ایک مٹھی مٹی اور پیچھے چھوڑا گھر
ایک مٹھی مٹی اور پیچھے چھوڑا گھر
از ۔۔ اختر شیخ
آزادی کے دن قریب تھے مگر شہر کی فضا میں جشن کی خوشبو کے ساتھ ایک انجانا خوف بھی تیرنے لگا تھا۔ گلیوں کے وہ دروازے جو برسوں سے بے تکلف کھلے رہتے تھے اب شام ڈھلتے ہی بند ہونے لگے تھے۔ چوک میں بیٹھنے والے بوڑھے اپنی گفتگو ادھوری چھوڑ کر گھروں کو لوٹ جاتے اور ماؤں نے بچوں کو دور تک کھیلنے سے منع کر دیا تھا۔
عبدالحمید کے گھر کے صحن میں نیم کا ایک پرانا درخت تھا۔ اس کی چھاؤں میں اس کے بچپن کی کئی دوپہریں سوئی تھیں اور اس کی شاخوں پر اس کے بچوں کی کتنی ہی پتنگیں اٹکی تھیں۔ شام کے وقت جب ہوا چلتی تو نیم کے پتے ایک ایسی مدھم سرسراہٹ پیدا کرتے جیسے کوئی دھیرے دھیرے گزشتہ دنوں کی داستان سنا رہا ہو۔
اس شام بھی عبدالحمید چارپائی پر بیٹھا نیم کی طرف دیکھ رہا تھا۔
مگر آج اس کی نگاہ میں اپنائیت کے بجائے ایک عجیب سی بے قراری تھی۔
گھر کے اندر سے صندوق کھلنے اور بند ہونے کی آوازیں آ رہی تھیں۔
زبیدہ کپڑے تہہ کر رہی تھی۔
کبھی کسی چیز کو ہاتھ میں لیتی اور دیر تک دیکھتی رہتی۔ پھر اسے صندوق میں رکھنے کے بجائے ایک طرف رکھ دیتی۔
کیا لے جائیں اور کیا چھوڑ جائیں؟
یہ سوال آج ہر اس گھر کا سوال تھا جس کے دروازے پر ہجرت دستک دے رہی تھی۔
عبدالحمید کے والد کی پرانی عینک۔
ماں کی سلائی کا صندوقچہ۔
بچوں کے کھلونے۔
شادی کا جوڑا۔
چند کتابیں۔
چاندی کی ایک پیالی۔
کچھ خطوط۔
اور وہ پرانی چابی جس سے اس گھر کا دروازہ برسوں سے کھلتا آیا تھا۔
آخر آدمی اپنے ساتھ کتنی زندگی لے جا سکتا ہے؟
بعض چیزیں سامان نہیں ہوتیں۔ وہ آدمی کی سانسوں میں بسی ہوتی ہیں۔ انہیں صندوق میں رکھنے کی کوشش کی جائے تو صندوق چھوٹا پڑ جاتا ہے۔
زبیدہ نے اندر سے آواز دی۔
عبدالحمید۔
وہ اٹھ کر اندر گیا۔
جی؟
زبیدہ نے ہاتھ میں ایک کپڑا تھام رکھا تھا۔
یہ بھی رکھ دوں؟
عبدالحمید نے دیکھا۔ یہ اس کی مرحوم ماں کا دوپٹہ تھا۔
وہ چند لمحے خاموش رہا۔
رکھ دو۔
زبیدہ نے اسے تہہ کر کے صندوق میں رکھ دیا۔
پھر ایک دم رک گئی۔
اگر ہم واپس آ گئے تو؟
عبدالحمید نے اس کی طرف دیکھا۔
یہ سوال شاید وہ خود بھی کئی دن سے اپنے دل میں لیے پھرتا تھا۔
اللہ نے چاہا تو ضرور آئیں گے۔
زبیدہ نے اس کے چہرے کو غور سے دیکھا۔
اس جواب میں امید کم اور تسلی زیادہ تھی۔
اسی وقت باہر دروازے پر دستک ہوئی۔
کریم بخش تھا۔
وہ اندر آیا تو اس کے چہرے پر وہ بے فکری نہ تھی جو برسوں کی رفاقت نے اس کے چہرے پر بسا رکھی تھی۔
