قابل اجمیری… لفظوں میں سمٹا ہوا ایک دکھ


 

قابل اجمیری… لفظوں میں سمٹا ہوا ایک دکھ

3 اکتوبر … یوم وفات کے موقع پر


تحریر: محمد اختر شیخ


اردو غزل کی دنیا میں کچھ نام ایسے بھی ہیں جو مختصر عمر کے باوجود اپنے لفظوں اپنے درد اور اپنے منفرد لہجے کے باعث ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ قابل اجمیری انہی میں سے ایک ہیں۔ جنہیں دنیا ایک شاعر کے طور پر جانتی ہے مگر میرے دل میں ان کا ذکر ایک ذاتی نسبت کے ساتھ محفوظ ہے۔ اس نسبت کا سبب قابل صاحب کے فرزند، میرے بہترین دوست اور بھائی جیسے عزیز، محترم ظفر قابل اجمیری ہیں۔ یہ تحریر محض ایک ادبی خاکہ نہیں، بلکہ ایک ذاتی رشتہ اور بچھڑے بزرگ کو یاد کرنے جیسی ہے۔


یہاں ایک اور نسبت کا ذکر بھی ضروری سمجھتا ہوں، جو میرے دل کو ہمیشہ ایک خاص کیفیت میں مبتلا کر دیتی ہے۔ قابل اجمیری صاحب کا اصل نام عبدالرحیم تھا اور میرے والد محترم کا نام بھی عبدالرحیم ہی تھا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ میں قابل صاحب کو محض ایک عظیم شاعر ہی نہیں، بلکہ اپنے والد کے ہم عمر ایک بزرگ کی حیثیت سے دیکھتا اور محسوس کرتا ہوں۔ ان کے صاحبزادے ظفر قابل میرے دل کے اتنے قریب ہیں کہ ان کے والد کا ذکر کرتے ہوئے ہمیشہ ایک ذاتی رشتہ دل میں جاگ اٹھتا ہے۔


ظفر بھائی سے ملنے والی معلومات کے مطابق قابل اجمیری صاحب 27 اگست 1931 کو اجمیر کے ایک باوقار اور باحیثیت گھرانے میں پیدا ہوئے۔ جہاں دادا، بھائی اور خاندان کے دوسرے افراد ان کے حقیقی سرپرست رہے۔ ان کے بڑے دادا، مستری چاند محمد صاحب، شہر کے مشہور تعمیراتی ٹھیکیدار تھے، جنہیں قابل صاحب کی زندگی میں مرکزی حیثیت حاصل رہی۔ ظفر بھائی کے مطابق یہ ان کے والد (قابل صاحب) کے وجود کا سب سے بڑا سہارا تھے۔ یہی معلومات مجھے ظفر بھائی، فرزند قابل اجمیری کی محبت بھری گفتگو سے حاصل ہوئیں اور اسی نسبت سے یہاں "دادا" اور "چھوٹے دادا" جیسے رشتے لکھ رہا ہوں۔


بڑے دادا مستری چاند محمد کا انتقال جولائی 1947 میں ہوا۔ یہ وہ شخصیت تھے جنہوں نے نہ صرف اپنے پوتے کو سنبھالا بلکہ اپنے خاندان کو بھی یکجا رکھا۔ ان کے چھوٹے دادا، امیر بخش، جو بے اولاد تھے، تمام عمر بھائی، بھابی اور ان کے بچوں کے ساتھ وابستہ رہے۔ وہ اجمیر اور بعد ازاں حیدرآباد کے معروف میلاد خواں تھے اور ایک ماہر پینٹر بھی۔ ظفر بھائی کی والدہ سے ان کی خاص انسیت تھی، جسے ان کی والدہ نے ہمیشہ محبت سے یاد رکھا۔


قابل اجمیری کے بچپن میں خاندان کے ذرائع آمدنی اور دادا و بھائی کی موجودگی نے انہیں ہمیشہ سہارا دیے رکھا۔ ان کا خاندانی گھر اور اس سے ملحقہ دو دکانیں معاشی سہارا بنی رہیں، جن کے اسٹام پیپر اور کرایہ نامے آج بھی ظفر بھائی کے پاس محفوظ ہیں۔ ان کے بڑے دادا مستری چاند محمد کی شہرت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے انتقال کی خبریں اس وقت کے اخبارات میں شائع ہوئیں۔


قابل اجمیری نے شاعری میں ابتدائی تربیت اجمیر ہی میں مولانا معنی اجمیری سے حاصل کی۔ 1947 میں قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے بھائی کے ہمراہ حیدرآباد (سندھ) آ گئے۔ یہاں کسی سرپرستی کی حاجت نہ رہی۔ ظفر بھائی کے مطابق، اجمیر میں ہی ان کے استاد نے انہیں فارغ التحصیل قرار دے دیا تھا اور قابل صاحب نے اپنی الگ پہچان بنا لی تھی۔


قابل اجمیری کا دکھ ان کی شاعری کا اصل سرمایہ تھا۔ ایک ایسا دکھ جو ذاتی سانحات، ہجرت اور روحانی اداسی سے پیدا ہوا تھا۔ ان کے اشعار میں روایتی رومانویت کے بجائے داخلی کرب اور فکری گہرائی جھلکتی ہے۔ وہ خود کہتے ہیں۔۔۔۔


