داستانِ گلبہار۔۔ گولیمار کے شب و روز، ہجرت کا دربار اور ہنر کا سنسار


 داستانِ گلبہار۔۔ گولیمار کے شب و روز، ہجرت کا دربار اور ہنر کا سنسار


از: اختر شیخ


عروس البلاد کراچی کی یہ تاریخی بستی، جسے آفاقِ وقت نے کبھی گولیمار کا نام دیا اور آج جو مٹی کے نصیب میں گلبہار بن کر مہک رہی ہے، انتظامی طور پر ضلع وسطی کے ناظم آباد ٹاؤن کا ایک درخشندہ جزو ہے۔ اس بستی کے ماتھے پر سجی تاریخ کا پہلا ورق برطانوی راج کے اس دورِ عساکر سے وا ہوتا ہے، جب یہ دشت و بیاباں برطانوی فوج کی نشانہ بازی کا مقتل (شوٹنگ رینج) ہوا کرتا تھا۔ روایت کی زبانی ہم تک پہنچا ہے کہ جب بارود کی بو فضاؤں میں تیرتی اور سارجنٹ کی گرجدار آواز گونجتی، "گولی مار !!"، تو بندوقوں سے نکلے شرارے اس دھرتی کا مقدر لکھ رہے تھے۔ وقت کی بساط پلٹی، فوجی رخصت ہوئے، مگر عسکری حکم کا وہ تیکھا جملہ اس مٹی کا مستقل عنوان بن گیا۔


تقسیمِ ہند کا حشر خیز سورج طلوع ہوا تو لیاری ندی کے خم دار کناروں پر واقع اس کچی اور بے رنگ زمین کا نصیب جاگا۔ آزادی کا پروانہ لیے، لٹے پٹے، بے سروسامانی کے عالم میں ہجرت کی کٹھن مسافت طے کر کے آنے والے مہاجرین نے یہاں ڈیرے ڈالے۔ اس تپتی زمین پر نوآباد بستی کی شیرازہ بندی کرنا اور لٹے پٹے کاروانوں کے لیے کچے جھونپڑوں کے سائبان کھڑے کرنا کوئی سہل کام نہ تھا۔ اس کٹھن گھڑی میں تحریکِ پاکستان کے سرفروش سپاہی اور اردو زبان کے سحر البیان شاعر نیر مدنی صاحب نے ایک مسیحا کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہ صرف اس بستی کو ایک منظم اور مربوط شکل دی، بلکہ یہاں کی پہلی سجدہ گاہ قادریہ مسجد، کا سنگِ بنیاد رکھ کر اس بستی کی روح کو تقدس بخشا۔ وہ اپنی آخری سانس تک گلبہار کی ادبی، سماجی اور فلاحی بزم کے روحِ رواں رہے۔ اسی جغرافیائی پٹی سے متصل حسن کالونی کا علاقہ ہے، جہاں لیاری ندی کی حدود کے قریب متوسط طبقے کے شریف، محنتی اور نوکری پیشہ خاندان آباد ہوئے، جنہوں نے اپنے روایتی سماجی رکھ رکھاؤ اور پرامن زندگی سے اس محلے کو ایک باوقار شناخت بخشی۔


گلبہار کی اس پٹی پر واقع حاجی مرید گوٹھ وہ قدیم ترین تاریخی بستی ہے جو قیامِ پاکستان اور نوآباد مہاجرین کی آمد سے قبل، 1950ء کی دہائی سے پہلے ہی یہاں ایک منظم دیہی بستی کی شکل میں موجود تھی۔ یہ کراچی کے قدیم سندھی اور بلوچ باشندوں کا مسکن ہے۔ اس گوٹھ کی قدامت کا سب سے معتبر گواہ یہاں موجود ابراہم سندھ گورنمنٹ اسکول ہے، جو 1920ء میں ایک یہودی بلدیاتی رہنما ابراہم رابن کی کوششوں سے قائم ہوا تھا۔ لیاری کی طرح اس گوٹھ کی مٹی بھی کھیلوں کے لیے زرخیز رہی، جس نے فٹ بال اور باکسنگ (مکے بازی) کے کئی نامور ہیروز پیدا کیے۔ وقت کے ساتھ یہ گوٹھ وسعت اختیار کر کے خالد آباد (جو مقامی روایت کے مطابق دو بھائیوں خالد اور ابرار کی کاوش سے خالد آباد کے نام سے منسوب ہوا) اور اشرف آباد درگاہ عالیہ اشرفیہ کے ناموں سے بھی پکارا جانے لگا۔