عبدالحمید بھائی۔ صبح قافلہ نکل رہا ہے۔
عبدالحمید نے صرف اتنا پوچھا۔
کہاں تک؟
سرحد پار۔
چند لمحے خاموشی رہی۔
پھر عبدالحمید نے آہستہ سے کہا۔
تو پھر واقعی جانا ہوگا۔
کریم بخش نے نظریں جھکا لیں۔
وقت اچھا نہیں ہے۔
وقت کبھی اچھا یا برا نہیں ہوتا کریم بخش۔
عبدالحمید نے کھڑکی سے باہر دیکھا۔
وقت تو گزر جاتا ہے۔ آدمی اس میں سے گزرتے ہوئے اچھا یا برا بن جاتا ہے۔
کریم بخش نے کوئی جواب نہ دیا۔
وہ جانتا تھا کہ آج فلسفے کی نہیں فیصلے کی رات ہے۔
رات بہت دیر تک گھر میں کوئی نہ سویا۔
بارہ برس کا سلیم اپنے کھلونوں کو دیکھ رہا تھا۔
اس نے لکڑی کا ایک گھوڑا اٹھایا اور باپ کے پاس آ کر کھڑا ہو گیا۔
ابا۔ یہ بھی ساتھ جائے گا؟
عبدالحمید نے گھوڑا دیکھا۔
ہاں بیٹا۔
وہاں بھی میں اس پر کھیلوں گا؟
ضرور۔
بچے کو کیا معلوم تھا کہ بعض وعدے باپ اپنے بچوں سے اس لیے کرتے ہیں کہ ان کے دل کو تسلی ملے۔ حالانکہ خود ان کے دل میں مستقبل کا کوئی نقشہ نہیں ہوتا۔
چھوٹی عائشہ اپنی گڑیا کو سینے سے لگائے بیٹھی تھی۔
زبیدہ نے اسے دیکھا تو مسکرا دی۔
بیٹی۔ اسے بھی ساتھ لے چلو گی؟
ہاں اماں۔ یہ اکیلی رہ جائے گی تو ڈر جائے گی۔
زبیدہ نے ایک لمحے کے لیے بچی کو دیکھا۔
پھر اپنا چہرہ دوسری طرف کر لیا۔
اسے معلوم تھا کہ صبح ہونے پر اس گھر میں کتنی چیزیں اکیلی رہ جائیں گی۔
عبدالحمید رات کے پچھلے پہر صحن میں آیا۔
چاند نیم کی شاخوں میں الجھا ہوا تھا۔
اس نے زمین کی طرف دیکھا۔
اس مٹی پر اس کے والد نے اسے پہلی بار چلنا سکھایا تھا۔
اسی مٹی میں اس کی ماں کے قدموں کے نشان تھے۔
یہیں اس کی شادی ہوئی تھی۔
یہیں اس کے بچوں نے پہلا قدم اٹھایا تھا۔
وہ جھکا۔
اپنی ہتھیلی میں مٹی بھری۔
کچھ دیر اسے دیکھتا رہا۔
پھر جیب میں رکھ لی۔
اس وقت یہ الفاظ ذہن میں آئے
آدمی اپنا گھر چھوڑ سکتا ہے۔ گھر کی مٹی نہیں۔
وہ دیر تک نیم کے نیچے کھڑا رہا۔
پھر آہستہ آہستہ اندر چلا گیا۔
صبح اذان سے کچھ پہلے گھر کا دروازہ کھلا۔
گلی میں چند اور خاندان جمع تھے۔
کسی کے ہاتھ میں گٹھڑی تھی۔
کسی کے سر پر صندوق۔
کسی نے بچے کو اٹھا رکھا تھا۔
کسی بوڑھے کے ہاتھ میں تسبیح تھی۔
ہر شخص اپنے ساتھ کچھ نہ کچھ لیے جا رہا تھا۔
مگر حقیقت یہ تھی کہ سب کچھ پیچھے رہ گیا تھا۔
زبیدہ نے آخری بار گھر کے اندر نظر دوڑائی۔
چولہا۔
دیوار۔
صحن۔
نیم۔
وہ پرانی چارپائی۔
اور وہ دروازہ جس سے اس نے پہلی بار دلہن بن کر قدم اندر رکھا تھا۔
اس نے چوکھٹ کو ہاتھ لگایا۔
آنکھیں بند کیں۔
پھر سلیم کا ہاتھ پکڑ لیا۔