کچھ غم زیست کا شکار ہوئے

کچھ مسیحا نے مار ڈالے ہیں

رہ گزار حیات میں ہم نے

خود نئے راستے نکالے ہیں


ان کا یہ لہجہ آج بھی سننے والے کے دل میں اتر جاتا ہے۔


ابھی مشکل سے سمجھے گا زمانہ

نیا نغمہ نئی آواز ہوں میں

مجھی پہ ختم ہیں سارے ترانے

شکست ساز کی آواز ہوں میں


میرے دل کے قریب ان کی ایک غزل ہے جو میں یہاں مکمل شامل کرنا چاہتا ہوں ۔۔


تضادِ جذبات میں یہ نازک مقام آیا تو کیا کروگے

میں رو رہا ہوں تو ہنس رہے ہو، میں مسکرایا تو کیا کروگے


مجھے تو اس درجہ وقتِ رخصت سکوں کی تلقین کر رہے ہو

مگر کچھ اپنے لیے بھی سوچا، میں یاد آیا تو کیا کرو گے


کچھ اپنے دل پہ بھی زخم کھاؤ، مرے لہو کی بہار کب تک

مجھے سہارا بنانے والو، میں لڑکھڑایا تو کیا کرو گے


تمہارے جلوؤں کی روشنی میں نظر کی حیرانیاں مسلم

مگر کسی نے نظر کے بدلے دل آزمایا تو کیا کرو گے


اتر تو سکتے ہو پار لیکن مآل پر بھی نگاہ کر لو

خدا نہ کردہ سکونِ ساحل نہ راس آیا تو کیا کرو گے


ابھی تو تنقید ہو رہی ہے مرے مذاق جنوں پہ لیکن

تمہاری زلفوں کی برہمی کا سوال آیا تو کیا کرو گے


ابھی تو دامن چھڑا رہے ہو بگڑ کے قابل سے جا رہے ہو

مگر کبھی دل کی دھڑکنوں میں شریک پایا تو کیا کرو گے


قابل اجمیری کے مشہور اشعار ۔۔۔۔


وقت کرتا ہے پرورش برسوں

حادثہ ایک دم نہیں ہوتا


رنگِ محفل چاہتا ہے اک مکمل انقلاب

چند شمعوں کے بھڑکنے سے سحر ہوتی نہیں


راستہ ہے کہ کٹتا جاتا ہے

فاصلہ ہے کہ کم نہیں ہوتا


زمانہ دوست ہے کس کس کو یاد رکھوگے

خدا کرے کہ تمہیں مجھ سے دشمنی ہو جائے


تم نہ مانو مگر حقیقت ہے

عشق انسان کی ضرورت ہے


غم جہاں کے تقاضے شدید ہیں ورنہ

جنون کوچۂ دلدار ہم بھی رکھتے ہیں


زندگی کے آخری ایام میں جب ٹی بی نے ان کے وجود کو مضمحل کر دیا تو کوئٹہ کے سینی ٹوریم میں زیر علاج تھے کہ نرگس سوزن صاحبہ ان کی زندگی میں آئیں۔ شاعری سے متاثر ہو کر دل سے جڑ گئیں اور اسلام قبول کر کے ان کی شریک حیات بنیں۔ ان کی قربانی اور محبت نے قابل اجمیری کے لفظوں کو بکھرنے سے بچایا۔ انہی کے سبب آج ہم "رگِ جاں" اور "دیدۂ بیدار" جیسے شعری مجموعے پڑھ پاتے ہیں۔


3 اکتوبر 1962 کو قابل اجمیری ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئے۔ عجیب اتفاق کہ اسی تاریخ کو ان کے فرزند، میرے عزیز ترین دوست ظفر قابل بھائی کی پیدائش ہوئی۔ میں اکثر دل ہی دل میں سوچتا ہوں کہ 3 اکتوبر کو ظفر بھائی کو پیدائش پر مبارکباد دوں یا ان کے عظیم والد کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا مانگوں۔ یہ تاریخ ایک ساتھ دو مختلف جذبات کی آئینہ دار بن گئی ہے۔ مگر شاید یہی زندگی کا رنگ ہے کہ خوشی اور غم ایک ہی دن میں ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔


قابل اجمیری کے لفظوں کی تازگی لہجے کی سچائی اور درد کی شدت ہمیشہ زندہ رہے گی۔ وہ شاعر جو مختصر عمر پا کر بھی اردو غزل کا حوالہ بن گیا۔


اللہ قابل اجمیری صاحب اور میرے والد محترم عبدالرحیم صاحب، دونوں کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔


اور آخر میں، میرے بڑے بھائی عبد الجبار اثر کا منظوم خراج عقیدت ۔۔۔۔۔ 


تجھ پر ہو رحمان کا احساں قابل اجمیری

تو کہ رہے خورشید بداماں قابل اجمیری


قابل انساں اور سخنداں قابل اجمیری

تیرا دلوں پر نام ہے چسپاں قابل اجمیری


تو نے غزل کو عزت بخشی تو نے غزل کو مان دیا

کیوں نہ غزل ہو تجھ پہ نازاں قابل اجمیری


کاش تری توصیف میں قابل ایسے کچھ اشعار لکھوں

جو ہوں ترے شایان شایاں قابل اجمیری


ایک عجیب سا کیف کا عالم دل پر طاری رہتا ہے

پڑھتا ہوں جب تیرا دیواں قابل اجمیری


روشنی تیرے فکر و نظر کی دیدہ و دل کی راحت ہے

تو ہے ادب کا نیّرِ تاباں قابل اجمیری


تو نے غزل کے ہرخاکے میں کیسے کیسے رنگ بھرے

روح غزل ہے تجھ سے شاداں قابل اجمیری


کاش تو میرے سامنے ہوتا اے میرے محبوبِ نظر

کرتا تجھ پر جان بھی قرباں قابل اجمیری


تیرا عقیدت مند اثر اب دل سے دعا یہ کرتا ہے

تجھ پہ سدا ہو فضل رحماں قابل اجمیری




Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