نوآبادی کے ان ابتدائی ایام میں، یہاں کی معاشی نبض بانسوں اور چاٹیوں کی دکانوں سے جڑی تھی۔ ہجرت زدہ خاندانوں نے انہی دکانوں کے بانسوں سے اپنے کچے مکانوں کو پختگی دی۔ ابھی اس تجارتی سرگرمی کو بارہ پندرہ بہاریں ہی گزری تھیں کہ ایک آئل ٹینکر میں اچانک ہولناک آگ بھڑکی جس نے ہنستے بستے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا۔ مگر عزمِ صمیم کی مٹی سے گندھے اس علاقے نے راکھ کے اس ڈھیر سے دوبارہ جنم لیا۔ جب بازار کی دوبارہ شیرازہ بندی ہوئی، تو بانسوں کی جگہ گھریلو سامان، ہارڈویئر اور بلڈنگ مٹیریل کے کاروبار نے لے لی۔ رفتہ رفتہ وقت کا پہیہ گھوما اور یہ تجارتی مرکز ترقی کے اس اوجِ ثریا پر پہنچا کہ آج یہ پاکستان کی سب سے بڑی سینیٹری، ٹائلز اور سیرامکس مارکیٹ بن چکا ہے۔


گلبہار کے اسی جغرافیائی دائرے کے بطن سے رضویہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا جنم ہوا، جس کی بنیاد قیامِ پاکستان کے فوراً بعد رکھی گئی۔ فقہِ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کی اس منظم بستی کو بسانے کا سہرا سندھ مدرسۃ الاسلام کے نامور استاد، بلند پایہ مصنف اور جلیل القدر عالمِ دین مولانا انیس الحسنین امروہوی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کراچی کے مایہ ناز قانون دان ایڈووکیٹ محمد شبیر قزلباش کے ہمراہ دن رات ایک کر کے سوسائٹی کی قانونی تشکیل کروائی، حکومت سے اراضی حاصل کی اور بستی کا ایسا نقشہ تیار کیا جو رہائشی نظم و ضبط کا شاہکار ٹھہرا۔ اس تاریخی کارنامے کے سبب قزلباش خاندان کا نام اس بستی کی لوحِ تاریخ پر ہمیشہ کے لیے کندہ ہوگیا۔


گلبہار کے مضافاتی سلسلوں کو چھوتی ہوئی عثمانیہ کالونی کی داستان مراد آباد (ہند) سے آئے ہوئے ان ہنرمندوں سے وابستہ ہے جن کے ہاتھوں میں پیتل کو سونا بنانے کا جادو تھا۔ ان بے وطن کاریگروں کو یکجا کرنے، ان کے سروں پر چھت فراہم کرنے اور عثمانیہ کالونی کی بنیاد رکھنے کا دستاویزی اور تاریخی سہرا ممتاز طبیب اور جلیل القدر سماجی رہنما حکیم سید ذاکر حسین اختر دہلوی کے سر سجتا ہے۔ انہی ہنرمندوں کے دم قدم سے گلبہار نمبر 1 میں پیتل گلی کا جنم ہوا، جہاں پیتل، تانبے اور چاندی کے برتنوں پر نفیس نقاشی کی جاتی تھی۔ اسی پیتل گلی کے کونے پر عبدالشکور کا برف خانہ اور بوتلوں کی دکان بھی اس زمانے کی ایک نمایاں پہچان تھی، جہاں عبدالشکور کے دونوں صاحبزادے چمن اور رئیس بھی اپنے والد کے ساتھ کاروبار میں ہاتھ بٹاتے تھے۔ ان نقاشی کے ہنرمندوں کے متوازی، یہاں کپڑا بننے والی کھڈی (گھڈی) کا کام بھی اپنے عروج پر تھا۔ دھاگوں کے تانے بانے سے نفیس پارچہ بافی کا یہ ہنر اس قدر پھیلا کہ گلبہار کے کئی معزز گھرانے شہر بھر میں گھڈی والے کے نامِ نامی سے پکارے جانے لگے اور یہ ان کے خاندان کی مستقل پہچان بن گیا۔