عبدالحمید نے دروازہ بند کیا۔
چابی گھمائی۔
چابی کی آواز بہت معمولی تھی۔
مگر اسے یوں لگا جیسے ایک پوری زندگی پر کنڈی پڑ گئی ہو۔
وہ چند قدم چلا۔
پھر رک گیا۔
پلٹ کر دیکھا۔
نیم کا درخت اب بھی دکھائی دے رہا تھا۔
اس نے دل ہی دل میں کہا
خدا حافظ۔
اور اس کے بعد وہ لفظ بھی نہ کہہ سکا جو دل کہنا چاہتا تھا۔
قافلہ چل پڑا۔
پہلے چند گھر تھے۔
پھر چند گلیاں۔
پھر پورا محلہ۔
پھر شہر۔
ہر قدم کے ساتھ زمین اجنبی ہوتی جاتی تھی اور یادیں قریب۔
راستے میں ایک بوڑھی عورت بار بار پیچھے دیکھتی۔
کسی نے پوچھا
اماں کیا دیکھ رہی ہو؟
اس نے کہا
اپنا گھر۔
گھر تو بہت پیچھے رہ گیا۔
بوڑھی نے جواب دیا
گھر پیچھے رہ جائے تو کیا ہوتا ہے؟ آنکھیں تو ساتھ آتی ہیں نا۔
عبدالحمید نے یہ سنا تو خاموش ہو گیا۔
یہی تو ہجرت تھی۔
مکان پیچھے رہ جاتا تھا اور گھر آدمی کے اندر چلتا رہتا تھا۔
چند روز بعد وہ لوگ اسٹیشن پہنچے۔
وہاں انسانوں کا ایک ایسا ہجوم تھا جس میں ہر چہرہ اپنی الگ داستان لیے کھڑا تھا۔
ٹرین آئی تو لوگ اس کی طرف یوں بڑھے جیسے وہ لوہے کی گاڑی نہیں بلکہ زندگی کی آخری امید ہو۔
عورتوں نے بچوں کو سینے سے لگا لیا۔
بوڑھوں نے دعائیں پڑھیں۔
نوجوانوں نے سامان سنبھالا۔
عبدالحمید نے سلیم کو اندر بٹھایا۔
زبیدہ نے عائشہ کو گود میں لے لیا۔
دروازہ بند ہوا۔
ٹرین چل پڑی۔
کچھ دیر تک کسی نے بات نہ کی۔
صرف پہیوں کی آواز تھی۔
اور دلوں کی دھڑکن۔
سلیم نے کھڑکی سے باہر دیکھا۔
ابا۔ ہمارا گھر کتنی دور رہ گیا؟
عبدالحمید نے باہر دیکھا۔
شہر کی آخری نشانیاں بھی اب نظروں سے اوجھل ہو رہی تھیں۔
بیٹا بہت دور۔
ہم واپس آئیں گے؟
عبدالحمید نے بیٹے کے سر پر ہاتھ رکھا۔
اگر اللہ نے چاہا۔
سلیم نے اطمینان سے آنکھیں بند کر لیں۔
عبدالحمید نے چہرہ دوسری طرف کر لیا۔
وہ نہیں چاہتا تھا کہ بچہ باپ کی آنکھوں میں وہ جواب پڑھ لے جو زبان دینے سے قاصر تھی۔
ٹرین کئی گھنٹے چلتی رہی۔
پھر ایک جگہ اچانک رک گئی۔
لوگوں میں بے چینی پھیل گئی۔
باہر شور تھا۔
پھر چیخیں سنائی دیں۔
کسی نے بچوں کو نیچے لٹا دیا۔
کسی نے دروازہ بند کرنے کی کوشش کی۔
کسی نے قرآن مجید اٹھا کر سینے سے لگا لیا۔
اگلے چند لمحے ایسے تھے جنہیں یاد کرنا بھی انسان کے لیے آسان نہیں۔
گولیوں کی آواز۔
چیخ و پکار۔
بھاگتے قدم۔
اور پھر خاموشی۔
ایسی خاموشی جو موت کے بعد اترتی ہے۔
عبدالحمید نے سلیم کو اپنے سینے سے لگا رکھا تھا۔
زبیدہ عائشہ کو بازوؤں میں چھپائے بیٹھی تھی۔
ایک عورت بار بار اپنے شوہر کو پکار رہی تھی۔
اللہ کے واسطے جواب دو۔
