علمی اختلاف سے مسلکی یلغار تک امت کو جوڑنے کی ایک مخلصانہ کوشش


 

علمی اختلاف سے مسلکی یلغار تک امت کو جوڑنے کی ایک مخلصانہ کوشش


تحریر: اختر شیخ 



دین اسلام کی بنیاد اتحاد، محبت اور انسانیت کی بھلائی پر ہے۔ عصر حاضر میں مسلمانوں کے درمیان مسلکی دوریاں اور فروعی اختلافات جس شدت کے ساتھ نظر آتے ہیں، وہ کسی بھی مخلص دل کو بے چین کر دیتے ہیں۔ یہ تحریر کسی مسلک کی تردید یا تنقید کے لیے نہیں، بلکہ محبت، حقیقت پسندی اور اصلاح کے جذبے کے ساتھ تاریخ کے ان اوراق کو سمجھنے کی ایک کوشش ہے جو ہمیں تفرقے سے نکال کر دوبارہ الفت کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

دین اسلام کی وسعت اور عہد رسالت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب صحابہ کرام کی تربیت فرمائی، تو انہیں دین کے بنیادی عقائد یعنی توحید، رسالت، اور آخرت پر مضبوطی سے جوڑ دیا۔ ان بنیادی اصولوں میں کوئی اختلاف نہیں تھا۔ البتہ، احکامات کی تعبیر اور الفاظ کے فہم میں علمی نوعیت کا تنوع عہد رسالت ہی سے موجود تھا۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو بنو قریظہ جانے کا حکم دیا اور راستے میں نماز کا وقت ہوا، تو کچھ صحابہ نے حکم کے ظاہری الفاظ پر عمل کرتے ہوئے وہاں پہنچ کر نماز پڑھی، جبکہ دوسرے گروہ نے حکم کی روح کو سمجھ کر راستے ہی میں وقت پر نماز ادا کر لی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں کے فہم کی تحسین فرمائی اور کسی پر ملامت نہیں کی۔ یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اسلام میں نیت کی درستی اور علمی سمجھ کے فرق کو وسعت دی گئی ہے، تفرقہ نہیں۔

ائمہ اربعہ کا سنہرا دور اور علمی احترام

ہجرت کی دوسری اور تیسری صدی میں جب اسلامی سلطنت دنیا کے طول و عرض میں پھیل گئی، تو نئے مسائل کے حل کے لیے عظیم ائمہ کرام نے قرآن و سنت کی روشنی میں فقہی اصولوں کی تدوین کی۔ امام ابو حنیفہ، امام مالک، امام شافعی اور امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ نے دین کی تشریح کا کوئی نامکمل پہلو نہیں چھوڑا۔ ان چاروں ائمہ کا آپس میں تعلق استاد، شاگرد، اور بے پناہ احترام کا تھا۔

ان ائمہ نے کبھی یہ دعوی نہیں کیا کہ صرف ان کا فہم ہی حتمی دین ہے اور باقی سب غلط ہیں۔ وہ فرماتے تھے کہ اگر ہماری کوئی رائے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح حدیث کے سامنے آ جائے، تو ہماری رائے کو چھوڑ کر حدیث کو اختیار کر لیا جائے۔ امام شافعی اکثر فرمایا کرتے تھے کہ میری رائے درست ہے لیکن اس میں غلطی کا امکان ہے، اور دوسرے کی رائے خطا ہو سکتی ہے مگر اس میں درستگی کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے اختلاف رائے کو کبھی دشمنی یا الگ مسلک کی دیوار نہیں بننے دیا۔


علمی اختلاف سے مسلکی یلغار تک کا سفر


تاریخی طور پر جب ائمہ اربعہ کا دور گزر گیا، تو بعد کی صدیوں میں چند ایسے عوامل پیدا ہوئے جنہوں نے اس خوبصورت علمی تنوع کو مسلکی جمود اور تفرقے میں بدل دیا،

شاہی سرپرستی اور مناصب کی تقسیم نے عباسی اور عثمانی ادوار میں جب حکومتوں کو امور سلطنت چلانے کے لیے کسی ایک فقہ کو سرکاری قانون کا درجہ دینے پر مجبور کیا، تو عدالتوں کے قاضی, مدارس کے اساتذہ اور سرکاری مفتیان کے عہدے اسی مخصوص فقہ کے علما کو ملنے لگے۔ اس سیاسی اور معاشی ضرورت نے علما کے درمیان علمی مباحثوں کو مناظروں اور اثر و رسوخ کی جنگ میں تبدیل کر دیا، جس کا اثر رفتہ رفتہ عوام پر بھی پڑا۔