رضویہ سوسائٹی کے بالکل سامنے، لسبیلہ پل کے اختتام سے ناظم آباد چورنگی نمبر 1 تک پھیلی فردوس کالونی (فردوس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی) اس سلسلے کا ایک سحر انگیز حصہ ہے۔ اس کی بنیاد شاہ مسعود احمد اور ان کے رفقاء نے رکھی، جنہوں نے حکومت سے ساڑھے تین روپے فی مربع گز کے حساب سے یہ زمین خریدی۔ یہ کالونی کیا تھی، ماضی کا ایک کثیرالثقافتی گلدستہ تھی، جس کی ہر گلی برصغیر کی کسی نہ کسی ریاست کی ترجمانی کرتی تھی، کہیں راجستھان کے بانکپن کی خوشبو تھی، کہیں دہلی و آگرہ کا رکھ رکھاؤ اور کہیں بہار کے جفا کش لوگ۔ یہاں شناختی کارڈ آفس کے پاس ایک پیلی عمارت میں ایرانی خاندان بسا کرتے تھے، جن کا چورنگی پر ہوٹل ہوا کرتا تھا۔ یہاں کے باسی اپنے فن و ثقافت کے ساتھ جیتے تھے، خواتین اور مرد بیڑی سازی کے ہنر سے جڑے تھے، جن میں خالہ اماں اور ان کے صاحبزادے حسین اور نثار بھائی کی بنائی ہوئی '101' اور 'دیپک' بیڑیاں پورے کراچی میں دھوم مچاتی تھیں۔ یہاں ہڈی کے زیورات بنانے والے نایاب ہنرمند تھے، گلی ڈانڈا، پتنگ اور مانجھے کا عروج تھا، اور مٹی کے تیل کے چولہے بنانے کی شروعات یہاں کے بشیر بھائی نے کی تھی۔ وقت کے بدلتے دھارے کے ساتھ، یہ رہائشی سحر اب سینیٹری اور ٹائلز کے بڑے بڑے گوداموں اور تجارتی مراکز میں تبدیل ہو چکا ہے۔