جواب نہ آیا۔
ایک بچہ ڈبے کے کونے میں بیٹھا تھا۔
وہ کسی کو تلاش کر رہا تھا۔
عبدالحمید نے اس کے قریب جا کر پوچھا
تمہاری ماں کہاں ہے؟
بچے نے معصومیت سے کہا
سو رہی ہیں۔
عبدالحمید کے لب کانپ گئے۔
وہ سمجھ گیا کہ ماں سوئی نہیں تھی۔
وہ سفر سے آگے نکل گئی تھی۔
اس نے بچے کو اپنے پاس بٹھا لیا۔
اس دن عبدالحمید نے پہلی مرتبہ محسوس کیا کہ ہجرت صرف اپنا گھر چھوڑنے کا نام نہیں۔
یہ دوسروں کے اجڑے گھروں کو اپنی آنکھوں میں اٹھا لینے کا نام بھی ہے۔
کئی دن بعد جب ٹرین پاکستان کی سرحد میں داخل ہوئی تو ایک شخص نے سبز پرچم دیکھا۔
اس کی آواز بلند ہوئی۔
پاکستان!!!
پھر جیسے ڈبے میں زندگی واپس آ گئی۔
پاکستان زندہ باد۔
اللہ اکبر۔
کسی نے سجدہ کیا۔
کسی نے زمین کو چوما۔
کسی نے روتے ہوئے کہا
یا اللہ۔ ہمیں منزل نصیب ہوئی۔
زبیدہ نے دونوں ہاتھ اٹھا دیے۔
عبدالحمید خاموش بیٹھا رہا۔
اس کی آنکھوں میں آنسو تھے۔
سلیم نے پوچھا
ابا۔ آپ رو کیوں رہے ہیں؟
عبدالحمید نے بیٹے کو سینے سے لگا لیا۔
خوشی کے آنسو ہیں۔
مگر اس کے دل میں یہ بھی تھا کہ اس خوشی کی قیمت کتنے لوگوں نے اپنے خون سے ادا کی ہے۔
یہ آزادی کسی ایک صبح کی عطا نہ تھی۔
یہ ایک طویل شب کے بعد طلوع ہونے والی صبح تھی۔
اور اس شب میں بے شمار چراغ بجھے تھے۔
کراچی نے ان لوگوں کو اپنی آغوش میں جگہ دی۔
مگر کراچی بھی اس وقت خود ایک نئے عہد میں داخل ہو رہا تھا۔
ریل گاڑیوں سے لوگ اترتے تھے۔
کیمپ آباد ہوتے تھے۔
نئے محلے بنتے تھے۔
خالی میدانوں میں زندگی کے چراغ روشن ہوتے تھے۔
جو لوگ کل تک اپنے گھروں کے مالک تھے آج خیموں کے مکین تھے۔
مگر ان کے ہاتھ خالی نہ تھے۔
ان ہاتھوں میں ہنر تھا۔
محنت تھی۔
تعلیم تھی۔
علم کی پیاس تھی۔
اور ایک نئی زندگی بسانے کا عزم تھا۔
عبدالحمید نے ایک چھوٹی سی دکان کھولی۔
پہلے دن کوئی گاہک نہ آیا۔
دوسرے دن ایک آیا۔
تیسرے دن دو۔
پھر دکان چل نکلی۔
سلیم نے پڑھائی شروع کر دی۔
عائشہ نے سلائی سیکھی۔
زبیدہ نے گھر کو گھر بنا دیا۔
ایک رات سلیم نے پوچھا
اماں۔ یہ ہمارا گھر ہے؟
زبیدہ نے چولہے پر رکھی ہانڈی کو ہلاتے ہوئے کہا
ہاں بیٹا۔
پہلے والا گھر؟
زبیدہ کے ہاتھ ایک لمحے کو رک گئے۔
وہ بھی ہمارا تھا۔
پھر یہ؟
یہ ہمارا وطن ہے۔
عبدالحمید نے یہ بات سنی تو خاموشی سے آسمان کی طرف دیکھا۔
پھر اسے اپنی مٹھی میں رکھی ہوئی مٹی یاد آئی۔
ایک گھر کی مٹی پیچھے رہ گئی تھی۔
اور ایک وطن سامنے تھا۔
برس گزرتے گئے۔
کراچی کی گلیوں میں نئی بستیاں آباد ہوئیں۔
بازاروں میں رونق آئی۔
