ادی فریال کا لمیٹڈ ایڈیشن محشر اور تھر کے پیاسے جیالے
ادی فریال کا لمیٹڈ ایڈیشن محشر اور تھر کے پیاسے جیالے
از ۔۔ اختر شیخ
سیاست کے بازار میں اب تک تو صرف زمین اور فنڈز ہی بانٹے جاتے تھے لیکن قربان جائیے ہماری محترم ادی فریال تالپور کے تخیل پر جنہوں نے اب روز محشر کی جاگیر پر بھی اپنا سیاسی تسلط قائم کر لیا ہے سندھ اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر انہوں نے ایسا دو ٹوک بیانیہ داغا ہے کہ خود فرشتے بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہوں گے موصوفہ کا فرمان عالی شان ہے کہ قیامت کے دن جیالوں کا گریبان کوئی اور نہیں بلکہ خود محترمہ بینظیر بھٹو پکڑیں گی اور سندھ کے بٹوارے کا حساب مانگیں گی یعنی دنیا تو دنیا ہماری ان معصوم ادی نے وہاں بھی اپنی ایک الگ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پارٹی ڈسپلنری سیل قائم کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جہاں محترمہ چیئرپرسن کے فرائض سرانجام دیں گی اور یہ جیالے سر جھکائے بجٹ اور وفاداریوں کی رپورٹ پیش کر رہے ہوں گے
اس معصومانہ اور عاقبت نااندیشانہ منطق پر سر دھننے کو جی چاہتا ہے کہ جسے کائنات کا سب سے بڑا اور ہولناک دن ہونا تھا اسے ان لوگوں نے پیپلز پارٹی کا سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بنا دیا ہے، ادی کو شاید یہ غلط فہمی ہو گئی ہے کہ جیسے سندھ میں پولیس اور قانون ان کی مرضی سے چلتے ہیں ویسے ہی وہاں بھی بھٹو خاندان کی کوئی خصوصی شاہی ڈگری کام آ جائے گی حالانکہ اس دن تو خود اچھے اچھوں کی سیٹی گم ہوگی، نفسا نفسی کا وہ عالم ہوگا کہ ادی کو خود اپنے اعمال نامے کی فکر کھائے جا رہی ہوگی اور محترمہ بینظیر بھٹو سمیت دنیا کا ہر بڑا چھوٹا لیڈر اپنی اپنی جوابدہی کے خوف سے کانپ رہا ہوگا وہاں کوئی کسی کا گریبان پکڑنے کے لائق ہی نہیں ہوگا کیونکہ وہ کوئی سیاسی جلسہ یا اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوگا جہاں پوائنٹ آف آرڈر پر مائیک کھول کر تقریریں جھاڑی جا سکیں ایسے میں عرفان صدیقی کا یہ شعر ادی کے اس بیان پر کیا خوب بیٹھتا ہے
مشکل تو یہی ہے کہ قیامت نہیں آتی
قاتل مرا میدان قیامت میں تو آئے
حقیقت تو یہ ہے کہ ان رہنماؤں نے اپنے ووٹروں کو اتنا بھولا سمجھ لیا ہے کہ اب انہیں دنیا کے بعد عاقبت کے بھی ایسے خواب دکھائے جا رہے ہیں، جہاں بھی بھٹو زندہ ہے کا نعرہ کام آ جائے گا کاش ادی محشر کی عدالت لگانے سے پہلے ذرا سندھ کے عوام کے حال زار پر بھی ایک نظر ڈال لیتیں جہاں تھر کے پیاسے بچے بوند بوند کو ترستے ہیں جہاں لاڑکانہ اور دادو کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرتی ہیں اور جہاں کے سرکاری اسکولوں میں وڈیروں کی اوطاقیں قائم ہیں، سندھ کو بیچنے اور اس کا بٹوارا کرنے کا حساب تو عوام ادھر ہی مانگ رہے ہیں جہاں بنیادی صحت کی سہولیات تک میسر نہیں اور پورا صوبہ پسماندگی کی تصویر بنا ہوا ہے، اس صوبے کا حال تو کچھ ایسا ہو چکا ہے کہ ملک زادہ منظور احمد کا یہ شعر یاد آ جاتا ہے
دیکھو گے تو ہر موڑ پہ مل جائیں گی لاشیں
ڈھونڈوگے تو اس شہر میں قاتل نہ ملے گا
اس چٹخارے دار سیاسی شریعت کے مطابق تو پھر ہر پارٹی کا اپنا ایک الگ محشر ہونا چاہیے جہاں ہر لیڈر اپنے اپنے کارکنوں کی عدالت لگائے بیٹھا ہو لیکن افسوس کہ ادی کا یہ سیاسی غبارہ اس سچائی کی سوئی لگتے ہی پھٹ جاتا ہے کہ وہاں حاکمیت صرف اور صرف ایک ہی لم یزل ذات کی ہوگی کٹہرے میں سب برابر کھڑے ہوں گے اور سوال کرنے والا کوئی بھٹو یا دنیاوی چوہدری نہیں بلکہ صرف رب العزت ہوگا، اس لیے ادی کو چاہیے کہ وہ محشر کی فکر چھوڑ کر فی الحال سندھ کے گریبان پر سے اپنا ہاتھ ہٹائیں کیونکہ وہاں تو حساب جب ہوگا سو ہوگا یہاں کے عوام ابھی سے ان کے اعمال کا ماتم کر رہے ہیں

Comments
Post a Comment