افسانہ۔۔ سفید پوشی کا بھرم
افسانہ۔۔ سفید پوشی کا بھرم
از : اختر شیخ
کراچی کی صبح ابھی پوری طرح بیدار نہیں ہوئی تھی، مگر گلی کے نکڑ پر واقع چائے کے ہوٹل سے اٹھتی چائے کی مہک، دودھ والے کی موٹر سائیکل کی آواز اور دور کسی مسجد سے آتی فجر کے بعد کی تلاوت بتا رہی تھی کہ شہر جاگنے لگا ہے۔
سلیم کھڑکی کے پاس کھڑا باہر دیکھ رہا تھا۔
رات کی گھٹن ابھی تک فضا میں پھیلی ہوئی تھی۔ یہ صرف موسم کی گھٹن نہیں تھی، بلکہ زندگی کے بڑھتے ہوئے مسائل، مسلسل گھٹتے وسائل اور ہر طرف سے بڑھتے خساروں کا بوجھ بھی تھا۔ سلیم کے لیے اب راتیں آرام کا وقت نہیں رہی تھیں، وہ بستر پر لیٹتا تو ذہن میں حساب کتاب کے نئے سلسلے شروع ہو جاتے۔ کبھی بچوں کی فیس کی فکر، کبھی بجلی اور گیس کے بل، کبھی راشن اور مکان کے کرائے کا خیال۔ یوں محسوس ہوتا جیسے زندگی کی ہر راہ پر کوئی نیا خسارہ اس کا منتظر ہو اور ان فکروں کے ہجوم میں اس کا دم گھٹنے لگا ہو۔
اس نے پیچھے مڑ کر میز پر پڑے بجلی کے بل کو دیکھا۔ بل کی رقم پر اس کی نظریں چند لمحے ٹھہری رہیں۔ پھر اس نے بل کی تہہ بنائی اور اسے اخبار کے نیچے چھپا دیا۔
'چائے رکھ دی ہے۔' نسرین کی آواز آئی۔
سلیم کرسی کھینچ کر بیٹھ گیا۔ 'بچوں کو جگایا؟
'حارث جاگ گیا ہے، عائشہ ابھی سو رہی ہے۔'
'آج اس کی فیس جمع کرانی تھی نا؟'
نسرین کچھ دیر خاموش رہی، پھر بولی، "ہاں۔"
سلیم نے چائے کا کپ اٹھایا۔ 'کتنی ہے؟'
'چھ ہزار۔'
سلیم نے چائے کا ایک گھونٹ لیا۔
"انتظام ہو جائے گا۔"
نسرین نے اس کی طرف دیکھا۔ وہ جانتی تھی کہ
'انتظام ہو جائے گا' کا مطلب اکثر یہ نہیں ہوتا کہ رقم پاس موجود ہے، اس کا مطلب صرف یہ ہوتا ہے کہ سلیم نے ابھی ہمت نہیں ہاری۔
'راشن بھی لینا ہے،' نسرین نے دھیمے لہجے میں کہا۔
"ہاں۔"
"گیس کا بل بھی..."
"وہ بھی دیکھ لیں گے۔"
نسرین نے مزید کچھ نہیں کہا اور اٹھ کر دوبارہ باورچی خانے میں چلی گئی۔
سلیم نے جیب سے اپنا بٹوا نکالا۔ اس میں کل تین ہزار آٹھ سو روپے تھے۔ اس نے نوٹ گنے، پھر دوبارہ گنے۔ رقم وہی تھی۔ اس نے بٹوا بند کیا اور دفتر جانے کے لیے اٹھ کھڑا ہوا۔
دروازے کے قریب پہنچا تو نسرین نے آواز دی،
’’سلیم‘‘
وہ رک گیا۔
’’آج واپسی پر آلو لیتے آنا۔‘‘
’’کتنے؟‘‘
’’دو کلو۔‘‘
سلیم نے کچھ سوچا، پھر کہا،
’’ایک کلو کافی نہیں رہے گا؟‘‘
نسرین نے فوراً جواب دیا،
’’اچھا، چلو ایک کلو ہی لے آنا۔‘‘
دونوں مسکرا دیے۔ یہ وہ مسکراہٹ تھی جو گزشتہ چند برسوں میں ان کے گھر کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا اثاثہ بن چکی تھی۔
سلیم موٹر سائیکل پر بیٹھا اور گلی سے نکل آیا۔ کراچی کی سڑکیں اب رفتہ رفتہ مصروف ہو رہی تھیں۔ بسوں کے پائیدان پر لٹکتے ہوئے لوگ، رکشوں میں سوار مسافر، موٹر سائیکلوں پر اسکول جاتے بچے، سگنل پر شیشے صاف کرتے لڑکے اور فٹ پاتھ پر سبزی سجاتے دکاندار۔۔۔
ہر شخص اپنی اپنی منزل کی طرف رواں دواں تھا اور کسی نہ کسی حساب کتاب میں الجھا ہوا تھا۔
سلیم کو کبھی کبھی لگتا تھا کہ کراچی میں لوگ سانس بھی ناپ تول کر لیتے ہوں گے۔
سگنل پر موٹر سائیکل رکی تو اس کی نظر پٹرول کے نرخ پر پڑی۔ اس نے فوراً نظریں دوسری طرف پھیر لیں۔ اسے آج دفتر پہنچنا تھا اور پٹرول کی قیمت جان لینے سے پٹرول بڑھنے والا تو نہیں تھا، ہاں دل ضرور بیٹھ جاتا تھا۔
دفتر میں سلیم پچھلے اٹھائیس برس سے کام کر رہا تھا۔ نہ وہ بہت بڑا افسر تھا اور نہ ہی معمولی ملازم۔ اتنی تنخواہ ضرور تھی کہ گزر بسر ہو جائے، مگر اب عزت سے گھر چلانا اور گھر چلنے کا دکھاوا کرنا دو الگ چیزیں بن چکی تھیں۔
اس کے سامنے فائلوں کا ڈھیر تھا، مگر اس کا ذہن گھر میں اٹکا ہوا تھا۔ بجلی کا بل۔ عائشہ کی فیس۔ حارث کی یونیورسٹی۔ نسرین کی دوا۔ راشن۔ اور مکان کا کرایہ۔ وہ ایک ایک چیز کو ذہن میں جمع کرتا اور پھر خود ہی گھٹا دیتا۔
دوپہر کے قریب اس کا رفیق کار فہد کمرے میں آیا۔
"سلیم صاحب، چائے پئیں گے؟"
"نہیں، ابھی کچھ کام ہے۔"
"آج باہر چلتے ہیں، ایک نیا ریستوران کھلا ہے۔"
سلیم نے مسکرا کر پوچھا، "کتنا مہنگا ہے؟"
فہد ہنس پڑا۔ "اتنا کہ جیب پرانی ہو جائے گی۔"
دونوں ہنس پڑے۔ پھر فہد نے کہا، "ویسے شام کو میری نئی گاڑی دیکھیے گا، ابھی حال ہی میں لی ہے۔"
"بہت بہت مبارک ہو!"