کارخانے چلے۔
مدرسے اور اسکول آباد ہوئے۔
اخبارات نکلے۔
کتابیں شائع ہوئیں۔
مشاعرے ہوئے۔
لوگوں نے اپنی محرومیوں کو اپنی محنت میں بدل دیا۔
جن کے پاس کل اپنا گھر نہ تھا انہوں نے آج دوسروں کے لیے گھر تعمیر کیے۔
جن کے پاس روزگار نہ تھا انہوں نے بازار آباد کیے۔
جن کے بچوں کے ہاتھ میں کل صرف گٹھڑی تھی آج انہی کے ہاتھوں میں کتاب تھی۔
عبدالحمید جب کبھی کراچی کی کسی مصروف سڑک سے گزرتا تو دل ہی دل میں کہتا
ہم خالی ہاتھ نہیں آئے تھے۔
پھر خود ہی جواب دیتا۔
ہمارے ہاتھوں میں خواب تھے۔
وقت نے عبدالحمید کے بالوں کو چاندی کر دیا۔
اس کے بچے بڑے ہو گئے۔
پھر ان کے بچے بھی۔
ایک روز اس کا پوتا حارث پرانا صندوق کھول رہا تھا۔
اسے ایک زنگ آلود چابی ملی۔
اور ایک کپڑے کی چھوٹی سی تھیلی۔
دادا جان۔
عبدالحمید نے عینک درست کی۔
کیا ہوا؟
یہ چابی کس چیز کی ہے؟
بوڑھے نے چابی ہاتھ میں لی۔
کچھ دیر تک اسے دیکھتا رہا۔
گھر کی۔
کون سے گھر کی؟
جو ہم چھوڑ آئے تھے۔
حارث نے مٹی کی تھیلی اٹھائی۔
اور یہ؟
عبدالحمید نے اسے اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
اس گھر کی مٹی۔
حارث نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا
دادا جان۔ اتنے برس بعد بھی؟
بوڑھے نے اسے دیکھا۔
بیٹا۔ جس نے اپنا گھر اپنی آنکھوں کے سامنے چھوڑا ہو اس کے لیے ایک مٹھی مٹی بھی پوری دنیا ہوتی ہے۔
حارث خاموش ہو گیا۔
عبدالحمید نے مٹی کی تھیلی سینے سے لگا لی۔
اچانک اسے وہ رات یاد آ گئی۔
وہی نیم۔
وہی صحن۔
وہی دروازہ۔
اور وہی آخری نظر۔
اس کے ذہن میں شعر ابھرا۔
ترک وطن تو سنت بھی تھی اور ہماری قسمت بھی
ہجرت پر مجبور نہ تھے ہجرت پر مامور تھے ہم
(سرشار صدیقی)
حارث نے پوچھا
دادا جان۔ کیا آپ کو کبھی افسوس ہوا؟
عبدالحمید نے کچھ دیر سوچا۔
کس بات کا؟
گھر چھوڑنے کا۔
بوڑھے نے سامنے دیوار پر لگے پاکستان کے پرچم کو دیکھا۔
گھر چھوڑنے کا دکھ آج بھی ہے۔ پاکستان آنے کا افسوس کبھی نہیں ہوا۔
حارث نے کچھ کہنا چاہا مگر رک گیا۔
وہ چند دن سے ملازمت کی تلاش میں تھا۔
تعلیم مکمل کر چکا تھا۔
قابلیت بھی تھی۔
مگر دروازے بار بار بند ہو رہے تھے۔
کسی جگہ تجربہ مانگا جاتا۔
کسی جگہ سفارش۔
کسی جگہ شناخت کا سوال سامنے آ جاتا۔
وہ اس شام تھکا ہارا گھر لوٹا تو عبدالحمید نے اس کے چہرے سے سب پڑھ لیا۔
کیا ہوا؟
حارث نے جواب نہ دیا۔
بوڑھے نے پھر پوچھا۔
"کسی نے کچھ کہا ہے؟
حارث نے آہستہ سے کہا
دادا جان۔
ہاں؟
کبھی کبھی لگتا ہے ہم ابھی تک ہجرت میں ہیں۔