گلبہار کی رونقیں یہاں کے بازاروں اور ان نامور دکانوں سے تھیں جن کا تذکرہ اس تاریخ کو جلا بخشتا ہے، جن میں ناصر بک ڈپو علم و ادب کا مآخذ تھا تو خان صاحب ہوٹل پر شامیں آ کر ٹھہرتی تھیں۔ ماموں پان والے اور کریم بھائی پان والے کے پان گلبہار کی محفلوں کا حصہ تھے، جبکہ اختر و اصغر ویلڈنگ والے اور بشیر صاحب چولہے والے اپنے ہنر میں طاق تھے۔ اختر میڈیکل اسٹور، دولت باجی کا کلینک اور زماں بھائی کا کلینک شفاء کے مراکز تھے، اور گھر کی روزمرہ ضروریات کے لیے نور علی کریانہ اسٹور، شمیم بھائی کریانہ والے موجود تھے اور شریف بھائی کی فینسی بیکری (جو بعد میں ان کے لائق صاحبزادے شکیل بھائی کے نام سے معروف ہوئی) مرجع خلائق تھے۔ اس کے علاوہ جعفری پینٹ، شمیم بھائی سائیکل والے، کے ایم سی ڈسپنسری، منصور ۔۔ کراچی بروسٹ والے، رشید صاحب نگینے والے اور کے ٹو سگریٹ والے حاجی صاحب اس بستی کے اہم نشانات تھے۔ یادوں کا یہ تسلسل لیاقت چوک پر آ کر مزید گہرا ہو جاتا ہے، جہاں کسی وقت میں قمر جنرل اسٹور و اسٹیشنری، کیپری جنرل اسٹور، استاد انوار کا ہوٹل، ایک شاندار ملباری کا ہوٹل اور ان کے ساتھ جڑی لکڑی کی پرانی ٹال اس بستی کی روزمرہ زندگی کا دھارا ہوا کرتی تھی۔ اسی چوک کا ایک خوبصورت روایتی نشان شوکت پان شاپ تھی جو قدیم دنوں کا دلکش حصہ تھی، اور وقت کا ایک طویل دائرہ کاٹنے اور برسوں بیت جانے کے بعد آج یہ دکان پھر سے لیاقت چوک پر مخلصین کے لیے آباد ہو چکی ہے۔


اس بستی کا خمیر عبادت اور عقیدت سے اٹھا ہے، جس کی گواہی یہاں کے منبر و محراب دیتے ہیں۔ یہاں کی مساجد میں غوثیہ مسجد فضاؤں کو ایمان کی روشنی سے منور کرتی ہے، جہاں مولانا یونس کشمیری کی خطابت کی گونج تھی۔ اسی غوثیہ مسجد کے پاس تعلیمی و ادبی افق کی مایہ ناز شخصیت حیات النبی رضوی مرحوم کا گھر بستی کی علمی شان تھا، جو وقت کے ساتھ آج ان کے نام سے منسوب اسکول میں تبدیل ہو کر علم کی شمع جلا رہا ہے؛ اور اسی مسجد کے قریب نعت گوئی کا ایک اور معتبر نام، صاحبِ کتاب شاعر شریف امروہوی مقیم تھے۔ غوثیہ مسجد کے ہمراہ فاروقی مسجد، حنفیہ مسجد، باب السلام مسجد، لال مسجد، فردوسیہ مسجد اور جامع مسجد عثمانیہ ایمان کے چراغ روشن کرتی ہیں، جبکہ منبعِ عقیدت کے طور پر رضویہ امام بارگاہ، جعفریہ امام بارگاہ، شاہ ولایت امام بارگاہ اور الکاظمین امام بارگاہ مخلصین کے دلوں کو گرماتی ہیں۔ محرم الحرام کی روایتی عزاداری اور عقیدت کے تذکرے میں گلبہار کی مٹی پر اٹھنے والے تعزیے پورے شہر میں معروف تھے، جن میں نصیر کا تعزیہ اور مسعود کا تعزیہ اپنی خوبصورتی اور قدامت کے باعث تاریخ کا ایک انمٹ حصہ بن گئے۔