سلیم نے سچے دل سے کہا۔
فہد کے جانے کے بعد سلیم چند لمحے خاموش بیٹھا رہا۔ اسے یاد آیا کہ پچھلے سال اس نے بھی سوچا تھا کہ موٹر سائیکل بدل لے گا، پھر حارث کی فیس آ گئی، پھر عائشہ کے تعلیمی اخراجات، پھر نسرین کی دوا اور پھر مکان کا کرایہ بڑھ گیا تھا۔ وہ سوچتا رہا کہ انسان زندگی میں کتنی چیزیں "بعد میں" پر اٹھا رکھتا ہے، اور کبھی کبھی وہ "بعد میں" کبھی آتا ہی نہیں۔
شام کو واپسی پر اس نے سبزی والے سے آلو خریدے۔ ایک کلو۔
سبزی والے نے پوچھا، "اور کچھ صاحب؟"
سلیم نے پیسے گنے اور کہا، "بس شکریہ۔"
گھر پہنچا تو عائشہ دروازے پر ہی کھڑی تھی۔
"ابو، فیس..."
سلیم نے اس کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھا۔
"کل جمع کرا دیں گے بیٹا۔"
عائشہ نے کچھ نہیں کہا اور اندر چلی گئی۔ سلیم نے محسوس کیا کہ اس کے جواب میں آج پہلی بار وہ روایتی یقین نہیں تھا۔
رات کے کھانے پر دال بنی تھی۔ حارث بالکل خاموش تھا۔
نسرین نے پوچھا،
"کیا بات ہے بیٹا؟"
"کچھ نہیں امی۔"
"یونیورسٹی میں کوئی مسئلہ ہے؟"
"جی نہیں، کوئی بات نہیں۔"
سلیم نے بیٹے کو دیکھا۔ اس نے پہچان لیا تھا کہ باپ اور بیٹے دونوں ایک ہی لفظ کی اوٹ لے رہے تھے، "کچھ نہیں"۔ حالانکہ دونوں کے اندر بہت کچھ چل رہا تھا۔
کھانے کے بعد سلیم چھت پر چلا گیا۔ کراچی کی رات روشن تھی۔ دور دور تک گھروں کی کھڑکیوں سے روشندان جگمگا رہے تھے۔ اس نے سوچا، ان روشن مکانوں میں کتنے گھر ایسے ہوں گے جہاں لوگ آج بھی حساب کتاب کر کے سوئے ہوں گے؟
نیچے سے نسرین کی آواز آئی،
"سلیم، فون آیا ہے۔"
وہ نیچے آیا تو دیکھا کہ فون مکان مالک کا تھا۔
"سلیم صاحب، اگلے مہینے سے کرایہ پانچ ہزار روپے بڑھ جائے گا۔"
سلیم کچھ لمحے سن ہو گیا، پھر بولا: "لیکن..."
دوسری طرف سے بات کاٹ دی گئی: "بھائی، میں بھی مجبور ہوں۔"
اور فون بند ہو گیا۔
سلیم نے موبائل میز پر رکھ دیا۔ نسرین اس کے سامنے کھڑی تھی۔ دونوں ایک دوسرے کو تکتے رہے۔
آخر نسرین نے پوچھا،
"کتنا بڑھایا؟"
سلیم نے دھیمے سے جواب دیا،
"پانچ ہزار۔"
نسرین نے بیچارگی سے آنکھیں بند کر لیں، پھر آہستہ سے بولی،
"کوئی بات نہیں۔"
سلیم نے زندگی میں پہلی بار محسوس کیا کہ اس جملے سے زیادہ ہولناک جملہ دنیا میں شاید کوئی دوسرا نہیں۔ کیونکہ سفید پوش گھرانوں میں
"کوئی بات نہیں" اکثر اس وقت کہا جاتا ہے جب پانی سر سے اونچا ہو چکا ہو۔
اگلے دن سلیم معمول سے کچھ پہلے جاگ گیا۔ اسے ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے رات بھر کسی نے اسے سونے ہی نہ دیا ہو، حالانکہ گھر میں ہر طرف خاموشی کا راج تھا۔ پنکھا اپنی مخصوص رفتار سے چل رہا تھا، کبھی بجلی کی کم وولٹیج سے اس کی پتیوں کی گردش دھیمی پڑ جاتی اور پھر اچانک تیز ہو جاتی۔ باہر گلی میں کبھی کسی موٹر سائیکل کا شور گونجتا تو کبھی کسی کتے کے بھونکنے کی آواز آتی۔
مگر سلیم کے اندر ایک ہنگامہ برپا تھا۔ پانچ ہزار روپے۔ صرف پانچ ہزار ۔۔ اس نے کئی مرتبہ ذہن ہی ذہن میں حساب لگایا تھا کہ یہ رقم کہاں سے نکالی جا سکتی ہے، مگر نتیجہ ہر بار ایک ہی نکلتا تھا، کہیں سے بھی نہیں۔
وہ بستر سے اٹھا اور غسل خانے کے آئینے کے سامنے کھڑا ہو کر اپنے چہرے کو تکنے لگا۔ بالوں میں سفیدی پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں ہو چکی تھی۔ اس نے ہاتھ سے بال سنوارے اور پھر خود ہی مسکرا دیا۔
"اب عمر بھی تو ہو گئی ہے،" اس نے اپنے عکس سے سرگوشی کی۔ مگر آئینے نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ناشتے کی میز پر نسرین گم صم تھی۔ حارث بھی غیر معمولی طور پر جلدی اٹھ گیا تھا اور عائشہ سامنے کتاب کھولے بیٹھی تھی، مگر اس کی توجہ پڑھائی پر نہیں تھی۔ سلیم نے باری باری سب کو دیکھا۔
"کیا بات ہے، سب اتنے خاموش کیوں ہیں؟"
حارث نے دھیمے سے کہا، "کچھ نہیں ابو۔"
سلیم ہنس پڑا۔ "یہ 'کچھ نہیں' کا لفظ تو جیسے ہمارے گھر کا قومی ترانہ بن گیا ہے۔"
نسرین نے پہلی مرتبہ لبوں پر مسکراہٹ لانے کی ناامید سی کوشش کی۔ عائشہ نے کتاب بند کر دی۔
"ابو، میری فیس کب جمع ہوگی؟"
سلیم نے بیٹی کے چہرے کو دیکھا۔
"آج ہی ہوگی۔"
"سچ مچ ابو؟"
"ہاں بیٹا، بالکل۔" یہ "ہاں" سلیم نے اس پورے اعتماد سے کہا تھا جس سے وہ خود اندر سے بالکل محروم تھا۔
دفتر جاتے ہوئے اس نے موٹر سائیکل پٹرول پمپ پر روکی۔ "پانچ سو روپے کا ڈال دو۔"
پٹرول والے نے پوچھا، "صاحب، ٹینک پورا نہیں کروانا؟"