عبدالحمید کے چہرے پر ایک گہری اداسی اتر آئی۔
حارث نے کہا
آپ نے ایک وطن چھوڑا تھا۔ ہم نے تو اسی وطن میں پیدا ہو کر بھی اپنے لیے جگہ ڈھونڈنی ہے۔
کمرے میں خاموشی چھا گئی۔
باہر سے بچوں کے کھیلنے کی آواز آ رہی تھی۔
عبدالحمید نے مٹی کی تھیلی اٹھائی۔
بیٹا۔
جی۔
یہ مٹی دیکھ رہے ہو؟
جی۔
ہم اسے اپنے ساتھ اس لیے لائے تھے کہ ہمیں معلوم تھا گھر پیچھے رہ جائے گا۔
وہ تھوڑا رکا۔
مگر ہمیں یہ معلوم نہ تھا کہ کبھی ہماری اولاد کو اپنے ہی وطن میں یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ اسی وطن کی ہے۔
حارث کی آنکھیں جھک گئیں۔
عبدالحمید نے فوراً اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔
مگر ایک بات یاد رکھنا۔
کیا؟
اپنے دکھ کو نفرت نہ بننے دینا۔
حارث نے سر اٹھایا۔
کیوں؟
اس لیے کہ پاکستان ہم نے نفرت کے لیے نہیں بنایا تھا۔
بوڑھے کی آواز میں غیر معمولی وقار تھا۔
ہم نے ایسا وطن چاہا تھا جہاں انسان اپنے عقیدے اور اپنی شناخت کے ساتھ عزت سے جی سکے۔ اگر ہم اپنے دکھ کی وجہ سے دوسروں کے لیے وہی دروازے بند کر دیں جن کے کھلنے کی دعا ہمارے بزرگوں نے کی تھی تو پھر ہماری ہجرت کا مقصد ہی کیا رہ جائے گا؟
حارث خاموش بیٹھا رہا۔
بوڑھے نے کہا
اپنا حق مانگو۔ ضرور مانگو۔ مگر کسی کا حق نہ چھینو۔ انصاف مانگو۔ مگر انصاف کے نام پر نفرت نہ بانٹو۔
پھر اس نے مٹی کی تھیلی حارث کے ہاتھ میں رکھ دی۔
یہی پاکستان کی اصل امانت ہے۔
حارث نے تھیلی ہاتھ میں لی تو اسے اپنی مٹھی میں ایک عجیب سا بوجھ محسوس ہوا۔
یہ صرف مٹی نہ تھی۔
اس میں دادا کا گھر تھا۔
پردادا کی زندگی تھی۔
ایک ماں کی جدائی تھی۔
ایک ٹرین کا سفر تھا۔
ایک نئے شہر کی تعمیر تھی۔
اور آنے والی نسلوں کی امید بھی۔
اس کے ذہن میں ایک اور شعر آیا۔
ابھی تو ایک وطن چھوڑ کر ہی نکلے ہیں
ہنوز دیکھنی باقی ہیں ہجرتیں کیا کیا
(صبا اکبرآبادی)
حارث نے شعر آہستہ سے دہرایا۔
عبدالحمید نے اسے دیکھا۔
یہ شعر اب سمجھ آئے گا۔
کیسے؟
ہجرت صرف سرحد پار کرنے کا نام نہیں۔ کبھی آدمی روزگار کی تلاش میں ہجرت کرتا ہے۔ کبھی عزت کی تلاش میں۔ کبھی انصاف کی۔ اور کبھی اپنے ہی شہر میں اپنے لیے جگہ تلاش کرتا پھرتا ہے۔
حارث کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
14 اگست کی صبح کراچی پر اتر رہی تھی۔
چھتوں پر پرچم لہرا رہے تھے۔
گلیوں میں بچے سبز و سفید لباس پہنے پھر رہے تھے۔
دکانوں پر جھنڈیاں سجی تھیں۔
گھروں سے ملی نغموں کی آوازیں آ رہی تھیں۔
حارث کا چھوٹا بیٹا احمد ہاتھ میں پرچم لیے دادا کے پاس آ بیٹھا۔