تقلید جامد اور جذباتی وابستگی کی وجہ سے وقت گزرنے کے ساتھ ائمہ کے احترام کو ایک ایسی صورت دے دی گئی جہاں دوسرے ائمہ کے اجتہادات کو کم تر سمجھا جانے لگا۔ عوام جو علمی باریکیوں سے واقف نہیں تھی، ائمہ کی ذات کے ساتھ جذباتی طور پر وابستہ ہو گئی اور فروعی مسائل کو ایمان و کفر کا معرکہ بنا دیا گیا۔

برصغیر کا فکری پس منظر یہ رہا کہ انیسویں صدی میں جب مسلم اقتدار کا خاتمہ ہوا، تو علما نے اپنی مدد آپ کے تحت دین کی حفاظت کے لیے مدارس قائم کیے۔ ریاستی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو اپنے ساتھ جوڑے رکھنے اور اپنی فکری شناخت برقرار رکھنے کے لیے فروعی اور کلامی اختلافات پر زور بڑھ گیا، جس نے دیوبندی، بریلوی اور اہل حدیث جیسے فکری دھاروں کو مستقل مسالک کی شکل دے دی۔


مساجد کی تقسیم اور موجودہ دور کا المیہ


آج ہمارے معاشرے کی حالت یہ ہو چکی ہے کہ ہر مسجد پر کسی نہ کسی مسلک کا نام جلی حروف میں لکھا نظر آتا ہے اور لوگ ایک دوسرے کی مسجد میں نماز ادا کرنے سے کتراتے ہیں۔ یہ صورتحال آج سے چالیس پچاس سال قبل بالکل مختلف تھی۔ اس دور میں مساجد پر مسلکی برانڈنگ یا بورڈ نہیں ہوا کرتے تھے، اور محلے کے تمام لوگ بغیر کسی تفریق کے ایک ہی چھت کے نیچے صف بستہ ہو کر اپنے رب کے حضور سجدہ ریز ہوتے تھے۔  امت کی اسی زبوں حالی اور تفرقے پر مولانا الطاف حسین حالی نے کیا خوب کہا تھا۔ 


جو دین بڑی شان سے نکلا تھا وطن سے

پردیس میں وہ آج غریب الغربا ہے


ہر گروہ نے اپنی ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد قائم کر کے عام سادہ لوح مسلمانوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا ہے۔ یہ حقیقت انتہائی تلخ ہے کہ آج منبر رسول پر بیٹھ کر تفرقہ پھیلانے والے بعض عناصر، ان عظیم اکابرین اور ائمہ سے زیادہ علم کا دعوی کرتے نظر آتے ہیں جن کی کتابیں پڑھ کر اور جن کے آستانوں سے سیکھ کر وہ خود اس مقام تک پہنچے ہیں۔ اپنے ہی بزرگوں کے علمی اعتدال اور رواداری کو پس پشت ڈال کر فروعی بحثوں کو دین کا اصل مقصد بنا دینا سراسر محرومی ہے۔


درد دل اور دعوت فکر کے ساتھ عرض ہے کہ کسی دانا کا قول ہے کہ جب چراغ جل رہے ہوں تو روشنی دیکھی جاتی ہے، یہ نہیں دیکھا جاتا کہ چراغ کس مٹی کا بنا ہے۔ ہمارے اسلاف اور ائمہ دین روشنی کے وہ مینار تھے جنہوں نے ہمیں جوڑنا سکھایا، توڑنا نہیں۔ آج امت مسلمہ جس نازک دور سے گزر رہی ہے، اس میں ہمیں مناظروں اور بحثوں کی نہیں، بلکہ ایک دوسرے کے دکھ درد کو بانٹنے اور ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔

آئیں، مسلکوں کی بنائی گئی اونچی دیواروں سے باہر نکل کر، ایک دوسرے کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے احترام اور محبت کی عینک سے دیکھیں۔ جب ہمارا رب ایک ہے، ہمارا قرآن ایک ہے، اور ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم

 ایک ہیں، تو پھر ہمارے دل الگ کیوں ہوں؟ 

اللہ پاک ہم سب کو اپنی پناہ میں رکھے، ہمارے دلوں سے مسلکی تعصب اور نفرت کا خاتمہ فرمائے، اور ہمیں ایک دوسرے کا سچا احترام کرنے والا اور آپس میں محبت رکھنے والا بنا دے۔ آمین۔


شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات


مستند تاریخی و حدیثی حوالاجات


عہدِ رسالت میں فہم کا اختلاف۔

کتاب کا نام، صحیح البخاری

باب کا نام، کتاب المغازی (باب غزوۃ الخندق)

حدیث نمبر: 946

تفصیل، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بنو قریظہ پہنچنے سے پہلے کوئی عصر کی نماز نہ پڑھے۔ راستے میں وقت ہونے پر بعض صحابہ نے راستے میں پڑھی اور بعض نے وہاں پہنچ کر۔ رسول اللہ ﷺ نے دونوں کے اجتہاد کو درست رکھا اور کسی پر ملامت نہیں فرمائی۔


ائمہ کا علمی احترام اور دعائیں، 

کتاب کا نام، تاریخ بغداد

مصنف۔ حافظ خطیب بغدادی

جلد اور صفحہ، جلد 2، صفحہ 66

تفصیل، امام احمد بن حنبلؒ کا اپنے شاگردوں کے سامنے یہ اعتراف کہ (چالیس سال سے کوئی رات ایسی نہیں گزری جس میں میں نے امام شافعیؒ کے لیے دعا نہ کی ہو کیونکہ وہ علم کے افق پر سورج کی مانند تھے)


اپنے قول پر جمود کی ممانعت، 

کتاب کا نام۔ رسم المفتی (مجموعہ رسائل ابن عابدین)

مصنف۔ علامہ ابن عابدین شامی

جلد اور صفحہ۔ جلد 1، صفحہ 23

تفصیل، امام ابو حنیفہؒ کا مستند تاریخی قول منقول ہے کہ (کسی بھی شخص کے لیے یہ حلال نہیں کہ وہ ہماری رائے پر فتوی دے جب تک کہ وہ یہ نہ جان لے کہ ہماری دلیل کا ماخذ اور مصدر کیا ہے)


دوسرے ائمہ کے احترام میں اپنے مسلک پر عمل ترک کرنا۔

کتاب کا نام، المیزان الکبری

مصنف۔ امام عبدالوہاب شعرانی

جلد اور صفحہ۔ جلد 1، صفحہ 63

تفصیل۔ • جلد اور صفحہ: جلد 1، صفحہ 63

تفصیل۔ جب امام شافعیؒ بغداد تشریف لائے تو انہوں نے امام ابو حنیفہؒ کی قبر کے پاس فجر کی نماز پڑھی۔ امام شافعیؒ کے اپنے مسلک میں فجر میں مستقل دعائے قنوت پڑھنا سنت ہے، لیکن انہوں نے امام ابو حنیفہؒ کے احترام میں فجر کی نماز میں اسے ترک کر دیا اور فرمایا کہ مجھے اِس قبر والے کے سامنے ان کے اجتہاد کی مخالفت کرتے ہوئے حیا آتی ہے۔


سیاسی اثرات اور مسالک کی ترویج کے محرکات۔ 

کتاب کا نام، مقدمہ ابن خلدون

مصنف۔ علامہ عبد الرحمن ابن خلدون

باب کا نام۔ باب العلوم والتعليم وانواعہا (فصل فی علم الفقہ)

صفحہ نمبر۔ صفحہ 442 (مطبوعہ دار الفکر)

تفصیل۔ علامہ ابن خلدون نے تفصیلی تاریخی جائزہ پیش کیا ہے کہ کس طرح مختلف شہروں میں شاہی قضا (عدالتوں) اور سرکاری سرپرستی کی وجہ سے عام لوگوں میں مخصوص فقہی مذاہب کو فروغ ملا اور ائمہ کی وفات کے بعد تقلید جامد نے جنم لیا۔


تفرقہ بازی کی ممانعت کا قرآنی حکم۔۔۔

سورہ اور آیت۔ سورہ آل عمران، آیت نمبر 103

 (واعتصموا بحبل اللہ جمیعا ولا تفرقوا (اور اللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ مت ڈالو)۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