سلیم نے ہنس کر جواب دیا، "میاں، پورا ٹینک کروانا تو اب خوابوں کی بات ہو گئی ہے۔" پٹرول والا بھی مسکرا دیا۔
سلیم آگے بڑھ گیا۔ اسے کبھی کبھی حیرت ہوتی تھی کہ غریب آدمی بھی ہنستا ہے، شاید اس لیے کہ اگر وہ ہنسنا چھوڑ دے تو رونا بہت مہنگا پڑتا ہے۔
دفتر پہنچا تو فہد اپنی نئی گاڑی کے پاس کھڑا تھا۔ سلیم نے پوچھا، "کیسی چل رہی ہے؟"
"زبردست" فہد نے فخر سے جواب دیا۔
سلیم نے چمکتی ہوئی، بے داغ گاڑی کو دیکھا اور پوچھا،
"اس کی ماہانہ قسط کتنی ہے؟"
فہد نے ہنس کر کہا، "یار، گاڑی دیکھ کر یہ سوال نہیں پوچھا کرتے۔"
"تو پھر کیا پوچھتے ہیں؟"
"قسط کا پتا تو تب چلتا ہے جب گاڑی خریدی جائے۔"
دونوں ہنس پڑے۔ پھر کچھ دیر بعد فہد نے سلیم کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ "یار، مذاق سے ہٹ کر، کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ ہم سب نے اپنی زندگی بھی قسطوں پر ہی لے رکھی ہے۔"
سلیم نے اس کا چہرہ دیکھا۔
"کیا تم بھی پریشان ہو؟"
فہد نے ایک لمحے کے لیے نظریں جھکا لیں۔ "کس نے کہا میں پریشان ہوں؟"
"تمہارے چہرے نے۔"
فہد نے ایک پھیکی ہنسی کے ساتھ کہا، "بھائی، یہ چہرہ بھی اب کرائے کا ہے۔"
سلیم خاموش رہا اور دونوں دفتر کے اندر چلے گئے۔
اس دن سلیم نے دوپہر کا کھانا نہیں کھایا۔ اس نے جیب سے پیسے نکال کر دیکھے، کل تین سو روپے تھے۔ وہ جانتا تھا کہ یہ تین سو روپے شام کو عائشہ کی فیس کا حصہ بنیں گے۔ اس نے کینٹین سے صرف پانی پی لیا۔
کینٹین والے نے پوچھا،
"سلیم صاحب، آج روزہ ہے کیا؟"
سلیم نے کہا، "ہاں بھائی، کچھ ایسا ہی سمجھ لو۔"
وہ دکاندار ہنس دیا۔ سلیم نے بھی مسکراہٹ کا تبادلہ کیا، لیکن اندر کہیں عزت نفس کا کوئی شیشہ چٹخ گیا تھا۔
شام کو دفتر سے نکلتے وقت فہد نے اسے روک لیا۔
"کہاں جا رہے ہو؟"
"گھر جا رہا ہوں۔"
"ایک ضروری کام ہے، ذرا میرے ساتھ بینک تک چلو۔" سلیم اس کے ساتھ چل پڑا۔
بینک کے باہر گاڑی میں بیٹھے ہوئے فہد کافی دیر خاموش رہا، پھر بولا، "یار، ایک چیک باؤنس ہو گیا ہے۔"
سلیم نے حیرت سے پوچھا، "تمہارا؟"
"ہاں۔"
"کتنی رقم کا؟" فہد نے جب رقم بتائی تو سلیم سن رہ گیا۔ وہ رقم اس کے لیے اتنی بڑی تھی کہ وہ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔
فہد نے کہا، "گھر والوں کو اس کی کانوں کان خبر نہیں ہونے دی۔"
"لیکن کیوں؟"
"بھرم رکھنے کے لیے۔"
سلیم نے پہلی بار یہ لفظ اپنے دوست کے منہ سے سنا تھا۔
"کون سا بھرم؟"
فہد نے بینک کی بلند و بالا عمارت کی طرف دیکھتے ہوئے کہا، "یہی کہ میں بہت خوشحال اور آسودہ ہوں۔"
دونوں کافی دیر تک گم صم بیٹھے رہے۔ پھر فہد نے جیب سے کچھ نوٹ نکالے۔
"یہ رکھ لو۔"
سلیم چونک گیا۔ "یہ کس لیے؟"
"عائشہ کی فیس دے دینا۔"
سلیم نے فوراً ہاتھ پیچھے کھینچ لیا۔ "نہیں۔"
"یار، ادھار سمجھ کر رکھ لو۔"
"نہیں فہد، مجھے نہیں چاہیے۔"
"مگر کیوں؟"
سلیم نے دھیمے مگر مضبوط لہجے میں کہا، "میں اپنے بچوں کی تعلیم کی بنیاد ادھار پر نہیں رکھنا چاہتا۔"
فہد نے اسے دیکھا۔ "سلیم، ادھار لینے سے کوئی غریب نہیں ہو جاتا۔"
سلیم نے جواب دیا، "مجھے معلوم ہے، مگر جب انسان خود کو اندر سے مفلس سمجھنے لگے تو اصل مشکل تب شروع ہوتی ہے۔"
فہد نے رقم واپس جیب میں رکھ لی۔ دونوں اٹھے اور اپنے اپنے راستوں پر چل دیے۔
گھر پہنچنے سے پہلے سلیم محلے کی ایک کریانے کی دکان پر رکا۔ کریم چاچا دکان پر بیٹھے تھے۔
"آؤ سلیم بھائی"
"چاچا، ایک کلو آٹا، آدھا کلو دال، تھوڑی سی چائے کی پتی اور چینی دے دیجیے۔"
کریم چاچا نے سامان نکالنا شروع کیا، پھر بولے، "پیسے بعد میں دے دینا، کوئی جلدی نہیں ہے۔"
سلیم نے فوراً کہا، "نہیں چاچا، میں آج ہی ادائی کر دیتا ہوں۔"
کریم چاچا مسکرائے۔ "کیوں، میں نے کیا پیسے مانگے ہیں تم سے؟"
سلیم خاموش ہو گیا۔ چاچا نے سامان تھیلے میں ڈالا اور اس کی طرف بڑھا دیا۔ "لے جاؤ۔"
"کتنے پیسے ہوئے؟"
"کہا نا، جب ہوں گے تب دے دینا۔"
سلیم نے تھیلا تھام لیا۔ دکان سے نکلتے ہوئے اسے محسوس ہوا کہ اس کے ہاتھ میں راشن کا تھیلا نہیں، بلکہ کسی کے احسان کا بھاری وزن ہے۔
گھر پہنچا تو حارث باہر جانے کے لیے تیار کھڑا تھا۔ سلیم نے پوچھا،
"کہاں جا رہے ہو بیٹا؟"
"دوستوں کے ساتھ باہر جا رہا ہوں۔"
"پیسے ہیں تمہارے پاس؟"
حارث نے کہا، "دو ہزار روپے چاہییں۔"
سلیم نے بیٹے کی طرف دیکھا۔ "اتنی رقم؟ کہاں جا رہے ہو؟"
"سب دوست مل کر ایک ریستوران جا رہے ہیں۔"
سلیم کچھ دیر خاموش رہا۔
"بیٹا، آج ذرا..."
