بارہ بجے کا جادوئی ریکیٹ، حکومت کی آشیرباد سے خزانے اور پمپ مالکان کی راتوں رات چاندی


 بارہ بجے کا جادوئی ریکیٹ، حکومت کی آشیرباد سے خزانے اور پمپ مالکان کی راتوں رات چاندی۔


از۔۔۔ اختر شیخ


شکیل بھائی، پروفیسر صاحب، سلام مسنون۔


حضور، یہ حکومت نے پٹرول کے ساتھ کیا شبراتی کی ڈگڈگی والا کھیل شروع کیا ہے؟

پندرہ دن والا عذاب تو جھیل لیتے تھے، اب تو روز صبح اٹھ کر پمپ والے کے چہرے کے تاثرات دیکھ کر پٹرول کا ریٹ معلوم کرنا پڑتا ہے۔ پچھلے چار دن سے یہ کمبخت ایسے اوپر جا رہا ہے جیسے ملک میں مہنگائی کا گراف، مجال ہے جو چار دن میں ایک دھیلا بھی کم ہوا ہو۔


پروفیسر صاحب، وعلیکم السلام

شکیل میاں، 


آپ بیوروکریسی کے اس شاہکار فلسفے کی گہرائی کو نہیں سمجھ پا رہے۔ حکومت وقت نے مستقل مزاجی کی نئی تعریف رقم کی ہے۔ پہلے وہ پندرہ دن بعد عوام پر یکمشت مالیاتی حملہ کرتے تھے، اب انہوں نے ہومیوپیتھک طریقہ اپنایا ہے۔ روزانہ تھوڑا تھوڑا کر کے موت کا منظر دکھاتے ہیں تاکہ عوام کی شرافت برقرار رہے اور وہ یکمشت صدمے سے ہارٹ اٹیک کا شکار نہ ہو جائیں۔


چی گویرا نے سچ ہی کہا تھا کہ گدھے کو گھوڑا بناؤ گے تو لات ہی مارے گا،


لیکن یہاں حکومت نے پٹرول کو گھوڑا نہیں، عربی نسل کا شہسوار بنا دیا ہے جو روزانہ اپنے ہی پچھلے ریکارڈ توڑ رہا ہے۔


شکیل بھائی، ارے پروفیسر صاحب،


نسل خواہ عربی ہو یا شاہی، لات کی پہچان ایک ہی ہوتی ہے، اور اس بار اس کا رخ سیدھا عوام کے سینے کی طرف ہے۔ اور ستم ظریفی دیکھیے، حکومت کی اس روزانہ کی مالیاتی شعبدہ بازی کے ساتھ ساتھ ان پٹرول پمپ والوں کی تو جیسے پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑھائی میں آ گیا ہے۔ حکومت کے ساتھ ان پمپ مالکان کی بھی لاٹری کھل گئی ہے۔


پروفیسر صاحب،

وہ کیسے شکیل میاں؟


ذرا تفصیل تو بیان کیجیے۔


شکیل بھائی،


حضور، اب پمپ مالکان کو چھٹی حس سے معلوم ہو جاتا ہے کہ رات کو ریٹ پھر بڑھے گا۔ بس پھر کیا ہے، شہر میں شام چھ سات بجتے ہی اکثر پمپوں پر تکنیکی خرابی کے بورڈ لٹک جاتے ہیں یا چمکیلی پیلی رسیاں تان دی جاتی ہیں۔ غریب بائیک والا ٹنکی میں بچا کھچا پٹرول ہلا ہلا کر ایک پمپ سے دوسرے پمپ خوار ہوتا پھرتا ہے، لیکن پمپ والے ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ اور جیسے ہی رات کے بارہ بجتے ہیں، نئے اور مہنگے ریٹ کا گھنٹا بجتا ہے، جادو کی چھڑی گھومتی ہے، سب پمپ چشم زدن میں کھل جاتے ہیں، پرانے سستے ریٹ پر خریدا ہوا تیل، بارہ بجے کے بعد سیکنڈوں میں نئے مہنگے داموں بیچ کر یہ لوگ راتوں رات قارون کا خزانہ سمیٹ رہے ہیں۔


پروفیسر صاحب،


واہ، سبحان اللہ، اسے کہتے ہیں پٹرولیم کا تقدس۔ یعنی چوری اور اوپر سے سینہ زوری۔ پہلے تو صرف حکومت ہی جونک بنی ہوئی تھی، اب یہ پمپ مالکان بھی معاشی گدھ بن کر عوام کا بچا کھچا گوشت نوچ رہے ہیں۔ قانون سازی کا یہ کمال دیکھیے کہ بلیک مارکیٹنگ کو قانونی تحفظ مل گیا ہے۔ حکومت کا کمال یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول ایک سینٹ مہنگا ہو، تو یہ یہاں روپے میں شاہانہ جست لگاتا ہے۔ اور اگر وہاں سمندر میں تیل ابل بھی جائے، تب بھی ہمارے ہاں قیمت نیچے لانے کے لیے اوگرا کو پندرہ سجدے کرنے پڑتے ہیں۔


شکیل بھائی،


حضور، چار دن سے جو یہ پٹرول روزانہ اڑان بھر رہا ہے، اس نے تو غریب کی روٹی اور مزدور کا بجٹ دونوں فیل کر دیے ہیں۔ پاکستان کے عوام تو پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دب کر صوفی بن چکے تھے، اب اس روزانہ کی قیمت اور پمپ والوں کی اس منافع خوری نے ہمیں وہ شریف گدھا بنا دیا ہے جو روز صبح مالک کی اور روز رات کو پمپ والے کی نئی لات کھانے کے لیے خود پیٹھ آگے کر دیتا ہے۔


پروفیسر صاحب،

میاں شکیل،


شرافت کی قیمت تو ہمیں ادا کرنی ہی ہوگی۔ بس دعا کرو کہ حکومت اور ان پمپ مالکان کو روزانہ کی بنیاد پر ہوا اور سانس کو میٹر پر لانے کا خیال نہ آ جائے، ورنہ یہ شام سات بجے ہوا کے پائپ بھی بند کر دیا کریں گے اور رات بارہ بجے نئے ریٹ پر کھلیں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