مدحت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، خورشید عالم خورشید کا قلبی و نعتیہ سفر از: اختر شیخ اردو ادب کا دامن نعت گوئی کے مصفا و معطر رنگوں سے ہمیشہ مالامال رہا ہے، جہاں یہ صنف سخن محض فن کا تقاضا نہیں بلکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک سچے امتی کی والہانہ محبت، لامتناہی عقیدت اور گہری قلبی نسبت کا والہانہ اظہار ہے۔ یہ ایک ایسا مبارک اور نورانی سفر ہے جس کی آبیاری ہر دور کے اہل قلم نے اپنے جذبوں کی سچائی اور خلوص نیت سے کی ہے۔ اسی خوشبو دار اور روح پرور سلسلے کا ایک خوبصورت اور دلنشیں نذرانہ محترم خورشید عالم خورشید کا نعتیہ مجموعہ مدحت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، جو حال ہی میں زیور طبع سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آیا ہے۔ اس نعتیہ مجموعے پر خامہ فرسائی کا بنیادی محرک اور سبب میرے برادر عزیز، نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے گہرا قلبی شغف رکھنے والے معروف نعت خواں محمد ابرار حسین صاحب بنے۔ ان کی مخلصانہ اور پیار بھری فرمائش نے میرے ذوق کو مہمیز کیا کہ میں اس مجموعہ کلام کی پذیرائی پر اپنی رائے کا اظہار کروں، جو حقیقت میں شاعری کی روایتی حدود سے ماورا ہو کر خالصتاً عقیدت و محبت کا ایک سچا مظہر ہے۔ اس کے ساتھ ہی، صاحب کتاب کا ایک گہرا، دیرینہ اور مخلصانہ رشتہ میرے بچپن کے محلہ دار، ہم مکتب ساتھی اور استاد نعت محمد قمر خان رحمانی سے بھی ہے، جن کی علمی بزم اور نعتیہ چاشنی نے ہمیشہ ہمارے ماحول کو منور و معطر رکھا۔ خورشید عالم خورشید صاحب نے کتاب کے ابتدائی صفحات میں اپنی زندگی کے احوال واقعی کو بڑے سحر انگیز اور دلنشیں انداز میں قلمبند کیا ہے۔ ۲۵ جولائی ۱۹۵۸ء کو عروس البلاد کراچی میں آنکھ کھولنے والے خورشید صاحب کا خاندانی پس منظر علم و ادب کا گہوارہ تھا۔ ان کے رشتے کے ماموں منظور حسین (جو ادبی دنیا میں ماہر القادری کے نام سے بلند مقام رکھتے ہیں) اپنے دور کے معتبر، مستند شاعر اور سخن فہم نقاد تھے، جن کے نعتیہ کلام کی تابانی اور فکری روشنی نے خورشید صاحب کے ماحول کو جلا بخشی اور ان کی علمی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ صاحب کتاب کی زندگی کا ایک انتہائی ایمان افروز اور درخشاں ورق سنہ ۲۰۱۲ء کا وہ آل پاکستان اسلامی معلوماتی مقابلہ (زبر، زیر، پیش) ہے جو جیو چینل پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین صاحب کے پروگرام میں منعقد ہوا تھا، جس میں انہوں نے اپنے ہونہار فرزند حافظ محمد نوید عالم خان کے ساتھ شرکت کی سعادت حاصل کیا۔ ملک بھر سے آنے والی ۵۰ مایہ ناز ٹیموں کے درمیان پانچ کڑے اور کٹھن علمی مراحل طے کرنے کے بعد، ۲۵ رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیوں میں باپ بیٹے کی اس بخت ور جوڑی نے پورے پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے کامیابی کا پرچم لہرایا۔ یہ ان کے لیے ایک یادگار، تاریخی اور سحر انگیز لمحہ تھا جب محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے دست مبارک سے انہیں اس عظیم الشان کامیابی کا اعزاز اور عمرے کا مبارک ٹکٹ عطا ہوا۔ زیر نظر مجموعہ مدحت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دراصل خورشید صاحب کے اسی جذبۂ درون خانہ، پاکیزہ فکر اور خدمت دین کا شعری و قلبی اظہار ہے۔ ان کے کلام کا اصل حسن، مٹھاس اور تاثر ان کی سادگی، بے تکلفی اور امت مسلمہ کے لیے تڑپنے والے دل کی درد مندی ہے۔ انہوں نے فنی موشگافیوں اور عروض کی روایتی باریکیوں کی پیچیدگیوں سے بے نیاز ہو کر، ایک سچے امتی کی طرح درود و سلام کی برکتوں، دیار مدینہ کی تڑپ اور سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روشن پہلوؤں کو عقیدت کے مروارید دھاگے میں پرویا ہے۔ یہاں فن کی مصلحتوں پر جذبوں کی سچائی اور خلوص نیت غالب دکھائی دیتی ہے، جیسا کہ صاحب کتاب کا یہ خوبصورت شعر اسی پاکیزہ جذبے کا عکاس ہے۔ ذکر سرکار صبح و شام کرو زندگی مصطفیٰ کے نام کرو اس دلکش مجموعے کی اشاعت کے پس منظر میں 'مسرور کیفی نعت اکیڈمی پاکستان' کی مخلصانہ تحریک اور علمی کاوش کار فرما ہے، جو بزرگ نعت گو شعراء کے گراں قدر کلام کو منظر عام پر لانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی خوبصورت تسلسل میں یہ کتاب 'افق پبلیکیشنز' کے زیر اہتمام، انتہائی دیدہ زیب ٹائٹل اور بیک فلیپ پر استاد نعت جناب یامین وارثی کے وقیع و قیمتی مضمون کے ساتھ شائع ہوئی ہے، جو یقیناً لائق تحسین اور قابل ستائش ہے۔ حرف آخر کے طور پر، میں اپنے برادر محترم محمد ابرار حسین بھائی کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جن کے پیہم اصرار نے مجھے اس بارگاہ مدحت کا مسافر اور اس معطر بزم کا شناسا بنایا۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت خورشید عالم خورشید صاحب کی اس والہانہ کاوش، قلبی محبت اور خلوص کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے اور اس کتاب کو ہم سب کے لیے زاد آخرت اور نجات کا ذریعہ بنائے۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔
مدحت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم،
خورشید عالم خورشید کا قلبی و نعتیہ سفر
از: اختر شیخ
اردو ادب کا دامن نعت گوئی کے مصفا و معطر رنگوں سے ہمیشہ مالامال رہا ہے، جہاں یہ صنف سخن محض فن کا تقاضا نہیں بلکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک سچے امتی کی والہانہ محبت، لامتناہی عقیدت اور گہری قلبی نسبت کا والہانہ اظہار ہے۔ یہ ایک ایسا مبارک اور نورانی سفر ہے جس کی آبیاری ہر دور کے اہل قلم نے اپنے جذبوں کی سچائی اور خلوص نیت سے کی ہے۔ اسی خوشبو دار اور روح پرور سلسلے کا ایک خوبصورت اور دلنشیں نذرانہ محترم خورشید عالم خورشید کا نعتیہ مجموعہ مدحت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، جو حال ہی میں زیور طبع سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آیا ہے۔ اس نعتیہ مجموعے پر خامہ فرسائی کا بنیادی محرک اور سبب میرے برادر عزیز، نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے گہرا قلبی شغف رکھنے والے معروف نعت خواں محمد ابرار حسین صاحب بنے۔ ان کی مخلصانہ اور پیار بھری فرمائش نے میرے ذوق کو مہمیز کیا کہ میں اس مجموعہ کلام کی پذیرائی پر اپنی رائے کا اظہار کروں، جو حقیقت میں شاعری کی روایتی حدود سے ماورا ہو کر خالصتاً عقیدت و محبت کا ایک سچا مظہر ہے۔ اس کے ساتھ ہی، صاحب کتاب کا ایک گہرا، دیرینہ اور مخلصانہ رشتہ میرے بچپن کے محلہ دار، ہم مکتب ساتھی اور استاد نعت محمد قمر خان رحمانی سے بھی ہے، جن کی علمی بزم اور نعتیہ چاشنی نے ہمیشہ ہمارے ماحول کو منور و معطر رکھا۔