حارث نے فوراً بات کاٹ دی، "جی، مجھے معلوم ہے، آج بھی حالات سازگار نہیں ہیں۔
" سلیم نے اسے دیکھا۔ حارث نے دروازہ کھولا، پھر کچھ سوچ کر رک گیا۔ "رہنے دیں، میں نہیں جاتا۔"
وہ اپنے کمرے میں واپس لوٹ گیا۔ سلیم کے منہ سے ایک لفظ نہ نکل سکا۔
رات کے کھانے کی میز پر عجب خاموشی تھی۔ عائشہ نے آہستہ سے پوچھا،
"ابو، فیس جمع ہو گئی؟"
سلیم نے کہا، "کل ہو جائے گی بیٹا۔" اس بار عائشہ نے اصرار نہیں کیا، وہ صورت حال سمجھ چکی تھی۔
کھانے کے بعد حارث اپنے کمرے میں بیٹھا موبائل فون دیکھ رہا تھا۔ اس کے دوستوں کے پیغامات آ رہے تھے۔
"کہاں ہو؟"، "آ نہیں رہے کیا؟" "یار، تمہارا تو سب سے زیادہ انتظار تھا" حارث نے فون بند کر کے ایک طرف رکھ دیا۔
کچھ دیر بعد وہ اٹھا اور اپنے والد کے کمرے کے باہر آ کر رک گیا۔ دروازہ نیم وا تھا۔ سلیم بستر پر بیٹھا اپنے پرانے جوتے پر پالش لگا رہا تھا۔ حارث نے غور سے دیکھا کہ جوتے کی ایڑی بالکل گھس چکی تھی۔
"ابو!"
سلیم نے سر اٹھایا۔ "ہاں بیٹا؟"
"آپ نئے جوتے کیوں نہیں خرید لیتے؟"
سلیم نے جوتا ہاتھ میں تھامے ہوئے کہا،
"ابھی یہ چل رہا ہے، کام دے رہا ہے۔"
"کب سے چل رہا ہے ابو؟"
"بس، کافی عرصہ ہو گیا۔"
حارث خاموش رہا، پھر بولا،
"آپ نے کبھی اپنے لیے کچھ کیوں نہیں خریدا؟"
سلیم ہنس دیا۔ "کیوں نہیں، خریدا تو ہے۔"
"کیا خریدا ہے؟"
سلیم نے لمحہ بھر سوچا اور کہا،
"تم سب کی خوشیاں۔"
حارث نے نظریں جھکا لیں۔ سلیم کو اندازہ بھی نہیں تھا کہ اس کے اس ایک جملے نے بیٹے کے اندر برسوں سے قائم مردانگی اور انا کی دیوار میں ایک گہرا شگاف ڈال دیا ہے۔
اگلی صبح عائشہ نے اپنی الماری کھولی۔ اس نے وہ پسندیدہ نیا لباس نکالا جو اس نے پچھلے مہینے خریدنے کا فیصلہ کیا تھا مگر پھر ارادہ بدل دیا تھا۔ وہ کچھ دیر اسے تکتی رہی، پھر واپس رکھ دیا۔ اس کے بجائے اس نے اپنی کتابوں کے درمیان چھپا کر رکھا ہوا ایک لفافہ نکالا، جس میں اس کی پائی پائی جوڑ کر بچائی ہوئی رقم تھی۔
وہ کمرے سے باہر آئی۔ "امی"
نسرین نے پوچھا،
"کیا ہوا بیٹا؟"
عائشہ نے لفافہ اس کے ہاتھ میں تھما دیا۔ "یہ رکھ لیجیے۔"
نسرین نے حیرت سے پوچھا، "یہ کیا ہے؟"
"یہ میری بچت کے پیسے ہیں۔"
"لیکن کس لیے؟"
"آپ یہ ابو کو دے دیجیے گا۔"
نسرین نے لفافہ واپس کرتے ہوئے کہا، "نہیں بیٹا، تمہارے اپنے بھی تو اخراجات ہیں۔"
عائشہ نے کہا، "اخراجات تو زندگی بھر ہوتے رہیں گے امی۔"
"اور تمہاری خواہشیں؟"
عائشہ چند لمحے خاموش رہی، پھر بولی، "امی، خواہشیں تو بعد میں بھی پوری کی جا سکتی ہیں، مگر ابو ہر چیز کو 'بعد میں' پر نہیں ٹال سکتے۔"
نسرین نے تڑپ کر بیٹی کو گلے سے لگا لیا۔ اسی لمحے دروازے کے باہر کھڑے سلیم نے یہ گفتگو سن لی۔ وہ اندر نہیں آیا، بلکہ وہیں سے چپ چاپ واپس مڑ گیا۔ وہ چاہتا تھا کہ اس کے بچے اسے ہمیشہ ایک مضبوط چٹان سمجھیں، مگر اس لمحے اسے پہلی بار یہ احساس ہوا کہ بچے اب اسے صرف ایک مضبوط باپ ہی نہیں، بلکہ ایک مجبور انسان بھی سمجھنے لگے ہیں۔
اس دن سلیم نے جیسے تیسے عائشہ کی فیس تو جمع کرا دی، مگر گھر آ کر اس نے بیٹی کا وہ لفافہ اسے واپس کر دیا۔
"یہ تم اپنے پاس ہی رکھو بیٹا۔"
عائشہ نے کہا، "لیکن ابو..."
"بیٹی، باپ کا منصب بچوں سے ان کی خواہشیں چھیننا نہیں ہوتا۔"
عائشہ نے نم آنکھوں سے پوچھا، "پھر کیا ہوتا ہے ابو؟"
سلیم نے مسکرا کر کہا، "انہیں یہ یقین دلانا کہ خواہشیں کبھی مرتی نہیں ہیں، وہ بس کچھ وقت کے لیے سو جاتی ہیں۔" عائشہ کی آنکھیں چھلک پڑیں۔ سلیم نے اس کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرا اور باہر نکل گیا۔
گلی میں شام کا دھندلاکا اتر رہا تھا۔ ایک طرف سبزی والے کی آواز سنائی دے رہی تھی،
"آلو لے لو، پیاز لے لو!" اور دوسری طرف ایک معصوم بچہ غبارے بیچ رہا تھا۔ سلیم کچھ دیر وہیں کھڑا رہا۔ پھر اسے اچانک خیال آیا کہ اس نے کئی مہینوں سے بچوں کے لیے پھل نہیں خریدے۔
وہ پھل والے کے پاس گیا۔
"سیب کس بھاؤ دیے ہیں؟"
قیمت سن کر اس نے ایک لمحے کے لیے آنکھیں بند کیں، پھر بولا، "آدھا کلو تول دو۔"
پھل والا سیب وزن کرنے لگا تو سلیم نے جیب میں ہاتھ ڈالا، مگر پیسے کم نکلے۔ اس نے شرمندگی سے دو سیب واپس رکھنے چاہے۔ پھل والے نے دیکھ لیا اور کہا، "ارے رہنے دیجیے بھائی، جتنے پیسے ہیں اتنے ہی دے دیجیے۔"
سلیم نے اس کی طرف دیکھا اور غیرت مندانہ لہجے میں کہا، "نہیں بھائی، پورے پیسے ہی لو۔" وہ دو سیب واپس رکھوا کر باقی لے آیا۔
گھر پہنچا تو حارث دروازے پر ہی کھڑا تھا۔
"ابو، میں آپ سے کچھ بات کرنا چاہتا ہوں۔"
"ہاں بیٹا، کہو۔"
"میں یونیورسٹی سے فارغ ہو کر شام کے وقت کوئی ملازمت یا پارٹ ٹائم کام کرنا چاہتا ہوں۔"
سلیم چونک اٹھا۔ "لیکن اس سے تمہاری پڑھائی کا حرج ہوگا"
"جی نہیں، میں مینیج کر لوں گا۔"
"اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے بیٹا۔"
حارث نے زندگی میں پہلی بار باپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بڑے مان سے کہا، "ضرورت ہے ابو۔ آپ کو بھی ہے اور مجھے بھی۔" سلیم نے کچھ کہنا چاہا، مگر حلق میں جیسے الفاظ پھنس کر رہ گئے۔