دادا ابو۔ آج پاکستان کا دن ہے؟
عبدالحمید مسکرایا۔
ہاں بیٹا۔
"پاکستان کیسے بنا تھا؟
بوڑھے نے کچھ دیر اسے دیکھا۔
پھر صندوق کھولا۔
چابی نکالی۔
مٹی کی تھیلی نکالی۔
احمد نے حیرت سے پوچھا،
یہ کیا ہے؟
ایک گھر کی چابی۔
اور یہ؟
ایک مٹھی مٹی۔
کہاں کی؟
عبدالحمید نے کھڑکی سے باہر دیکھا۔
پھر آہستہ سے کہا
اس گھر کی جسے ہم پاکستان کے لیے چھوڑ آئے تھے۔
احمد کچھ دیر خاموش رہا۔
دادا ابو۔ کیا آپ کو بہت ڈر لگا تھا؟
بہت۔
کیا راستے میں لوگ مرے تھے؟
بوڑھے نے آنکھیں بند کر لیں۔
ہاں۔ بہت سے۔
کتنے؟
عبدالحمید نے بچے کے سر پر ہاتھ رکھا۔
بیٹا۔ کچھ دکھ ایسے ہوتے ہیں جنہیں گنا نہیں جا سکتا۔
پھر اس نے پرچم کی طرف دیکھا۔
یہ سبز پرچم صرف جشن کی علامت نہیں۔ یہ قربانی اور امانت کا نشان ہے۔
احمد پرچم کو دیکھنے لگا۔
عبدالحمید نے کہا
آزادی کی خوشی ضرور منانا۔ مگر کبھی یہ مت بھولنا کہ اس خوشی تک پہنچنے کے لیے کتنے گھروں کے چراغ بجھے تھے۔
حارث یہ گفتگو سن رہا تھا۔
اسے محسوس ہوا کہ دادا کی آواز میں آج پوری ایک صدی بول رہی ہے۔
اس نے سوچا
ہم نے آزادی کو شاید بہت آسان سمجھ لیا ہے۔
ہمیں صرف پرچم نظر آتا ہے۔
اس کے پیچھے وہ قافلے نظر نہیں آتے۔
ہمیں صرف قومی نغمہ سنائی دیتا ہے۔
اس کے پیچھے وہ ماؤں کی سسکیاں سنائی نہیں دیتیں جنہوں نے اپنے بیٹے کھوئے۔
ہمیں صرف جشن دکھائی دیتا ہے۔
اس کے پیچھے وہ لوگ نظر نہیں آتے جنہوں نے اپنے گھروں کے دروازے آخری بار بند کیے تھے۔
اور پھر اسے خیال آیا کہ قربانی کی سب سے بڑی توہین شاید یہ نہیں کہ اسے بھلا دیا جائے۔
بلکہ یہ ہے کہ اس قربانی سے حاصل ہونے والے وطن میں کسی کو اس کا اپنا پن ثابت کرنے پر مجبور کر دیا جائے۔
اس کے ذہن میں افتخار عارف کا شعر ابھرا۔
ہر نئی نسل کو اک تازہ مدینے کی تلاش
صاحبو اب کوئی ہجرت نہیں ہوگی ہم سے
(افتخار عارف)
حارث نے پرچم کو دیکھا۔
پھر اپنے بیٹے کو۔
پھر دادا کے ہاتھ میں رکھی مٹی کو۔
اس نے دل میں عہد کیا کہ اس کے بچوں کو اپنے وطن میں جگہ کی تلاش میں در بدر نہیں ہونا چاہیے۔
شام ڈھلنے لگی۔
عبدالحمید کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
گھر کے سب لوگ اس کے گرد جمع ہو گئے۔
اس نے حارث کو اشارے سے قریب بلایا۔
بیٹا۔
جی دادا جان۔
پاکستان سے محبت کرنا۔
جی۔
مگر محبت کو اندھا نہ ہونے دینا۔
حارث خاموش رہا۔
اس کی غلطیوں کو درست کرنا۔
اس کے زخموں پر مرہم رکھنا۔ اس کے بچوں کو تعلیم دینا۔
