طعام پاکستان
طعام پاکستان
از ۔۔ اختر شیخ
جب قومی دسترخوان پر 'روٹی کھل گئی اے' کا غلغلہ ہوا
تاریخ دان تو الٹی سیدھی تاریخوں کے پھیر میں الجھے رہتے ہیں، مگر حقیقت پسند جانتے ہیں کہ یہ دھرتی مخلص تارکین وطن کے خون اور دعاؤں سے وجود میں آئی تھی۔ وہ تو سجدہ شکر بجا لا رہے تھے کہ چلو، اب نسلوں کو چین کا ٹھکانہ ملا۔ مگر دوسری طرف، کچھ ایسے عاقبت نااندیش بھی گھات لگائے بیٹھے تھے جن کی نظریں زمین کے نقشے پر نہیں، بلکہ 'دسترخوان کی وسعت' پر تھیں۔ انہوں نے نہایت خاموشی سے نعرہ مستانہ بلند کیا کہ۔۔۔
صاحبو، قیام پاکستان کا مرحلہ تو طے ہوا، اب طعام پاکستان کا مینیو لایا جائے۔
یوں ادھر ہجرت کا سفر ختم ہوا، ادھر ان صاحب اشتہا ابن الوقتوں نے ملک کو، حلوے کی پرات، سمجھ کر اس پر چاندی کے ورق تلاش کرنا شروع کر دیے۔
آغاز میں اس طعام پاکستان میں ایک مغلئی وضع داری اور نفاست تھی۔
ہمارے بڑے صاحب، جب فائل کے نیچے سے لفافہ سرکاتے تھے، تو باقاعدہ نظریں جھکا کر فرماتے تھے، بس بچوں کی مٹھائی ہے، ذرا منہ میٹھا کر لیجیے۔
تب حرام خوری کے بعد ڈکار چھپانے کے لیے تولیے کا استعمال ہوتا تھا اور ہاضمے کی گولیاں رات کے اندھیرے میں کھائی جاتی تھیں تاکہ بدہضمی اور بدنامی، دونوں سے بیک وقت بچا جا سکے سلیقہ ایسا تھا کہ ہاتھ بھی صاف ہو جاتا تھا اور شرافت کا بھرم بھی قائم رہتا تھا۔
مگر اب؟ اب تو وہ پرانی چمچے اور کانٹے والی تہذیب قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ اب کا منظرنامہ دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے کسی دیسی ولیمے میں اچانک لاؤڈ اسپیکر پر قوال کی تان ٹوٹے اور گرجدار آواز گونجے،
حضرات، روٹی کھل گئی اے۔
بس پھر کیا ہے، ادھر یہ نعرہ گونجا، ادھر شرافت کی شیروانی اتری۔ بیوروکریسی، سیاستدان، اور ٹھیکیدار سبھی آستینیں چڑھا کر قومی خزانے کی دیگوں پر ایسے ٹوٹ پڑے ہیں کہ اب چمچے چھوٹے پڑ گئے ہیں، اب تو سیدھے پاؤں مارے جا رہے ہیں، ایک صاحب تو قورمے کی دیگ میں آدھے اندر جا چکے ہیں، صرف ان کی چمکتی ہوئی واسکٹ باہر نظر آ رہی ہے، اور پیچھے کھڑا دوسرا شخص بڑے دھیمے لہجے میں کہہ رہا ہے،
قائد محترم، ذرا جلدی کیجیے، پیچھے پوری قوم لائن میں لگی ہے۔
آج کل کے معززین تو اتنے معصوم ہیں کہ جب ان سے دسترخوان کے آداب پر سوال کیا جائے، تو وہ کیمرے کے سامنے آ کر نہایت متانت سے فرماتے ہیں،
دیکھیے جی، اگر ہم نے محض تبرک سمجھ کر دو چار بوٹیاں اٹھا ہی لیں، تو کون سا گناہ کیا؟
آخر ہم سے پہلے والوں نے بھی تو ہڈیاں ہی چبائی تھیں۔
احتساب کا یہ عالم ہے کہ عدالتیں اور قانون اس شادی ہال کے وہ بیچارے سیکیورٹی گارڈز بن چکے ہیں، جن کا کام صرف یہ دیکھنا ہے کہ کہیں کوئی غریب بن بلائے مہمان تو بوٹی نہیں لے اڑا؟
جبکہ وی آئی پی پروٹوکول والے بڑی بڑی پراتیں بھر کر، ملکی وسائل کا 'رائتہ' پھیلا کر گاڑیوں کی ڈگیوں میں لوڈ کر رہے ہوتے ہیں اور قانون انہیں دیکھ کر نہایت عقیدت سے سلیوٹ ٹھونکتا ہے کہ ماشاء اللہ، صاحب کا ہاضمہ کتنا قومی ہے۔
اس ضیافت کا سب سے دلچسپ موڑ وہ ہے جب یہ کھوکھلی دیگیں کھرچتے کھرچتے تھک جاتے ہیں، تو عالمی ساہوکاروں کے پاس جا کر کشکول پھیلا دیتے ہیں۔ وہاں گڑگڑا کر کہتے ہیں، صاحبو، ملک کا ہاضمہ تو ماشاء اللہ اب بھی بہت عمدہ ہے، بس دسترخوان پر آئٹم ختم ہو گئے ہیں۔ ذرا اگلی قسط کا سوپ تو بھجوائیے تاکہ اس ولیمے کی رونقیں برقرار رہیں۔
غریب عوام، جن کے ٹیکسوں سے یہ سارا قورمہ تیار ہوتا ہے، وہ ہال کے باہر کھڑے پیاز کے چھلکے چبا کر بھی حیرت زدہ ہیں کہ جو پیٹ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے اربوں ڈالرز سے نہ بھر سکا، اسے بھرنے کے لیے اب کون سی نئی دیگ چڑھانی پڑے گی؟
بڑے بڑے بقراط اور ارسطو بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں کہ دنیا کی ہر لغت میں قناعت کا کوئی نہ کوئی متبادل مل جاتا ہے، مگر اس ابن الوقت اشرافیہ کی اشتہا اور حرص کا کوئی علاج آج تک دریافت نہیں ہو سکا۔ سچ تو یہ ہے کہ اس طعام پاکستان کا مینیو اب آخری مراحل میں ہے، بس دعا کیجیے کہ جب اگلی بار لاؤڈ اسپیکر پر 'روٹی کھل گئی اے' کا اعلان ہو، تو پلیٹ میں کوئی ہڈی چبانے کے لیے ہم خود باقی بچے ہوں،
نوٹ:- یہ تحریر برادر من فہیم برنی کی ایک فیس بک پوسٹ نظر سے گزرنے کے بعد ذہن میں ابھرنے والے خیال کی بنیاد پر لکھی گئی ہے۔ ان کی تحریر نے موضوع کو ایک نئے زاویے سے سوچنے پر مجبور کیا اور یوں یہ چند سطریں وجود میں آئیں۔

Comments
Post a Comment