گلبہار کی مٹی علم، ادب، سیاست، کھیل اور فنونِ لطیفہ کے ایسے درخشندہ ستاروں سے زرخیز رہی ہے جن کا تذکرہ سنہری حروف سے کیے جانے کے لائق ہے۔ علم و ادب اور صحافت کے میدان میں اردو جاسوسی ادب کے بے تاج بادشاہ ابن صفی صاحب کا دفتر اسی مٹی کی رونق تھا، ممتاز ادیب و افسانہ نگار ابراہیم جلیس، مایہ ناز شاعر و ناول نگار شوکت صدیقی، نعت خوانی کی دنیا کا معتبر نام صبیح الدین رحمانی، جلیل القدر صحافی صلاح الدین، ممتاز ماہرِ تعلیم پروفیسر حشمت اللہ لودھی، این ای ڈی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر شروش اللہ لودھی، فیڈرل اسکول کے سر خالد صاحب، اور سماجی لیڈر عزیز احسن اور نعیم بجنوری شامل ہیں۔ اسی علمی و ادبی کاروان میں مقصود احمد خان، سابق ناظمِ امتحانات میٹرک بورڈ کراچی بھی اسی علاقے کے رہائشی رہے، جو بعد ازاں 1980ء تا 1985ء کے بعد شادمان ٹاؤن منتقل ہوگئے۔ اسی ادبی و عقیدت کے کاروان میں استاد النعت محمد قمر خان رحمانی نعت خواں اپنی منفرد آواز کے سبب گولیمار کی شان بنے، اور جب بستی میں سالانہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کی محفلیں سجی ہوتی تھیں، تو قرات و سلام کے لیے قاضی مہربان علی صاحب کا نام ایک معتبر اور جلیل القدر گواہی کے طور پر گونجتا تھا۔


فن اور ثقافت کے افق پر ٹی وی کے نامور فنکار انور کمال اور لیاقت علی درانی، اسٹیج کی معروف فنکارہ سلومی، سلامت علی خان اور اپنی انوکھی وضع قطع کے مالک استاد نرالے عالم (جو خود کو مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کا آخری وارث کہتے تھے) چمکتے رہے۔ کھیل کے میدان کے غازیوں میں ہاکی کے جادوگر صفدر عباس، سہیل عباس، نسیم خان، کرکٹر وکیل تاتاری اور فٹ بال کے افق پر چمکنے والے ستارے لال بخش، موسیٰ، اسلم بھائی اور شاید عزیز فٹبالر مٹی کا مان بنے۔ سیاسی و سماجی بساط پر سابق قائم مقام وزیرِ اعلیٰ سندھ الحاج شمیم الدین (مرحوم)، بلال شیخ، قادر بخش بکک اور پورا بکک گھرانہ، سیٹھ جمال شیخ، عبدالغنی سیٹھ، مسرور احسن، صابر شمسی (مرحوم)، سید محمد اشرف جیلانی، حامد اشرف جیلانی (مرحوم) اور مین بازار کے رہائشی ادریس ٹرانسپورٹ والے ادریس عباسی نمایاں رہے۔ ڈاکٹر حسین مہدی اور ڈاکٹر یاور عباس خلقِ خدا کی خدمت میں پیش پیش رہے۔ بستی کی مشہور شخصیات میں قاری حسن شهید صاحب اور قاری علیم (مرحوم) کے ہمراہ پروفیسر رئیس صاحب (مرحوم)، آفتاب عالم، معبود صاحب، عشرت حسین، غضنفر بھائی، تصویر بھورا، محمد علی ظفر، جعفر علی، غلام رسول بلوچ، دادو رحمن بلوچ، عبد الخالق بلوچ، سعید خان (مرحوم)، قاسم عباس، عباس ٹھیکیدار، دولارے بھائی، صابر، شاکر، ابراہیم رضا خان، حامد رضا خان، برکت علی صاحب، گارڈ صاحب، استاد انوار، استاد غفار، غفور دیوان جی، حمید بنگل، طفیل صاحب، محسن رضوی اور اعجاز صاحب، محمد علی (مرحوم)، مردان علی (مرحوم)، ٹھیکیدار عباس، ناصر خان، مبین خان اور عقیل احمد عباسی شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اخلاق، محبت اور محنت سے گلبہار کے روشن ستاروں میں اپنی مستقل جگہ بنائی۔


نوٹ: یہ تحریر حافظے کی بنیاد پر لکھی گئی ہے، جس میں کئی نام، واقعات اور شخصیات ناگزیر طور پر رہ گئے ہوں گے، جس کے لیے پیشگی معذرت لازم ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