اس کے نوجوانوں کو روزگار دینا۔ اور سب سے بڑھ کر اس کے کسی بیٹے کو یہ احساس نہ ہونے دینا کہ وہ اپنے ہی وطن میں اجنبی ہے۔
حارث کی آنکھیں بھر آئیں۔
عبدالحمید نے دھیرے سے کہا
ہم نے ایک وطن اس لیے نہیں چھوڑا تھا کہ ہماری اولاد ہمیشہ ہجرت کے خوف میں جیتی رہے۔
وہ کچھ دیر رکا۔
ہم نے وطن حاصل کیا تھا، تاکہ نسلیں آباد ہوں۔
باہر اذان کی آواز بلند ہوئی۔
عبدالحمید نے آنکھیں بند کر لیں۔
اس کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ تھی۔
حارث نے اس کا ہاتھ تھام لیا۔
بوڑھے نے بہت دھیمی آواز میں کہا
اب مجھے گھر جانے دو۔
حارث چونکا۔
دادا جان۔
عبدالحمید نے آنکھیں کھولیں۔
گھبراؤ نہیں۔
پھر اس کی نگاہ کھڑکی سے باہر لہراتے ہوئے پرچم پر پڑی۔
اب کی بار گھر یہی ہے۔
رات گہری ہو چکی تھی۔
حارث نے صندوق کھولا۔
چابی ایک طرف رکھی۔
مٹی کی تھیلی دوسری طرف۔
پھر اس نے اپنے بیٹے کو پاس بلایا۔
احمد۔
جی ابو۔
یہ سنبھال کر رکھنا۔
احمد نے تھیلی ہاتھ میں لے لی۔
یہ کیا ہے؟
تمہارے پردادا کے گھر کی مٹی۔
ہمیں اس کی کیا ضرورت ہے؟
حارث نے کچھ دیر اسے دیکھا۔
پھر پاکستان کے پرچم کی طرف اشارہ کیا۔
اس لیے کہ جب کبھی تم سے پوچھا جائے کہ تمہارے بزرگ کہاں سے آئے تھے تو تم صرف یہ نہ کہنا کہ وہ ہندوستان سے آئے تھے۔
احمد خاموشی سے سنتا رہا۔
یہ کہنا کہ وہ پاکستان کے لیے اپنا گھر بار چھوڑ کر آئے تھے۔
اور اگر کوئی کہے کہ تم مہاجر ہو؟
حارث نے بیٹے کے سر پر ہاتھ رکھا۔
کہنا۔ ہاں۔ ہمارے بزرگ مہاجر تھے۔
وہ مسکرایا۔
مگر ہماری ہجرت ختم ہو چکی ہے۔
پھر اس نے پرچم کو دیکھا۔
اب ہمارا گھر ہمارا وطن یہی ہے۔
رات کے آخری پہر کراچی کی گلیاں خاموش ہو گئیں۔
دور کہیں ریل گاڑی کی سیٹی سنائی دی۔
حارث دیر تک کھڑکی کے پاس کھڑا رہا۔
اسے یوں لگا جیسے وقت کا پہیہ پلٹ گیا ہو۔
ایک ٹرین پھر چل رہی ہے۔
لوگ اپنے گھر چھوڑ رہے ہیں۔
ایک ماں بچے کو سینے سے لگائے بیٹھی ہے۔
ایک بوڑھا آخری بار اپنی زمین کو دیکھ رہا ہے۔
ایک نوجوان اپنی جیب میں ایک مٹھی مٹی رکھ رہا ہے۔
اور کہیں دور ایک نیا وطن انہیں اپنی طرف بلا رہا ہے۔
حارث نے اپنی مٹھی بند کر لی۔
اسے پہلی بار پوری طرح سمجھ آیا کہ اس کے دادا نے صرف ایک مکان نہیں چھوڑا تھا۔
وہ اپنے پیچھے ایک پوری دنیا چھوڑ آئے تھے۔
تاکہ آنے والی نسلیں ایک وطن کو اپنا گھر کہہ سکیں۔
اور شاید آزادی کی اصل حفاظت یہی ہے کہ جس نسل نے اپنے گھر کی مٹی مٹھی میں لے کر ہجرت کی تھی
اس کی اولاد کو کبھی اپنے ہی وطن میں
گھر کی تلاش میں ہجرت نہ کرنی پڑے۔

Comments
Post a Comment