حارث نے مزید کہا، "میں آپ کا بوجھ بن کر جینا نہیں چاہتا، میں آپ کا بیٹا بن کر آپ کے شانہ بشانہ چلنا چاہتا ہوں۔" سلیم نے تڑپ کر بیٹے کو سینے سے لگا لیا۔
اس رات کھانے کی میز پر پہلی مرتبہ کسی نے مہنگائی کا گلہ نہیں کیا، نہ بجلی کے بل کا ذکر ہوا، نہ کرائے کا اور نہ ہی فیس کا۔ مگر سب کو بخوبی علم تھا کہ یہ مسائل کہیں گئے نہیں ہیں، وہ سب اپنی جگہ پر جوں کے توں موجود تھے۔ صرف اتنا فرق پڑا تھا کہ اب گھر کے لوگ ان طوفانوں کے سامنے اکیلے نہیں تھے، وہ سب ایک ہو چکے تھے۔
چند دنوں بعد سلیم کے دفتر میں ایک تشویشناک خبر پھیلی۔ کمپنی اپنے اخراجات کم کرنے کے لیے کچھ ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنے والی تھی۔ سلیم کا نام بھی اسی فہرست میں شامل تھا۔
اسے مطلع کیا گیا کہ اگلے مہینے سے اس کی تنخواہ میں دس ہزار روپے کی کٹوتی کر دی جائے گی۔ وہ ساکت و جامد اپنی کرسی پر بیٹھا رہا۔ اسے یوں محسوس ہوا جیسے اچانک کسی نے اس کے پیروں تلے سے زمین کھینچ لی ہو۔
مکان کا کرایہ پہلے ہی بڑھ چکا تھا، بجلی کا بل اپنی جگہ پر جوں کا توں تھا، بچوں کی فیس کا مسئلہ برقرار تھا، راشن کے اخراجات منہ کھولے کھڑے تھے اور اب رہی سہی کسر تنخواہ میں اس کمی نے پوری کر دی تھی۔
اس شام جب وہ دفتر سے نکلا تو کراچی کی سڑکیں پہلے سے کہیں زیادہ شور مچا رہی تھیں، مگر آج اسے اس سارے ہنگامے میں ایک عجیب سا سکوت محسوس ہو رہا تھا۔
وہ ایک چوراہے پر رکا۔ سامنے ایک شخص فٹ پاتھ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس کے آگے ایک چھوٹا سا ترازو، چند سبزیاں اور ایک پرانا سا تھیلا رکھا تھا۔ سلیم نے سوچا، یہ شخص بھی شاید کبھی کسی زمانے میں کسی دفتر کا بابو رہا ہوگا، یا شاید کبھی اس کے پاس بھی سفید پوشی کا کوئی بھرم رہا ہوگا۔
سلیم نے ایک سرد آہ بھری اور موٹر سائیکل دوبارہ اسٹارٹ کر دی۔ اس وقت اس کے ذہن میں صرف ایک ہی خیال گردش کر رہا تھا کہ کیا سفید پوشی کا یہ بھرم صرف اس وقت تک قائم رہتا ہے جب تک انسان اپنی تکلیف اور تنگی کو دوسروں سے چھپانے میں کامیاب رہتا ہے؟
اور پھر اسے لگا کہ شاید اصل سوال یہ نہیں تھا۔ اصل سوال تو یہ تھا کہ جب چھپانے کو کچھ باقی ہی نہ رہے، تب انسان کیا کرتا ہے؟
اسے اس سوال کا جواب فی الحال معلوم نہیں تھا۔ لیکن گھر میں اس کا انتظار صرف نسرین اور بچے ہی نہیں کر رہے تھے، بلکہ ایک نیا فیصلہ بھی اس کی راہ تک رہا تھا۔
اور شاید اسی فیصلے سے اس گھرانے کے بھرم کا آخری باب شروع ہونے والا تھا۔
سلیم اس رات دیر تک سو نہ سکا۔ اس نے کئی مرتبہ کروٹیں بدلیں۔ کبھی وہ چھت کو تکتا، کبھی پنکھے کی گردش کو دیکھتا اور کبھی برابر میں سوئی ہوئی نسرین کو۔ نسرین جاگ رہی تھی۔
"سوئے نہیں آپ؟"
سلیم نے آنکھیں بند کیے کیے ہی کہا، "بس نیند آنکھوں سے کوسوں دور ہے۔"
"تنخواہ میں کٹوتی والی بات سوچ رہے ہیں؟"
سلیم نے کوئی جواب نہیں دیا۔ نسرین نے تاریکی میں ہاتھ بڑھا کر اس کا ہاتھ تھام لیا۔
"اللہ مالک ہے، وہ بڑا غفور و رحیم ہے۔"
سلیم ہلکا سا مسکرایا۔ "یہ بات تو تم ہر مشکل گھڑی میں کہتی ہو۔"
"کیونکہ ہر کڑے وقت میں یہی ایک بات ڈھارس بندھاتی ہے۔"
سلیم نے اس کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑ لیا۔ کمرے میں کچھ دیر گہرا سکوت رہا، پھر نسرین نے دھیمے سے کہا،
"ایک بات کہوں؟"
"ہاں کہو۔"
"اگر نوبت آئی تو میں اپنے زیور بیچ دوں گی۔"
سلیم نے جھٹ سے آنکھیں کھول دیں۔ "ہرگز نہیں۔"
"مگر کیوں؟"
"وہ تمہاری امانت ہیں۔"
"یہ گھر بار بھی تو میرا ہی ہے۔"
سلیم لاجواب ہو گیا۔ نسرین نے کہا، "ہم نے شادی کے وقت سوچا تھا کہ زیور زندگی بھر عورت کا ساتھ دیتا ہے، مجھے یہ گمان نہیں تھا کہ ایک دن زندگی کو زیور کا سہارا لینا پڑ جائے گا۔"
سلیم نے اس کا ہاتھ چھوڑ دیا۔
"نہیں نسرین، جو چیز تم نے اپنی ماں کی یادگار سمجھ کر اب تک سنبھالی ہے، میں اسے کبھی فروخت نہیں کرنے دوں گا۔"
"پھر کیا کریں گے؟"
سلیم نے چھت کی طرف دیکھا۔ "پتا نہیں۔" یہ شاید برسوں بعد پہلا موقع تھا جب سلیم نے صاف لفظوں میں اعتراف کیا تھا۔
"پتا نہیں۔"
اگلی صبح حارث نے اپنا فیصلہ پورے خاندان کے سامنے رکھ دیا۔ "میں شام کے وقت ایک اکیڈمی میں تدریس کے فرائض انجام دوں گا۔"
سلیم نے تشویش سے کہا، "اور تمہاری اپنی پڑھائی؟"
"وہ بھی ساتھ ساتھ چلتی رہے گی۔"
"بیٹا، یہ اتنا آسان نہیں جتنا تم سمجھ رہے ہو۔"
حارث مسکرایا۔ "آسانی کس کے پاس ہے، ابو؟" سلیم کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔
عائشہ بھی بول پڑی، "میں بھی گھر پر چھوٹے بچوں کو ٹیوشن پڑھا سکتی ہوں امی۔"
نسرین نے بیٹی کا چہرہ دیکھا۔ "تم اپنی پڑھائی پر توجہ دو بیٹا۔"
"امی، پڑھائی بھی ہوگی اور یہ کام بھی۔"
کچھ دیر کے لیے گھر میں ایک عجیب سی خاموشی چھا گئی۔ پھر سلیم نے دونوں بچوں کو دیکھا۔ اسے اچانک شدت سے احساس ہوا کہ اس کے بچے اب بڑے ہو گئے ہیں۔ وہ بچے جن کی وہ اب تک صرف پرورش کر رہا تھا، اب زندگی کی دھوپ چھاؤں میں اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو چکے تھے۔
اسی شام کریم چاچا کا فون آیا۔ "سلیم بھائی، ایک بات کرنی تھی۔"
"جی چاچا، ارشاد۔"
"اگر آپ کو برا نہ لگے تو..."
