مذہب کی روح اور معراج انسان
مذہب کی روح اور معراج انسان
از ۔۔ اختر شیخ
کائنات کا ذرہ ذرہ اپنے تخلیق کار کی تسبیح میں اس طرح مگن ہے کہ ہوا کی سرسراہٹ سے لے کر ستاروں کی گردش تک، ہر شے بندگی کے ایک مسلسل سرمدی توازن میں بندھی ہوئی ہے۔ اگر مذہب کا کل سرمایہ صرف سجدوں کی گنتی، رکوع کی طوالت اور بے زبان رسومات کا جمود ہوتا تو بارگاہ الہی میں نوری مخلوق یعنی فرشتوں کی کوئی کمی نہ تھی جو ازل سے ابد تک پلک جھپکائے بغیر حمد و تقدیس کے زمزمے گونجا رہے ہیں۔ خالق کائنات نے جب مشت خاک کو چنا اور اس میں اپنی روح پھونک کر اسے اشرف المخلوقات کے منصب پر فائز کیا، تو مقصود محض ایک اور سجدہ گزار مخلوق کا اضافہ کرنا نہیں تھا بلکہ ایک ایسے دل کی تخلیق تھی جو کائنات کے دکھ درد کو اپنے اندر سمیٹ سکے۔ انسان کی فضیلت کا راز اس کی پیشانی کے نشان میں نہیں، بلکہ اس کے سینے میں دھڑکنے والے اس درد مند دل میں ہے جو دوسروں کی بے بسی دیکھ کر تڑپ اٹھتا ہے اور ان ہاتھوں میں ہے جو کسی گرتے ہوئے کو سہارا دینے کے لیے بے ساختہ اٹھ جاتے ہیں۔ جب مذہب کے وجود سے انسانیت کی خوشبو، خدمت خلق کا جذبہ، یتیم کے سر پر دست شفقت اور مظلوم کی دادرسی نکال دی جائے تو پیچھے بندگی کا صرف ایک بے روح اور خشک ڈھانچہ رہ جاتا ہے جس میں عقیدت کی تپش تو ہو سکتی ہے مگر محبت کی نرمی نہیں ہوتی۔ بندگی کی معراج یہ نہیں کہ انسان دنیا سے کٹ کر گوشہ نشین ہو جائے، بلکہ اصل بندگی یہ ہے کہ وہ مخلوق خدا کے ہجوم میں رہ کر ان کے زخموں پر مرہم رکھے کیونکہ حقوق اللہ کا تعلق اگر رب کی عظمت سے ہے تو حقوق العباد کا رشتہ رب کی رحمت سے ہے۔ خدا کی محبت کا دعوی اس وقت تک خام اور بے بنیاد رہتا ہے جب تک اس کی مخلوق سے بے پناہ اور بے غرض محبت نہ کی جائے، کیونکہ سجدے اگر پیشانی کو چمکاتے ہیں تو کسی کے بہتے ہوئے آنسوؤں کو اپنے آنچل میں سمیٹ لینا روح کو جلا بخشتا ہے اور انسان کو فرشتوں کے مقام سے بھی آگے اس منزل پر لے جاتا ہے جہاں وہ زمین پر خدا کی رحمت کا حقیقی سفیر بن جاتا ہے۔

Comments
Post a Comment