خورشید عالم خورشید صاحب نے کتاب کے ابتدائی صفحات میں اپنی زندگی کے احوال واقعی کو بڑے سحر انگیز اور دلنشیں انداز میں قلمبند کیا ہے۔ ۲۵ جولائی ۱۹۵۸ء کو عروس البلاد کراچی میں آنکھ کھولنے والے خورشید صاحب کا خاندانی پس منظر علم و ادب کا گہوارہ تھا۔ ان کے رشتے کے ماموں منظور حسین (جو ادبی دنیا میں ماہر القادری کے نام سے بلند مقام رکھتے ہیں) اپنے دور کے معتبر، مستند شاعر اور سخن فہم نقاد تھے، جن کے نعتیہ کلام کی تابانی اور فکری روشنی نے خورشید صاحب کے ماحول کو جلا بخشی اور ان کی علمی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
صاحب کتاب کی زندگی کا ایک انتہائی ایمان افروز اور درخشاں ورق سنہ ۲۰۱۲ء کا وہ آل پاکستان اسلامی معلوماتی مقابلہ (زبر، زیر، پیش) ہے جو جیو چینل پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین صاحب کے پروگرام میں منعقد ہوا تھا، جس میں انہوں نے اپنے ہونہار فرزند حافظ محمد نوید عالم خان کے ساتھ شرکت کی سعادت حاصل کیا۔ ملک بھر سے آنے والی ۵۰ مایہ ناز ٹیموں کے درمیان پانچ کڑے اور کٹھن علمی مراحل طے کرنے کے بعد، ۲۵ رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیوں میں باپ بیٹے کی اس بخت ور جوڑی نے پورے پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے کامیابی کا پرچم لہرایا۔ یہ ان کے لیے ایک یادگار، تاریخی اور سحر انگیز لمحہ تھا جب محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے دست مبارک سے انہیں اس عظیم الشان کامیابی کا اعزاز اور عمرے کا مبارک ٹکٹ عطا ہوا۔
زیر نظر مجموعہ مدحت خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دراصل خورشید صاحب کے اسی جذبۂ درون خانہ، پاکیزہ فکر اور خدمت دین کا شعری و قلبی اظہار ہے۔ ان کے کلام کا اصل حسن، مٹھاس اور تاثر ان کی سادگی، بے تکلفی اور امت مسلمہ کے لیے تڑپنے والے دل کی درد مندی ہے۔ انہوں نے فنی موشگافیوں اور عروض کی روایتی باریکیوں کی پیچیدگیوں سے بے نیاز ہو کر، ایک سچے امتی کی طرح درود و سلام کی برکتوں، دیار مدینہ کی تڑپ اور سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روشن پہلوؤں کو عقیدت کے مروارید دھاگے میں پرویا ہے۔ یہاں فن کی مصلحتوں پر جذبوں کی سچائی اور خلوص نیت غالب دکھائی دیتی ہے، جیسا کہ صاحب کتاب کا یہ خوبصورت شعر اسی پاکیزہ جذبے کا عکاس ہے۔
ذکر سرکار صبح و شام کرو
زندگی مصطفیٰ کے نام کرو
اس دلکش مجموعے کی اشاعت کے پس منظر میں 'مسرور کیفی نعت اکیڈمی پاکستان' کی مخلصانہ تحریک اور علمی کاوش کار فرما ہے، جو بزرگ نعت گو شعراء کے گراں قدر کلام کو منظر عام پر لانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی خوبصورت تسلسل میں یہ کتاب 'افق پبلیکیشنز' کے زیر اہتمام، انتہائی دیدہ زیب ٹائٹل اور بیک فلیپ پر استاد نعت جناب یامین وارثی کے وقیع و قیمتی مضمون کے ساتھ شائع ہوئی ہے، جو یقیناً لائق تحسین اور قابل ستائش ہے۔
حرف آخر کے طور پر، میں اپنے برادر محترم محمد ابرار حسین بھائی کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جن کے پیہم اصرار نے مجھے اس بارگاہ مدحت کا مسافر اور اس معطر بزم کا شناسا بنایا۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت خورشید عالم خورشید صاحب کی اس والہانہ کاوش، قلبی محبت اور خلوص کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے اور اس کتاب کو ہم سب کے لیے زاد آخرت اور نجات کا ذریعہ بنائے۔
آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔
15, نومبر 2026

Comments
Post a Comment