"کہیے چاچا، تکلف کیسا؟"
"میری دکان پر جو لڑکا حساب کتاب رکھتا تھا، وہ کام چھوڑ کر جا رہا ہے۔ اگر آپ شام کو صرف دو گھنٹے کے لیے بیٹھ جائیں تو کچھ اضافی آمدنی ہو جائے گی۔"
سلیم ایک لمحے کے لیے سن ہو گیا۔ "چاچا، میں آپ کا ملازم کیسے..."
کریم چاچا نے بات کاٹ دی۔ "ملازم کون کہہ رہا ہے بھائی؟ میرے بھائی بن کر بیٹھیے۔"
سلیم نے ہچکچاتے ہوئے پوچھا، "آپ کتنے پیسے دیں گے؟"
کریم چاچا ہنس دیے۔ "جتنے آپ خوشی سے قبول کر لیں۔"
سلیم بھی ہنس پڑا۔ "چاچا، یہ بھی کوئی بات ہوئی؟"
"کیوں، آپ بھی تو یہی کرتے ہیں۔ اپنے گھر والوں سے ہمیشہ کہتے ہیں نا کہ جتنی ضرورت ہے، بس اتنی ہی رقم ہے۔"
دونوں کچھ دیر خاموش رہے۔ سلیم نے اگلے ہی روز سے دکان پر بیٹھنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔
صبح دفتر، شام کو کریانے کی دکان اور رات کو گھر۔ زندگی ایک طویل اور تھکا دینے والی دوڑ بن گئی۔ حارث بھی اکیڈمی میں بچوں کو پڑھانے لگا اور عائشہ نے محلے کے دو بچوں کو گھر پر پڑھانا شروع کر دیا۔ نسرین نے بھی خانگی اخراجات میں مزید کفایت شعاری سے کام لینا شروع کر دیا۔
مگر اس بار ایک نمایاں فرق تھا۔ اب کوئی کسی سے کچھ چھپا نہیں رہا تھا۔ جس دن گھر میں گوشت نہ بنتا، کوئی شکوہ نہ کرتا۔ جس دن پھل نہ آتے، بچے خاموش رہتے۔ جس دن بجلی کا بل توقع سے زیادہ آتا، سب مل کر حساب کتاب کرتے۔ اور کبھی کبھی، جب حالات حد سے زیادہ کٹھن ہو جاتے تو چاروں ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرا دیتے۔ جیسے مسکرانا بھی اب ان کی مشترکہ ذمہ داری بن چکا تھا۔
ایک مہینہ اسی تگ و دو میں گزر گیا، پھر دوسرا بھی۔ سلیم کو دفتر سے ملنے والی تنخواہ اب بھی کم تھی، مگر گھر میں اضافی آمدنی کے دو چھوٹے راستے بن چکے تھے۔ مسئلہ ختم نہیں ہوا تھا، صرف اتنا ہوا تھا کہ اس مسئلے کے سامنے اب پورا گھر ایک دیوار بن کر کھڑا ہو گیا تھا۔
ایک شام فہد دفتر کے باہر سلیم سے ملا۔ اس کے ہاتھ میں گاڑی کی چابی نہیں تھی۔ سلیم نے پوچھا، "گاڑی بیچ دی کیا؟"
فہد نے مسکرا کر جواب دیا،
"جی ہاں۔"
"مگر کیوں؟"
"ماہانہ قسط ادا کرنا بس سے باہر ہو رہا تھا سلیم۔"
سلیم نے تسلی دینے کے لیے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ فہد نے کہا، "پتا ہے یار، گاڑی بیچ کر ایک عجیب سا سکون ملا ہے۔"
"وہ کیسے؟"
"اب جب میں سڑک پر پیدل چلتا ہوں تو مجھے ہر وقت یہ دھڑکا نہیں لگا رہتا کہ اگلی قسط کہاں سے آئے گی اور کیسے انتظام ہوگا۔"
سلیم نے دھیمے سے کہا، "ہم لوگ اکثر چیزیں اس لیے نہیں خریدتے کہ وہ ہماری ضرورت ہوتی ہیں۔"
فہد نے پوچھا، "پھر کس لیے خریدتے ہیں؟"
سلیم نے جواب دیا، "صرف اس لیے تاکہ دوسرے لوگ ہمیں محتاج اور ضرورت مند نہ سمجھیں۔
" فہد کچھ دیر خاموش رہا، پھر دونوں بے اختیار ہنس پڑے۔
اسی رات سلیم نے گھر آ کر نسرین سے کہا، "ہمیں بھی اپنے گھر کی کچھ چیزیں بیچ دینی چاہییں۔"
نسرین نے حیرت سے پوچھا:
"کون سی چیزیں؟"
سلیم نے کہا، "وہ اشیاء جنہیں ہم کبھی استعمال نہیں کرتے، مگر صرف اس لیے سجا کر رکھا ہوا ہے تاکہ لوگ سمجھیں کہ ہم بہت خوشحال اور آسودہ ہیں۔"
نسرین کچھ دیر اسے ٹکٹکی باندھے دیکھتی رہی، پھر اس نے الماری کھولی۔ وہاں ایک پرانا اور قیمتی ڈنر سیٹ رکھا تھا، جو برسوں سے کسی خاص مہمان کی آمد کا منتظر تھا۔ کچھ پیتل کے برتن، ایک اضافی پنکھا اور ایک پرانا موبائل فون۔ کچھ ایسی چیزیں جنہیں گھر نے ضرورت کے بجائے صرف "کبھی کام آ جائیں گی" کے نام پر سنبھال رکھا تھا۔
اگلے ہی دن وہ تمام چیزیں فروخت کر دی گئیں۔ رقم بہت زیادہ نہیں تھی، مگر سلیم کو یوں لگا جیسے اس کے کندھوں سے کوئی بہت بڑا بوجھ اتر گیا ہو۔
دن پر لگا کر گزرتے گئے۔ ایک صبح حارث گھر آیا تو اس کے ہاتھ میں ایک لفافہ تھا۔
"ابو"
"ہاں بیٹا؟"
"یہ آپ کے لیے ہے۔"
سلیم نے لفافہ کھول کر دیکھا تو اس میں حارث کی پہلی پوری تنخواہ تھی۔
سلیم نے فوراً لفافہ بند کر دیا۔ "نہیں بیٹا، یہ رقم تم اپنے پاس ہی رکھو۔"
"جی نہیں ابو، یہ آپ ہی رکھیں گے۔"
"مگر یہ تمہاری پڑھائی اور آگے کے اخراجات میں کام آئے گی نا۔"
حارث نے کہا، "ابو، آپ نے بھی تو ہماری پڑھائی اور خوشیوں کے لیے اپنی زندگی کی کتنی ہی خواہشیں روک رکھی ہیں۔
