔
نہ گزرے ہوئے دنوں کا کوئی تذکرہ۔
شایان اکثر ان کے قدموں کے پاس بیٹھ جاتا۔
کبھی دیر تک ان سے باتیں کرتا،
کبھی خاموش رہتا۔
اور کبھی خاموشی ہی میں اس کی آنکھیں بھر آتیں
ماں اپنے دوپٹے کے کنارے سے اس کی پیشانی کا پسینہ پونچھتیں اور نرمی سے کہتیں۔
بیٹا...
انسان اگر اپنی غلطی پہچان لے تو سمجھو آدھا راستہ طے کر لیتا ہے۔
باقی آدھا راستہ اسے اپنے عمل سے طے کرنا ہوتا ہے۔
ایک دن شایان کی نظر پھر اس پرانی کپڑے کی تھیلی پر پڑی جو حسب معمول الماری کے نچلے خانے میں
رکھی تھی۔
امی...
اس میں آخر کیا ہے؟
انہوں نے کچھ دیر خاموش رہ کر تھیلی اس کی طرف بڑھا دی۔
آج دیکھ لو۔
شایان نے آہستہ سے لفافے نکالنے شروع کیے۔
ہر خط ایک آئینہ تھا۔
ایک میں اس کے پہلے اسکول بیگ کی خوشی محفوظ تھی۔
دوسرے میں اس رات کا ذکر تھا جب اسے شدید بخار تھا۔
تیسرے میں اس کی پہلی تنخواہ کا فخر تھا۔
کسی خط میں دعا تھی، کسی میں خاموش آنسو،
کسی میں وہ باتیں تھیں جو ایک ماں نے کبھی زبان پر نہیں آنے دیں۔
شایان ایک ایک خط پڑھتا گیا۔
ہر خط کے ساتھ اس کی گردن مزید جھکتی چلی گئی۔
آخر میں ایک لفافہ باقی رہ گیا۔
وہ بند تھا۔
امی...
یہ بھی پڑھ لوں؟
انہوں نے مسکرا کر سر ہلایا۔
نہیں۔
کیوں؟
وہ کھڑکی سے باہر نیم کے درخت کو دیکھنے لگیں۔
کافی دیر بعد بولیں۔
اس میں کچھ لکھا ہی نہیں۔
شایان نے حیرت سے ان کی طرف دیکھا۔
انہوں نے دھیرے سے کہا۔
وہ خط میں نے اس دن کے لیے رکھا تھا...
جس دن میرا بیٹا صرف ایک بڑا افسر نہیں، پھر سے میرا شایان بن کر میرے پاس آئے گا۔
شایان کے ہاتھ لرز گئے۔
اس نے خالی لفافہ اپنی آنکھوں سے لگا لیا۔
اس لمحے دونوں کے درمیان کوئی لفظ نہ بولا گیا۔
اور بعض اوقات خاموشی وہ سب کچھ کہہ دیتی ہے جو پوری عمر کی گفتگو بھی نہیں کہہ پاتی۔
بالکونی میں رکھی وہ بوسیدہ کرسی آج بھی وہیں ہے۔
اس کے پاس رکھی کپڑے کی پرانی تھیلی بھی۔
فرق صرف اتنا ہے کہ اب اس تھیلی میں کوئی نیا خط شامل نہیں ہوتا۔
کیونکہ جب رشتے ٹوٹنے سے بچ جائیں تو شکایتیں کاغذ پر نہیں اترتیں...
دعاؤں میں ڈھل جاتی ہیں۔
اور ماں...
وہ کبھی بوجھ نہیں بنتی۔

Comments
Post a Comment