نجیب ایوبی کی کتاب، حافظ و قمر کی نسبت اور ہماری حاضری


 

کل کراچی پریس کلب میں برادر من نجیب ایوبی کی تالیف مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید مودودیؒ تک کی تقریب رونمائی تھی، اور ادھر ہمارے گھٹنے اور مہرے مکمل ہڑتال پر تھے۔ مگر جب معاملہ لشکر حافظ کے سالار، قمر رجمنٹ کی پشت پناہی، فروغ پبلشر رجمنٹ کی چوکسی اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہونے کے اندیشے تک جا پہنچے، تو پھر ڈبل ڈوز انجکشن لگوا کر حاضری دینا ہی عافیت ٹھہری۔ پڑھیے ہماری اس یادگار اور شگفتہ حاضری کا احوال۔


نجیب ایوبی کی کتاب، حافظ و قمر کی نسبت اور ہماری حاضری۔۔ 


برادر من نجیب ایوبی سے ہمارا ایک دیرینہ تعلق اور والہانہ محبت کا رشتہ ہے، جس کی پاسداری ہر حال میں لازم ٹھہری۔ یوں تو آج کل گھٹنے اور کمر کے مہروں کی شدید تکلیف نے ہماری ادبی محافل میں آمد و رفت کو خاصا محدود کر رکھا ہے، مگر کل کراچی پریس کلب میں منعقد ہونے والی ان کی کتاب کی تقریب رونمائی کا دعوت نامہ گویا ایک محبت بھرا پروانہ ثابت ہوا۔ نجیب بھائی کے پرخلوص اصرار کے پس پردہ لشکر حافظ، یعنی امیر جماعت جناب حافظ نعیم الرحمن کے ایک خاص سالار کا دبدبہ کچھ ایسا تھا کہ دل میں یہ واہمہ جاگ اٹھا کہ اگر حکم حاکم کی تعمیل نہ ہوئی تو مبادا کہیں گھر کی دہلیز پر ڈالا آن کھڑا ہو اور اس پیرانہ سالی میں ہمارا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کر دیا جائے۔ خیر، اس نازک صورت حال سے عہدہ برآ ہونے کے لیے ہم نے بھی اپنی پرانی وضع داری کا سہارا لیا اور پچھلے دور کے قمر کی یاد تازہ کرتے ہوئے قمر رجمنٹ کی پشت پناہی حاصل کرنے کے لیے اپنے دیرینہ کرم فرما قمر خان بھائی، معتمد عمومی جمعیت الفلاح سے فوری رابطہ جوڑا۔ ادھر ہمارے اور نجیب بھائی کے مشترک و ہر دل عزیز دوست اور کتاب کے پبلیشر جناب طارق رئیس فروغ نے بھی ہماری تکلیف کا احساس کرتے ہوئے پہلے ہی یہ مژدہ سنا کر ہماری ڈھارس بندھا دی تھی کہ قمر بھائی تقریب میں تشریف لا رہے ہیں۔ صد شکر کہ ہمارے مراسم قمر رفتہ سے بھی خاصے خوشگوار رہے ہیں۔ قمر بھائی نے کمال شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فورا حامی بھر لی اور فرمایا کہ آپ قطعا فکر مند نہ ہوں، میں خود بھی مدعو ہوں، آپ میرے ہمراہ چلیے گا۔ اب چونکہ معاملہ حافظ اور قمر کی ہم نامی اور ان کے پٹی بھائی ہونے جیسی گہری ہم آہنگی کا تھا، اس لیے اتنا تو اطمینان ہوا کہ موجودہ اور سابقہ کی اس نسبت سے یہ دونوں صاحبان اختیار تو باہم ایک دوسرے کی بات بخوبی سمجھ اور مان لیں گے۔ تاہم، اصل کھٹکا پھر بھی اس بات کا لاحق رہا کہ سالار لشکر برادر نجیب ایوبی کو نوید علی بیگ صاحب جیسے زیرک اور بہترین مشیر کی رفاقت میسر ہے، جو پل بھر میں کوئی بھی تدبیر کر سکتے ہیں۔ مگر دل کو یہ کہہ کر تسلی دی کہ اگر ان کے پاس مشیر خاص کی حکمت ہے، تو ہمیں بھی ان کے بڑے بھائی، قابل احترام عابد علی بیگ صاحب کی بزرگ سرپرستی اور شفقت کی نسبت حاصل ہے، جس کے آگے کسی کی کیا مجال کہ بڑے صاحبان کو بے خبر رکھ کر ازراہ محبت ہمارا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی جسارت کرے۔ بس صاحب، اسی حفظ ماتقدم کے تحت ہم صبح سویرے ہی اپنے معالج کی خدمت میں جا پہنچے اور دست بستہ عرض کی کہ ڈاکٹر صاحب، آج معاملہ انتہائی نازک ہے اور ہمیں ایک نہایت بااثر حلقے کی تقریب میں حاضری دینی ہے۔ لہذا ازراہ کرم آج ہمیں دوا کی ڈبل ڈوز کا انجکشن لگا دیں تاکہ ہمارے گھٹنے اور مہرے عین وقت پر دغا نہ دے جائیں، ہم کراچی پریس کلب کی سیڑھیاں باوقار طریقے سے طے کر سکیں، اور یوں نہ صرف تقریب کی رونق دوبالا ہو بلکہ ہمارا پرانا سافٹ ویئر بھی کسی ناگہانی تبدیلی سے محفوظ رہے۔ الغرض، جب ہم تقریب میں پہنچے تو یہ دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا کہ لشکر حافظ اور قمر رجمنٹ کے سالاروں کے مابین کسی بھی ممکنہ بدنظمی کو روکنے کے لیے خود پبلیشر کتاب طارق رئیس فروغ اپنی پوری فروغ پبلشر رجمنٹ کی کمانڈ سنبھالے، مکمل چوکنا اور چاق و چوبند دستے کے ساتھ مستعد موجود تھے۔ یوں دوا کے اس دوہرے کمال، قمر بھائی کی رفاقت، بزرگوں کی نسبت اور منتظمین کی بہترین حکمت عملی نے وہ رنگ جمایا کہ تقریب کی شاندار کامیابی اور برادر نجیب ایوبی کی کتاب کی بھرپور ادبی پذیرائی کے جلو میں ہم نہ صرف بخیریت گھر لوٹے، بلکہ بفضل خدا ہمارا پرانا سافٹ ویئر بھی جوں کا توں سلامت رہا۔


اختر شیخ


13 نومبر 2026

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