" سلیم نے بیٹے کے چہرے کو دیکھا۔ حارث نے مسکرا کر کہا، "یہ کوئی قرض نہیں ہے ابو۔"
سلیم کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
"پھر یہ کیا ہے بیٹا؟"
"یہ اس گھر میں میرا حصہ ہے۔"
سلیم نے لفافہ واپس نہیں کیا۔
اس رات گھر میں کئی دنوں کے بعد گوشت پکا۔ نسرین نے ہنستے ہوئے پوچھا،
"بھئی آج کیا خاص بات ہے؟"
حارث نے چہکتے ہوئے کہا، "امی، آج گھر کے سب لوگ کما کر لائے ہیں۔"
عائشہ نے فوراً لقمہ دیا،
"اور ہماری امی؟"
حارث ہنس پڑا۔ "امی تو ہم سب سے زیادہ کماتی ہیں۔"
نسرین نے حیرت سے پوچھا، "بھلا میں کیسے؟"
"امی، آپ اس گھر کے لیے سکون اور اطمینان کماتی ہیں۔"
سب بے اختیار ہنس پڑے۔ سلیم بھی ان کے ساتھ ہنس رہا تھا، مگر اس ہنسی کے پیچھے ایک عجب ذہنی سکون اور دل کا اطمینان چھپا تھا۔
کچھ دنوں بعد شہر میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ کراچی کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، مگر نہ تو دفتر بند ہوئے اور نہ ہی بازار بند ہوئے۔ لوگ پھر بھی روزی روٹی کے لیے نکلے۔ کوئی اپنی بند موٹر سائیکل کو دھکیل رہا تھا، کوئی جوتے ہاتھ میں لیے گھٹنوں گھٹنوں پانی میں چل رہا تھا اور کوئی بچوں کو کندھے پر اٹھائے جا رہا تھا۔ سلیم بھی جیسے تیسے دکان تک پہنچنے کے لیے نکلا۔
راستے میں اس نے ایک منظر دیکھا، ایک آدمی پانی میں پھنسے ہوئے رکشے کو دھکا لگا رہا تھا، اسے دیکھ کر دوسرا آدمی بھی اس کی مدد کو لپکا، پھر ایک تیسرا شخص بھی شامل ہو گیا۔ کسی نے کسی سے یہ نہیں پوچھا کہ تم کون ہو، تمہاری ذات کیا ہے، کتنا کماتے ہو یا کہاں رہتے ہو۔ مشکل وقت آیا تھا تو لوگ خود بخود ایک دوسرے کا سہارا بن کر کھڑے ہو گئے تھے۔
سلیم وہیں رک گیا۔ اس نے زندگی میں پہلی بار کراچی کو اس رخ سے دیکھا تھا۔ یہ شہر اپنے باسیوں سے صرف لیتا ہی نہیں تھا، بلکہ انہیں کڑے وقت میں ایک دوسرے کا دست و بازو بننا بھی سکھاتا تھا۔
جب وہ گھر واپس پہنچا تو نسرین نے دروازہ کھولا۔
"آنے میں بہت دیر کر دی آپ نے، میں تو فکر مند ہو گئی تھی۔"
"بس راستے میں لوگ پھنسے ہوئے تھے، اس لیے دیر ہو گئی۔"
"تو کیا آپ بھی پانی میں پھنس گئے تھے؟"
سلیم مسکرایا۔ "نہیں، مجھے تو لوگوں نے نکال دیا۔"
نسرین نے تجسس سے پوچھا، "کون لوگ تھے وہ؟"
سلیم نے جوتے اتارتے ہوئے دھیمے سے کہا
"پتا نہیں..."
پھر کچھ لمحے سوچ کر بولا، "شاید کراچی کے عام لوگ۔"
کئی مہینوں کے بعد عائشہ کی سالگرہ آئی۔ نسرین نے کہا، "آج بیٹی کی سالگرہ ہے، کچھ خاص پکوان بناتے ہیں۔"
عائشہ نے فوراً کہا،
"امی، مجھے کچھ بھی خاص نہیں چاہیے۔"
سلیم نے پوچھا،
"کیوں بیٹا؟"
وہ مسکرائی۔ "ابو،
کیونکہ اب میں یہ جان گئی ہوں کہ اگر گھر میں مہنگا کیک نہ بھی ہو، تو سالگرہ کی خوشی ختم نہیں ہو جاتی۔"
سلیم نے پیار سے اسے دیکھا۔
"تو پھر میری بیٹی کو کیا چاہیے؟"
عائشہ نے کہا، "بس یہ کہ ہم سب لوگ گھر میں ایک ساتھ موجود ہوں۔"
اس شام وہ چاروں چھت پر بیٹھے تھے۔ میز پر کوئی مہنگا کھانا نہیں تھا، بس ایک چھوٹا سا سادہ کیک، چائے اور کچھ بسکٹ تھے۔ لیکن وہاں چار محبت کرنے والے دل موجود تھے۔ سلیم نے موم بتی جلائی اور عائشہ نے آنکھیں بند کر لیں۔
حارث نے شرارت سے پوچھا، "ہاں بھئی، کیا دعا مانگی؟"
"ہرگز نہیں بتاؤں گی۔"
"مگر کیوں؟"
"سنا ہے بتانے سے دعا پوری نہیں ہوتی۔"
سب ہنس پڑے۔
نیچے گلی میں غبارے والا اب بھی غبارے بیچ رہا تھا اور دور کہیں شاہراہ پر ٹریفک کا شور گونج رہا تھا۔ کراچی بالکل ویسا ہی تھا، مہنگائی کا طوفان بھی جوں کا توں تھا، بل بھی اسی رفتار سے آتے تھے اور مکانات کے کرایے اب بھی بڑھ رہے تھے۔ بازار میں اشیاء اب بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور تھیں اور لوگ اب بھی ناپ تول کر خریداری کرتے تھے۔ کسی کے حالات یک لخت نہیں بدلے تھے، مگر سلیم کے گھر کے اندر ایک بہت بڑی تبدیلی آ چکی تھی۔ اب کسی کو اپنی مفلسی اور تنگی کو چھپانے یا اس پر شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔
ایک رات سلیم الماری کھول کر اپنے پرانے کپڑے دیکھ رہا تھا۔ نسرین نے پاس آ کر پوچھا، "کیا ڈھونڈ رہے ہیں آپ؟"
"کچھ نہیں۔"
پھر وہ ہلکا سا ہنسا۔
"شاید اپنا وہ کھویا ہوا بھرم..."
نسرین بھی مسکرا دی۔
"تو پھر مل گیا وہ بھرم؟"
سلیم نے الماری کا پٹ بند کر دیا۔
"نہیں۔"
"تو پھر؟"
وہ کھڑکی کے پاس جا کر کھڑا ہو گیا، جہاں سے باہر کراچی کی روشنیاں جھلملا رہی تھیں۔ اس نے دھیمے لہجے میں کہا۔۔۔۔
"نسرین، شاید وہ سفید پوشی کا بھرم تھا ہی ایک سراب۔۔۔
نسرین اس کے شانے سے لگ کر کھڑی ہو گئی۔ سلیم نے کہا،
"ہم ساری عمر صرف لوگوں کو یہ دکھانے میں گلا دیتے رہے کہ ہم بہت اچھے حال میں ہیں اور سب ٹھیک ٹھاک ہے۔"
"اور اب؟"
"اب اگر کوئی ہم سے پوچھے گا، تو ہم صاف کہہ دیں گے کہ ہاں بھائی، حالات مشکل ہیں۔"
نسرین نے اس کے چہرے کو دیکھا۔ "تو کیا ایسا کہنے سے دل میں کوئی شرمندگی نہیں ہوگی؟"
سلیم نے نفی میں سر ہلایا۔ "بالکل نہیں نسرین"
"وہ کیوں؟"
سلیم نے کھڑکی سے باہر چمکتے شہر کو دیکھا۔ "اس لیے کہ مشکل وقت سے گزرنا کوئی شرمندگی کی بات نہیں ہے، بلکہ مشکل گھڑی میں کسی کا ہاتھ تھامنے سے انکار کر دینا اصل شرمندگی ہے۔"
کمرے میں ایک پرسکون خاموشی چھا گئی۔ اسی لمحے حارث اندر داخل ہوا۔ "ابو، کل میری تنخواہ کا ایک حصہ گھر کے راشن کے لیے الگ رکھنا ہے۔"
عائشہ بھی پیچھے پیچھے آ گئی۔ "اور ابو، اگلے مہینے سے میں اپنی پڑھائی کی کتابیں اپنے پیسوں سے خود خریدوں گی۔"
نسرین نے بھیگی آنکھوں سے دونوں بچوں کو دیکھا۔
"تم دونوں نے تو اپنے ابو کا سر فخر سے اونچا کر دیا ہے۔"
سلیم ہنس پڑا۔ "نہیں نسرین، انہوں نے مجھے حالات کے سامنے جھکنے اور چھوٹا ہونے سے بچا لیا ہے۔"
رات گہری ہوتی جا رہی تھی اور کراچی کی روشنیاں دور دور تک پھیلتی جا رہی تھیں، سلیم چھت پر کھڑا شہر کو دیکھتا رہا۔ اسے وہ تمام چہرے یاد آئے جو روزانہ سڑکوں پر اس کے ساتھ چلتے تھے۔ بس کا کنڈکٹر، چائے والا، سبزی فروش، دفتر کا چپڑاسی، کریم چاچا، فہد، وہ عورت جو بازار میں سبزی خریدتے ہوئے ہر آلو کو الٹ پلٹ کر دیکھتی تھی۔ وہ نوجوان جو سگنل پر موٹر سائیکل دھوتا تھا۔ وہ باپ جو اسکول کے باہر بچے کو چھوڑ کر خود بس میں چڑھ جاتا تھا۔ وہ ماں جو پھلوں کی دکان کے سامنے کھڑی قیمت پوچھتی تھی اور پھر خالی ہاتھ واپس چلی جاتی تھی۔
سلیم نے سوچا، یہ سب لوگ غریب نہیں تھے۔ یہ سب لوگ صرف مشکل میں تھے۔ اور شاید دونوں میں بہت فرق تھا۔ غریبی جیب میں ہوتی ہے، مگر سفید پوشی اکثر دل پر ہوتی ہے۔
وہ اندر آیا۔ نسرین نے پوچھا، "کیا سوچ رہے تھے؟"
سلیم نے کہا،
"سوچ رہا تھا کہ ہم نے اتنے سال کس چیز کی حفاظت کی؟"
"کس کی؟"
"عزت کی۔"
نسرین مسکرائی۔ "اور اب؟"
سلیم نے بچوں کی طرف دیکھا۔ حارث کتاب کھولے بیٹھا تھا۔ عائشہ اپنے نوٹس بنا رہی تھی۔ نسرین باورچی خانے میں جا رہی تھی۔
سلیم نے کہا۔۔
"اب سمجھ آیا کہ عزت چھپانے سے نہیں، بانٹنے سے بچتی ہے۔"
وہ کھڑکی کے پاس گیا۔ باہر کراچی اپنی پوری بے ترتیبی، شور، روشنی اور اندھیرے کے ساتھ زندہ تھا۔ کہیں کسی گھر میں آج بھی بجلی کا بل رکھا ہوگا۔ کہیں کسی ماں نے راشن کی فہرست میں سے گوشت کاٹ دیا ہوگا۔ کہیں کوئی باپ بچوں سے کہہ رہا ہوگا،
"اگلے مہینے لے دیں گے۔"
کہیں کوئی نوجوان اپنی خواہش کو جیب میں رکھ کر گھر واپس جا رہا ہوگا۔ اور کہیں کوئی شخص، سلیم کی طرح، اپنے چہرے پر مسکراہٹ سجائے یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہوگا کہ سب ٹھیک ہے۔
سلیم نے کھڑکی بند نہیں کی، اس نے پردہ بھی نہیں گرایا۔ اسے اب اپنے گھر کا اندھیرا چھپانے کی ضرورت نہیں تھی۔ اور شاید پہلی مرتبہ اسے یہ بھی معلوم ہو گیا تھا کہ باہر کے شہر کو دھوکا دینے سے زیادہ ضروری اپنے گھر والوں کے سامنے سچ بولنا ہے۔
اس رات سلیم نے کئی برس بعد سکون سے آنکھیں بند کیں۔
صبح پھر وہی کراچی تھا۔ وہی شور، وہی سڑکیں، وہی ٹریفک، وہی مہنگائی، وہی بل۔ مگر سلیم بدل چکا تھا۔ اس نے جیب میں ہاتھ ڈالا، چند نوٹ تھے۔ وہ مسکرایا، پھر بچوں کو آواز دی۔۔
"چلو، ناشتہ کرو۔ آج جو ہے، سب مل کر کھائیں گے۔"
اور اس دن اس گھر میں پہلی مرتبہ کسی نے یہ نہیں کہا، "گزارا ہو جائے گا۔"
کیونکہ انہیں معلوم ہو گیا تھا کہ زندگی صرف گزارنے کا نام نہیں۔ زندگی یہ بھی ہے کہ آدمی مشکل کے زمانے میں اپنے لوگوں کا ہاتھ پکڑ کر کہہ سکے۔۔۔
"ہمارے پاس کم ہے، مگر ہم ایک دوسرے کے لیے کافی ہیں۔"
باہر کراچی جاگ رہا تھا۔ زندگی نے انہیں سکھا دیا تھا کہ مشکل میں ہونا شرمندگی نہیں، بلکہ مشکل کے وقت ایک دوسرے کا ہاتھ چھوڑ دینا اصل شکست ہے۔

Comments
Post a Comment